Tag: اسرائیل رفح

  • پاکستان کی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    پاکستان کی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے غزہ کے علاقے رفح میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کی بمباری اور اس میں فلسطینیوں کے زندہ جل مرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے رفح میں فوجی کارروائی فوری روکنے کا حکم دیا تھا، تاہم اسرائیلی قابض افواج نے ایک بار پھر عالمی قانون کی خلاف ورزی کی۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آئی سی جے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے، اور مطالبہ کرتا ہے کہ غزہ میں شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    قطر نے بھی رفح میں اسرائیلی بمباری بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دی

    بیان میں کہا گیا کہ پاکستان غزہ کی نسل کشی پر اسرائیلی قابض افواج کو جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کرتا ہے، سلامتی کونسل اسرائیل کو مزید حملوں سے روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فورسز نے رفح میں بے گھر لوگوں کے خیموں پر جان بوجھ کر بمباری کی، جس سے کم از کم 40 فلسطینی زندہ جل کر شہید ہو گئے، ان میں کئی بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ متعدد ممالک اور عالمی تنظیموں نے خیموں پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

  • اسرائیل کے پاس رفح میں شہریوں کے تحفظ کا کوئی ’قابل اعتبار منصوبہ‘ موجود نہیں: انٹونی بلنکن

    اسرائیل کے پاس رفح میں شہریوں کے تحفظ کا کوئی ’قابل اعتبار منصوبہ‘ موجود نہیں: انٹونی بلنکن

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کو ساڑھے 3 ہزار بمبوں کی فراہمی روکنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس رفح میں 14 لاکھ فلسطینیوں کے تحفظ کا کوئی ’قابل اعتبار منصوبہ‘ نہیں ہے۔

    اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل کے پاس وسیع پیمانے پر حملے کے دوران رفح کے شہریوں کی حفاظت کے لیے کوئی قابل اعتبار منصوبہ موجود نہیں ہے، امریکی بموں کو جنوبی شہر رفح میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا رفح پر استعمال ہونے کے خدشے کے پیش نظر اسرئیل کو بموں کی فراہمی روکی گئی ہے، امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل پر واضح کر دیا ہے کہ رفح پر بڑے حملے کی صورت میں امریکا اسرائیل کی کوئی مدد نہیں کرے گا، امریکا رفح پر بڑے فوجی آپریشن کے لیے سپورٹ اور سپلائی نہیں کرے گا۔

    حملے کی تیاری، اسرائیلی فوج کا رفح سے شہریوں کو نکل جانے کا حکم

    بلنکن نے کہا کہ اپنے دفاع میں اسرائیل کی مدد کرنے کے لیے صدر جو بائیڈن پرعزم ہیں، اور صرف 2 ہزار پاؤنڈ (900 کلو گرام) اور 500 پاؤنڈ (225 کلو گرام) بموں کی کھیپ ہے جو روکی گئی ہے۔ اگر اسرائیل اپنے کہے کے مطابق رفح پر بڑے پیمانے پر حملہ کرتا ہے تو اس صورت حال میں مزید تبدیلی آئے گی۔

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہمیں ان ہتھیاروں کے استعمال کے طریقے سے متعلق حقیقی خدشات ہیں، اسرائیل کو رفح میں شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک واضح اور قابل اعتبار منصوبہ بنانا ہوگا، اور ابھی تک ایسا کوئی منصوبہ دکھائی نہیں دیا ہے۔