Tag: اسرائیل غزہ

  • 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 12 ہزار ہو گئی

    7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 12 ہزار ہو گئی

    فلسطین کے محصور شہر غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 12 ہزار ہو گئی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق عالمی برادری غزہ میں 43 ویں روز بھی اسرائیلی بمباری روکنے میں ناکام رہی ہے، رات بھر اسرائیلی فورسز غزہ پٹی پر بم برساتی رہی، خان یونس میں اسرائیلی بمباری میں مزید 26 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں زیادہ تر بچے شامل تھے۔

    محصور غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور زمینی حملوں میں اب تک کم از کم 12,000 فلسطینی جانیں کھو چکے ہیں، جن میں 5,000 بچے اور 3,300 خواتین شامل ہیں، جب کہ 30 ہزار زخمی ہوئے اور 3750 لا پتا ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق تازہ ترین اعداد و شمار غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر سے جاری کیے گئے ہیں، گزستہ رات النصرت میں رہائشی عمارت پر بمباری ہوئی، جس میں بیس فلسطینی شہید ہوئے، اور ہزاروں افراد ملبے تلے دب گئے ہیں، بالاٹیا کیمپ پر بھی بم برسائے گئے۔

    الشفا اسپتال میں اسرائیلی فورسز کا دھاوا برقرار ہے، اسرائیلی فورسز نے مسلسل چوتھے روز بھی الشفا اسپتال پر قبضہ جمائے رکھا، اقوام متحدہ کے مطابق ایک ہفتے میں بجلی نہ ہونے سے الشفا اسپتال میں چار نومولود سمیت 40 مریض جاں بحق ہوئے، الشفا اسپتال کے منیجر کا کہنا ہے کہ وہ تباہ ہو رہے ہیں جنگ روکی جائے۔

    جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل فوجی ہر حد پار گئے، گزشتہ رات مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں اذان کے دوران اسرائیلی فوجی نے مسجد پر گرینیڈ پھینک دیا، جس سے مسجد کے اندر زبردست دھماکا ہوا، اس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔

    غزہ میں صورت حال بد سے بدتر ہو رہی ہے، مریضوں کو تنہا نہ چھوڑنے والے ڈاکٹر بھی شہید ہو رہے ہیں، الشفا اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر حمام اللّٰہ اسرائیلی بم باری میں اہلِ خانہ سمیت شہید ہو گئے، 36 سالہ ڈاکٹر حمام اللّٰہ نے اسرائیلی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر زخمی فلسطینیوں کے علاج کو ترجیح دی تھی، اپنے آخری انٹرویو میں شہید ڈاکٹر نے کہا تھا کہ مریضوں کو چھوڑ کر نہیں جاؤں گا، انھیں میری ضرورت ہے۔

  • اسرائیل کی غزہ پر ایٹمی حملے کی دھمکی

    اسرائیل کی غزہ پر ایٹمی حملے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیر برائے ثقافتی امور امیچائی الیاہوں نے غزہ پر ایٹم بم سے حملہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر ثقافت امور امیچائی الیاہوں نے غزہ پر ایٹم بم  گرانے کی دھمکی دی ہے، اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ہوسکتا ہے غزہ خالی کرانے کیلئے ایٹم بم گرادیں گے۔

    اسرائیلی وزیر نے کہا کہ فلسطینی عفریت ہیں، آئرلینڈ یا صحراؤں میں چلے جائیں، حماس ہوں یا فلسطینی، زمین پر قبول نہیں کر سکتے۔

    اسرائیلی وزیر کے اس بیان نے دنیا بھر میں ہنگامہ برپا کر رکھا ہے جس کے بعد اسرائیلی اپوزیشن نے وزیر کو کابینہ سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔

    اسرائیلی اپوزیشن لیڈر نے وزیر ثقافت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ان کی تجویز ایک غیر ذمہ دار وزیر کی طرف سے جاری کی گئی خوفناک اور پاگل پن پر مبنی تھی، نیتن یاہو کو اسے فوری طور پر برطرف کرنا چاہیے۔

    انتہا پسند وزیر کی جانب سے دی گئی ان اشتعال انگیز بیان کے بعد انہیں اسرائیلی وزیر اعظم نے اگلے نوٹس تک کام سے معطل کر دیا۔