Tag: اسرائیل کا فضائی حملہ

  • جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے، نگراں وزیراعظم

    جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے، نگراں وزیراعظم

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جبالیہ کیمپ پراسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے، غزہ میں قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر غزہ میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبالیہ کیمپ پرفضائی حملےمیں خواتین اوربچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی شہیدہوئے، یہ حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے۔

    انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایسےحملے قابل مذمت ہیں،اس اقدام کو معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا، اس قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔

    گذشتہ روز غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی ، ایک ایک ٹن وزنی چھ بم گرا کر جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو مکمل تباہ کر دیا گیا ، جس میں سو سے زائد نہتے فلسطینی پناہ گزین شہید ہوئے اور ہر طرف لاشوں اور زخمیوں کے انبار لگ گئے۔

    فلسطینی شہری دفاع کا کہنا تھا کہ جبالیہ کیمپ پر بمباری کے بعد اسپتالوں میں کوئی جگہ نہیں رہی، فرش پر زخمیوں کو رکھنے کیلئے بھی جگہ نہیں، اسپتالوں کیلئے ایندھن نہیں جس سے آئی سی یو اور ڈائیلاسز والے افراد بھی زندہ نہیں رہ سکیں گے۔

    ہلال احمر نے کہا کہ جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی حملے کے بعد صورتحال اور بھی خوفناک ہوگئی ہے، اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ کے بعد نصیرات پناہ گزین کیمپ پربھی حملہ کردیا، جہاں پندرہ فلسطینی شہید ہوئے۔

  • اسرائیل کا فضائی حملہ، اسلامی جہاد کے کمانڈر شہید

    اسرائیل کا فضائی حملہ، اسلامی جہاد کے کمانڈر شہید

    غزہ: فلسطین پر قابض اسرائیلی فورسز کے فضائی حملے میں فلسطینی گروپ اسلامی جہاد کے مرکزی رہنما شہید ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں ایک فضائی حملے میں اسلامی جہاد کے سرفہرست رہنما بہا ابو العطا کو شہید کر دیا، فلسطینی جہادی تنظیم نے بھی اپنے رہنما کی شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔

    اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان پر غزہ کی پٹی میں گزشتہ روز (منگل) فائرنگ کی گئی تھی اور راکٹ فائر کیے گئے تھے، جس کے جواب میں فضائی حملہ کیا گیا اور 42 سالہ جہادی رہنما مارا گیا۔

    ادھر فلسطینی گروپ نے کہا ہے کہ فورسز کے فضائی حملے میں گھروں کو نشانہ بنایا گیا، غزہ شہر میں ہونے والے اس حملے میں ابو العطا کی بیوی بھی شہید ہوگئیں جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  میں‌ چاہتا ہوں ماں‌ کی گود میں دم نکلے، علیل فلسطینی قیدی

    فلسطینی گروپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے دمشق میں بھی گھروں کو نشانہ بنایا، قابض فورسز نے شامی دارالحکومت میں ان کے ایک سیاسی رہنما کے گھر پر حملہ کر کے انھیں شہید کیا۔

    رہنما کی شہادت کے بعد اسلامی جہاد نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل سے اپنے رہنما کی شہادت کا بدلہ لیں گے، تنظیم کا کہنا تھا کہ ہم صہیونی وجود کو چکناچور کر دیں گے۔ ادھر حماس نے بھی کہا ہے کہ ابو العطا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اسرائیل کو اس کے نتایج بھگتنا پڑیں گے۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی فورسز کا کہنا تھا کہ ابو العطا کے خلاف آپریشن کی اجازت وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے دی تھی، ابو العطا پر اسرائیل پر حالیہ راکٹ، ڈرون اور اسنائپر حملوں کا الزام ہے۔

    خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ غزہ میں آج بھی اسرائیل کے فضائی حملے جاری تھے، حملوں میں مزید 2 فلسطینی شہید کر دیے گئے، حالیہ اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہو گئی۔