Tag: اسرائیل کو جواب

  • اسرائیل کو جواب : حزب اللہ کے تل ابیب پر درجنوں راکٹ حملے

    اسرائیل کو جواب : حزب اللہ کے تل ابیب پر درجنوں راکٹ حملے

    بیروت : لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی علاقے پر راکٹوں کی برسات کردی، فیلڈ میں بھی اسرائیلی افواج کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے بیروت پر اسرائیلی فضائی حملے کے جواب میں راکٹ حملے میں اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے قریب ایک ہدف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے راکٹ حملے تل ابیب اور نہاریہ کے قریب اسرائیلی افواج کے نقصان کا سبب بنے۔ ہفتے کے روز بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اتوار کے روز اسرائیل پر بھاری راکٹوں سے حملہ کیا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے قریب ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔

    یہ حملے ایک دن قبل بیروت میں طاقتور اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد کی ہلاکت کے جواب میں کیے گئے۔

    اسرائیل نے بیروت کے حزب اللہ کے زیر کنٹرول جنوبی علاقوں پر بھی حملے کیے ہیں، جہاں گزشتہ دو ہفتوں سے بمباری میں شدت دیکھی جارہی ہے۔ اس دوران امریکہ کی جانب سے جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت کے اشارے بھی سامنے آئے ہیں۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے جو پہلے ہی اس بات کا اعلان کرچکی تھی کہ وہ بیروت پر حملوں کا جواب تل ابیب کو نشانہ بنا کر دے گی، کہا ہے کہ اس نے تل ابیب اور اس کے قریبی فوجی مراکز پر دو میزائل داغے ہیں جو درست نشانوں پر لگے۔

    اسرائیلی میڈیا نے ان مقامات پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں دی، لیکن براڈ کاسٹر کان نے تل ابیب کے مشرق میں پتہ تیکوا میں ایک اپارٹمنٹ کو نقصان پہنچانے والی راکٹ فائر کی فوٹیج دکھائی۔ ایم ڈی اے نے جلتی ہوئی کاروں کی ویڈیو بھی نشر کی۔

    اتوار کو حزب اللہ نے اسرائیل پر 170 راکٹ فائر کیے، جس میں اسرائیلی فوج کے مطابق زیادہ تر کو روکا گیا لیکن راکٹ کے ٹکڑوں سے کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔

    رائٹرز کو موصولہ ویڈیو میں شمالی اسرائیلی شہر نہاریہ میں ایک میزائل کو ایک عمارت کی چھت پر گرتے اور دھماکے کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

  • ایران کی جانب سے اسرائیل کو مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کے عزم کا اعادہ

    ایران کی جانب سے اسرائیل کو مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کے عزم کا اعادہ

    تہران: ایران کی جانب سے اسرائیل کو مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر علی فدوی نے پیر کے روز کہا کہ بچوں کے قتل میں ملوث اسرائیلی حکومت نے ایرانی سرزمین پر اسماعیل ہنیہ کو شہید کیا، اس کا اسرائیل کو مناسب وقت اور جگہ پر مناسب جواب دیں گے۔

    ڈپٹی کمانڈر کا کہنا تھا کہ مناسب وقت پر اسرائیل کو حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی سزا دی جائے گی۔ علی فدوی نے کہا کہ ’’ایرانی جواب کے انتظار کی وجہ سے اسرائیل میں جو افراتفری مچی ہوئی ہے وہ ان کے لیے موت سے زیادہ مشکل ہے، وہ دن رات ہمارے حملے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘

    اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز سے اتفاق کر لیا

    ادھر ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی کا ایران کے اسرائیل کو جواب دینے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایران غزہ میں جنگ روکنے کا سب سے اہم اور مضبوط ترین بین الاقوامی حامی ہے، انھوں نے کہا غزہ جنگ بندی کے لیے دیگر ممالک کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔