Tag: اسفندیار ولی

  • اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار کیوں ہوئی؟

    اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار کیوں ہوئی؟

    اسلام آباد: اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اب اے پی سی آئندہ ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی آئندہ ہفتے بلائی جائے گی، کانفرنس میں تاخیر شہباز شریف کی علالت کے باعث ہوئی ہے، اسلام آباد میں اے پی سی کی میزبانی بلاول بھٹو کریں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے آل پارٹیز کانفرنس کے التوا کی درخواست کی تھی، شہباز شریف نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کی اے پی سی انتہائی اہم ہے، کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کا خواہش مند ہوں، لیکن میرے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک اے پی سی نہ بلائی جائے۔

    بلاول بھٹو نے اے پی سی پر سینئر پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے، وہ ویڈیو لنک پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

    قبل ازیں، بلاول بھٹو نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے قومی بجٹ کو مسترد کرنے پر اتفاق رائے کیا، بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی، عمران خان کو آئین پر تنقید سے فرصت نہیں، قیمتوں میں اضافہ کر کے مافیا کو فائدہ پہنچایا گیا۔

    اسفندیار ولی نے بھی بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطوں میں اپنا مؤقف سامنے رکھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ایما پر غریب دشمن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، محاصل کے اہداف زمینی حقائق کے بر عکس رکھے گئے ہیں، اپوزیشن 18 ویں ترمیم میں کسی صورت رد و بدل برداشت نہیں کرے گی۔

  • اے این پی کا قافلہ پہنچ گیا، بلاول بھٹو بھی جلسے سے خطاب کریں گے

    اے این پی کا قافلہ پہنچ گیا، بلاول بھٹو بھی جلسے سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: اسفندیار ولی کی قیادت میں عوامی نیشنل پارٹی کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا، پی پی چیئرمین کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آج اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کریں گے اور اپنے فیصلے کے تحت جلسے سے مختصر خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پی پی چیئرمین آزادی مارچ میں شرکت کریں گے، انھوں نے کہا شیڈول کے تحت بلاول بھٹو نے 31 اکتوبر جلسے کے لیے وقت رکھا تھا، تاہم آج صبح سے مشترکہ جلسے سے متعلق کنفیوژن رہا، کنفیوژن ابھی تک ہے لیکن بلاول نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جلسے میں جائیں گے۔

    مصطفیٰ نواز کے مطابق فضل الرحمان کی درخواست پر بلاول نے آج کا دن جلسے کے لیے رکھا تھا، بلاول شیڈول کے مطابق جلسہ گاہ پہنچیں گے اور خطاب کریں گے، پی پی چیئرمین کل رحیم یار خان جائیں گے، موقع ملا تو دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔

    تازہ ترین: ‌‌’کنٹینر ہمیں اسلام آباد آنے سے نہیں روک سکتے’

    ادھر اے این پی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد میں جلسہ گاہ پہنچ گیا ہے، اسفندیار ولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہبر کمیٹی نے آج جلسے کا اعلان کیا تھا، کوئی پہنچے یا نہ پہنچے اے این پی پہنچ گئی ہے، تحریکوں میں پروگرام آگے پیچھے ہوتے رہتے ہیں، اپوزیشن میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔

    اسفندیار نے کہا کہ اے این پی جلسہ گاہ پہنچ گئی ہے، ہم نے اپنا جلسہ کرنا ہے، رہبر کمیٹی کے آخری فیصلے کے بعد کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ہم یہاں آ گئے، جلسہ ہوگا، تقریریں ہوں گی اور ہم چلے جائیں گے، فضل الرحمان نے جنگ کا بگل بجا دیا ہے میں ان کی لڑائی لڑوں گا، پہلی قسط چلا دوں گا دوسری فضل الرحمان چلائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ رہبر کمیٹی کے فیصلے پر سب سے پہلے اے این پی ہوگی، نعروں سے کام نہیں بنے گا، عملی کام کرنا ہوگا، جو اجتماع اپوزیشن کر سکتی ہے وہ حکومت نہیں کر سکتی۔

    اے این پی کے سربراہ نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کیا، اور کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے۔

  • سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ، بلاول بھٹو کی اے این پی سربراہ سے ملاقات

    سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ، بلاول بھٹو کی اے این پی سربراہ سے ملاقات

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مردان ہاؤس میں اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان سے ملاقات کی، جس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی لانگ مارچ اور دھرنے سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے اے این پی سربراہ سے ملاقات میں اے پی سی اور رہبر کمیٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے۔

    اس ملاقات میں پی پی کی جانب سے فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور اے این پی کی جانب سے امیر حیدر ہوتی، میاں افتخار حسین اور زاہد خان شامل تھے۔

    ملاقات کے بعد فرحت اللہ بابر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن متحد ہے اور اسے متحد رہنا ہوگا، شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہے اور انتخابات میں فوج کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد جانا ہمارا آخری اور حتمی فیصلہ ہے، مولانا فضل الرحمان

    رہنما پیپلز پارٹی فرحت اللہ بابر نے کہا ہمارا مطالبہ ہے الیکشن دوبارہ کرائے جائیں، آزادانہ، شفاف انتخابات وقت کی ضرورت ہیں، آزادی مارچ کو کیسے لے کر چلنا ہے یہ دیکھنا ہوگا، دیکھنا ہے ہم کس حد تک جا سکتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا آزادی مارچ سے متعلق اپوزیشن پارٹیز میں مشاورت جاری ہے، اپوزیشن جماعتیں مل کر حکومت کو گھر بھیجیں گی۔

    اے این پی رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہماری کوشش ہے 27 تاریخ کو ایسی فضا ہو جس میں سب متحد ہوں، اپوزیشن کا اتحاد چاہتے ہیں، فضل الرحمان نے بھی یہ ہی کہا ہے، موجودہ حکومت چاہتی ہے اپوزیشن اتحاد میں دراڑ پڑ جائے لیکن ہم اتحاد کو کسی طرح ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

  • اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری اور اسفندیار ولی کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی

    اسلام آباد : بلاول بھٹو زرداری اور اسفندیار ولی کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اسفندیار ولی میں رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات آج شام ہوگی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیزکر دیئے۔

    اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور اسفندیار ولی کا رابطہ ہوا ہے، بلاول بھٹو اور اسفند یار ولی خان کے درمیاں ملاقات طے پا گئی۔

    بلاول بھٹو کل اسفند یار ولی سے ملاقات کریں گے، ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی اسفندیار ولی سے ملاقات آج شام4بجےاسلام آباد میں ہو گی، اسفند یار ولی خان کے ہمراہ زاہد خان، میاں افتخار، امیر حیدر ہوتی ہوں گے جبکہ بلاول بھٹو کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان نے سولو فلائٹ کا ٹھیک فیصلہ کیا ہے، قمر زمان کائرہ

    ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کی آزادی لانگ مارچ اور دھرنے پر گفتگو ہوگی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر، افغانستان کی صورتحال سمیت خطے کی صورت حال زیر بحث آئے گی۔

  • افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    افغان صدر کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعث تشویش ہے: اسفندیار ولی

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی کا دورۂ امریکا ختم کرنا باعثِ تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی شیڈول کے مطابق آج دورہ امریکا پر جانے والے تھے تاہم انھوں نے دورہ منسوخ کر دیا، ادھر اے این پی کے صدر نے اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل تشویش کا باعث ہے۔

    اسفندیار ولی خان نے افغانستان میں امن معاہدے کے سلسلے میں کہا کہ فریقین کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی معاہدہ کام یاب نہیں ہو سکتا۔

    خیال رہے کہ صدر اشرف غنی آج ہفتے کو امریکی دورے پر روانہ ہونے والے تھے، یہ دورہ ایک ایسے وقت میں شیڈول کیا گیا تھا جب ملک میں طالبان اور امریکا کے درمیان جاری امن معاہدے سے متعلق شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کابل: سفارتی علاقے میں خود کش حملہ، دس افراد ہلاک

    تاہم افغان میڈیا کے مطابق کابل میں گزشتہ روز ہونے والے کار بم دھماکے کے بعد افغان صدر نے اپنے بیان میں امریکا طالبان مذاکرات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اشرف غنی کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات بے معنی ہیں، طالبان گروپ بدستور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہا ہے، ایسے میں امن کی امید لگانا بے معنی ہے۔

    دریں اثنا، اے این پی سربراہ اسفندیار ولی نے کشمیر کے سلسلے میں کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ہونے والا تشدد بند کرائے۔

  • 12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی: اسفندیار ولی

    12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی: اسفندیار ولی

    اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ 12 مئی سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، شہید کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ اے این پی اسفندیار ولی نے بارہ مئی کو سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ اے این پی نے کبھی غیر جمہوری قوت کا ساتھ نہیں دیا، عوام کی لاشیں گرانے والے چہرے بے نقاب ہو چکے تھے، بد قسمتی سے بے نقاب چہروں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

    اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ سیاسی ایجنڈے میں مصروف وطن دشمنوں کا سیاست سے تعلق نہیں، پاکستان میں جمہوری نظام کے بغیر کوئی نظام نہیں چل سکتا، قاتلوں کا ساتھ دینے والے عوام کا سامنا نہیں کر سکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ 12 مئی: مزید ملزمان گرفتار، ڈیڑھ ماہ میں جے آئی ٹی رپورٹ فائنل کرنے کی تیاری

    یاد رہے 12 مئی 2007 کو سابق معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد کے موقع پر کراچی میں مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں درجنوں افراد مار دیے گئے تھے۔

    26 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی نے سانحہ 12 مئی سمیت دیگر قتل کی وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے عدالت میں بیان حلفی جمع کرایا، جس میں انھوں نے کہا کہ قیادت نے حکم دیا کہ افتخار چوہدری کا راستہ روکنے کے لیے قتل و غارت گری یا ہنگامہ آرائی کر کے ہر صورت شہر بند کیا جائے۔

  • جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو بتائیں گے انتخابات کیسے لڑے جاتے ہیں، اسفندیار ولی

    جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو بتائیں گے انتخابات کیسے لڑے جاتے ہیں، اسفندیار ولی

    چارسدہ: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اس بار جنات کی مداخلت نہ ہوئی تو ہم بتائیں گے کہ الیکشن کس طرح لڑا جاتا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا، وہ بنی گالہ سے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی ڈوریں ہلارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم پر کرپشن کے الزامات لگائے جارہے ہیں، ہمارا دامن صاف ہے، صفائی کے لیے حلف اٹھانے کو بھی تیار ہیں، پی ٹی آئی بھی آئے اور حلف اٹھائے۔

    اسفندیار ولی نے کہا کہ جیل کاٹی لیکن کسی کے سامنے جھکنا گوارا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں ہم نے الیکشن کب لڑا، ہم نے تو جنازے اٹھائے، ہم حکومت میں آکر سب سے پہلے فاٹا کو پختونخوا میں ضم کریں گے۔

    ایم ایم اے کی سیاست اسلام کے لیے نہیں، اسلام آباد کے لیے ہے: پرویز خٹک

    صوبوں کے حقوق کو یاد کرتے ہوئے انھوں نے حکومت کو تنبیہہ کی کہ اگر اٹھارویں ترمیم کو چھیڑا گیا تو ہم سڑکوں پرآ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک عمران خان کا کٹھ پتلی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے سارا پیسا بنی گالی منتقل کیا۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔