Tag: اسلامی ترقیاتی بینک

  • پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک پولیو ویکسین کے لیے پاکستان کو 60 ملین ڈالر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ڈی بی کے ساتھ پولیو ویکسین کے لیے عطیے اور قرضے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک 39 ملین قرضہ اور 21 ملین ڈالر بطورگرانٹ دے گا۔

    اعلامیے کے مطابق آج وزارت اقتصادی امور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے نے دستخط کیے۔

    ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    اس رقم سے پولیو ویکسین کی خریداری، انسداد پولیو مہم کے دوران اس کے استعمال اور دیگر امور نمٹائے جائیں گے، اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پولیو مہم 2 لاکھ 60 ہزار پولیو ورکرز کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے، دنیا میں اب صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں، جہاں اس کے کیسز اب بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کر چکا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

  • حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    حماد اظہر کی اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سے ملاقات

    جدہ: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر سے ملاقات کے دوران بینک کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہرنے جدہ میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے معاشی منصوبوں میں مالی اعانت پر آئی ڈی بی کے کردار کو سراہا۔

    حماد اظہر نے آئی ڈی بی کو اسلام آباد میں علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر قائم کرنے کی بھی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں بینک کا پورٹ فولیو بنائے۔

    وفاقی وزیر نے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے اور بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سپورٹ پروگرام سے زر مبادلہ ذخائر کو تقویت ملے گی۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجر نے کہا کہ آئی ڈی بی پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    ڈاکٹر بندر الحجر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر حماد اظہر عالمی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن سیمینار کے لیے جدہ میں موجود ہیں۔

  • حکومت کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کی پیش کش، وزیر اعظم کا شکریہ

    حکومت کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون کی پیش کش، وزیر اعظم کا شکریہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کے احساس پروگرام میں اسلامی ترقیاتی بینک نے تعاون کی پیش کش کر دی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بینک کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو انسانی ترقی اور اقتصادی استحکام میں تعاون کی پیش کش کی ہے۔

    صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ آئی ڈی بی حکومت پاکستان کے احساس پروگرام میں تعاون کرے گا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان سے طویل شراکت داری پر اظہارِ مسرت کیا اور پولیو کے خاتمے، اقتصادی ترقی میں تعاون پر بینک حکام کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  غربت میں کمی کیلئے احساس پروگرام حکومت کا اہم منصوبہ ہے، وزیراعظم عمران خان

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ منصوبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔

    واضح رہے کہ احساس پروگرام کا اعلان وزیرِ اعظم عمران خان نے 27 اپریل کو کیا تھا، اس ’غربت مٹاؤ پروگرام‘ کا نام ’احساس اور کفالت‘ رکھا گیا، پروگرام کے تحت بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کو مالی مدد دی جائے گی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا غربت مٹاؤ پروگرام انسانیت کے راستے پر چلنے کی پہلی کوشش ہے، انسانیت کی مدد کرنا ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہیے، چین کی ہر پالیسی میں غربت کے خاتمے کا وژن ہے۔

  • اسلامی ترقیاتی بینک کا ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں شراکت دار بننے کا فیصلہ

    اسلامی ترقیاتی بینک کا ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں شراکت دار بننے کا فیصلہ

    اسلام آباد: نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے مشن میں حکومت کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوگئی، اسلامی ترقیاتی بینک نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح وفد کی اسلام آباد آمد ہوئی، وفد کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی۔

    اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر مشیر ولید الووحیب اور دیگر حکام وفد میں شامل ہیں۔ عثمان ڈار نے وفد کو نوجوانوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    بینک کے وفد نے ’کامیاب نوجوان‘ پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی فلاح و بہبود میں پاکستان کا شراکت دار بننے کا فیصلہ کیا۔ بینک حکام کا کہنا تھا کہ منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان سے اشتراک اور تعاون پر تیار ہیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد ’کامیاب جوان‘ پروگرام کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، حکومت پاکستان خطیر رقم نوجوانوں پر خرچ کرے گی۔

    عثمان ڈار نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ خود منصوبے پر غور کر رہے ہیں، کابینہ سے منظوری کے ساتھ ہی پروگرام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

  • اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 551 ملین ڈالر کا قرضہ دے گا

    اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو 551 ملین ڈالر کا قرضہ دے گا

    اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک خام تیل اور ایل این جی کی خریداری کے لئے پاکستان کو551 ملین ڈالر  کا قرضہ دے گا۔ قرضہ ملنے سے پاکستان کے مسلسل دباؤ کا شکار زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 551 ملین ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی، یہ قرضہ پاکستان کو ایل این جی اورخام تیل کی درآمدات کیلئےدیاگیاہے۔

    پاکستان کو یہ قرضہ ایک سال میں استعمال کرنا ہوگا، قرضہ ملنے سے پاکستان کے مسلسل دباؤ کا شکار زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئے گئی، قرضہ انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈفنانس کارپوریشن فراہم کرےگی جوکہ اسلامی بینک کا ذیلی ادارہ ہے۔

    پی ایس او، پاک ارب ریفائنری اور پاکستان ایل ای جی لیمیٹیڈ یہ قرضہ استعمال کرسکےگی ، اس کے علاوہ پاکستان عالمی بینک سے ڈیڑھ ارب ڈالر کی پروجیکٹ فنانسنگ کیلئے بھی پر امید ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کو3 سال میں 22 ارب ڈالر ملنےکی توقع

    خیال رہے پاکستان کو3سال میں22ارب ڈالرملنےکی توقع ہے ، آئی ایم ایف پروگرام ملنے کے بعد عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پاکستان کوقرضہ فراہم کرےگا۔

    عالمی بینک کی جانب سے آئندہ تین سال میں ساڑھے سات ارب ڈالر جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی فنانسنگ چھ ارب ڈالرتک ہوسکتی ہے، آئی ایم ایف پروگرام ملنےکے بعددونوں اداروں سےرقم ملناشروع ہوجائےگی، تینوں اداروں کیجانب سے ملنے والی رقم ملکی زرمبادلہ ذخائر میں بہتری لانے کاباعث بنے گی۔

    یاد رہے مارچ میں چین کی جانب سے پاکستان کو دو ارب دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے ، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر17ارب81 کروڑ ڈالر ہوگئے تھے۔