Tag: اسلامی نظریاتی کونسل

  • اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل غیراسلامی قرار دیدیا

    اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کا بل غیراسلامی قرار دیدیا

    اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ شادی کیلئےعمر کی حد مقرر کرنا شرعی اصولوں کےخلاف ہے، جہیز سے متعلق دباؤ، مطالبات بھی غیراسلامی ہیں۔

    اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین راغب حسین نعیمی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادی کی ممانعت کے بل کو غیراسلامی قراردیدیا، بل کونسل کو پارلیمنٹ یا سینیٹ کی جانب سے جائزے کےلیے نہیں بھیجا گیا تھا۔

    بل قومی اسمبلی اورسینیٹ نے منظور کیا تھا، اسلامی نظریاتی کونسل کا مؤقف مختلف ہے، ’’کم سنی کی شادی کےامتناع‘‘ بل کا مسودہ شرمیلافاروقی نے قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

    یہ بل سینیٹ یا قومی اسمبلی نے نہیں بھیجا بلکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے خود جائزہ لیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کا کم عمری کی شادی کا بل بھی کونسل نے غیراسلامی قراردیا۔

    کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ "امتناع ازدواج اطفال بل” شریعت سے متصادم ہے، دونوں بلوں میں عمر کی حد مقرر کرنا اسلامی احکامات کے خلاف ہے۔

    اعلامیہ میں کہا گیا کہ 18سال سے کم عمر کی شادی کو زیادتی قرار دینا اسلام کےخلاف ہے، کم عمری کی شادی پر سزائیں مقرر کرنا بھی اسلام کے مطابق نہیں، اسلامی نظریاتی کونسل نے کم عمری کی شادیوں کی خرابیوں کی نشاندہی بھی کی۔

    کونسل نے نکاح سے پہلے تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی تجویز مسترد کردی، تھیلیسیمیا ٹیسٹ کو اختیاری رکھنے اور عوامی شعور اجاگر کرنے کی سفارش کی گئی۔

    کونسل کا مؤقف تھا کہ جہیز سے متعلق لڑکی والوں پر دباؤ اور مطالبات غیراسلامی ہیں، اجلاس میں والدین کو رسم ورواج سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنے کی تلقین کی گئی۔

    شادی کے بعد خواتین کو شوہر یا والدین کے علاقے کا ڈومیسائل رکھنے کا اختیار ہونا چاہیے، قانون جانشینی کی دفعات 15 اور 16 میں ترمیم کی تجویز پیش کی گئی جبکہ وزارت مذہبی امور کے بل 2025 میں ترامیم کی تجاویز پیش کی گئیں۔

    کونسل نے کےپی حکومت کا امتناع ازدواج اطفال بل 2025 شریعت سے متصادم قراردیا، نیب کی جانب سے سرمایہ کاری اسکیموں اور مضاربہ سے متعلق سوالات پر شرعی رائے دی گئی۔

    https://urdu.arynews.tv/senate-passes-bill-banning-marriage-for-those-under-18/

  • اس بار کم سے کم صدقہ فطر اور روزے کا فدیہ کتنا ہوگا؟

    اس بار کم سے کم صدقہ فطر اور روزے کا فدیہ کتنا ہوگا؟

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل نے کی جانب سے صدقہ فطر کا اعلان کردیا گیا، فی فرد کم سے کم کتنی رقم ادا کرنا ہوگی، اس حوالے سے تفصیل سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے صدقہ فطر و فدیہ صوم کا نصاب جاری کردیا، چیئرمین ڈاکٹرراغب حسین نے بتایا کہ رواں سال صدقہ فطر و فدیہ صوم کم ازکم 220 روپے فی کس ادا کیا جائے۔

    نصاب کے تحت گندم 220، جو 450 اور کھجور کے حساب سے 1650 صدقہ فطر وفدیہ صوم ادا کیا جائے جبکہ کشمش 2500 روپے ، منقیٰ کے حساب 5000 روپے صدقہ فطر و صوم ادا کرنا ہوگا۔

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ مخیرحضرات مالی حیثیت کےمطابق صدقہ فطر،فدیہ صوم اداکریں، صدقہ فطرادا کرنا ہرغلام اور آزاد، مرد اور عورت مسلمان پرفرض ہے۔

    واضح رہے کہ رمضان کے اختتام پر مسلمان صدقہ فطر ادا کرتے ہیں اور مسلمان ماہ صیام میں فطرہ کا خاص اہتمام کرتے ہیں جبکہ ہر سال کی شرح کے حساب سے شریعہ بورڈ اور علما اس رقم کی مقدار مقرر کرتے ہیں۔

  • ٹرانس جینڈر كی اصطلاح غلط، غیرواضح جنس کا ابہام دور کیا جائے، اسلامی نظریاتی کونسل

    ٹرانس جینڈر كی اصطلاح غلط، غیرواضح جنس کا ابہام دور کیا جائے، اسلامی نظریاتی کونسل

    اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر كی اصطلاح غلط ہے اس كا استعمال نہیں ہونا چاہیے،غیرواضح جنس کا ابہام دور کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق خنثی کے جنس کے تعین سے متعلق آگاہی اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ کسی فرد کا اپنی واضح جنس کو تبدیل کرنا ناجائز ہے، تاہم غیرواضح جنس کا ابہام دور کرکے تعین جنس جائز ہے۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ جنس میں ابہام ہو تو علاج و سرجری كے ذریعے جنس كا تعین کیا جاسکتا ہے، خنثی افراد کیلئے انٹرسیکس کا لفظ استعمال کریں نہ کہ ٹرانس جینڈر کا لفظ استعمال کیا جائے۔

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی نے کہا کہ ٹرانس جینڈر میں ایسے افراد بھی شامل کیے جاتے ہیں جوحقیقی مردیا عورت ہوتے ہیں، باطنی احساسات كی بنیاد پر خود كو مخالف جنس كا فرد تصور كرتے ہیں۔

    راغب حسین نعیمی کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جن میں پیدائشی نقص ہو ان کے لیے خنثی كا لفظ استعمال كیا جائے، اسلام میں اپنی جنس کی ازخودتعین کی اجازت نہیں۔

    چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ باطنی احساسات كی بنیاد پر پیدائشی جنس كے برعكس شناخت بیان كرنا شرعی احكام سے متصادم ہے۔

  • اگلے سال حج پر جانے کی خواہمشند خواتین کے لیے بڑی خوشخبری

    اگلے سال حج پر جانے کی خواہمشند خواتین کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی اور کہا خاتون کے بغیرمحرم حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نےوزارت حج کےاستفسارپرتحریری جواب دےدیا، جس میں رائے دی ہے کہ فقہ جعفریہ،مالکی اورشافعی کےمطابق خاتون محرم کےبغیرحج کرسکتی ہے۔

    اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ خاتون کےبغیرمحرم حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے، فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کے تحت محرم میسر نہ ہونے پر عورت پر حج فرض نہیں، فقہ جعفریہ،مالکی اورشافعی کےمطابق جس خاتون کوقابل اعتمادخواتین کی رفاقت حاصل ہوحج پرجاسکتی ہے۔

    ،اسلامی نظریاتی کونسل نے فقہ جعفریہ،مالکی اورشافعی کےعورت کے والدین اور شادی ہونے کی صورت میں شوہر سے اجازت لازمی قرار دی۔

    کونسل نے رائے دی ہے کہ جس عورت کوسفراورحج فسادیاخطرےکااندیشہ نہ ہوبغیرمحرم حج کےلئےجاسکتی ہے، گروپ کےہمراہ بغیرمحرم جانےوالی خاتون حج پرجائےتووزارت مذہبی امورپہلےچھان بین کرے اور گروپ ممبران کےبارےمیں اطمینان کرنےکےبعدہی بغیرمحرم حج پرجانےکی اجازت دی جائے۔

  • کسی کو یہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے،  محرم کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    کسی کو یہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے، محرم کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل کےعلمائے کرام نےمحرم کیلئے 18 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ کسی کویہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کےعلمائے کرام نے محرم کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری دے دی، 18 نکاتی ضابطہ اخلاق پر تمام علمائے کرام کے دستخط موجود ہیں۔

    چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا کہ تمام شہریوں کافرض ہےریاست کےساتھ وفاداری ،حلف کونبھائیں ، اسلام کے نام پرجبر بغاوت سمجھی جائے گی اور ریاست کی خلاف مسلح کارروائی ،تشدد اور انتشار بھی بغاوت سمجھی جائےگی۔

    قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ کسی کویہ حق نہیں وہ کسی کو کافر قرار دے، علما ،مشائخ اورعوام سیکیورٹی اداروں کی بھر پور حمایت کریں۔

    ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ فرقہ واریت تعصبات پرمبنی تحریکوں کاحصہ بننےسےگریز کیاجائے، ریاست ایسےگروہوں کیخلاف سخت کارروائی کرے گی۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ کوئی شخص کسی قسم کی دہشت گردی کو فروغ نہیں دے گا اور مساجد،منبرو محراب ،امام بارگاہوں سےنفرت انگیز تقاریر نہیں ہوں گی۔

  • اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانےکی مشروط اجازت دے دی

    اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانےکی مشروط اجازت دے دی

    اسلام آباد : خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت مل گئی، اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ وہ عورت بغیرمحرم حج پرجاسکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کومحرم کےبغیرحج پرجانےکی مشروط اجازت دے دی، کونسل نے رائے دی کہ فقہ جعفریہ، مالکی اور شافعی کے مطابق شریعت میں خاتون کے بغیر محرم کے حج کی گنجائش موجود ہے.

    اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ محرم کےبغیر خاتون کے لئے حج کی گنجائش بعض شرائط سے مشروط ہے، اس حوالے سے پہلے ہی کونسل کی رائے موجود ہے، وہ عورت بغیرمحرم حج پرجاسکتی ہے جس کے والدین یا شوہر اجازت دیں۔

    کونسل کا رائے میں کہنا تھا کہ فقہ حنفیہ اور فقہ حنبلی کےمطابق محرم میسر نہ ہونے پرعورت پرحج فرض نہیں، ایسی عورت جسےقابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو حج پر جاسکتی ہے۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نے مزید کہا کہ عورت جس گروپ کےہمراہ حج پر جائےوزارت مذہبی امور چھان بین کرے، گروپ ممبرسےمتعلق اطمینان کےبعد عورت کو حج پر جانے کی اجازت دی جائے۔

    خیال رہے وزارت مذہبی امورنے خواتین کے محرم کے بغیر حج کرنے کے معاملے پر کونسل سے رائے طلب کی تھی

  • قبلہ ایاز دوبارہ  3سال کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    قبلہ ایاز دوبارہ 3سال کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد:قبلہ ایاز کو دوبارہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر کردیا گیا ، اس حوالے سے وزارت قانون نے تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے12ممبران کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، ترجمان کا کہنا ہے کہ تقرریاں صدرڈاکٹرعارف علوی کی جانب سےعمل میں لائی گئیں۔

    وزارت قانون کےنوٹیفکیشن کےمطابق تقرریاں3 سال کیلئےکی گئی ہیں، ترجمان نے کہا ہے کہ قبلہ ایاز کو 3سال کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔

    دیگرممبران میں ڈاکٹرعمیرمحمودصدیقی،پیرابوالحسن محمد شاہ ، محمدحسن حسیب الرحمان،مولاناحامد الحق، علامہ محمدحسین اکبر،سیدضیااللہ شاہ بخاری ، پیرزادہ جنیدامین،حافظ محمدطاہرمحموداشرفی شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق مفتی محمدزبیر ، سیدمحمد حبیب عرفانی ،مولانانسیم علی شاہ بھی ممبران میں شامل ہیں۔

  • اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس سے متعلق سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوا دیں

    اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس سے متعلق سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوا دیں

    اسلام آباد : اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی اہم شقوں کو غیراسلامی قرار دینے کے معاملے پر سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوا دیں ، ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا نیب آرڈیننس کی دفعات 14 ڈی، 15 اے اور 26 غیر اسلامی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب آرڈیننس کی اہم شقوں کو غیراسلامی قرار دینے کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب سے متعلق سفارشات پارلیمنٹ کو بھجوا دیں، سفارشات وزارت قانون کےذریعےپارلیمنٹ بھیجیں۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نےنیب آرڈیننس کی متعدد شقوں کو غیراسلامی قرار دیا، جن میں وعدہ معاف گواہ،ہتھکڑی لگانا،ملزم پربارثبوت کی شق غیر اور ملزمان کی میڈیاپرتشہیر،حراست میں رکھنا،پلی بارگین کی شقیں غیراسلامی قرار دی گئیں۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نے بچوں پرتشددکی روک تھام کے لئے خصوصی عدالتیں بنانے کی سفارش بھی ارسال کردی ہیں۔

    مزید پڑھیں : اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دے دی

    یاد رہے گذشتہ روز اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات کو غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دے دیا، ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی دفعات 14 ڈی، 15 اے اور 26 غیر اسلامی ہیں، نیب ملزمان کو ہتھکڑی لگانا، میڈیا پر تشہیر کرنا اور حراست میں رکھنا غیر شرعی ہے۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نے بچوں پر جنسی تشدد کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی بھی درخواست کی، اس مقصد کے لیے خصوصی پولیس اسٹیشن یا خصوصی سیل بھی قائم ہونے چاہئیں۔

    ڈاکٹر قبلہ ایازکا کہنا تھا کہ بلوچستان یونیورسٹی میں جنسی زیادتی کے واقعات پر ہم نے سفارش کی ہے کہ سنہ 2003 کے بعد مشرف کی پالیسیوں کی جانچ پڑتال کے بعد کمیٹی بنائی جائے۔

  • اسلامی نظریاتی کونسل نے بچوں پر جنسی تشدد کے خاتمے کی تجاویز پیش کردیں

    اسلامی نظریاتی کونسل نے بچوں پر جنسی تشدد کے خاتمے کی تجاویز پیش کردیں

    اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے تجویز پیش کی ہے کہ بچوں پر جنسی تشدد کے کیسز کے لیے خصوصی عدالتیں اور خصوصی پولیس اسٹیشن یا سیل قائم کیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا 2 روز تک اجلاس جاری رہا۔

    ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے خلاف قومی اسمبلی کی قرارداد کی تائید کی گئی، سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے پر پابندی لگائی جائے۔

    اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب آرڈیننس کی کچھ دفعات کو غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دے دیا، ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی دفعات 14 ڈی، 15 اے اور 26 غیر اسلامی ہیں۔ وعدہ معاف گواہ بننا اور پلی بارگین کی دفعات غیر اسلامی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نیب ملزمان کو ہتھکڑی لگانا، میڈیا پر تشہیر کرنا اور حراست میں رکھنا غیر شرعی ہے، اسلامی نظریاتی کونسل نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا عمومی جائزہ بھی لیا، نیب ترمیمی آرڈیننس سے یہ قانون مزید امتیازی ہوگیا ہے۔

    چیئرمین کونسل نے کہا کہ انسانی دنیا میں جنسی رویوں میں تبدیلی کا عمل باقاعدہ فیشن بن گیا ہے، سوشل میڈیا کے پھیلاؤ سے دنیا بفرزون قائم نہیں رکھ سکتی۔ پرائمری اسکول سے ہی ماہر نفسیات کی تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے بچوں پر جنسی تشدد کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی بھی درخواست کی، اس مقصد کے لیے خصوصی پولیس اسٹیشن یا خصوصی سیل بھی قائم ہونے چاہئیں۔ بلوچستان یونیورسٹی میں جنسی زیادتی کے واقعات پر ہم نے سفارش کی ہے کہ سنہ 2003 کے بعد مشرف کی پالیسیوں کی جانچ پڑتال کے بعد کمیٹی بنائی جائے۔

    ڈاکٹر قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ مذہب کی جبری تبدیلی نہ صرف اسلام کے منافی بلکہ آئین کے خلاف بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کیس میں ججز کی مختلف آرا ہیں جو آپریشنل پارٹ نہیں۔ پرویز مشرف کی لاش ڈی چوک پر گھسیٹ کر لانا عدالتی فیصلہ نہیں، مذکورہ معاملے کا ریسرچ ونگ جائزہ لے رہا ہے۔ ججوں کی رائے فیصلے کا حصہ نہیں اس لیے اجلاس میں اس کا جائزہ نہیں لیا گیا۔

  • شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے، فوادچوہدری

    شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے، فوادچوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تیار کردہ قمری کیلنڈراسلامی نظریاتی کونسل کوبھجوادیا اور کہا   قمری کیلنڈر کے مطابق شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہےاور عید الفطر 5 جون ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تیار کردہ قمری کیلنڈراسلامی نظریاتی کونسل کوبھجوادیا ، اسلامی نظریاتی کونسل سے 5 دن میں رائے مانگی ہے۔

    رویت قمری کلینڈر کے حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک تفصیلی خط اور قمری کلینڈربھی اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجا ہے، رویت کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل خط وصولی کے بعد اب جائزہ لے گی۔

    ذرائع کے مطابق رویت کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل عید کے بعد اجلاس طلب کرے گی، اسلامی نظریاتی کونسل رویت بصری اور رویت آلاتی پر مختلف مسالک سے رائے لے گی۔

    اسلامی نظریاتی کونسل اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا رویت کی پیدائش کے وقت سے شہادت لی جائے یا روئیت انسانی آنکھ کے ذریعے دیکھنے کے قابل ہوجائے تو شہادت لی جائے، جس کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل مختلف مسالک سے رائے لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔

    گزشتہ روز فواد چوہدری نے چیئرمین کونسل سے فون پر رابطہ کیا تھا، ان کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کونسل کی رائے کے بعد وفاقی کابینہ بھجوائیں گے۔

    وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ قمری کیلنڈر مکمل کر لیا گیا ہے، وزارت سائنس، اسپارکو، محکمہ موسمیات کے ماہرین نے قمری کیلنڈر تیار کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ہدایت پر قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا

    قمری کیلنڈر کے مطابق امسال 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4جون کو نظر آنے کا امکان ہے اور عید الفطر 5 جون ہوگی، انہوں نے کہا تھا کہ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر بنانے کےلئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔

    فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ پندرہویں روزے تک قمری کلینڈر بن جائےگا اور چاند دیکھنے کے لئے ایپ تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو توجہ کی ضرورت ہے ، ٹیکنالوجی میں ہم آگے جاکر اور کام کرنے والے ہیں۔