Tag: اسلام آباد

  • ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کے حوالے سے بڑی خبر آ گئی

    ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کے حوالے سے بڑی خبر آ گئی

    اسلام آباد میں ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق ایس زیڈ بی ایم یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، پی ایم ڈی سی کی خصوصی کمیٹی نے تحقیقات کی ہیں، جس کے لیے 9 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی تھی۔

    انکوائری رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جو ہائیکورٹ میں جمع کرائی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ میں گریس مارکنگ ثابت نہ ہو سکی، شکایت کنندہ ری ٹیسٹ میں گریس مارکنگ ثابت نہ کر سکے۔

    یاد رہے کہ ایس زیڈ بی ایم یونیورسٹی نے عدالتی حکم پر ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ کرایا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ری ٹیسٹ کے امیدواران نے گریس مارکنگ کا الزام لگایا تھا، تاہم ری ٹیسٹ میں گریس مارکنگ نہیں ہوئی۔

    تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ایم ڈی سی کونسل بیرسٹر سلطان منصور تھے، جب کہ سرکاری و نجی میڈیکل جامعات کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل تھے، وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن کمیٹی کے رکن تھے۔

    دیگر کمیٹی ارکان میں وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پرنسپل آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میجر جنرل سہیل امین، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر جواد احمد، شفا تعمیر ملت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال خان، رجسٹرار پی ایم ڈی سی ڈاکٹر شائستہ فیصل، ڈائریکٹر امتحانات ڈاکٹر امداد علی، رکن پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایڈووکیٹ جہانگیر جدون شامل تھے۔

    رپورٹ کے مطابق پی ایم ڈی سی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس 27 جنوری کو منعقد ہوا تھا جس میں شکایت کنندگان اور زیڈ ایس بی ایم یونیورسٹی کے نمائندے شریک ہوئے تھے، شکایت کنندگان نے تحقیقاتی کمیٹی کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، اور گریس مارکنگ کے الزامات لگائے۔

    30 دسمبر 2024 کو منعقد ہونے والے ایس زیڈ بی ایم یونیورسٹی کے ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ میں ملک بھر سے 12500 امیدوار شریک ہوئے تھے، اس سے قبل ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 22 ستمبر 2024 کو ہوا تھا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ اور ری ٹیسٹ میں مقابلے کے امتحان کے مروجہ طریقہ کار اپنائے گئے، اور یونیورسٹی نے ری ٹیسٹ کا پری اور پوسٹ ہاک اینالیسز کرایا، تفصیلی تجزیے میں تمام نکات کا جائزہ لیا گیا، جس میں گریس مارکنگ کی نشان دہی نہیں ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ ری ٹیسٹ میں 2061 طلبہ نے 170 سے زائد نمبر لیے، پنجاب کے 1496 طلبہ، اسلام آباد کے 123 طلبہ، سندھ کے 29 طلبہ، بلوچستان کے 1496 طلبہ، خیبرپختونخوا کے 179 طلبہ، آزاد کشمیر کے 171 طلبہ، گلگت بلتستان کے 28، اور سابقہ فاٹا کے 14 طلبہ نے 170 سے زائد نمبر لیے۔

  • سیکیورٹی سے متعلق ایجوکیشن کے لیے یونیورسٹی کی رجسٹریشن، بل واپسی کے کیس میں فیصلہ محفوظ

    سیکیورٹی سے متعلق ایجوکیشن کے لیے یونیورسٹی کی رجسٹریشن، بل واپسی کے کیس میں فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد: نیشنل یونیورسٹی آف سیکیورٹی سائنسز سے متعلق بل صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے واپس کرنے کے خلاف کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے محفوظ کر لیا۔

    چیف جسٹس عامر فاروق نے وکیل فاروق ایچ نائیک اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، کیس کی پیروی کے لیے درخواست گزار وکیل فاروق ایچ نائیک اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل و دیگر عدالت پیش ہوئے۔

    وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ یہ بل قومی اسمبلی سے پاس ہوا تو اس کی سمری وزیر اعظم کو بھیجی گئی، کابینہ نے بھی اس کی منظوری دی، جس کے بعد وزیر اعظم نے صدر مملکت کو اس کی پہلی سمری بھیجی جو واپس منگوا لی گئی۔

    دلائل کے دوران وکیل فاروق ایچ نائیک نے مدراس رجسٹریشن بل کا حوالہ بھی دیا، اور کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل بھی صدر نے واپس کیا لیکن پھر دوبارہ پارلیمنٹ سے پاس ہو گیا، نیشنل یونیورسٹی کا بل بھی ابھی پارلیمنٹ میں ہی ہے۔

    پی ایف یو جے کا پیکا ترمیمی ایکٹ کیخلاف آزادی صحافت تحریک کا اعلان

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صدر نے بل واپس پارلیمنٹ کو بھیج دیا ہے، جو اب مشترکہ اجلاس میں پیش ہوگا، کیوں کہ نیشنل ہونے کی وجہ سے یہ کابینہ ڈویژن کا آرڈر ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ضروری تو نہیں کہ جہاں لفظ نیشنل ہو وہاں گورنمنٹ ہی ہو پرائیویٹ بھی ہو سکتا ہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس یونیورسٹی نے کیا کرنا ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یونیورسٹی میں سیکیورٹی سے متعلق ایجوکیشن ہوگی، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ یونیورسٹی میں جو ہوگا، ملک کے لیے اچھا ہوگا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ تو چھوٹا سا مسئلہ ہے، کیا ہو جائے گا، یونیورسٹی بنتی ہے تو بننے دیں، چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل آفس حکومت کو اس حوالے سے بریف کرے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ صدر کے اعتراض کو کون ہٹائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ جس طرح دو بل پاس ہوئے اسی طرح یہ بھی ہو سکتا ہے۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ بل گزشتہ برس 18 جولائی کو صدر مملکت نے واپس کیا تھا، اور پہلا مشترکہ اجلاس ابھی 24 جنوری کو ہوا، اور ابھی فروری میں دوبارہ مشترکہ اجلاس ہوگا۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تیسرا تبادلہ آج ہوگا

    اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تیسرا تبادلہ آج ہوگا

    غزہ میں جنگ بندی ہونے کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کا تیسرا تبادلہ آج ہوگا، اسرائیل کا کہنا ہے کہ پانچ تھائی شہریوں اور تین اسرائیلیوں کو جمعرات کو رہا کر دیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر کا کہنا ہے کہ کل آٹھ اسیران جن میں تین اسرائیلی اور پانچ تھائی باشندے ہیں، جمعرات کو غزہ سے رہا کیے جانے والے ہیں۔

    حماس کے عہدیدار کے مطابق اسرائیل کی غزہ کو امداد کی فراہمی میں تاخیر سے یرغمالیوں کا تبادلہ متاثر ہو سکتا ہے اسرائیل غزہ کو امداد کی فراہمی میں جان بوجھ رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ خطرے میں ڈال رہا ہے۔

    واضح رہے کہ حماس اب تک 7 اسرائیلیوں کو رہا کر چکا ہے جن کے بدلے 290 فلسطینی رہا ہوئے ہیں۔ حماس کی جانب سے مزید 3 اسرائیلی قیدیوں کو آج رہا کیے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کی جانب سے بھیجی گئی امداد کو روکنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    واشنگٹن : مسافر طیارہ فوجی ہیلی کاپٹر سے ٹکرا کر تباہ

  • ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار، ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا

    ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار، ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا

    اسلام آباد: ون ویلنگ کرنے والے ہوشیار ہو جائیں، اب ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے گا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی ٹریفک، تمام ڈی ایس پیز اور محرران اور بیٹ انسپکٹرز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں چیف ٹریفک آفیسر نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اور ون ویلنگ، ریسنگ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ سنگین ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے آگاہی کلاسز کا اہتمام کیا جائے۔

    چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک نے ناقص کارکردگی کے حامل بیٹ افسران کی سرزنش کی، اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شاباش دی، انھوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جائے۔

  • پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    پمز اسپتال کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز سے متعلق اہم معلومات

    اسلام آباد: پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) نے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، پمز ’ماڈیولر آپریشن تھیٹرز‘ کا حامل ملک کا پہلا سرکاری اسپتال بن گیا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق پمز میں اپنی نوعیت کے جدید ترین آپریشن تھیٹرز کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، اسپتال میں 7 ماڈیولر آپریشن تھیٹرز تیار کیے گئے ہیں، ماڈیولر او ٹیز منصوبہ سربراہ پمز پروفیسر عمران سکندر کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔

    یہ ماڈیولر او ٹیز جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہیں، اس منصوبے پر 1 ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، وزیر اعظم رواں ہفتے پمز ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کریں گے، انھیں یورپین طرز پر تیار کیا گیا ہے اور یہ آپریشن تھیٹرز جرمنی سے درآمد کیے گئے ہیں۔

    ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر ایک سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں، اس میں سٹیریلائزر یونٹ کی سہولت دستیاب ہے، تین پری آپریٹ رومز اور 6 پوسٹ آپریٹ ریکوری رومز ماڈیولر آپریشن تھیٹر کا حصہ ہیں، بلڈ، ڈرگ اینڈ یوٹیلیٹی اسٹورز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔

    پمز آپریشن تھیٹر پمز آپریشن تھیٹر

    ذرائع کے مطابق میل، فی میل چینجنگ، اسکرب روم، ویٹنگ ایریا بھی ان ماڈیولر او ٹیز کا حصہ ہیں، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز جراثیم سے دیرپا حفاظتی اور آٹومیٹک خصوصیات کے حامل ہیں، ان میں آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ اور مانیٹرنگ ممکن ہوگی، اسکرینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔

    پمز

    پمز اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں بجلی بندش پر بیک اپ بیٹریز استعمال کی جا سکیں گی، یہ الٹرا سونک کلینر، پیکنگ، اور کنٹنگ آلات سے لیس ہیں، ان میں میڈیکل گیسز ٹمپریچر کنٹرول نظام کے ساتھ ساتھ سرجری میں مددگار جدید ترین وائرلیس کیمرے نصب ہیں۔

    312 ایکس زوم کیمرے سے دوران سرجری اندرونی اعضا کی مانیٹرنگ ہوگی، آپریشن تھیٹر سے ملحق کونٹیکٹ سینسر ڈسپنسر قائم کیے گئے ہیں، اور ساتھ ہی آٹومیٹک سرجیکل اسکرب ڈس انفیکشن اسٹیشنز بھی قائم ہیں۔

  • خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز و انوسٹیگیشن ارسلان شاہزیب نے تھانہ ترنول میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے اسلحے کی ایک بہت بڑی کھیپ پکڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھاری اسلحہ خیبر پختونخوا سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، اور اسلحہ لانے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خیبرپختونخوا

    ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزم سے 272 مختلف بور کے پستول، 20 جدید خودکار بندوقیں مع میگزنیز اور 23 ہزار سے زائد راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ اس کے قبضے سے 150 گرام آئس اور 4.450 کلو گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس افسر ارسلان شاہزیب کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 8 مقدمات میں ملوث نکلا ہے، اس کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    انھوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس شرپسند عناصر کے خلاف ہمہ وقت تیار ہے، اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

  • پرائیویٹ اسکول اور کالجز میں تعطیلات کا اعلان

    پرائیویٹ اسکول اور کالجز میں تعطیلات کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے پرائیویٹ اسکول اورکالجزمیں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے پرائیویٹ اسکول اورکالجزمیں موسم سرماکی تعطیلات 21 دسمبر سے 5 جنوری تک ہوں گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں 6 جنوری بروز پیر سے دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

    دوسری جانب بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ تعلیم بلوچستان کے مطابق کوئٹہ سمیت 20 اضلاع کے اسکول، کالج اور جامعات بند ہوگئی ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ کے سرد علاقوں میں تعطیلات 28 فروری تک جاری رہیں گی جبکہ گرم علاقوں میں موسم سرما کی 10 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعطیلات یکم جنوری سے 10 جنوری تک ہوں گی۔

    اس سے قبل پنجاب بھر کے پرائیویٹ و سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

    اسکولوں میں سردی کی تعطیلات کا اعلان

    سیکرٹری اسکولز پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا تھا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا اور چھٹیوں کا سلسلہ 10 جنوری 2025 تک جاری رہیگا، اس سال اسکولوں میں موسم سرما کیلئے 20 دن کی چھٹیاں ہوں گی۔

  • بانی پی ٹی آئی پر اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی

    بانی پی ٹی آئی پر اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہوگئی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کیخلاف وفاقی دارلحکومت میں مزید چودہ مقدمے درج ہونے کے بعد درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات کی سماعت ہوئی، جسٹس ارباب محمد طاہر نے نورین نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار وکلاء شاہینہ شہاب اورمرزا عاصم بیگ عدالت پیش ہوئے، بلوچستان میں درج مقدمات کی رپورٹ عدالت پیش کی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمات کی نئی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی گئی۔

    اس سے قبل پولیس رپورٹ کے مطابق عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے، وکیل درخواست گزار نے کہا اسلام آباد کی کچھ ایف آئی آر سیل ہیں۔

    جس پر عدالت نے کہا ان کے پاس پولیس رولز کے اختیارات ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست دیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کے حصول کی درخواست نمٹا دی ، بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست دائر کی تھی۔

  • سنیل پال اغوا کے بعد گھر واپس پہنچ گئے

    سنیل پال اغوا کے بعد گھر واپس پہنچ گئے

    بھارتی کامیڈین سنیل پال کئی گھنٹے لاپتہ رہنے کے بعد واپس گھر پہنچ گئے

    بھارت کے مشہور و معروف کامیڈین سنیل پال کئی گھنٹے لاپتہ رہنے کے بعد آخر کار اپنے گھر واپس پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ روز سنیل پال شو کے بعد کئی گھنٹے تک لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی بیوی نے پولیس سے رابطہ کیا تھا۔

    سنیل پال کی اہلیہ نے اب یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر کو اغواء کیا گیا تھا جس کی تفصیلات مناسب وقت پر بتائی جائیں گی۔

    اہلیہ نے کہا کہ سنیل نے اغواء کاروں سے متعلق پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے، سب کچھ صحیح ہے، پولیس ہمارے ساتھ پورا تعاون کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کامیڈین نے ایک شو کے لیے ممبئی سے باہر کا سفر کیا تھا، انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹ آئیں گے۔

    نرگس فخری کا اپنی بہن عالیہ سے لاتعلقی کا اظہار

    اُن کے گھر واپس نہ پہنچنے پر اہلیہ سریتا پال کی جانب سے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔

  • اسلام آباد : شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری

    اسلام آباد : شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری

    اسلام آباد : سری نگر ہائی وے پر 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد حکومت نے شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ رات سری نگر ہائی وے پر 4 رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلالیاگیا۔

    سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ شرپسندوں سےآہنی ہاتھوں سےنمٹنے کیلئے احکامات دیدیے گئے، انتشاریوں اور شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشتگردانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئےاقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

    یاد رہے سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد : رینجرز اہلکاروں کی شہادت : پاک فوج کو بلا لیا گیا

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک شرپسندوں کے حملوں میں رینجرز کے چار اور پولیس کے دو اہلکار شہید ہوچکے جبکہ سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، جس میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہیں۔

    خیال رہے وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ پہلے سے بتارہے ہیں ہمیں مجبور کیا گیا تو سخت قدم اٹھائیں گے، بار بار سمجھا رہے ہیں، ریڈ لائن کراس کرنے پرمجبور نہ کریں، اس سے پہلے بھی ڈی چوک میں کبھی کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ صبر کر رہے ہیں، جو ڈی چوک پہنچے گا گرفتار ہوگا،یہ نہیں ہوسکتا کوئی شخص یہاں پہنچے اور پھر آسانی سے واپس چلا جائے۔