Tag: اسلام آباد ایئرپورٹ

  • کارکنان کا مولانا فضل الرحمان کیخلاف نعرے لگانے والے نوجوان پر بد ترین تشدد

    کارکنان کا مولانا فضل الرحمان کیخلاف نعرے لگانے والے نوجوان پر بد ترین تشدد

    اسلام آباد : اسلام آباد ایئرپورٹ پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف نعرے بازی کرنے پر جمعیت علماءاسلام کے کارکنان نے نوجوان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی دورہ کابل کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ آمد کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر چند نوجوانوں کو مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف نعرے بازی مہنگی پڑ گئی۔

    جب جے یو آئی کارکنان مولانا فضل الرحمٰن کے حق میں نعرے لگا رہے تھے تو چار پانچ نوجوانوں نے ان کے خلاف نعرے لگانے شروع کردیئے۔

    جے یو آئی کی رضاکار فورس انصار الاسلام اور کارکنوں نے مولانا کے خلاف نعرے لگانے والوں کا پیچھا کیا۔

    جے یو آئی کے کارکنوں نے مولانا فضل الرحمنٰ کے خلاف نعرے لگانے والے ایک نوجوان کو پکڑ اور گھونسوں مکوں سے دھلائی کردی جبکہ تین چار نوجوان بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔

    جے یو آئی کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کو معافی مانگنے پر چھوڑ دیا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید دھند ،  فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید دھند ، فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر

    اسلام آباد : جڑواں شہروں کے اطراف شدید دھند کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، جس سے پروازوں کی آمد اور روانگی تاخیر کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بالائی سندھ اورخیبرپختونخوا میں دھند کے ڈیرے ہیں اور اسلام آباد راولپنڈی بھی دھند کی لپیٹ میں آگئے۔

    جڑواں شہروں کے اطراف شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم ہوگئی ، جس سے زمینی اور فضائی سفر کا نظام متاثر ہوا۔

    ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر شارجہ اسلام آباد کی پروازپی کے 182 کی پشاور میں لینڈنگ کی، بحرین، لندن، دمام اور دبئی سے پروازوں کی اسلام آباد آمد میں تاخیرہوئی جبکہ اسلام آباد سے استنبول، دمام، بحرین اور لندن پروازوں کی روانگی بھی تاخیر کا شکار ہے۔

    دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہورہا ہے اور پشاور، راولپنڈی، لاہور سے کراچی جانے والی ہر ٹرین کی تین سے چار گھنٹے تاخیر معمول بن گئی ہے

    دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹواسلام آباد سے بلکسرانٹر چینج تک بند کردی گئی ہے اور موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک سوات موٹروے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک ٹریفک معطل ہے جبکہ موٹروےایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی تک ٹریفک روک دی گئی ہے۔

  • طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    طیارے سے جنگلی جانور ٹکرا گیا، پائلٹ نے حاضر دماغی سے ایمرجنسی بریک لگا دیے

    اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی مبینہ غفلت کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سی اے اے کے عملے کی مبینہ غفلت کی وجہ سے رن وے پر جنگلی جانور داخل ہو گیا، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران لینڈنگ جنگلی جانور طیارے سے ٹکرا گیا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا دیے۔

    نجی ایئر لائن کی پرواز ای آر 702 دبئی سے اسلام آباد پہنچی تھی، لینڈنگ کے دوران اچانک جنگلی جانور رن وے پر آ گیا، کپتان کے ایمرجنسی بریک لگانے کے دوران جانور طیارے سے ٹکرا گیا، حادثے کے بعد کپتان نے واقعے سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اطلاع دے دی، جس پر انجنیئرنگ عملے نے جہاز کا معائنہ کیا۔

    سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے رن وے پر لینڈنگ رول کے دوران نوز وہیل پر جانور ٹکرانے کی اطلاع دی، رن وے کا معائنہ پر ٹیکسی وے سی اور ایف کے درمیان مردہ جانور کی باقیات بھی پائی گئیں، تاہم متعلقہ ایئر لائن کے انجینئرنگ شعبے نے ہوائی جہاز کو کوئی نقصان نہ پہنچنے کی اطلاع دی۔

    ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر پیش آئے واقعے کو جہاز کو حادثہ کہنا قطعی درست نہیں، وائلڈ لائف کو ایئر پورٹس سے دور رکھنے کے ہر ممکن انتظامات کیے جاتے ہیں، متعلقہ حکام واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  • نواز شریف کی آمد ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

    نواز شریف کی آمد ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

    اسلام آباد : اسلام آباد ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم نوازشریف کی آمد سے قبل سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرلئے گئے ، نوازشریف ایئرپورٹ پر دو گھنٹے قیام کے بعد لاہور روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی آمد سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب، اسلام آباد پولیس، اے ایس ایف اورسی اے اے نے انتظامات مکمل کر لئے ، خصوصی پرواز دوپہر میں اسلام آباد لینڈ کرے گی۔

    نواز شریف اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر امیگریشن کلیئر کرائیں گے، ن لیگ کی لیگل ٹیم عدالتی احکامات ایف آئی اے اور امیگریشن حکام کو فراہم کریگی
    نوازشریف اپنی لیگل ٹیم سےملاقات اور مشاورت کے بعد لاہور روانہ ہونگے

    لاہور میں نواز شریف کے قافلے کے استقبال کیلئے دو طیارے ڈیڑھ گھنٹے تک گل پاشی کریں گے۔

    نوازشریف کی وطن واپسی کےموقع پر استقبال کےلیے مختلف شہروں سے قافلےلاہور کیلئے رواں دواں ہے، اپنے قائد کے شاندار استقبال کیلئے ن لیگی کارکنان لاہور مینار پاکستان پر جمع ہوں گے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کےاستقبال کیلئے لاہور میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، نوازشریف نےدبئی سےشہبازشریف اورمریم نواز سے ٹیلی فون کرکے تیاریوں کے حوالے سے پوچھا، مریم نوازنے مینار پاکستان جلسہ گاہ کی تیاریوں پربریفنگ دی اور ویڈیوز بھی بھجوائیں۔

  • اسمگلروں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ملکی ایئرپورٹ پر یورپی یونین کے تعاون سے بڑا قدم

    اسمگلروں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ملکی ایئرپورٹ پر یورپی یونین کے تعاون سے بڑا قدم

    کراچی: یورپی یونین کے تعاون سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس پر بارڈر سیکیورٹی کو محفوظ بنانے، جعلی ویزے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایف آئی اے نے یورپی یونین کے تعاون سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کر دیا۔

    ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کے مطابق امیگریشن آفس کو یورپی یونین اور ICMPD کے تعاون سے جدید ترین فرانزک اور آئی ٹی ٹولز سے لیس کیا گیا ہے، اب جدید آلات کے ذریعے مسافروں کے پاسپورٹ اور ویزے کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ جدید آلات کے ذریعے جعلی پاسپورٹ اور ویزے کے حامل مسافروں کی نشان دہی ممکن ہو سکے گی، دوسرے مرحلے میں 2024 تک تمام بڑے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے امیگریشن کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔

    ڈی جی محسن بٹ نے کہا کہ ایف آئی اے جرائم پیشہ اور انسانی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ ملزمان کو ان کے کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے، اس سلسلے میں ایف آئی اے پاکستان کے ایئرپورٹس پر بارڈرمینجمنٹ سسٹم کو جدید بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

  • یو کے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل

    یو کے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل

    اسلام آباد: پیٹر روبنسن کی سربراہی میں (یوکے ڈی ایف ٹی) ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل ہوگیا۔

    ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق یو کے ڈی ایف ٹی ایوی ایشن سیکیورٹی انٹرنیشنل اسسٹنس پیٹر رابنسن کی سربراہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ مکمل ہوگیا۔

     ترجمان سول ایوی ایشن کا بتانا ہے کہ اس دورے کا مقصد سی اے اے ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم  کے انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

    ترجمان کے مطابق مسٹر پیٹر رابنسن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافروں کے لئے سیکیورٹی کے الاقوامی معیار کو سراہا، مسٹر رابنسن نے ائیرپورٹ پر (یو کے ڈی ایف ٹی) کے تقاضوں کے تناظر میں اعلی ترین اضافی سیکیورٹی اقدامات کرنے پر بھی تعریف کی۔

    دورہ کا اختتام سی اے اے ڈائریکٹر سیکیورٹی کی جانب سے ایویشن سیکیورٹی کے معاملات پر نوٹ اور بریفنگ پر ہوا۔

     ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے ریگولیٹری حکام نے مضبوط تعلقات اور ایوی ایشن سیکیورٹی سسٹم کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی تعاون اور کوششوں کے تسلسل کا اعادہ کیا۔

    پیٹر رابنسن بالترتیب 2 اور 3 اگست 2023 کو ایوی ایشن ڈویژن اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ روانہ ہوگئے۔

  • حکومت  کا اسلام آباد ایئرپورٹ  کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے اسلام آبادایئرپورٹ کوآؤٹ سورس کرنےکافیصلہ کرلیا، اسلام آبادایئرپورٹ کو15سال کیلئےآؤٹ سورس کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسلام آباد ایئر پورٹ کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا ، حکومت کے خاتمے سے پہلے ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔

    ابتدائی طورپراسلام آبادایئرپورٹ کو15سال کیلئےآؤٹ سورس کیاجائے گا، کمپنیوں کی دلچسپی کو مدنظررکھتےہوئے20سال تک بڑھایابھی جاسکتاہے

    مسافروں کوخدمات کی فراہمی کاذمہ سی اےاےسےلےکرمتعلقہ کمپنی کودیا جائے گا ، سی اے اے کے بجائےمتعلقہ کمپنی ایئرپورٹ کاانتظام وانصرام چلائےگی ، کمپنی ایئر پورٹ کے اندر سہولتوں میں خاطرخواہ اضافہ کرےگی۔

    متعلقہ کمپنی ڈیوٹی فری دکانوں کیساتھ تزئین وآرائش،مرمت کی ذمہ دارہوگی جبکہ آؤٹ سورسنگ عمل میں سی اےاےملازمین کودیگرشعبوں میں منتقل کیا جائے گا۔

    ایئرپورٹ ٹرمینل سروسز،پارکنگ،اسٹوریج،کارگو،ہینڈلنگ بھی آؤٹ سورس ہوں گے تاہم ایئرپورٹ سیکیورٹی اورایئرٹریفک کنٹرولرکےشعبےسی اےاےکےپاس ہی رہیں گے

    خدمات کی فراہمی یقینی بنانےاورناکامی کی صورت میں معاہدہ منسوخ کرنے کی شق شامل ہیں، اسلام آبادکےبعدلاہور،کراچی اور اسکردوایئرپورٹ آؤٹ سورس ہوں گے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے بین الاقوامی ادارے کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر کام تیز کر دیا، آؤٹ سورسنگ سے کے لیے انٹرنیشنل فنانشل انسٹیٹیوشن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    انٹرنینشل فنانشل انسٹیٹیوشن سی اے اے کے ساتھ مل کر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ایکٹ کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق پلان تیار کرے گی، اور ایئرپورٹ چلانے والے انٹرنیشنل آپریٹرز کو ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں مدعو کیا جائے گا۔

    انٹرنیشنل فنانشل انسٹیٹیوشن کی سفارشات کے بعد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے عمل پر کام شروع کر دیا جائے گا، ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں دل چسپی رکھنے والے انٹرنیشنل آپریٹرز کو دعوت دی جائے گی۔

    آؤٹ سورسنگ کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ اور کار پارکنگ حوالے کی جائے گی، سب سے زیادہ بولی لگانے والی کمپنی کو ایئر پورٹ آؤٹ سورسنگ پر دے دیا جائے گا۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آؤٹ سورسنگ کرنے کی ای کچہری میں تصدیق کر دی ہے۔

  • لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے کی ہدایت

    کراچی: شدید دھند کے باعث لاہور سے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں سے ان کی شیڈول پروازیں اڑان بھریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پنچاب میں موسم کی خرابی، لاہور اور ملتان ایئر پورٹ پر دھند کی صورت حال کی وجہ سے فضائی آپریشن متاثر ہو چکا ہے، جس کے سبب لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے دمام، مدینہ، جدہ اور ابوظبی سے آنے والی پروازوں کو لاہور اترنے کی اجازت نہیں دی گئی، اس لیے بیرونی ممالک سے لاہور آنے والی 4 پروازوں کو اسلام آباد اتار دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف لاہور سے اندرون و بیرون جانے والی 5 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے، یہ پانچوں پروازیں اب لاہور کی بجائے اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔

    استنبول، ابوظبی، مدینہ، کوئٹہ اور جدہ کی پرواز کی روانگی کا مقام لاہور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا ہے۔

    لاہور سے تاخیر کا شکار پروازوں میں اتحاد ای وائے 242 لاہور۔ ابوظبی، سیرین ای ار 821 لاہور- جدہ، سعودی ایئرلائنز ایس وی 735 لاہور- جدہ شامل ہیں۔ ڈائیورٹڈ پروازوں میں پی کے 322 لاہور- کوئٹہ، پی کے 760 لاہور- جدہ شامل ہیں۔ فیصل آباد سے اسلام آباد کی طرف موڑی گئی پروازوں میں پی کے 248 (پی آئی اے) دمام سے لاہور، پی کے 224 دبئی سے فیصل آباد، پی کے 716 مدینہ سے لاہور براستہ کراچی، پی کے 244 دمام سے سیالکوٹ شامل ہیں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کا رش، سی اے اے نے وضاحت جاری کردی

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں اور مسافروں کے رش کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وضاحت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فوگ کے باعث ڈائیورٹڈ فلائٹس کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے رش ہونا فطری بات ہے۔

    سی اے اے ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹ پر ناقص انتظامات کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا جیسی خبروں میں صداقت نہیں ہے، اس وقت ایئرپورٹ ڈائیورٹڈ اور شیڈولڈ فلائٹس دونوں آپریٹ کر رہا ہے، اور فوگ کے باعث فلائٹس ڈائیورژن، تاخیر اور مؤخری سے غیر معمولی حالات پیدا ہوئے ہیں۔

    ترجمان نے کہا ڈائیورٹڈ ڈیپارچر اور ارائیول فلائٹس آپریٹ ہونے کے باعث رش کا ہونا ایک فطری عمل ہے، تاہم ایئرپورٹ انتظامیہ قدرے مشکل حالات سے منصوبہ بندی کے تحت نمٹ رہی ہے، اور ایئرپورٹ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں دھند کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش لگا ہوا ہے، دیکھا گیا کہ دھند کی وجہ سے پروازوں کا رخ اسلام آباد ہونے کے باجود مسافروں کے لیے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے جا سکے، جس کی وجہ سے ایئرپورٹ کے بیرون اور اندرون ملک روانگی و آمد کے لاؤنجز میں مسافروں کا غیر معمولی رش لگ گیا۔

    ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر

    مسافروں کو سامان کے بروقت حصول میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، کنوینئر بیلٹ پر سامان تاخیر سے لوڈ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں، جدہ، ریاض اور دوحا سمیت مختلف ملکوں سے آنے والے مسافر ایئرپورٹ پر انتظار کی سولی پر لٹک کر رہ گئے، دوسری طرف مسافروں کو لینے کے لیے آنے والے افراد کا بھی رش لگ گیا۔

    تاہم ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث دیگر ایئر پورٹس سے اسلام آباد پہنچنے والی پروازوں کے باعث دباؤ کا سامنا ہے، اور اس صورت حال سے بہتر انداز سے نمٹنے کے انتظامات کیے جا چکے ہیں۔