Tag: اسلام آباد ایئر پورٹ

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، ویڈیو سامنے آ گئی

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، ویڈیو سامنے آ گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر صفائی پر مامور عملہ آپس میں لڑ پڑا، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر جینٹورل عملے کی کمی کی وجہ سے صفائی نہ کرنے پر عملے کے ارکان آپس میں لڑ پڑے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر ٹھیکے داری نظام کے تحت صفائی عملے کی کام نہ کرنے پر بحث و تکرار ہوئی تھی، عملے میں تلخ کلامی گالم گلوچ کے ساتھ لڑائی تک پہنچ گئی۔

    اس واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صفائی کر نے والا عملہ آزادانہ لاتوں گھونسوں کا استعمال کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ ریٹرن شپ پر کام کرنے والے 300 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام، مسافرسے 50ہزار یواے ای درہم برآمد

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام، مسافرسے 50ہزار یواے ای درہم برآمد

    اسلام آباد : ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی اور دبئی جانے والے مسافرسے 50ہزار یواےای درہم برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اسلام آبادایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کی اور دبئی جانے والے مسافرسے 50ہزار یواےای درہم برآمد کرلئے، جن کی مالیت پاکستانی روپوں میں تقریباً چوبیس لاکھ روپے ہے-

    مسافر عطااللہ نے رقم اپنے دستی سامان میں چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی-

    اے ایس ایف کے مطابق ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لئے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال ستمبر میں پشاور کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والا مسافر پرسرچنگ مشینوں سے گزر کر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور غیر ملکی کرنسی لیکرجہاز تک پہنچ گیا تھا۔

    بعد ازاں اس دوران مسافر کے دستی سامان کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے ڈیڑھ کلو سے زائد سونے کے بسکٹ اور13ہزار سے زائد یورو برآمد کئے گئے۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر شارجہ سے آنے والے 4 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر شارجہ سے آنے والے 4 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    اسلام آباد : شارجہ سے اسلام آباد آنے والے چار مسافر کورونا میں مبتلا نکلے ، کورونا مثبت آنے کے بعد مسافروں کو قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادایئرپورٹ پر شارجہ سے آنے والے 4مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ، جس کے بعد چاروں مسافروں کو او جی ڈی سی ایل کے اسلام آباد میں واقع قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دوران چیکنگ مسافروں کےجسم کادرجہ حرارت بھی زیادہ تھا ، تاہم مسافروں کو کورونا نیگٹو رپورٹ پرگھرجانےکی اجازت ہوگی۔

    خیال رہے پشاور میں باچا خان ایئرپورٹ پر پاک فوج کے تربیتِ یافتہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

    گذشتہ ہفتے شارجہ سے نجی پرواز کے ذریعے 166 مسافر پشاور پہنچے تھے ، جہاں پر سراغ رساں کتوں کی مدد سے اُن کی جانچ کی گئی، جس میں سے 14 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکلے۔

    واضح رہے بیرونِ ملک سے آنے والے مسافروں میں کرونا تشخیص پشاور ایئرپورٹ پر 24 مئی کو کتے تعینات کیے گئے، جنہوں نے پہلے ہی روز 1 مریض کی نشاندہی کی تھی، بعد ازاں 26 مئی کو ان کتوں نے مزید پانچ مسافروں میں وائرس کی نشاندہی کی تھی۔

  • اسلام آباد  ایئر پورٹ پر طوفانی بارش اور  ہوائیں، چھوٹا طیارہ الٹ  گیا

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر طوفانی بارش اور ہوائیں، چھوٹا طیارہ الٹ گیا

    اسلام آباد : ایئر پورٹ پر طوفانی ہواؤں کے باعث تربیتی طیارہ الٹ گیا جبکہ کچھ مقامات سے چھت کی سیلنگ بھی ٹوٹ کر گر گئی ، ائیرپورٹ مینجر عدنان خان کا کہنا ہے کہ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام اباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ بارش کے بعد بدانتظامی کھل کر سامنے آگئی، طوفانی بارش اور ہواؤں کےباعث تربیتی طیارہ الٹ گیا، طیارہ الٹنے سے پر کو نقصان پہنچا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سےطیارے کو نقصان پہنچا جبکہ کچھ مقامات سے چھت کی سیلنگ بھی ٹوٹ کر گر گئی اور فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔

    تیز ہوا سے ایک دروازہ اور دو کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئی جبکہ بارش سے ایمگریشن ہال کی چھتیں ٹپکتی رہی ، جس کے باعث کمپیوٹر و دیگر قیمتی سامان کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

    ائیرپورٹ مینجر عدنان خان کا کہنا ہے کہ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق صرف ایک معمولی شیٹ کو نقصان پہنچا ۔

    خیال رہے پنڈی،اسلام آباد سمیت گردونواح میں رات گئےسے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارش سےگرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

    واسا کی ٹیموں نے نکاسی آب کا آپریشن مکمل کرلیا ہے ، نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی گوالمنڈی کےمقام پر 7فٹ تک ریکارڈ کی گئی۔

    ایم ڈی واسا راجہ شوکت کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نظر ہے ،واسا کوالرٹ کردیا ہے۔

    دوسری جانب آیسکو ریجن کے بیشترعلاقوں میں شدید آندھی اور موسلادھاربارش سے متعددفیڈرزپرفالٹ اور ٹرپنگ آگئی ، ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش رکتےہی اسٹاف نےبجلی بحالی کاکام شروع کر دیاہے ، 70 فیصدسے زائد متاثرہ علاقوں کی بجلی جلدبحال کر دی گئی۔

  • کرونا وائرس: اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کاؤنٹرز شیشہ بند ہو گئے

    کرونا وائرس: اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کاؤنٹرز شیشہ بند ہو گئے

    اسلام آباد: مہلک کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھنے لگا ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کے 20 کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر احتیاطی تدابیر اور عملے کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر ایف آئی اے کے بیس کاؤنٹرز شیشہ بند کر دیے، دوسری طرف ایئر پورٹس پر چین، ایران، بنکاک، ملائیشیا اور خلیجی ممالک سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی جاری ہے۔

    یہ قدم ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے، کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اس سے بچاؤ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت محسوس کی گئی، جس کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج میں ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز کو شیشے سے ڈھک دیا گیا۔

    ایران سے کروناوائرس پاکستان منتقل ہونے کا خطرہ ، تفتان بارڈر سیل

    چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کاؤنٹرز کو شیشے سے کور کرنے کا مقصد عملے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر زیادہ ٹریفک چین اور خلیجی ممالک سے آنے والی پروازوں کا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو مکمل سہولت فراہم کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اموات نے پاکستان کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، تفتان بارڈر، ٹرانزٹ گیٹ، راہداری، پاسپورٹ گیٹ بند کر دیے گئے ہیں، تفتان بارڈر پر ایران سے آنے والوں کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے، آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کر دیے گئے۔ ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ انٹری پوائنٹس پر عالمی ہیلتھ ریگولیشن پر عمل ہو رہا ہے۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر غیر ملکی شہری کو اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر غیر ملکی شہری کو اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا

    اسلام آباد: ایک غیر ملکی شہری کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ کہ غیر ملکی مسافر اسپین کے سابق وزیر اعظم کا سیکورٹی افسر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپینش نیشنل مینڈیز گارشیا ای وائی 234 پرواز سے ابوظبی جا رہا تھا، ایئر پورٹ پر انھیں اسلحہ ساتھ لے جانے سے روک دیا گیا، غیر ملکی مسافر کے پاس نائن ایم ایم پسٹل، 26 گولیاں، اور ایک اضافی میگزین تھا۔

    اسپین کے شہری نے وزرات داخلہ کا اجازت نامہ دکھا کر کسٹمز اور اے ایس ایف سے کلیئرنس لے لی تھی، تاہم ایئر لائن نے مسافر کو اسلحہ سمیت سفر کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا، جس کے بعد اسلحہ اے ایس ایف نے اسپین ایمبیسی کے حوالے کر دیا۔

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    یاد رہے کہ 8 فروری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر مسافر سے پستول کی 21 گولیاں اور میگزین برآمد کیا گیا تھا، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظبی جا رہا تھا، بعد ازاں مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا۔ تحریری معافی پر مسافر کو ابوظبی سفر کی اجازت دے دی گئی، مسافر کے پاس اسلحے کا لائسنس موجود تھا، تاہم اسلحہ ضبط کر لیا گیا۔

  • پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    اسلام آباد: پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو اور دبئی جانے والی پروازوں کے مسافروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا، اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جس کے باعث مسافروں نے پی آئی اے کاؤنٹر پر احتجاج شروع کیا۔

    پرواز نے صبح 8 بجے اسکردو کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔

    اسلام آباد سے دبئی جانی والی نجی ائیر لا ئن کی پرواز بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث ائیر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پرواز پی اے 230 کو صبح آٹھ بجے روانہ ہونا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پرواز کی تاخیر پر مسافروں اور نجی ائیر لائن کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد مسافروں نے سول ایوی ایشن کے انٹرنیشنل کاؤنٹر پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی رک گئی، جس پر انتظامیہ کو اے ایس ایف اہل کاروں کو طلب کرنا پڑا۔

    مسافروں کے احتجاج کے باعث دوسری ائیر لائن کے بورڈنگ کا عمل رک گیا ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں یا تو ہوٹل میں ٹھہرایا جائے یا دوسری پرواز کے ذریعے دبئی روانہ کیا جائے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے

    کراچی: نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں مسافر بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے، پارکنگ ایریا میں بجلی کا پول اچانک مسافر وین پر گر پڑا جس کے باعث 2 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کے پارکنگ ایریا میں بجلی کا پول اچانک مسافر وین پر جا گرا، جس سے مسافر وین میں سوار ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حادثے کے وقت پارکنگ ایریا میں گاڑیوں کی آمد و رفت جاری تھی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے احتیاطی تدابیر اختیار کیے بغیر مرمتی کام اچانک شروع کر دیا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کی بہ جائے ڈرائیور پر دباوٴ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایئرپورٹس پر جدید سیلف چیک ان سسٹم نصب

    یاد رہے کہ کراچی میں اگست میں بارشیں شروع ہوئی تھیں تو کراچی ایئر پورٹ کی عمارت کی چھت بھی ٹپکنے لگی تھی، جس سے جناح ٹرمینل کی بین الاقوامی لاؤنج میں پانی جمع ہونے لگا تھا، جس کے لیے انتظامیہ نے بالٹی رکھ دی تھی۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے جدید سسٹم متعارف کراتے ہوئے خود کار چیک اِن مشینیں نصب کر دی ہیں، جس کے بعد اب مسافر اپنی مدد آپ کے تحت اپنا بورڈنگ پاس حاصل کر سکیں گے۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ملزمان گرفتار

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہوائی فائرنگ کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پرلینڈنگ کے قریب تھا تو ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی، پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز کے طیارے پر مبینہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے352 پر فائرنگ کا واقعہ اسلام آباد ائیر پورٹ لینڈنگ کے وقت ہوا۔

    واقعہ رات دس بجے پیش آیا، مذکورہ طیارہ فائرنگ رینج سے باہر ہونے کے باعث محفوظ رہا، کنٹرول ٹاور کی اطلاع دیئے جانے کے بعد پرواز کو دوسرے رن وے پر لینڈ کروایا گیا۔

    مسافر اور طیارے کی باحفاظت لینڈنگ کے فوری بعد معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ایئرپورٹ کے قریب ایک شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ ہوئی۔

    پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

  • اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ اسد عمر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے، کراچی ایئر پورٹ پر پارٹی کارکنان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ چھوڑنے پر پریشانی نہیں ہے، پرسکون ہوں، پارٹی کے لئے میری خدمات پہلے کی جاری رہیں گی۔

    یہ بات انہوں نے کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اسد عمر نے کہا کہ میں نے اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا، ضرورت پڑنے پر یہاں آتا رہوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے تو آنا پڑے گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور رہنماؤں نے کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسد عمر کو واپس وفاقی کابینہ میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے اسد عمر کے حق میں پیغامات بھیجے ہیں۔

    علی زیدی نے کہا کہ اسد عمر قابل ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،یہ ہمارے کے بہت ضروری ہے کہ اسد عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور جتنا جلدی ہوسکے کسی نہ کسی وزارت کے ساتھ کابینہ کا حصہ بن جائیں۔

    اس کے علاوہ زلفی بخاری نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور تحریک انصاف کے لیے پرخلوص امید رکھتا ہوں آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور کابینہ کا حصہ رہیں گے۔