Tag: اسلام آباد ایکسپریس

  • اسلام آباد ایکسپریس کو حادثہ، 25 مسافر زخمی

    اسلام آباد ایکسپریس کو حادثہ، 25 مسافر زخمی

    لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور 25 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کو حادثہ کالا شاہ کاکو کے مقام پر پیش آیا۔ ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ابتدائی طور پر 25 مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مسافر بھی اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، ریسکیو ٹیمیں اور ریلوے پولیس جائے حادثہ پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق 6 ایمرجنسی وہیکل کے ذریعہ 25 اہلکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

    دوسری جانب حادثے کے بعد راولپنڈی اور لاہور سے آنے جانے والی ٹرینوں کے روٹ کو عارضی طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ٹریک کلیئر ہونے تک ٹرینیں براستہ وزیر آباد، سانگلہ ہل، حافظ آباد، شاہدرہ لاہور پہنچیں گی۔ گرین لائن ایکسپریس سادھوکی سے روانہ کر دی گئی ہے۔

    وزیر ریلوے حنیف عباسی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی انکوائری سینئر افسران کر کے 7 دن میں رپورٹ پیش کریں گے اور جو ذمہ دار ہوگا وہ انجام کو پہنچے گا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ پہلی ترجیح زخمی تھے، انکی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ترجیحی بنیاد پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔