Tag: اسلام آباد دھماکا

  • وزیر داخلہ کا شہید عدیل حسین کو ’تمغہ شجاعت‘ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام اباد دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل شہید عدیل حسین نے غیرمعمولی جرأت اور بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید کو تمغہ شجاعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عدیل نے اسلام آباد کودہشت گرد حملے سے بچانے کے دوران جام شہادت نوش کیا ان کی اس عظیم قربانی کا ریاستی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے یہ اعزاز عطا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ پڑھیں: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود کش دھماکا، پولیس اہلکار شہید

    وزیر داخلہ نے کہا کہ شہید عدیل حسین کی بیوہ کو اسلام آباد پولیس میں بھرتی کیا جائے گا جبکہ ان کے اہلخانہ کو فوری طور پر مکمل شہدا پیکیج دے رہے ہیں۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہدا پیکیج کے تحت ایک کروڑ 65 لاکھ نقد کے علاوہ ایک پلاٹ بھی دیا جارہا ہے، عدیل حسین کی مدت ملازمت کی تکمیل تک پوری تنخواہ اہلیہ کو ادا کی جاتی رہے گی۔

    مزید پڑھیں: مشکوک گاڑی میں ایک مرد اور ایک عورت موجود تھی، ڈی آئی جی اسلام آباد

    انہوں نے کہا کہ شہید کے بچوں کی تعلیم، شادی کے اخراجات بھی سرکاری طور پر ادا کیے جائیں گے، شہدا کی عزت و تکریم ان کے اہلخانہ کی دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ  اسلام آباد آئی 10 میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہوگئے جبکہ 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

  • اسلام آباد دھماکا: وزیر اعظم کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد دھماکا: وزیر اعظم کی شدید مذمت، واقعے کی رپورٹ طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیر اعظم نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔

    انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کر کے رہیں گے۔

    شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو غیر معمولی بہادری پر اہلکاروں کوانعام اور تعریفی اسناد دینے کی بھی ہدایت کی۔