Tag: اسلام آباد میں جلسے

  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی، جس کے بعد عدالت نے این او سی جاری ہونے پر درخواست نمٹا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت سے متعلق عامر مسعود مغل کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کو چھ جو لائی کواسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

    اسٹیٹ کونسل نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے این او سی جاری کرنے سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا اور کہا پاکستان تحریک انصاف کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔

    شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 26جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی، ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرنے کا کہا، 26جون سے کل تک ڈپٹی کمشنر سے 20 دفعہ رابطہ کیا۔

    جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے، ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے تو شعیب شاہین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، ہمیں جلسے کی تیاری کیلئے وقت ہی نہیں دیا گیا۔

    جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیئے چلیں آپ تو بڑی پارٹی ہیں، کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے،آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے؟

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹادی۔

  • پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی  روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکرادیا

    پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکرادیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی جانب سے روات میں جلسے کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے اسلام آباد میں جلسےکی اجازت کیلئے نئی درخواست دے دی۔

    تفصیلات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت کیلئے نئی درخواست دے دی۔

    پی ٹی آئی نے انتظامیہ کی طرف سےروات میں جلسےکی پیشکش کوٹھکرادیا، درخواست تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم کے تحت دی گئی ہے۔

    جس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ روات شہرسے دور ہے اور پہلے وہاں کبھی کوئی جلسہ نہیں ہوا، لوگوں کو روات لے جانے میں دشواری ہے، وہاں کاراستہ خراب اورپارکنگ کا بھی کوئی خاص بندوبست نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں 4 مقامات پر جلسے ہوتے ہیں، ترنول مین پشاور، پشاور موڑ کشمیر ہائی وے، پریڈ گراؤنڈ اور ایف نائن پارک میں بھی جلسے ہوتے ہیں، چاروں مقامات میں سے کسی بھی جگہ پر جلسے کی اجازت دی جائے۔

    درخواست پرعامر مسعود مغل اورخانزادہ حسین کے دستخط موجود ہیں۔

  • پی ٹی آئی کو  39 شرائط کے ساتھ  اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو 39 شرائط کے ساتھ اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کو 39 شرائط کے ساتھ اسلام آباد میں جلسے کے اجازت مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کو اسلام آبادمیں جلسےکی اجازت نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر فیصلہ کرکے ہائیکورٹ کو آگاہ کردیا اور بتایا کہ روات جی ٹی روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی ہے۔

    جس پر ایڈوکیٹ شعیب شاہین نے کہا ہم تو چاہتے ہیں ایف نائن پارک میں جلسے کی اجازت دی جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے آپ چاہیں تو فریش پٹیشن دائر کر کے انتظامیہ کا حکم چیلنج کر سکتے ہیں ، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت سے متعلق درخواست نمٹا دی گئی۔

    بعد ازاں شعیب شاہین نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈی سی کے روات میں جلسے کی اجازت کے حکم کو چیلنج کریں گے۔

    یاد رہے عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ تحریک انصاف نے اسلام آباد ایف نائن پارک میں جلسے کی درخواست دی تھی۔

  • پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم

    پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کو پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی اور کہا شرائط وضوابط پرعملدرآمد کرا کرجلسے کی اجازت دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں 30 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس نے اسٹیٹ کونسل کو ہدایت کی اپنے ٹرم اینڈ کنڈیشنز پر عملدرآمد کروا کے جلسے کی اجازت دیے دیں۔

    عدالت نے اسلام آبادانتظامیہ کو ہدایت کی کہ آپ نے جو شرائط عائد کرنی ہیں وہ کر دیں، جس پر اسٹیٹ کونسل نے کہا پہلے بھی ان کو جو اجازت دی گئی، اس کی خلاف ورزی ہوئی تھی۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، کوئی غیر معمولی شرائط عائد نہ ہو جو اسٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔

    شیر افضل مروت نے عدالت میں کہا کہ کل جو واقعہ ہوا ہے وہ تو ڈی سی کے جلسہ کی اجازت نا دینے کے ہوا ہے ، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ میرے سے پہلے والے چیف جسٹس بھی اجازت دیتے رہے ہیں میں نے بھی آرڈر کیا ہے۔

    شیر افضل مروت نے کہا ہم ہر قسم کی شرائط کی پابندی کے لئے تیار ہیں تو سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کا ایک افسوس ناک واقعہ بھی ہوا ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا زندگی رکتی تو نہیں ہے، چلتی ہی رہتی ہے، ہم نے اسی طرح دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

    سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا مجھے ہدایات لینے کا وقت دیدیں، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا میں آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔

    یاد رہے ڈی سی اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی تھی پی ٹی آئی نے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔