Tag: اسلام آباد ٹریفک پولیس

  • ٹریفک پولیس کا کارنامہ : نابینا شخص کا ڈرائیونگ لائسنس کیسے بنا؟ ویڈیو دیکھیں

    ٹریفک پولیس کا کارنامہ : نابینا شخص کا ڈرائیونگ لائسنس کیسے بنا؟ ویڈیو دیکھیں

    اسلام آباد میں چند ہزار رشوت کے عوض نابینا شخص کا ڈرائیونگ لائسنس بنادیا گیا، ٹیم سرعام نے متعلقہ افسران کی بدعنوانی کو بے نقاب کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے محض 30ہزار روپے رشوت دے کر اسلام آباد ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے نابینا شخص کا ڈرائیونگ لائسنس بنوا لیا۔

    کسی دوسرے شخص کے میڈیکل ٹیسٹ پر رشوت خور اور عقل کے اندھے اہلکاروں نے نابینا شہری کو ڈرائیونگ لائسنس تھما دیا۔

    ٹیم سرعام کے اسٹنگ آپریشن سے معلوم ہوا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار 30 ہزار لے کر کسی کا بھی لائسنس بنا کر دے دیتے ہیں۔

    رشوت دینے والے کا ڈرائیونگ ٹیسٹ بھی خود ہی پاس کرادیا جاتا ہے۔ ٹیم سرِعام نے اس مکروہ دھندے میں ملوث رشوت خور ٹریفک اہلکار اور ایجنٹ پکڑوا دیئے۔

    اس کام کیلیے ٹیم سرعام نے ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا جس کو ایک آنکھ سے بالکل بھی دکھائی نہیں دیتا تھا، ملک بھر میں کہیں بھی ڈرائیونگ لائسنس بنانے سے پہلے امیدوار کا میڈیکل ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔

    پہلے مرحلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار طلحہ سے رابطہ کیا گیا جس نے ایک اناڑی شخص کا ڈرائیونگ لائنسنس بنوانے کیلیے 30 ہزار روپے طلب کیے۔ اور تھوڑی بہت بحث کے بعد مقررہ رقم کے وعدے پر کام شروع کردیا گیا۔

    ٹریفک پولیس اہلکار طلحہ نے سرعام کے نمائندوں کو دفتر کے اندر موجود ایجنٹ سانول کے حوالے کرتے ہوئے رشوت کی رقم اس کو دینے کی ہدایت کی۔

    ایجنٹ سانول نے احسان جتاتے ہوئے کہا کہ میں تو ایک لائسنس کے ایک لاکھ روپے تک لیتا ہوں صرف طلحہ کی وجہ سے اتنی کم رقم لے رہا ہوں۔ جس کے بعد لائسنس جاری کردیا گیا۔

    اگلے مرحلے میں ٹیم سرعام نے نابینا شخص کا ڈرائیونگ لائنسنس بنوانے کی کارروائی کا آغاز کیا، اور لائسنس بننے کے بعد انہیں بے نقاب کرنے کیلیے ٹیم سرعام کیمروں سمیت اس دفتر جا پہنچی۔

    ٹیم سر عام کو دیکھتے ہی اہلکار طلحہ اور ایجنٹ سانول کی زبان گنگ ہوگئی پہلے پہل تو دونوں اپنے اس جرم سے انکار کرتے رہے لیکن ویڈیو ثبوت دیکھنے کے بعد ان کے پاس اعتراف جرم کے علاوہ کوئی چارا نہ تھا۔

    یاد رہے کہ آج سے 12 سال قبل بھی ٹیم سر عام نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں قائم ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے نابینا شخص کا لائسنس بنوایا تھا جس کے بعد ملک بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس مافیا کو جڑ سے ختم کیا جاتا لیکن حالات اب بھی جوں کے توں برقرار ہیں۔

  • وفاقی پولیس نے ایک ہفتے میں 215 ملزمان گرفتار کر لیے

    وفاقی پولیس نے ایک ہفتے میں 215 ملزمان گرفتار کر لیے

    اسلام آباد: وفاقی پولیس نے گزشتہ ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، ایک ہفتے کے دوران پولیس نے 215 ملزمان گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایک ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں دو سو سے زاید ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گرفتار شدگان میں ڈکیتی، رہزنی، نقب زنی، چوری، کار اور موٹر سائیکل چوری و دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان سے 1 کروڑ 32 لاکھ 95 ہزار 720 روپے کا مالِ مسروقہ، اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 156 مقدما ت کی تفتیش مکمل کر کے ان کے چالا ن مجاز عدالتوں کو بھجوائے گئے

    ، جب کہ اشتہاریوں کے خلاف مہم کے دوران 14 اشتہاری گرفتار کیے گئے۔

    دریں اثنا، اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی معیاری طریقہ کار پر عمل در آمد شروع کر دیا ہے، ٹریفک اہل کار عوام کو پہلے سیلوٹ کرتے ہیں اور پھر دیگر خدمات انجام دیتے ہیں۔

    خیال رہے کہ ایس اسی پی ٹریفک ڈویژن اسلام آباد نے احکامات جاری کیے تھے کہ ٹریفک اہل کار سب سے پہلے سیلوٹ کریں گے اس کے بعد دیگر کارروائی عمل میں لائیں گے۔

  • ٹریفک لین کی خلاف ورزی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے

    ٹریفک لین کی خلاف ورزی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے

    اسلام آباد :اسلام آباد ٹریفک پولیس کی لین ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنانے کےلئے خصوصی مہم جاری ،رواں سال لین وائیلشن کی خلاف ورزی کرنے والے7450 ڈرائیورزکے خلاف کاروائی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اسپیشل اسکواڈ اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر شہریوں کولین اور لائن ڈسپلن پر آگاہی فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ لین وائلیشن کرنے والوں کے خلاف کاروائی بھی کر رہے ہیں ،دوران ڈرائیونگ لین ڈسپلن کی پابند ی کو یقینی بنایا جائےگا۔ ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے شہری ٹریفک پولیس سے تعاون کریں ۔

    اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اس مہم کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، ٹریفک کی یقینی روانی اور سفر کو محفظ بنانا ہے ۔ یہ مہم اسلام آبا د ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کی جان سے ایک خصوصی ٹیم چلا رہی ہے۔ اس میں اسلام آباد کی اہم شاہراؤں پر ٹریفک پولیس کے افسران موجو د ہوں گے جن میں ایکسپریس وے ، کشمیر وے ، مری روڈ سمیت دیگر بڑی شاہراؤں پر عوام کو آگاہی دی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ریڈیو ایف ایم 92.4 بھی اپنا خصوصی کردار ادا کررہا ہے، لین ڈسپلن اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے خصوصی پروگرام نشر کیے جارہے ہیں اور اس خصوصی مہم کی نگرانی ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید خود کررہے ہیں۔

    انہوں نے اس حوالےسے جاری کردہ خصوصی پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک لین کی خلاف ورزی خطرناک ثابت ہوتی ہے۔ منظم ٹریفک اور قوانین کی پاسداری کا بنیادی مقصد ملک کے ہر شہری کے لیے سڑک پر سفر کو محفوظ بنانا ہے، زیادہ تر حادثات اور ٹریفک جام کے پیچھے قوانین کی خلاف ورزی کارفرما ہوتی ہے لہذا شہری اس مہم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے نہ صرف خود آگاہی حاصل کرکے اس پر عمل کریں بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اس معلومات کو آگے بھی پہنچائیں۔