Tag: اسلام آباد پناہ گاہ

  • وزیر اعظم کا ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ، بے گھر افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا

    وزیر اعظم کا ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ، بے گھر افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ترلائی میں ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا، انھوں نے پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا اور وہاں مقیم افراد سے بات چیت کی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد میں ترلائی کے علاقے ڈماڈل میں پہلا پروٹو ٹائپ شیلٹر مکمل ہو گیا ہے، وزیر اعظم نے شیلٹر ہوم کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا، اور پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی سے نہیں ہوتی، قوم اپنے غریب طبقے کے طرز زندگی سے پہچانی جاتی ہے، مہذب معاشروں کا تصور صرف امیر ہونے میں نہیں، دیکھا جاتا ہے کہ قوم غریبوں اور کم زوروں کو کیسے تحفظ دیتی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا شوکت خانم بنایا تو 70 فی صد غریبوں کے مفت علاج کا ارادہ کیا، ایسا ہی تصور پاکستان کے لیے سوچتا ہوں، غریب آدمی کی عزت اور ضروریات کا خیال رکھنا ہماری ترجیح ہے، پورے پاکستان میں غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں۔

    گزشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں بہتر انفرا اسٹرکچر، کیٹرنگ اور رہائشی معیار کے ساتھ دیہاڑی دار مزدوروں کے لیے معیاری خدمات انجام دے رہا ہے۔

    آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

    حکومت کا اہم قدم، وزیر اعظم کی ہدایت پر پہلی پروٹو ٹائپ پناہ گاہ مکمل

    معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمٰن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ میں انتظامی امور اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے دورے کے دوران پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفرا اسٹرکچر کا جائزہ لیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی، اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا۔

    وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز اور دیگر اعلیٰ عہدے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • سخت سردی میں چار دن سے ٹھٹھرتی ماں بیٹی پناگاہ منتقل

    سخت سردی میں چار دن سے ٹھٹھرتی ماں بیٹی پناگاہ منتقل

    اسلام آباد: 4 دن سے سخت سردی میں ٹھٹھرتی لاوارث خاتون اور اس کی بچی کو مدد مل گئی، ضلعی انتظامیہ نے پناہ گاہ منتقل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک شہری کی درخواست پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے لاوارث ماں بیٹی کو پناہ گاہ منتقل کر دیا۔

    خاتون اپنی بیٹی کے ساتھ ایک پارک میں کھلے آسمان تلے کئی دنوں سے بھوکی پیاسی سو رہی تھی۔

    چوہدری ذو القرنین نامی ایک شہری نے ٹویٹر پر خاتون کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بے آسرا ماں اپنی بچی کے ساتھ بے نظیر پارک میں گزشتہ چار دن سے رہ رہی ہے۔

    شہری نے یہ ٹویٹ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی علی اعوان کو ٹیگ کی، بعد ازاں علی اعوان کی ہدایت پر خاتون کو پارک سے پناہ گاہ میں منتقل کر دیا گیا۔

    علی اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ خاتون اور بچے کو اسلام آباد پناہ گاہ منتقل کر دیا گیا ہے، کوئی بھی معاشرہ انسانیت اور ہم دردی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

    دریں اثنا خاتون اور اس کی بچی کو  پناہ گاہ میں الگ کمرہ، گرم بستر اور کھانا فراہم کر دیا گیا ہے، ان کی مکمل دیکھ بھال، طبی معائنہ اور رہائش کا بندو بست ہوگا۔

    علی اعوان کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاتون کو اس کے شوہر نے طلاق دے دی تھی، اور خاندان نے بھی ذمہ داری اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔

  • جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومتی اقدامات کی تعریف

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومتی اقدامات کی تعریف

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچ گئے، حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچے اور بے گھر افراد کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مارٹن کوبلر نے بے گھر افراد کے ساتھ کھانا کھانے کی تصاویر شیئر کی۔

    مارٹن کوبلر نے کہا کہ اسلام آباد میں پناہ گاہ دیکھنے گیا، یہاں کے اسٹاف کا کام قابل تعریف ہے لیکن ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر دکھ ہوا جو کھانا خرید نہیں سکتے ہیں۔

    جرمن سفیر نے کہا کہ کچھ بے گھر افراد کے ساتھ آلو انڈہ کھایا اور ان کی ہلا دینے والی کہانیاں سنیں، انہوں نے سوال کیا کہ ایک شخص 400 روپے دیہاڑی سے 6 سے 8 لوگوں کے خاندان کی کفالت کرسکتا ہے؟

    واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں پشاور، لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہومز بنایے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بے گھرافراد کوشیلٹرہوم کی تعمیر تک کھانا اورٹینٹ فراہم کیا جائے‘ وزیراعظم

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ فٹ پاتھ پر سونے والوں کو ٹینٹ اور کھانا فراہم کیا جائے۔

    میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شیلٹرہوم آسمان تلے رات بسر کرنے والے افراد کے لیے بنایا جا رہا ہے، یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب سے پہلا قدم ہے جو اٹھایا گیا۔