Tag: اسلام آباد چیمبر آف کامرس

  • نقدی زخیرہ کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے، تاجر رہنما

    نقدی زخیرہ کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے، تاجر رہنما

    اسلام آباد : چیمبر آف کامرس اسلام آباد کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ٹیکس میں اضافہ کی حکومتی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، نقدی زخیرہ کرنے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور کاروباری برادری میں نقد رقوم کو زخیرہ کرنے کے عمل کی روک تھام ضروری ہے تاکہ زیر زمین معیشت کے حجم میں مزید اضافہ نہ ہو جو ایف اے ٹی ایف کا اہم مطالبہ بھی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑی مالیت کے پرائز بانڈ اور ملکی اور غیر ملکی کرنسی نوٹوں کی وجہ سے رشوت دینا اور لینا اور غیر قانونی ٹرانزیکشن آسان ہو گئی ہے جس کے خاتمہ پر غور کیا جائے تاکہ بینکوں کے ذریعے لین دین کا رجحان بڑھ سکے۔

    شاہد رشید بٹ نے مزید کہا کہ 2013ء میں2328 ارب روپے کے کرنسی نوٹ گردش میں تھے جو جی ڈی پی کا 10.4 فیصد تھا جو2018 میں5234ارب روپے تک پہنچ گئے اور اس وقت اس کا حجم تقریباً چھ کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے جو بینکوں کے مجموعی ڈیپازٹ سے نصف ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیر گردش نوٹوں کی تعداد کو2013 کی سطح پر لایا جائے تاکہ بینک ڈیپارٹس میں تقریباً چار کھرب روپے کا اضافہ ہو جائے۔

    اس سے حکومت کی محاصل کی مد میں کافی آمدنی ہو گی، اس اقدام سے شرح سود کم ہو جائے گی اور نجی شعبہ کو سستے قرضے ملنا شروع ہو جائیں گے جس سے معاشی ترقی کی رفتار بڑھ جائے گی۔

  • چینی تاجروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

    چینی تاجروں کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

    اسلام آباد : چین کے بڑے کاروباری شہر تیانجن کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے جین لنگ ژو کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

    وفد میں تعمیرات، پی پی آر پائپ اور فٹنگ، انٹیرئر ڈیزائنگ، الیکٹرک کا سامان، موبائل اینڈ موبائل اسسریز، سیکورٹی مصنوعات سمیت دیگر شعبوں کے سرمایہ کار شامل تھے۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چین کے تجارتی وفد کی سربراہ جین لنگ ژونے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری چین کے ہم منصبوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے کی کوشش کریں ، جس سے ان کے کاروبار کو بہتر وسعت ملے گی۔

    چین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور زراعت سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں ، چین کے سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹس لگانے کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں۔

  • اسلام آباد چیمبر اور بحریہ یونیورسٹی میں معاہدہ

    اسلام آباد چیمبر اور بحریہ یونیورسٹی میں معاہدہ

    اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبہ کے مابین قریبی روابط کو فروغ دینے اورتحقیقی سرگرمیوں میں تعاون بڑھانے کے لئے بحریہ یونیورسٹی کے ساتھ باہمی سمجھوتے کی ایک یاداشت پر دستخط کر دیئے ہیں ، آئی سی سی آئی کے صدر شعبان خالد اور بحریہ یورنیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) شاہد اقبال ایچ آئی (ایم) نے سمجھوتے کی یاداشت پر دستخط کئے۔

    جس کے تحت دونوں ادارے مختلف شعبوں بشمول بحریہ یونیورسٹی کے طلبا کو صنعتی شعبے میں انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا، مختلف شعبوں میں طلبا کی پیشہ وارانہ ترقی کیلئے مشترکہ طور پر شارٹ کورسز تیار کرنا اور باہمی کاوشوں سے جدید نصاب کو فروغ دینے کیلئے تعاون کریں گے ۔

    اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے اس موقع پر کہا کہ ترقی یافتہ اقوام نے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کے مابین قریبی تعلقات کو فروغ دے کر شاندار ترقی حاصل کی ہے ، لہٰذا ہمیں بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یونیورسٹیوں اور صنعتی شعبے کے درمیان تعلقات کومستحکم کرنا ہو گا تا کہ مشترکہ کوششوں سے ملک کیلئے ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کر کے تجارت و برآمدات کو فروغ دیا جا سکے، بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) شاہد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ بحریہ یونیورسٹی نے کوالٹی سٹینڈرز پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور بحریہ آج کے نوجوان کو مستقبل کا قائد بنانے کیلئے پوری طرح کوشاں ہے۔