Tag: اسلام آباد ڈی چوک

  • اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرین پر تشدد : کے پی حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

    اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرین پر تشدد : کے پی حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

    پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد ڈی چوک پر مظاہرین پر تشدد کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس اسپیکربابرسلیم سواتی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں اسلام آباد میں احتجاج پرہونے والے مظالم کی مذمت کی گئی۔

    خیبرپختونخوا حکومت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر سفاکانہ تشدد کے خلاف آج سے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

    وزیر قانون آفتاب عالم نے کے پی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن مظاہرین پر مظالم کے پہاڑ توڑے گئے، ہمارے صوبے کے چیف ایگزیکٹو پر براہ رست فائرنگ کی گئی اور احتجاج میں شریک پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گاڑیوں تلےکچلاگیا۔

    اسمبلی کا اجلاس آج شام سات بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

    یاد رہے وزیراعلی خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران جاں‌ بحق ہونے والے پارٹی کارکنوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم پر براہ راست گولیاں برسائی گئیں۔ بشریٰ بی بی میرے ساتھ تھیں، ان پر بھی حملہ کیا گیا۔ جو لوگ کل متاثر ہوئے، ان ہزاروں کارکنان کا ڈیٹا بھی آ رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پُر امن احتجاج کی کال دی تھی اور ان کی کال پر دھرنا جاری ہے جب تک کال اپ نہیں ہوگی، یہ جاری رہے گا۔

  • پاک فوج کے اہلکار ڈی چوک میں تعینات، انتشار پھیلانے والوں کو گولی مارنے کا حکم

    پاک فوج کے اہلکار ڈی چوک میں تعینات، انتشار پھیلانے والوں کو گولی مارنے کا حکم

    اسلام آباد : پاک فوج کے اہلکاروں کو ڈی چوک میں تعینات کردیا گیا، رنیجرز اہلکاروں کی شہادت کے بعد اسلام آباد میں پاک فوج طلب کی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے اہلکاروں کو اسلام آباد میں ڈی چوک پر تعینات کردیا گیا جبکہ پولیس کی بکتر بند گاڑیاں بھی ڈی چوک پہنچادی گئیں۔

    یاد رہے حکومت نے امن و امان کے قیام کیلئے آرٹیکل دوسو پینتالیس کے تحت پاک فوج کو طلب کیا ہے اور شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور موقع پر گولی مارنے کے بھی واضح احکامات دیے گئے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے دہشتگردانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    گذشتہ روز سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد : رینجرز اہلکاروں کی شہادت : پاک فوج کو بلا لیا گیا

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اب تک شرپسندوں کے حملوں میں رینجرز کے چار اور پولیس کے دو اہلکار شہید ہوچکے جبکہ سو سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، جس میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہیں۔

    خیال رہے وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی مظاہرین کو خبردار کیا تھا کہ پہلے سے بتارہے ہیں ہمیں مجبور کیا گیا تو سخت قدم اٹھائیں گے، بار بار سمجھا رہے ہیں، ریڈ لائن کراس کرنے پرمجبور نہ کریں، اس سے پہلے بھی ڈی چوک میں کبھی کسی کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔