Tag: اسلام آباد یونائیٹڈ

  • سلمان علی آغا نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست پر کیا کہا؟

    سلمان علی آغا نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست پر کیا کہا؟

    لاہور: اسلام آباد یونائیٹڈ کے سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم ابھی بھی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے اور ایلیمینیٹر میں فتح حاصل کرنے کی پورے کوشش کریں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مڈل آڈر بلے باز سلمان علی آغا نے کہا کہ جو بھی ٹیم سامنے آئے، ہماری کوشش ہو گی کہ انہیں شکست دے کر فائنل کی راہ ہموار کریں۔

    انہوں نے بولنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس شعبے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری بولنگ میں کچھ کمزوریاں رہی ہیں۔

    سلمان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر آخری اوورز میں ہم نے زیادہ رنز دیے، لیکن ہم اس پر کام کر رہے ہیں اور اسے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ٹی20 فارمیٹ میں مومنٹم بہت اہم ہوتا ہے کہ اگر ٹیم کا مومنٹم صحیح سمت میں ہو تو نتائج اچھے آتے ہیں، ہم اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

    انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائک ہیسن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مائک ہیسن ایک بہترین کوچ ہیں، وہ ٹیم کا ماحول مثبت رکھتے ہیں اور کھلاڑیوں کو اعتماد دیتے ہیں۔ ان کی کوچنگ سے ٹیم کو فائدہ پہنچا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 10 کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 210 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔

    صاحبزادہ فرحان کی 52 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، سلمان علی آغا 44 اور رسی وین ڈر ڈوسن 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    ایلکس ہیلز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جیمز نیشم 1، عماد وسیم 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، نسیم شاہ صفر پر عثمان طارق کا نشانہ بنے۔

    عثمان طارق نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف دو، محمد عامر، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    جو اسلام آباد کی ٹیم نہ بنا سکا وہ پاکستان ٹیم کیا بنائے گا؟ باسط علی

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں 209 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا تھا۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا، مگر کیوں؟ ماہرین کا اہم تبصرہ

    اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا، مگر کیوں؟ ماہرین کا اہم تبصرہ

    لاہور : قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کیلیے نقصان کا باعث بنا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 143 رنز بنا سکی اور اس کے کھلاڑی ریت کی دیوار کی مانند یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے چلے گئے اور ٹیم پشاور زلمی کے ہاتھوں 6وکٹوں سے ہار گئی۔

    ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے ابتدائی میچز مسلسل جیتنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتوحات کو پہلا دھچکا گزشتہ روز تب لگا جب اس نے لاہور قلندر سے شکست کھائی اور کل کے میچ میں بھی ٹیم پشاور زلمی کیخلاف کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں سابق کرکٹر اور تجزیہ نگار باسط علی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی حالیہ شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیم کی ناکامی کی اصل وجوہات بیان کیں۔

    باسط علی کے مطابق ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا جو فیصلہ کیا وہ ان کی شکست کا باعث بنا کیونکہ گزشتہ رات ہی لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں جب بارش ہوئی ہو تو باؤنسی پچ پر پہلے بیٹنگ کرنا میرے لیے حیران کن تھا اگر اس جگہ میں ہوتا تو کبھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ نہیں کرتا۔

    اس موقع پر کامران اکمل کا کہنا تھا کہ یہ بات سب جانتے ہیں کہ یہ رات کا میچ تھا اور سارا دن مطلع ابر آلود رہا اس لیے پچ کو دھوپ نہیں لگی اس میں نمی برقرار تھی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو اس میچ میں شامل نہیں کیا، میر ے خیال میں شکست کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی 

    لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں گزشتہ رات کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 145 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین ڈی وارشز 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو غیر ملکی کھلاڑیوں کے متبادل کا اعلان کردیا

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو غیر ملکی کھلاڑیوں کے متبادل کا اعلان کردیا

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل سیزن 10 کے دوران جنوبی افریقہ کے کھلاڑی رسی وین ڈر ڈیوسن اور آسٹریلوی آل راؤنڈر میٹ شارٹ کے متبادل کھلاڑی کے طور پر ویسٹ انڈیز کے اسٹار آل راؤنڈر کائلی میئرز کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر رسی وین ڈر ڈیوسن پی ایس ایل 10 میں شامل نہیں ہوسکیں گے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے کہا کہ ”ہم رسی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

    مائیک ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم اس وقت شاندار کھیل پیش کررہی ہے، اور ہم کسی قسم کا رسک نہیں لینا چاہتے۔ کائلی میئرز کے شامل ہونے سے اسکواڈ مزید بہتر ہوجائے گا، ان کی ٹیم میں موجود مثبت ہوگی۔

    دوسری جانب پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اچھی ہے، اس لیے شاداب کی کپتانی اچھی لگ رہی ہے۔

    نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کے پاس ٹیم اچھی تھی اس لیے اس کی کپتانی اچھی لگ رہی تھی جیسے ہی ٹیم بدلی ہے، عباس آفریدی ودیگر کھلاڑی چلے گئے تو اس کے لیے مینج کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسی طرح شاداب ہے اس کے پاس ٹیم اچھی ہے کمبی نیشن اچھا کھلا رہے ہیں جب پریشر پڑے گا تب ان کی کپتانی کا اندازہ ہوجائے گا۔

    احمد شہزاد نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایسا ہوتا ہے کہ تین چار میچ جیت جاؤ پھر دیکھا نہیں جاتا کہ لیڈر شپ کوالٹی ہے یا نہیں بس اس کو اگلا کپتان بنادیا جاتا ہے۔

    کے ایل راہول نے آئی پی ایل میں ڈیوڈ وارنر کا ریکارڈ توڑ دیا

    انہوں نے کہا کہ شاداب نے بڑے عرصے بعد اچھی بولنگ کی ہے اور اگر وہ ایسا کرتے رہے ٹیم کو جتوایا تو ان کے لیے ٹیم کے دروازے ضرور کھلے ہیں۔

  • شاداب خان کو کیا کرنا چاہیے؟ کولن منرو نے اہم بات بتا دی

    شاداب خان کو کیا کرنا چاہیے؟ کولن منرو نے اہم بات بتا دی

    راولپنڈی: پشاور زلمی کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر کولن منرو نے کہا ہے کہ شاداب خان کو بیٹنگ میں خود کو مزید موقع دینا چاہیے۔

    پشاور زلمی کے خلاف میچ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سابق پلیئر کولن منرو نے کہا کہ شاداب خان مکمل آل راؤنڈر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا لک آفٹر کرتے ہیں، انھیں بیٹنگ میں خود کو مزید موقع دینا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں شاداب خان نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم انھیں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا، اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے 102 رنز سے فتح حاصل کر لی تھی۔


    ’’سنچری کر سکتا تھا لیکن توجہ رن ریٹ پر تھی‘‘


    کولن منرو نے کہا شاداب خان ایسے کپتان ہیں جو صورت حال کو پرکھتے ہیں، انھیں بیٹنگ میں بھی خود کو موقع دینا چاہیے کیوں کہ انھوں نے نمبر 4 پر ماضی میں بہت اچھی بیٹنگ پرفارمنس دی ہوئی ہیں۔

    صاحبزادہ فرحان کے بارے میں کولن منرو نے کہا ’’ان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، ان کا ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی خوش قسمتی ہے، صاحبزادہ فرحان نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شان دار پرفارمنس دکھائی۔‘‘


    پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 102 رنز سے ہرا دیا


    کولن کا کہنا تھا کہ مسلسل 2 میچوں میں کامیابی سے اسلام آباد یونائیٹڈ کا اعتماد بڑھا ہے، راولپنڈی کنڈیشنز کے بارے میں انھوں نے کہا کہ پچز بھی سلو ہیں اور خشکی ہے، اسکور کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ شائقین کے بارے میں انھوں نے کہا کہ یہاں کے شائقین بہت شان دار ہیں، یہ بابر اعظم کے مداح بہت ہیں، پشاور زلمی کو ہر جگہ شائقین سپورٹ کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے پشاور زلمی کے خلاف شان دار سنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنائے، جب کہ خود کولن منرو نے 40 رنز بنائے۔

  • پاکستان سُپر لیگ میں پہلی بار فاسٹ بولر بھائیوں کا ٹرائیکا ایک ہی ٹیم کا حصہ

    پاکستان سُپر لیگ میں پہلی بار فاسٹ بولر بھائیوں کا ٹرائیکا ایک ہی ٹیم کا حصہ

    پی ایس ایل کی اس سال ہونے والی ڈرافٹنگ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ تین فاسٹ بولرز بھائی ایک ہی ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔

    پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے سلسلے میں پلیئرز ڈرافٹ کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جس میں 2024 کے ایڈیشن کیلئے ٹیموں نے پلیئرز کا انتخاب کیا۔ اس تقریب میں رنچائزز کے مالکان، چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف اور کرکٹرز شریک ہوئے۔

    اس بار پی ایس ایل ڈرافٹنگ کے دوران فرنچائزز نے کئی بڑے کرکٹرز کو اپنا بنایا لیکن پہلی بار اسلام آباد یونائیٹڈ نے نئی تاریخ بنا دی۔

    پی ایس ایل فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ سمیت ان کے چھوٹے بھائی حنین اور عبید شاہ کو بھی اپنی ٹیم کا حصہ بنالیا۔

    قابل ذکر بات یہ ہےکہ قومی پیسر نسیم کے چھوٹے بھائی حنین نے حالیہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دھوم مچائی تھی جبکہ عبید شاہ ایشیا کپ کھیلنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہیں۔

    ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی ٹیم میں تین فاسٹ بولرز بھائیوں کے ٹرائیکا کو شامل کیا گیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حنین شاہ اور عبید شاہ کو ایمرجنگ کیٹیگری میں منتخب کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں انجری سے صحتیاب ہونے والے نسیم شاہ ڈرافٹنگ سے پہلے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن چکے تھے۔

  • پی ایس ایل 7: میچ میں انوکھا ریکارڈ قائم

    پی ایس ایل 7: میچ میں انوکھا ریکارڈ قائم

    کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گزشتہ روز کے پی ایس ایل 7 کے میچ میں ایک انوکھا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

    گزشتہ روز جب پاکستان سپر لیگ کا بارہواں میچ کھیلا جا رہا تھا، تو اگرچہ نتیجہ لاہور قلندرز کے نام رہا، لیکن ان کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے 2 کھلاڑیوں نے ایک انوکھا ریکارڈ قائم کیا۔

    پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی اننگ میں دو بولرز نے 4 ، 4 وکٹیں لیں، اس سے قبل یہ کارنامہ کسی ٹیم نے انجام نہیں دیا، جب کہ یہ کارنامہ لاہور قلندرز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولرز وقاص مقصود اور شاداب خان نے انجام دیا۔

    لیکن اس میچ میں ان دونوں کی بہترین بولنگ کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا تھا، اور لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی، زمان خان کو آخری اوور میں شان دار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    لاہور قلندرز نے ہاری بازی جیت لی، یونائیٹڈ کو شکست

    پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ 3 میں سے 2 میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ لاہور قلندر بھی اسی صورتحال کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

  • پشاور زلمی کی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست

    پشاور زلمی کی فائنل میں رسائی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست

    کراچی: پی ایس ایل سیزن فور کے دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 48 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، فائنل میں زلمی کا مقابلہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، اتوار 17 مارچ کو کوئٹہ اور پشاور کی ٹیمیں فائنل میں ٹکرائیں گی۔

    دو سو پندرہ رنز ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے والٹن نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیلپورٹ 28 رنز بناکر پویلین روانہ ہوئے۔

    گزشتہ میچ کے ہیرو آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے انہیں پولارڈ نے آؤٹ کیا، حسین طلعت بھی 19 رنز پر ہمت ہار گئے، فہیم اشرف کو کرس جارڈن نے آؤٹ کیا۔

    پشاور زلمی کے حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں، کرس جارڈن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں،  ٹائمل ملز اور کیرون پولارڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایلیمینٹر میچ میں پشاور زلمی نے 214 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 215 رنز کا ہدف دیا، کامران اکمل نے 74 اور امام الحق نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہیں ہوا، امام الحق اور کامران اکمل شاندار 135 رنز کی شراکت قائم کی، امام الحق 58 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، کامران اکمل کو بھی 74 رنز پر ڈیلپورٹ نے پویلین روانہ کیا، کامران اکمل نے 3 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔

    کیرون پولارڈ 36 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان ڈڈیرن سیمی 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    صہیب مقصود صرف 4 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈیلپورٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان کے حصے میں ایک وکٹ آسکی۔

    قبل ازیں پی ایس ایل سیزن فور کے دوسرے ایلیمینٹر میں محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے خلاف کھلاڑیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ زلمی کے کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کریں آج کے میچ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

    دوسری جانب ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ جیت کر فائنل میں جانے کی بھرپور کوشش کریں گے، اسلام آباد یونائیٹڈ کو اچھا ہدف دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے ایلیمینٹر میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، آصف علی نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عمر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب ڈیلپورٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے، لک رونکی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسین طلعت کو ایک رن پر عمر خان نے اسٹمپڈ آؤٹ کیا۔

    حسین طلعت اور فل سلت کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی، آصف علی نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 70 رنز کی اننگز کھیلی انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا، فل سلت 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 8 رنز بنائے۔

    کراچی کنگز کے اسپنر عمر خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا، رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب کولن منرو 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیونگ اسٹون 56 رنز بنا کر شاداب خان کا نشانہ بنے، کولن انگرم 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بین ڈنک 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا، عماد وسیم 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عامر یامین 3 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں، لیگ اسپنر شاداب خان، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہمیں پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

    کراچی کنگز اسکواڈ

    عماد وسیم کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، بین ڈنک، کولن انگرم، افتخار، بابر اعظم، محمد عامر، عثمان خان شنواری، عامر یامین، لیام ڈوسن، عمر خان شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    شاداب خان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں لک رانکی، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، فل سلت، سمیٹ پٹیل، رومان رئیس، محمد موسیٰ، عماد بٹ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، اسپنر سندیپ لمی چانے کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

  • ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

    ملتان سلطانز کی دوسری کامیابی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست

    دبئی: پی ایس ایل سیزن فور کے 16 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی، ڈینئل کرسچن کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا جانے والا 122 رنز کا ہدف ملتان سلطانز کی ٹیم نے 18.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عمر صدیق نے شاندار 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز نے 54 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، جیمز ونس 28 رنز بنا کر سمیٹ پٹیل کی گیند پر پارنیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، جانسن چارلس 4 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    عمر صدیق نے 46 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، ونس ایک رن بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر بولڈ ہوئے، شعیب ملک 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ڈینئل کرسچن نے ناقابل شکست 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

    ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان شاداب خان رومان رئیس، محمد موسیٰ اور سمیٹ پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 17.4 اوورز میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا، شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 5 رنز پر گری جب کیمرون ڈیلپورٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صاحبزادہ فرحان بھی 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

    سمیٹ پٹیل 20 رنز بنا کر آفریدی کا نشانہ بنے، حسین طلعت کو 8 رنز پر شاہد آفریدی نے بولڈ کیا، وین پارنیل 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے انہیں ڈینئل کرسچن نے آؤٹ کیا۔

    کپتان شاداب خان 4 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، رومان رئیس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، فہیم اشرف 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    ملتان سلطانز کے ڈینئل کرسچن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہد خان آفریدی، محمد الیاس، نعمان علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، ملتان سلطانز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، حماد اعظم اور گرین کی جگہ نعمان اور ایونس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

    شاداب خان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں لک رانکی، صاحبزادہ فرحان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، وین پارنیل، سمیٹ پٹیل، رومان رئیس اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

    ملتان سلطانز اسکواڈ

    ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں جیمز ونس، ایونس، عمر صدیق، ڈینئل کرسچن، جانسن چارلس، نعمان علی، جنید خان، محمد الیاس، محمد عرفان اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کے دو پوائنٹس ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔

  • اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    شارجہ: پی ایس ایل سیزن فور کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی، لک رونکی کو ناقابل شکست شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 144 رنز کا ہدف دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 16.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    کیمرون ڈیلپورٹ بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے، صاحب زادہ فرحان کو 30 رنز پر عماد وسیم نے بولڈ کیا، حسین طلعت صفر پر عماد وسیم کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔

    لک رونکی نے ناقابل شکست 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سمیٹ پٹیل 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    پوائنٹس ٹیبل

    قبل ازیں شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر میں 143 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف دے دیا، بین ڈنگ نے 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    کراچی کنگز نے بیٹنگز کا آغاز کیا تو کولن منرو پہلے ہی اوور میں صفر پر پویلین لوٹ گئے، اویس ضیاء بھی صرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کولن انگرام 9 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

    لیونگ اسٹون 22 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوئے، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم صفر پر پویلین لوٹ گئے انہیں فہیم اشرف نے بولڈ کیا، عامر یامین 35 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف نے تین وکٹیں حاصل کیں، رومن رئیس اور محمد موسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں شارجہ میں‌ کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ‌ نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے.

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت شاداب خان انجام دے رہے ہیں‌، فاسٹ بولر محمد سمیع آرام کی‌ غرض‌ سے ٹیم کا حصہ نہیں‌ ہیں، کراچی کنگز کی قیادت کے فرائض‌ عماد وسیم انجام دے رہے ہیں.

    کراچی کنگز کی ٹیم میں‌ نیوزی لینڈ کے جارح‌ مزاج بلے باز کولن منرو کو شامل کرلیا گیا ہے.

    اسکواڈ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز