Tag: اسلام آباد

  • بس سروس بند ہونے پر وفاقی یونیورسٹی انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ، طلبہ کو گھروں میں بٹھا دیا

    اسلام آباد: وفاقی اردو یونیورسٹی انتظامیہ نے بس سروس بند ہونے پر انوکھا فیصلہ کرتے ہوئے طلبہ کو گھروں میں بٹھا دیا، اور آن لائن کلاسیں شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون سائنسز و ٹیکنالوجی میں نجی کمپنی نے بس سروس بند کر دی ہے، جس سے طلبہ کو یونیورسٹی جانے میں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    یونیورسٹی نے بسوں کی کمی پوری کرنے کے لیے نجی بسوں کو کرائے پر حاصل کیا ہے، تاہم ایک ہفتے سے نجی کمپنی نے اپنی سروس بند کی ہوئی ہے، اور کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

    یونیورسٹی انتظامیہ نے مسئلہ حل کرنے کی بجائے 29 جنوری تک طلبہ کو گھروں میں بٹھا دیا ہے، اور کرائے بڑھانے کا معاملہ حل نہ ہونے کی وجہ سے دفتر ایڈیشنل رجسٹرار سے کلاسیں آن لائن کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ یونیورسٹی بند ہونے کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم کا حرج ہونے لگا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد 21 جنوری تا 29 جنوری صبح و شام کی تمام کلاسیں آن لائن کی جاتی ہیں۔

    تاہم تمام انتظامی دفاتر بہ شمول کتب خانہ اور انچارج/صدور شعبہ جات کے دفاتر بدستور کھلے رہیں گے۔

  • ایک کروڑ روپے کے لیے اغوا ہونے والا 5 سالہ بچہ بازیاب

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے کو بازیاب کروا لیا گیا، اغوا کاروں نے 1 کروڑ روپے کا تاوان طلب کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 1 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیے جانے والے 5 سال کے بچے کو بازیاب کرلیا گیا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ برہان نامی بچے کو 2 موٹر سائیکل سوار افراد نے 31 دسمبر کو اغوا کیا تھا، بچے کی فیملی کو 1 کروڑ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی ہوئی تھی۔

    ترجمان پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے ایک اور کال کی اور بچے کو جان سے مار دینے کی دھمکی دی۔

    ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی اور ٹیکنیکل طریقے سے پولیس نے ملزمان کو ٹریس کیا، کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

  • پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت، اسلام آباد میں جگہ جگہ سرچ آپریشن

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے ممکنہ خطروں کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، ناکوں پر ایف سی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پورے شہر میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، پارلیمنٹ ہاؤس کے بیرونی گیٹ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) تعینات کردی گئی۔

    پارلیمنٹ ہاؤس میں ملازمین کے علاوہ ہر قسم کا داخلہ بند کردیا گیا جبکہ کمیٹیوں کے اجلاس ملتوی کردیے گئے۔

    مجموعی طور پر پورے شہر میں پولیس نے سیکیورٹی بڑھا دی ہے، مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاری اڈوں اور ہوٹلز میں بھی سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

    علاوہ ازیں دہشت گردی کے واقعات روکنے کے لیے سیاحتی مقامات پر بھی سرچنگ کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب شہر میں ناکوں پر پولیس کی معاونت کے لیے ایف سی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، کیپٹل پولیس نے ایف سی کے ایک ہزار اہلکار بلوا لیے۔

    شہر کے 25 مقامات پر ناکوں کے لیے پولیس کے ساتھ ایف سی اہلکار بھی تعینات ہوں گے، پولیس کا کہنا ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی تعیناتی سے ناکوں کی استعداد بڑھائی جا سکے گی۔

  • غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

    اسلام آباد: پاکستان میں موجود غیر ملکی سفیروں اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں کو ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں 100 سے زائد غیر ملکی سفرا اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔

    بریفنگ سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری داخلہ اور سکیورٹی حکام کی جانب سے دی گئی، انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد ناصر اکبر خان نے سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات بہت بہتر ہیں، غیر ملکی شہری آزادانہ طور پر نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔

    اجلاس میں مختلف سفیروں کی جانب سے سوالات کیے گئے جن کے حکام نے جوابات دیے، اجلاس کو سیکٹر آئی ٹین میں ہونے والے دھماکے میں تحقیقات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    سفارت کاروں کی جانب سے بریفنگ کو تسلی بخش قرار دیا گیا۔

  • اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے کے مطابق یونین کونسلزکی تعدادکا تعین وفاقی حکومت کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن یونین کونسلزکی تعداد کے مطابق حلقہ بندی کا پابند ہے۔

    فیصلے میں بتایا گیا کہ بلدیاتی قانون میں پارلیمان نے ترامیم کر کےصدر کو بھجوادی ہیں، ترامیم کے مطابق میئرکا انتخاب براہ راست اور الیکشن کے دن ہی ہوگا۔

    الیکشن کپیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات واضح ہیں اس صورتحال میں انتخابی شیڈول جاری نہیں ہوسکتا تھا، اس لیے الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کررہا ہے۔

  • لاہور ایئرپورٹ: بیرون ملک سے آنے والی 5 پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اترنے کی ہدایت

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، لاہور اترنے والی 5 اور لاہور سے روانہ ہونے والی 2 پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، دھند کے باعث 5 پروازوں کا رخ اسلام آباد کے لیے موڑ دیا گیا۔

    جن پروازوں کا رخ موڑا گیا ہے ان میں استنبول، کویت، کوالالمپور، جدہ اور شارجہ سے آنے والی پروازیں شامل ہیں۔

    لاہور سے جدہ اور مدینہ جانے والی پی آئی اے کی 2 پروازوں کو بھی اسلام آباد منتقل کر دیا گیا، پی آئی اے کی دونوں پروازیں اب لاہور کے بجائے اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔

    لاہور سے مسافروں کو براستہ سڑک اسلام آباد پہنچنے کی اطلاع دے دی گئی۔

  • اسلام آباد خودکش دھماکے کے بعد جڑواں شہروں میں سرچ آپریشن کا فیصلہ

    اسلام آباد میں گزشتہ روز خودکش دھماکےکے بعد جڑواں شہروں میں سرچ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جڑواں شہروں میں سرچ آپریشن کیلئے آر  پی او راولپنڈی ناصرمحمود ستی نے ڈی پی اوز کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ملحقہ اور دیگرعلاقوں میں سرچ  آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں ٹیکسلا، واہ ویسٹریج، نصیر آباد، پیر ودھائی صادق آباد کے علاقے شامل ہیں۔

     ذرائع نے بتایا کہ ان علاقوں سمیت تھانہ ائیرپورٹ، صدر ،بیرونی چونترہ دھمیال کینٹ، بہارہ کہو، سبزی منڈی، آئی نائن،گولڑہ کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشن ہوگا۔

    اس سرچ آپریشن کیلئے ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی پولیس کو حاصل ہوگی۔

  • اسلام آباد دھماکا: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری

    اسلام آباد دھماکا: تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مراسلہ جاری

    اسلام آباد: گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا، دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی 10 میں دھماکے کی تفتیش کے لیے 8 رکنی جے آئی ٹی بنائی جائے، مراسلے میں ڈی آئی جی نے چیف کمشنر اسلام آباد سے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کی ہے۔

    مراسلے کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی، سی ٹی ڈی کریں، 3 ڈی ایس پی ٹیم کے ارکان ہوں گے۔

    تفتیشی افسر کے علاوہ حساس اداروں کے 2 افسران بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے آئی 10 میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق سیکٹر آئی 10 میں ناکے پر چیکنگ کے لیے مشکوک گاڑی کو روکا گیا تھا، ٹیکسی کے رکتے ہی اندر موجود خاتون اور مرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

  • اسلام آباد دھماکہ: شہید کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اسلام آباد دھماکہ: شہید کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

    اسلام آباد: اسلام آباد کے علاقے آئی 10دھماکے میں شہید پولیس کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نماز جنازہ میں ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز حکام، پولیس جوانوں اور افسران کی بڑی تعداد میں شرکت کی جب کہ قائم مقام آئی جی اسلام آباد حسن رضا خان بھی نمازجنازہ میں شرکت تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود کش دھماکا، پولیس اہلکار شہید

    واضح رہے کہ آج صبح اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • ’اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا۔۔ الحمداللہ‘

    ’اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا۔۔ الحمداللہ‘

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا۔۔ الحمداللہ۔

    وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جام شہادت نوش کرنیوالے عدیل اور انکے زخمی ساتھی قوم کے ہیرو ہیں۔

    وفاقی وزیراطلاعات نے لکھا کہ دہشتگردی سے نجات میں ہی پاکستان کی نجات اور خوشحالی ہے۔

    وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے شہید کے بلند درجات اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آئی 10 میں خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔