Tag: اسلام آباد

  • پاکستان سے روایتی جنگ ہارنے والا بھارت انسانیت دشمن پر اتر آیا

    پاکستان سے روایتی جنگ ہارنے والا بھارت انسانیت دشمن پر اتر آیا

    اسلام آباد(9 اگست 2025): ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو ویکسینز سپلائی میں رکاوٹیں ڈالنے لگا۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین بھارتی کمپنی سے خریدی ہیں، یونیسیف نے پاکستان کیلئے17 ملین سے زائد ویکسین ڈوز خریدی ہیں۔

    یونیسیف کی پاکستان کیلئے خریدی ویکسین کی مالیت 27 ارب روپے سے ہے، ویکسین  کی 60 فیصد رقم یونیسیف، 40 فیصد پاکستان نے ادا کی ہے، پاکستان نے یونیسیف سے ویکسین فراہمی کی درخواست کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی درخواست پر یونیسیف نے بھارت سے ویکسین خریداری کی، بھارت نے یونیسیف کو ویکسین جولائی کے آغاز پر سپلائی کرنی تھی، بھارتی کمپنی ویکسین سپلائی کرنے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یونیسیف کی پاکستان کیلئے ویکسین خریداری بھارتی علم میں نہیں تھی، بھارتی کمپنی پاکستان کا علم ہونے پر دانستہ طور تاخیر کر رہی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ یونیسیف نے پاکستان کیلئے بی سی جی، پینٹا ویلنٹ، نمونیہ ویکسین خریدی ہے، یونیسیف نے پولیو، ٹائیفائیڈ، خسرہ و روبیلا، ہیضہ ویکیسن خریدی ہے۔

    یونیسیف نے پاکستان کیلئے ویکسین سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا سے خریدی ہیں، بھارت سے بچوں کی ٹی بی ویکسین کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز اور پینٹاویلنٹ ویکسین کی 20 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے 20 لاکھ سے زائد پولیو ویکسین انجکشن خریدے گئے ہیں، نوموکوکل ویکسین کی ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں، ٹائیفائیڈ 31، خسرہ 28 لاکھ، ہیضہ کی 30 لاکھ سے زائد ڈوز خریدی گئی ہیں۔

  • اسلام آباد میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا،اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگیاں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ ادارے میں شفافیت اور سہولت کو فروغ دینے کے لیے تمام سروسز کی ادائیگی کیو آر کوڈ کے ذریعے ممکن بنائی جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس اور دیگر سروسز کی فیسیں اب شہری آن لائن اور ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے۔

    چیئرمین نے کہا کہ اسلام آباد کو سیف سٹی سے سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے سی ڈی اے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں بینکوں کے اشتراک سے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز بھی متعارف کروائی جائیں گی، جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے سروسز حاصل کر سکیں گے۔

    چیئرمین نے سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹر کو مزید فعال بنانے اور وہاں بھی کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔

    سی ڈی اے ترجمان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف مالی شفافیت میں مدد دے گا بلکہ شہریوں کے لیے سہولت کا باعث بھی بنے گا۔

  • اسلام آباد میں موسلادھار بارش، برساتی نالے بپھر گئے ، کئی  علاقے زیرِ آب

    اسلام آباد میں موسلادھار بارش، برساتی نالے بپھر گئے ، کئی علاقے زیرِ آب

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش پھر امتحان بن گئی، نیوچٹھہ بختاور کا علاقہ زیرآب آگیا اور نالے بپھر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے ایک بار پھر شہری زندگی کو متاثر کر دیا۔

    مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے تیز ریلے کے باعث برساتی نالے بپھر گئے، جس کے نتیجے میں نیو چٹھہ بختاور سمیت کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔

    نیو چٹھہ بختاور کا علاقہ شدید موسلا دھار بارش کے بعد تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ گلی نمبر 6، 7، 8، 9، 10 اور 11 میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا، جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق، نالے کے کنارے غیرقانونی تعمیرات اور نکاسی آب کا ناقص نظام نقصان کی بڑی وجہ بنے۔

    چک شہزاد اور پارک روڈ کے اطراف میں بھی برساتی نالے اوور فلو ہو گئے، جہاں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔

    راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہو گئی، جس کے بعد اسپل وے کھول دیے گئے تاکہ اضافی پانی کا دباؤ کم کیا جا سکے۔

    سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور نکاسی آب کا کام شروع کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق، نیو چٹھہ بختاور میں پانی کی سطح اب کافی حد تک کم ہو چکی ہے، تاہم متاثرہ علاقوں میں صفائی اور بحالی کا عمل جاری ہے۔

    دوسری جانب گجرات میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں میاں بیوی زخمی ہو گئے۔

    متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر فوری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ شہریوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

  • شیعہ تنظیموں کا زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ

    شیعہ تنظیموں کا زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ

    اسلام آباد(4 اگست 2025): شیعہ تنظیموں نے زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور ملت جعفریہ میں زائرین کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد شیعہ تنظیموں نے زائرین کے زمینی راستے کے حصول کیلئے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک گیر احتجاج سمیت دیگر فیصلوں کا اعلان پریس کانفرنس میں آج شام تک کیا جائے گا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما آج شام پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

    عراق جانے والے زائرین (اربعین) کیلیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان

    دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین نے پہلے ہی احتجاجی مارچ کا اعلان کردیا ہے، وہ 6 اگست سے اپنے احتجاج کا آغاز کرے گی۔

    واضح رہے کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کا دو روزہ طویل مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ختم ہوگیا، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما آج شام پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

    یاد رہے کہ 27 جولائی 2025 کو پاکستانی حکومت کی جانب سے اربعین کے لیے زمینی راستے سے زیارات پر ایران اور عراق جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر وفاقی وزیر داخلہ نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ زائرین صرف ہوائی جہاز کے ذریعے زیارات پر ایران اور عراق جا سکیں گے، زائرین کو روڈ کے ذریعے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    وزیر داخلہ نے بتایا تھا کہ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے پیش نظر کیا گیا اور پابندی کا فیصلہ وزارت خارجہ، حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/iran-iraq-pakistani-zaireen-mohsin-naqvi-27-july-2025/

  • اسلام آباد سے مزید 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

    اسلام آباد سے مزید 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

    اسلام آباد(3 اگست 2025): جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مضر صحت گوشت برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 160 کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا، مضر صحت گوشت لے جانے والی گاڑی کی گولڑہ روڑ پر انسپکشن کیا گیا۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ میٹ سیفٹی ٹیم نے مضر صحت گوشت موقع پر تلف کر دیا، گوشت پر زبح خانے کی اسٹیمپ بھی نہیں تھی۔

    دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر ڈی جی خان نے شہر کے مختلف علاقوں میں مردہ جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مضر صحت گوشت برآمد کرلیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ مردہ جانوروں کا گوشت ہوٹلوں میں سپلائی کیا جارہا تھا، شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران مردہ جانوروں کا 30 من گوشت برآمد کر کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے

    کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے

    اسلام آباد (02 اگست 2025): وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پمز اسپتال سے متعلق سانپ کے کاٹے کی زیر گردش ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اور اسپتال انتظامیہ سے واقعے پر رپورٹ طلب کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری رپورٹ تیار کر لی جو وزیر اعظم آفس کو جمع کرائی جائے گی۔

    دوسری طرف سوشل میڈیا پر پمز اسپتال کی زیر گردش ویڈیو کے حقائق بھی سامنے آ گئے ہیں، سانپ کے کاٹے کے کیس سے متعلق اسپتال کا الیکٹرانک ریکارڈ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سانپ کے کاٹے سے متاثرہ بچہ شاہ اللہ دتہ کے علاقے سے 31 جولائی صبح 8:35 پر پمز لایا گیا تھا، شعبہ ایمرجنسی میں ڈاکٹرز نے بچے کا معائنہ کیا، اور 17 منٹ کے اندر بچے کا معائنہ اور ٹیسٹ کے لیے سیمپلز بھجوائے جا چکے تھے۔

    متاثرہ بچے کو اینٹی وینم ویکسین کے 10 انجکشن لگائے گئے، بچے کو دیگر ادویات بھی شروع کرائی گئی تھیں، اور بچے کی حالت بگڑنے پر مزید 10 اینٹی وینم ویکسین انجکشن لگائے گئے، جب کہ اس ویکسینیشن کے دوران سینئر فزیشن اور آئی سی یو ٹیم نے بچے کا معائنہ کیا۔

    ڈاکٹرز نے حالت بگڑنے پر بچے کو وینٹی لیٹر پر ڈالنے کا فیصلہ کیا، بچے کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا تھا، لیکن پمز اسپتال میں وینٹی لیٹر خالی نہ ہونے پر بچے کو ریفر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور پھر ریفرنگ سے قبل نجی اسپتال سے وینٹی لیٹر دستیابی کی تصدیق لی گئی۔

    ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے وینٹی لیٹر کی عدم دستیابی پر بچے کو ریفرل لیٹر جاری کیا تھا، جب کہ پمز کے اسٹاک میں اینٹی وینم ویکسین کے 680 سے زائد وائلز موجود ہیں۔

  • وزیر اعظم نے سرکاری حج کوٹہ کم رکھنے کی تجویز مسترد کر دی تھی

    وزیر اعظم نے سرکاری حج کوٹہ کم رکھنے کی تجویز مسترد کر دی تھی

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے سرکاری حج کوٹہ کم رکھنے کی تجویز مسترد کر دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں حج پالیسی منظور کر لی گئی ہے، تاہم اجلاس میں تجویز آئی تھی کہ سرکاری کوٹہ 40 فی صد رکھا جائے، لیکن وزیر اعظم نے اسے مسترد کر کے 70 فی صد کیا۔

    کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ آئندہ سال پرائیویٹ حج کوٹہ صرف 30 فی صد ہوگا، وزیر اعظم نے کہا کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ تخمینہ ساڑھے 11 سے ساڑھے 12 لاکھ روپے ہوگا، 2026 میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی فریضہ حج پر جا سکیں گے۔


    حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ


    دوسری طرف وزیر اعظم کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ مہنگی چینی بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، وزیر اعظم نے چینی کے سرکاری نرخ پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دیا، شہباز شریف نے کہا چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے اور ریٹیل قیمت 173 روپے پر عمل درآمد کرایا جائے۔

    انھوں نے کہا کسی کو بھی عوام کے معاشی استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

  • پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    اسلام آباد (31 جولائی 2025): پاکستان کو تجارتی میدان میں بڑی کامیابی ملی ہے، پاک امریکا ٹریڈ ڈیل مکمل ہو گئی، وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ اور منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہے، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے شعبوں میں تعاون بھی معاہدے کا حصہ ہے۔

    معاہدے میں پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، امریکی سیکریٹری کامرس اور یو ایس ٹی آر کی ملاقات میں ہوئی، جس میں سیکریٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ بھی شریک تھے۔

    اعلامیے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاہدے کا اعلان ٹرتھ سوشل پر پوسٹ کے ذریعے کیا، پاک امریکا معاہدہ سے امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی متوقع ہے، اس سے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت اہم شعبوں میں باہمی اقتصادی تعاون بڑھے گا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ پاک امریکا تجارتی تعلقات کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے میں مدد دے گا، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہوگی، اس سے پاکستان کے بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا بھی امکان ہے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کے دو طرفہ تعلقات گہرے کرنے کے عزم کا اظہار ہے، اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کی کوششوں کی نشان دہی کرتا ہے۔


    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان


    ادھر تجزیہ کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے، تجزیہ کار ڈاکٹر قمر چیمہ کہتے ہیں اس اعلان سے ظاہر ہوتا ہے اب پاکستان سینٹر آف گریویٹی ہے، جو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔ امریکن بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں، جس کے بعد یورپین اور دیگر ممالک بھی سرمایہ کریں گے۔

    تجزیہ کار ڈاکٹر نسیم اشرف نے کہا یہ صرف تجارت کی بات نہیں بلکہ یہ پاکستان اور امریکا کا ایک نیا تعلق قائم ہوا ہے، ماہر معیشت عابد سلہری نے پاک امریکا ٹریڈ ڈیل کو سفارتی میدان میں پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور یہ حقیقی معنوں میں گیم چینجر بن سکتا ہے، جس سے پاکستان توانائی کے میدان میں خود کفیل ہو سکتا ہے اور اپنے معدنی ذخائر کو دریافت کر سکتا ہے۔

  • بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے  سسر کی درخواست ضمانت مسترد

    بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے والے سسر کی درخواست ضمانت مسترد

    اسلام آباد : بہو پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے مقدمے میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سسر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ آصف محمود نے بہو کو جلا کر جان سے مارنے کے مقدمے میں سسر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

    دوران سماعت وکیل نے مقتولہ کا واقعہ کے بعد کا ویڈیو بیان پیش کیا، ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ خاوند اور سسر نے مل کر خاتون پر پیٹرول پھینک کر آگ لگائی، واقعہ گھریلو رنجش کا نتیجہ تھا۔

    خاتون جان بچا کر بھاگنے لگی تو گلی سے گھسیٹ پر دوبارہ تشدد کیا گیا اور کئی گھنٹے بعد اسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک ماہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مقتولہ پمز اسپتال میں دم توڑ گئی۔

    وکیل نے ویڈیو بیان کی روشنی میں ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی اور دلائل دیے کہ مقتولہ کا گیارہ سالہ بیٹا ہے، اگر ملزم کو ضمانت دی گئی تو ماں کے بعد بچے کی زندگی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد سسر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ہے، مقدمے میں مقتولہ کا شوہر اور سسر اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور خاتون کو جلانے کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ کرپا میں درج ہے۔

  • سال 2022 سے پہلے ماڈلز کی گاڑیاں رکھنے والوں کے لئے بڑی خبر

    سال 2022 سے پہلے ماڈلز کی گاڑیاں رکھنے والوں کے لئے بڑی خبر

    اسلام آباد : سال 2022 سے پہلے ماڈلز کی گاڑیوں رکھنے والے مالکان کے لئے بڑی خبر آگئی ، نئے ایس او پیز کا اطلاق آج سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں کے دھویں کی انسپیکشن کے لئے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ایس اوپیز جاری کر دیے ہیں۔

    نئے ایس او پیز کے تحت ابتدائی طور پر سال 2022 یا اس کے بعد کے ماڈلز کی گاڑیوں کی ابتدائی طور پر انسپکشن نہیں کی جائے گی۔

    سال 2022 سے پہلے تمام ماڈلز کی گاڑیوں کی انسپکشن کو پہلے مرحلے میں لازمی قرار دیا گیا ہے، گاڑیوں کے دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ 6 فیصد سے کم ہونے پر اسٹیکر جاری ہوگا۔

    مزید پڑھیں : استعمال شدہ گاڑی بیچنے اور خریدنے والے ہوشیار ہوجائیں! نیا ہدایت نامہ آگیا

    اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کاربن مونو آکسائیڈ6 فیصد سے زائدہونےپروارننگ دی جائے گی اور اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کااسٹیکر نہ ہونے پر گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں ہوں گی۔

    یہ ایس او پیز اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین عرفان میمن کی منظوری کے بعد جاری کی گئی ہیں اور ان کا اطلاق آج سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔