Tag: اسلام آباد

  • الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

    الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    خیبر پختونخواہ اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے وکلا پیش ہوئے اور دلائل دیے۔

    ن لیگ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جب جے یو آئی اور ہماری سیٹیں برابر ہیں، تو مخصوص نشستیں کیسے برابر نہیں ہو سکتیں؟ ہماری 8 اور جے یو آئی کی 10 سیٹیں کیسے ہو سکتی ہیں، نو، نو سیٹیں دونوں جماعتوں کو ملنی چاہیے تھیں، قانون کے مطابق برابر ہونے پر ٹاس ہو سکتا ہے۔ لیگی وکیل کا کہنا تھا کہ سیٹیں برابر ہونے پر ٹاس کیا جائے۔


    خیبر پختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت


    جے یو آئی کے کامران مرتضیٰ نے دلائل میں کہا کہ ہمارے ساتھ جو ن لیگ نے طے کیا آج اس کے برعکس کیا جا رہا ہے، یہ رولز کی خلاف ورزی ہوگی اگر طارق اعوان کو 9 روز کے بعد بھی شامل کیا جائے۔

    پیپلز پارٹی کے وکیل نئیر بخاری نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ جے یو آئی اور ن لیگ کے درمیان ہے، ن لیگ کا دعویٰ ہمارے خلاف نہیں ہے، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہے، ہمارا اس پر کوئی تنازع یا معاملہ نہیں ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں، ہمارا یہ مؤقف ہے کہ جب انتخابات ہوئے اس کے بعد کی صورت حال کے مطابق سیٹیں دی جانی چاہیے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق 2 فیز میں نوٹیفکیشن ہوئے، پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے وکیل نے دلائل میں مؤقف اپنایا کہ جنرل نشستوں کے بعد ہی مخصوص نشستیں ملنی ہیں، جتنی جنرل نشستیں ہوں گی اتنی ہی مخصوص نشستیں ملنی چاہیے، سب سے اہم مسئلہ کٹ آف تاریخ کا ہے۔

    وکیل پی ٹی آئی پی نے کہا کہ مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جا سکتیں، ہمارے تحفظات ہیں کہ ہمارے 2 نمائندوں کو ایک شمار کیا گیا ہے، نوٹیفکیشنز کے ساتھ اگر دیکھا جائے تو ہماری 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

    فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

  • اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلیں

    اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلیں

    اسلام آباد (13 جولائی 2025): ملک کے 20 اضلاع سے لئے گئے سیوریج سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوگئی، جس کے 28 سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بے لگام پولیو وائرس نے ملکی نظام صحت کو پھر سے جکڑ لیا ، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج پھر پولیو زدہ نکل آئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت 20 اضلاع کے 28 سیمپلز میں وائرس پایا گیا ہے، سیوریج لائنوں کے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ون پایا گیا ہے، پولیو ٹیسٹ کیلئے ماحولیاتی نمونے 8 مئی تا 17 جون کو لئے گئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ کے 10 اضلاع کے 14 سیوریج سیمپلز پازیٹو نکلے ہیں، پنجاب کے ایک ضلع لاہور کے 3 سیوریج میں وائرس پایا گیا جبکہ  بلوچستان کے تین اضلاع کے 3 سیوریج سیمپلز میں پولیو پایا گیا ہے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے  چار اضلاع کے 5 سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، اسلام آباد کے دو مقامات کے 2 سیوریج سیمپلز میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ آزاد کشمیر کے ایک ضلع میرپور کے ایک سیمپل میں وائرس پایا گیا ہے۔

  • ترک وزیر خارجہ حکان فدان اسلام آباد پہنچ گئے

    ترک وزیر خارجہ حکان فدان اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: ترک وزیر خارجہ حکان فدان دورہ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ایڈیشنل سیکریٹری ویسٹ ایشیا سید علی اسد گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکان فدان دو طرفہ امور پر اہم ملاقاتیں کریں گے، ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، پاکستان ترکیہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اعتماد پر مبنی ہیں

    دوسری طرف ترک وزیر خارجہ حکان فدان نے غزہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کی حمایت اب کسی کے لیے باعث فخر نہیں رہی، اسرائیل کے روایتی حامی بھی اب اس سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔


    چینی فضائیہ کے سربراہ کی پاکستانی ایئرچیف سے ملاقات


    انھوں نے کہا اسرائیل کی حمایت کرنے والے ممالک گنے چنے رہ گئے ہیں، امریکا اسرائیل کی نسل کشی پر خاموش رہنے والوں میں سب سے آگے ہے، ان کا کہنا تھا کہ 2 ریاستی حل کی عالمی حمایت کے باوجود کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو رہی، عالمی نظام کی ناکامی کو تسلیم کر کے اس کی اصلاح ضروری ہے۔

  • محرم پر رین ایمرجنسی، راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    محرم پر رین ایمرجنسی، راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

    ترجمان واسا نے کہا ہے کہ تمام عملہ اور مشینری ہائی الرٹ ہے، اور انھیں نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے، بارش شروع ہوتے ہی کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ پر مشینری پہنچا دی گئی ہے۔

    ترجمان کے مطابق سید پور کے مقام پر ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی ایم ڈی میں 40، شمس آباد میں 20، پیر ودھائی میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی کے کیچمنٹ ایریا سید پور میں شدید بارش کے بعد صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


    15 جولائی کے بعد …….. محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کردیا


    واسا ترجمان نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ تک پہنچ چکی ہے، گوالمنڈی پل پر نالہ لئی کی سطح 4 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے عاشورہ پر بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ 10 محرم کے دن پنجاب کے بیش تر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جن میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام اضلاع کو مؤثر اور بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کی ہے، اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، موسمی صورت حال کے پیش نظر جلوسوں کے لیے خصوصی انتظامات اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز میں 24 گھنٹے عملے کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

  • اسلام آباد کی مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، سی ٹی او

    اسلام آباد کی مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، سی ٹی او

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی مصروف شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اب ناممکن ہو جائے گی، وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اسلام آباد ٹریفک پولیس ڈرون کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائے گی، سی ٹی او کیپٹن (ر) ذیشان حیدر کا کہنا ہے کہ مصروف شاہراہوں پر ڈرون کیمرے اڑائے جائیں گے، جن کی مدد سے خلاف ورزی کی نشان دہی اور فی الفور چالان ہوگا۔

    چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہوگا، اگلے مرحلے میں تمام سیکٹرز اور دیگر شاہراہوں پر بھی یہ ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔


    اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو قتل کر دیا


    انھوں نے کہا ڈرون کی مدد سے رش والے مقامات کی بھی نشان دہی کی جا سکے گی، جس کے بعد خصوصی ٹیم فوری طور پر ریسپانس یقینی بنائے گی، ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے گی۔

  • ایران میں پھنسے پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے

    ایران میں پھنسے پاکستانی اسلام آباد پہنچ گئے

    کراچی: ایران میں پھنسے پاکستانی اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانیوں کو لے کر قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز ترکمان کے شہر اشک آباد سے اسلام آباد پہنچ گئی، پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے 107 پاکستانی وطن پہنچے ہیں۔

    ایرانی فضائی حدود کی بندش پر پاکستانی شہری زمینی راستے سے اشک آباد منتقل کیے گئے تھے، اس سلسلے میں ایرانی و ترکمان حکام سے رابطے میں رہ کر پاکستانی سفارتخانوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔

    پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پرواز حکومت پاکستان کی ہدایت پر بھیجی گئی تھی، مسافروں نے بر وقت اقدام پر حکومت اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔


    امریکا نے اپنے شہریوں کو ایران جانے سے روک دیا


    واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ نے خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہم منصب سے رابطہ کر کے خطے کی بگڑتی سیکیورٹی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، اسحاق ڈار نے کہا اسرائیل کے ایران پر بلاجواز حملوں سے علاقائی و عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب کو ٹیلی فون کر کے اس مسئلے پر بات چیت کی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے قیام امن کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت پر اتفاق کیا۔

    خیال رہے کہ ایران اسرائیل جنگ آج چھٹے روز میں داخل ہو گئی ہے، ایران نے رات گئے تل ابیب پر میزائلوں سے بڑا حملہ کیا، اسرائیل کا آئرن ڈوم ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہو گیا، تل ابیب میں مسلسل سائرن بجنے لگے، اسرائیلی حکام نے شہریوں کو بنکر میں جانے کی ہدایت جاری کی، ایرانی میڈیا کے مطابق میزائلوں نے اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔

  • محکمہ موسمیات کی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ

    محکمہ موسمیات کی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا انتباہ جاری کردیا اور شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں چند گھنٹے میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ دے دی۔

    محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    دوسری جانب ملک کے میدانی علاقوں میں آ ج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب کے چند علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

    موسم کی خبریں

    گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی چند مقامات پر بارش کاامکان ہے جبکہ ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور بہاولنگر میں آندھی اور جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔

    سندھ اور بلوچستان کے بیشترمیدانی علاقوں میں گردآلود ہواؤں کا امکان ہے۔

  • اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد میں کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کنویں کی صفائی کے دوران ایک مزدور کی جان چلی گئی، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مزدور کنویں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کا شکار ہوا۔

    نور زاد گل کی لاش کنویں سے نکال کر پمز اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، مزدور کے لواحقین نے کنویں کے مالک کے خلاف قتل کے مقدمے کی درخواست دے دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ کنویں کے مالک کو علم تھا کہ کنویں میں گیس ہے، مگر اس نے یہ بات چھپائی، واضح رہے کہ پچھلے سال بھی کنوئیں کی صفائی کے وقت گیس سے ایک مزدور انتقال کر گیا تھا۔


    اسلام آباد ائیرپورٹ کو شہید بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور


    ادھر شیخوپورہ میں ایک نجی پیپر فیکٹری میں زہریلی گیس پھیلنے سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیوحکام کے مطابق زہریلی گیس کے باعث 5 مزدوروں کی حالت غیر ہے جنھیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال، 30 سالہ علی حیدر، اور 20 سالہ شعیب شامل ہیں۔

    ایک اور افسوس ناک حادثے میں قصور کے علاقے الہ آباد میں ایک بچہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، مقامی افراد نے طلحہ کی لاش کو نہر سے تلاش کر کے نکالا، محنت کش عبدالجبار کا بیٹا طلحہ تیسری کلاس کا طالب علم تھا، واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ضلع قصور میں نہر میں نہانے پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے لیکن اس پرعمل درآمد نہیں کرایا جاتا۔

  • اسلام آباد : لینڈ کروزر نے  2 موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    اسلام آباد : لینڈ کروزر نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا

    اسلام آباد : لینڈ کروزر نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، موٹر سائیکل پر سوار شخص کے ساتھ ایک طالبہ بھی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جی سیون مرکز پروین شاکر روڈ پر لینڈ کروزر  نے دو موٹرسائیکل سواروں کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 افراد زخمی ہوگئے۔

    ایف سیون ٹو کالج چوک میں یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، عینی شاہد نے بتایا کہ یہ تین چار ڈالے اور لینڈ کروزر روز صبح تیز رفتاری سے گزرتے ہیں ، کالے شیشوں والی یہ گاڑیاں پروین شاکر روڈ پر جناح ایونیو کی سمت آ رہی تھیں۔

    عینی شاہد کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار شخص کے ساتھ ایک طالبہ بھی تھیں، خالف سمت سے آنے والے موٹر سائکل سوار چوک کراس کر رہے تھے کہ طالبہ کے ہاتھ سے ایک پیپر گرا، جس پر صائمہ بھی کا نام لکھا تھا۔

    حادثے کے شکار دونوں افراد کو ان کالے شیشوں والی گاڑی میں اسپتال لے جایا گیا، ٹکر مارنے کے بعد پورا سکواڈ اور کالے کپڑوں ملبوس تمام افراد موقع سے نکل گئے۔

    ٹکر مارنے والی لینڈ کروزر کی نمبر پلیٹ بھی فوری اتار دی گئی، کالے شیشوں والی یہ گاڑیاں کسی کاروباری سیاستدان کی بتائی جاتی ہیں۔

  • تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے ، محکمہ موسمیات کی جناب سے کہا گیا کہ دن میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہےگا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ نمی کےباعث گرمی کا احساس 40 ڈگری تک ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زائد رہنے کی امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری دیگر علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، بعداز دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنےاور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی، تیز ہواؤں متوقع ہے۔

    کشمیر و گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباداورراولپنڈی میں تیزہواؤں کےساتھ موسلادھاربارش ہوئی تھی ، جس سے موسم خوشگوارہوگیا تھا۔

    پشاورمیں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، ہلکی بارش ہوئی تاہم آندھی کےدوران مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرگئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا ایک بچہ جاں بحق پانچ افراد زخمی ہوئے۔