Tag: اسلام آباد

  • عوامی تحریک کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤکرلیا

    عوامی تحریک کے کارکنان نے پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤکرلیا

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کےسربراہ طاہرالقادری نےکہاہے کہ کارکنان پارلیمنٹ ہاؤس کا گھیراؤ کرلیں اور کہیں سےکوئی رکن قومی اسمبلی ،پارلیمنٹ سے باہر نہ نکلنے پائے،اراکین اسمبلی کو اس لئے اندر جانے دیا کہ شکار ایک جگہ جمع ہوجائے ،ان خیالات کا اظہار پی اے ٹی کے سربراہ نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

    انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے،کوئی بھی کارکن پاک فوج پر ہاتھ نہ اٹھائے ، اگر کسی کارکن نے کوئی ایسی حرکت کی تو اس کا پاکستان عوامی تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہوگا،ڈاکٹر طاہرالقادری نےکہا کہ زیادہ دیر کارکنان کو نہیں روک سکتا،اور دھرنے کے شرکاءکو زیادہ دیر تکلیف میں نہیں رکھ سکتا،اس لئے عوام کے باغی ہونے سے پہلے نواز شریف اور شہباز شریف مستعفی ہوکر گرفتاری پیش کریں۔

    ہمارا کسی عمارت پر قبضےکا ارادہ نہیں طاہرالقادری کاکہناہے کہ اب کرپشن کی سیاست برداشت نہیں کی جائےگی  پی اےٹی کےرہنما نےکہاسانحہ ماڈل ٹاؤن کےذمہ دار وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، شہبازشریف بڑے بھائی کی رضامندی کے بغیرکچھ نہیں کرتے، طاہرالقادری نے کہا کہ پیمراپاک فوج کےخلاف زہراگلنےوالوں کاتحفظ کرتاہے طاہرالقادری نےکہاانقلاب کا سورج طلوع ہوچکاہے۔

  • پی ٹی آئی دھرنا:چاچا کرکٹ اورکارکنان  کا جوش و جذبہ قابل دید

    پی ٹی آئی دھرنا:چاچا کرکٹ اورکارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید

    اسلام آباد:  پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سجے پاکستان تحریکِ انصاف کے پنڈال میں کارکنان اور چاچا کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی ہے,نعرے لگاتے رقص کرتے،جشن مناتےتحریکِ انصاف کے کارکنان رات گئے سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے تحریکِ انصاف کا دھرنا جاری ہے۔ کارکنان کا جوش وخروش بھی دیدنی ہے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جشن کا سا سماں نظرآتا ہے۔ کیا مرد کیا خواتین سب کے حوصلے تازہ دم ہیں۔ چہروں پرکئی روز بعد بھی تھکن کے آثارنظرنہیں آتے۔ کوئی پارلیمنٹ کے سامنے پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرارہا ہے۔ تو کسی نے سرپرپارٹی کا پرچم باندھ رکھا ہے۔ تبدیلی کا عزم لئے ان کارکنان کا کہنا ہے کہ تبدیلی آکر رہے گی۔

    کرکٹ کے میدانوں کی رونق چاچا کرکٹ نئے پاکستان کا عزم لئے پی ٹی آئی کے دھرنے میں شامل ہیں۔ کرکٹ کے میدانوں میں تو چاچا کرکٹ ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہی ہیں لیکن پی ٹی آئی کے کپتان کے دھرنے میں بھی چاچا جی کارکنان کے ساتھ خُوب جوش وخروش کا مظاہرہ کررہے ہیں۔۔

  • ریڈزون میں عمارتیں ریاست کی علامت ہیں،آئی ایس پی آر

    ریڈزون میں عمارتیں ریاست کی علامت ہیں،آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ریڈزون میں عمارتیں ریاست کی علامت ہیں۔ تقدس کا خیال رکھا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ ریاست کی علامت قومی ورثوں کے تقدس کا خیال رکھا جائے۔ پاک فوج ان عمارات کی حفاظت کررہی ہے ۔

    ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے وقت کا تقاضہ ہے کہ فریقین صبر اور دانش مندی کا مظاہریں کریں اور ملک وقوم کے مفاد میں تمام معاملات مذاکرات کے ذریعے سے حل کیے جائیں۔ دوسری طرف اسلام آباد میں سیکیورٹی کے حوالے سے بنائے گئے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم کا چارج بھی پاک فوج نے سنبھال لیا ہے۔

  • کارکنان حکومت کی حمایت کیلئےمظاہروں کی اجازت مانگ رہے ہیں،خواجہ سعدرفیق

    کارکنان حکومت کی حمایت کیلئےمظاہروں کی اجازت مانگ رہے ہیں،خواجہ سعدرفیق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی آئینی اور قانونی حکومت کی حمایت کےلئےمظاہروں کی اجازت مانگ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اوروفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی آئینی اور قانونی حکومت کی حمایت کےلئےمظاہروں کی اجازت مانگ رہے ہیں۔

    سعد رفیق نے کہا کہ ریڈ زون میں موجود حساس عمارتوں کی حفاظت کی ذمہ داری اب انہی پر عائد ہےجو اتنے بڑے ہجوم کو ریڈ زون میں لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ہزار ڈنڈا برداروں سے خوفزدہ نہیں ہوں گےتاہم جائز مطالبات ماننےکےلئے تیارہیں۔

  • فوج کوثالثی کیلئےنہیں کہیں گے، ڈاکٹرطاہرالقادری

    فوج کوثالثی کیلئےنہیں کہیں گے، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد: ڈاکٹرطاہرالقادری کہتے ہیں آئی ایس پی آر کا بیان قابل تحسین ہےتاہم فوج کو ثالثی کیلئےنہیں کہیں گے،عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پہنچنے کے بعد اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہنا تھا انکا کسی عمارت پر قبضے کا ارادہ نہیں, طاہرالقادری نے کہانوازشریف مستعفی ہوں اور گرفتاری دیں اور قومی حکومت قائم کی جائے ۔

    اسلام آباد ڈی چوک پر انقلاب مارچ سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا اب اس ملک میں کرپشن نہیں چلنےدی جائےگی طاہر القادری نے کہا کہ پیمراپاک فوج کےخلاف زہراگلنےوالوں کاتحفظ کرتاہے ,شہبازشریف بڑےبھائی کی رضامندی کےبغیرکوئی کام نہیں کرتے

  • آزادی مارچ : شرکاءعمران خان کی قیادت میں ریڈ زون میں داخل ہونے کو تیار

    آزادی مارچ : شرکاءعمران خان کی قیادت میں ریڈ زون میں داخل ہونے کو تیار

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے استعفیٰ دینےتک پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بیٹھارہوں گا، انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ ہم دس منٹ میں پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک لٹیرا جاتا ہے تو دوسرا آجاتا ہے لیکن آج تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایک نئی تاریخ رقم کرنی ہے۔

    انہوں کارکنوں کو مخاطب کر کے کہا کہ آُپ مجھ سے تین وعدے کریں ، میں انتشار نہیں چاہتا ہے ہم یہ ثابت کریں گے کہ ہم پر امن لوگ ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے گلو بٹ پہلے سے تعینات کردئیے ہیں انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر  یہاں خون بہا تو وہ پوری دنیا میں ان کا پیچھا کریں گے ، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے کارکنوں سے کسی بھی قسم کے تشدد کی صورت میں پر امن رہنے کی ہدایت کی۔

    انہوں نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کر کے کہا کہ پہلی بار اپنے ضمیر کی آواز سننا اور کرپٹ وزیر اعظم کے احکامات کو رد کردینا۔ سب سے آگے میں خود ہوں گا اور میرے ساتھ خواتین ہوں گی لہذا ہم پر کسی قسم کا تشدد نہیں کرنا تم پہلے ہی پچاسی افراد کو زخمی کرچکے ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون پاکستان کا حصہ ہے ہندوستان کی زمین نہیں اس لئے وہاں احتجاج ہمار آئینی حق ہے۔

    انہوں نے کہا میں جانتا ہوں کہ پولیس پاکستان کی پولیس ہے نواز شریف کی ملازم نہیں ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی گلو بٹ ہمیں مل گیاتو مجھے ابھی سے اس پر ترس آرہا ہے۔

    انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی ہم پارلیمنٹ کے اندر نہیں جائیں گے ساتھ ہی ساتھ انہوں نے حکومتی ارکان کو مخاطب کر کے کہا کہ اگر وہ واقعی عوامی نمائندے ہیں تو عوام سے خوفزدہ کیوں ہیں۔

    عمران خان نے کارکنوں سے دوسرا وعدہ لیا کہ اگر اس جدود جہد میں ان کو کچھ ہوگیا تو نواز شریف سے اس کا بدلہ لیا جائے گاان کا کہنا تھا کہ میرے لئے یہی خوشی کا مقام ہو گا کہ میری قوم جاگ گئی ہے۔

    انہوں ںے تیسرا وعدہ لیا کہ عوام ریڈ زون میں پارلیمنٹ کے سامنے رہیں گے اور کسی بھی سرکاری عمارت پر قبضہ نہیں کیا جائے گا ، اس وعدے کے ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کیا کہ ہم آپ کی طرح سپریم کورٹ پر حملہ نہیں کریں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ آج تحریک انصاف کا مجمع دیکھ  کر لوگ تحریر اسکوائر بھول جائیں گے۔

    انہوں نے ایک بار پھر سول نافرمانی کی تحریک کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نا یوٹیلیٹی بل بھرے جائیں گے اور نہ ہی کسی قسم کا ٹیکس بھرا جائے گا ساتھ ہی انہوں نے سرکاری ملازموں سے اپیل کی وہ کام چھوڑدیں کسی قسم کے دستخط نہ کریں۔

    انہوں نے حکومتی وزراءکو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کےدرباری ٹی وی پر جاکر  کہتے ہیں کہ ہم غیر آئینی طریقہ استعمال کر رہیں ہیں ۔ میں ان سے سوال پوچھتا ہوں کہ نواز شریف میں اور حسنی مبارک میں کیا فرق ہے دونوں ناجائز طریقے سے اقتدار پرقابض تھے دونوں ریاستی طاقت کو اپنے مفاد میں استعمال کر تے ہیں تو کیا حسنی مبارک کسی عدالتی فیصلے یا آٗینی طریقے سے گیا تھا یا عوام کے احتجاج نے اسے جانے پر مجبور کیا تھا؟۔

    انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے کسی قسم کا تشدد ہوا تو وہ نوا زشریف کو نہیں چھوڑیں گے اور اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام وزیر اعظم نواز شریف کو نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو کھلا چیلینج دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ طاقت کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو پولیس کے ذریعے تشدد کا مظاہرہ کرنے کے بجائے عمران خان سے براہ راست مقابلہ کرلیں، تقریر کے آخر میں انہوں نے دھرنے کے شرکاء کو نوید دی کہ وہ جلد ہی آزادی جشن منائیں گے۔

  • طاہرالقادری ، عمران خان حکومت کو ایک موقع اور دیں ، الطاف حسین

    طاہرالقادری ، عمران خان حکومت کو ایک موقع اور دیں ، الطاف حسین

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری اور پاکستان تحریکِ انصاف کےسربراہ عمران خان سے شاہراہ دستور پر دھرنا دینے کے اعلان پر ان سے اپیل کی ہے کہ حکومت کوایک آخری موقع دینے کے لئے یہ اپیل واپس لی جائے ۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ معاملے کا حل تلاش کرنے کی آخری کوشش کرلی جائے اورحکومت سے کسی بھی قسم کے ٹکراؤ کی صورتحال سے گریز کیا جائے اور پر امن رہتے ہوئے اپنے مطالبات منوائے جائیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان سے اپیل کی کہ جمہوریت کا غلط استعمال کرنے والوں کو مذاکرات سے راہ راست پر لائیں کیونکہ مذاکرات ہی آخری راستہ ہے۔

    الطاف حسین شروع دن سے ہے دونوں فریقوں سے اپیل کر رہے ہیں  کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا  ہے لہذا سیاسی دانشوری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس صورتحال کا پر بصیرت حل نکالنا چاہئے۔

    ایم کیو ایم کے رہنماء اور قومی اسمبلی کے ممبر حیدر عباس رضوی بھی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں جو کہ دونوں جماعتوں سے مسلسل مذاکرات کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

  • انقلاب مارچ: عوامی پارلیمنٹ نے شاہراہ دستور پر دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا

    انقلاب مارچ: عوامی پارلیمنٹ نے شاہراہ دستور پر دھرنا دینے کا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری  انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں انہوں نے آج عوامی پارلیمنٹ کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ آج سے فیصلے عوامی پارلیمنٹ کرے گی۔

    انہوں نے عوامی پارلیمنٹ سے سوال کیا کہ آیا یہاں دھرنا جاری رکھا جائے یا اسے پر امن طریقے سے پاکستان کے پارلیمنٹ کے سامنے منتقل کیا جائے جس پر عوام نے انتہائی پر جوش انداز میں دھرنا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کیا۔

    انہوں نےدوسرا سوال عوامی پارلیمنٹ سے کیا کہ اگر شہدائے انقلاب کا بدلہ قانونی طریقے سے نا ملے تو کیا آپ بغیر انصاف لئے واپس جانے کے لئے تیار ہیں؟ جس پر عوام کا جواب انتہائی جوش و خروش کےساتھ نفی میں آیا۔

    تیسرا سوال انہوں نے کیا کہ نواز شریف اور شہباز شریف دونوں ہی انقلابیوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں لیکن نہ تو وہ مستعفی ہوئے اور نہ ہی ان  کو گرفتار کیا گیا تو کیا  آپ انہیں سزا دلائے بغیر واپس جانے کے لئے تیار ہیں۔ اس سوال کا جواب بھی عوام نے نفی میں دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ حکومت کو ختم کئے بغیر نہیں جائیں گے۔

    انہوں نے جسلے کے شرکاء سے چوتھا سوال کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں جو آئین کے آرٹیکل 213 اور 218 کی خلاف ورزی کرتے ہوئ قائم کی گئی ہیں یہ رہیں یا ان کو تحلیل کردیا جائے جس پر عوام نے اسمبلیاں تحلیل کرنے پر زور دیا۔

    پانچواں سوال انہوں نے کیا کہ آیا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی درج ہونی چاہئے یا نہیں جس کا جواب عوام کیجانب سے اثبات میں آیا۔

    انہوں نے چھٹا سوال کیا کہ آیا ملک میں قومی حکومت قائم کرکے سبز انقلاب لانا چاہتے ہیں یا نہیں جس کے جواب میں عوام نے قومی حکو مت کے قیام پر زور دیا۔

    کیا آپ عوامی انقلاب کے دس نکاتی اصلاحی ایجنڈے کا نفاذ قبول کردیتے ہیں اس سوال کے جواب میں عوام نے اصلاحی ایجنڈے کے نفاذ کو قبول کیا۔

    ساتواں سوال کیا کہ اگر حکومت اس ایجنڈے کو خود نافذ کرنے کا اعلان کرے تو کیا آپ اسے منظور کریں گے جس کے جواب میں عوام نے موجودہ حکومت پر اعتبار کرنے سے انکار کردیا۔

    انہوں نے مزید سوال کیا کہ آیا آپ دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں جس پر عوام نے ایک جت ہوکر جواب دیا کہ جی ہاں ہم سب دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ چاہتے ہیں۔

    عوامی پارلیمنٹ کےاجلاس میں کئے گئے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کیا کہ اب دھرنا عوامی خواہش کے مطابق شاہراہ دستور پر ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے دھرنے کے شرکا ء سے حسب ِ سابق پر امن رہنے کا ہحلف لیتے ہوئے کہا کہ آُپ ایسے ہی پر امن رہیں گے جیسا کہ گزشتہ دنوں میں رہیں ہیں۔

    اس موقع پر ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ماضی میں بھی دھرنے دئے جاتے رہیں ہیں یہاں تک کہ پاکستان مسلم لیگ ن بھی ایک مختصر دھرنا جسے طاہرالقادری نے ’’دھرنی‘‘ کا نام دیا ، دے چکی ہے۔

    ان کا کہناتھا کہ ہم پیپلز پارٹی دور ِ حکومت میں بھی پارلیمنٹ کے سامنے ایک پر امن دھرنا دے چکے ہیں اور ہمارا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بھی عدلیہ کی بحالی کے لئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں چکے ہیں اور آئین میں ایسا کہیں نہیں لکھا کہ شاہراہ ِ دستور  پر دھرنا نہیں دیا جاسکتا۔

    انہوں نے دھرنے شرکاء کو حکم دیا کہ کوئی بھی شخص نہ تو سفارت خانوں کی جانب جائے گا اورنہ ہی سپریم کورٹ کا رخ کرے گا ان اداروں کو تحفظ دیا جائے گا۔

    اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پر امن مظاہرین ہیں اور وہ خود ان کے پر امن رہنے کی ذمہ داری لیتے ہیں لہذا پولیس انقلابیوں کو روک کر بد امنی نہ کرے اور اسلام آباد کی زمین پر مزید خون نہ بہے۔

    انہوں نے پولیس کے اہلکاروں کو متنبہ کیا کہ حکمرانوں کو تو چلے جانا ہے پولیس ان حکمرانوں کے کہنے پر پہلئ ہی چودہ جانیں لے چکی ہے اب مزید کوئی ظلم نہ کرے ورنہ پھر انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔

  • پاکستان کی معاشی کارکردگی اطمینان بخش ہے،۔آئی ایم ایف

    پاکستان کی معاشی کارکردگی اطمینان بخش ہے،۔آئی ایم ایف

     اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات میں پیش رفت اطمینان بخش قراردےدی۔ تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی واپسی کے باعث مذاکرات مکمل نہ ہوسکے.عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو تو اطمینان بخش قرار دے دیا مگر وزیر خزانہ کی قبل زا وقت واپسی کے باعث مذاکرات مکمل نہ ہوسکے ۔

    مذاکرات اب واشنگٹن سے وڈیو لنک کے زریعے ہونگے, معاشی جائزے کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات میں پیش رفت اطمینان بخش ہے ,آئی ایم ایف پاکستان مشن کے سربراہ جیفری فرینکس کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو اضافےکی جانب گامزن ہے, رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح چار اعشاریہ تین فیصد رہنے کی توقع ہے

  • پاک بھارت تجارتی لین دین کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے،ایس ایم منیر

    پاک بھارت تجارتی لین دین کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے،ایس ایم منیر

    اسلام آباد : ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 3 ارب ڈالر تجارتی لین دین کو 8 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے، ٹی ڈی اے پی کی جانب سے دہلی میں 10 تا 14 ستمبر 2014ءکو عالی شان پاکستان لائف اسٹائل نمائش کا انعقاد کیاجارہا ہے،جس کے لئے بھارتی وزیر تجارت نرملا نے اپنے بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

    میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں منعقد کی جانے والی نمائش میں خواتین کو خصوصی رعایت فراہم کرتے ہوئے اسٹالز فراہم کئے جارہے ہیں اور پہلی مرتبہ پاکستان فوڈ فیسٹول کا بھی انعقادکیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر تجارت نرملا نے حالیہ ملاقات میں لائف اسٹائل کے لئے بھارتی کسٹم اتھارٹی، امیگریشن اور سیکورٹی کے عہدیداران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے نمائش کا افتتاح کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔