Tag: اسلام آباد

  • پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد اور پنجاب کے داخلی وخارجی راستے مکمل طور پر سیل

    پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد اور پنجاب کے داخلی وخارجی راستے مکمل طور پر سیل

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کا اعلان کردہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں کے داخلی خارجی راستے مکمل طور پر سیل کردیا گیا، فیض آباد فلائی اوور پر کنٹینر کی دیواریں لگا دیں گئی جبکہ جگہ جگہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

    مری روڈ مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا، موٹروے، روات، ٹی چوک ٹیکسلا، مارگلہ مندرہ، مری گلیات روڈ، مری ایکسپریس وے، ہزارہ ایکسپریس وے پنجاب سے ملنے والی شاہراہ کو بھی بند کردیا گیا۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا، جڑواں شہروں کو 33 مقامات سے بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    راولپنڈی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں قیدی بسیں پہنچادی گئی۔

    ایم ون پشاور موٹروے بند

    ایم ون پشاور موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، موٹر وے بند ہونے سے ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور موٹروےکو دھند کے باعث بند کیا گیا ہے، موٹر وے پشاور ایم ون سے رشکئی تک دھند کے باعث بند ہے۔

    شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

    شہر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ریسکیو ادارےکو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے،

    میٹرو بس سروس بند، پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

    لاہور اور اسلام آباد میٹرو کو بھی  بند کر دیا گیا ہے، میٹرو بس ٹریک پر بیرئیر لگا دیے گئے ہیں، میٹرو سروس تاحکم ثانی مکمل بند رہے گی۔

    پنجاب بھر میں آج سے 25 نومبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد رہے گی۔

    شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند

    ذرائع وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث پنجاب کے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاں سیکیورٹی خدشات ہیں وہاں صورت حال کے مطابق انٹرنیٹ سروس بند ہوگی، تاہم ملک کے دیگر حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ میں خلل سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، کراچی، راولپنڈی، ڈی آئی خان اور دیگر کئی شہروں میں انٹرنیٹ سروسز شدید متاثر ہیں، بعض علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے کے سبب سوشل میڈیا ایپس کام نہیں کر رہی ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا احتجاج : اسلام آباد  کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل

    پی ٹی آئی کا احتجاج : اسلام آباد کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل

    اسلام آباد : تحریک انصاف کی 24 نومبر کیلئے احتجاج کی کال پر اسلام آباد کو کنٹینرروں کے شہر میں تبدیل کردیا گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چوبیس نمبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کی شاہراہوں کو مختلف مقامات سے کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔

    مظاہرین کو روکنے کیلیے سرینگر ہائی وے کوزیروپوائنٹ کےمقام ، جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والاراستہ ٹی کراس پر، ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام سے اور گولڑہ موڑجی ٹی روڈپر جانے والا راستہ بندکر دیا گیا۔

    چھبیس نمبر چونگی پل اور اسلام آبادایئر پورٹ جانے والےراستے، نیو مارگلہ روڈکوون الیون کے مقام پر اور ایران ایونیو کو ڈی بارہ کےمقام سےبندکردیا گی جبکہ فیض آباد سے اسلام آباد آنے والاراستہ اور جی ٹی روڈ کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا ہے۔

    جڑواں شہروں کو 33 مقامات سےبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، فیض آباد سمیت 6 مقامات اور فیض آباد،آئی جےپی روڈ،روات ٹی چوک،کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا کو بند کر دیا گیا ہے۔

    کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پرچلایا جائے گا جبکہ جڑواں شہروں کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو متبادل روٹ پلان فراہم کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : 24 نومبر احتجاج: ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز خالی کرنے اور میٹرو بس سروس بند کرنے کا فیصلہ

    خیال رہے پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل اسلام آباد میں غیر اعلانیہ لاک ڈاؤن لگادیا گیا ہے ، ہاسٹل، گیسٹ ہاؤس اور ہوٹل سب بند ہے جبکہ موٹر وے پر گاڑیوں کے لیے نو انٹری کے بورڈ لگا دیے گئے۔

    انتظامیہ نے راولپنڈی کے تمام ہوٹل،گیسٹ ہاؤس خالی کرانے کاحکم دے دیا ہے اور ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی ہے کسی مہمان کوکمرہ نہ دیں۔

    تحریک انصاف احتجاج سے قبل تیس ہزار اضافی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے، پنجاب سے 19 ہزار پولیس اہلکار، آزاد کشمیر سے ایک ہزار اور سندھ سے پانچ ہزار پولیس پہنچے ہیں۔

  • حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر کے احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی: بیرسٹر سیف

    حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر کے احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی: بیرسٹر سیف

    پشاور: مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے کہا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر کے احتجاج کی کامیابی پر مہر تصدیق ثبت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے بیان میں کہا کہ اسلام آباد کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع کردیا گیا، حکومت عوام کی زندگی اجیرن کرنےکی بجائے ان کا حق واپس کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہتھکنڈوں کی بجائے جمہوری انداز اپنائیں ورنہ ناکامی آپ کا مقدر بنے گی، موٹروے اور پنجاب کی شاہراہوں کو بند کرنا احتجاج کی کامیابی کا مظہر ہے۔

    بیر سٹرسیف نے کہا کہ ہوٹل، تعلیمی ادارے، ہاسٹلز اور لاری اڈے تک بند کرنے پڑے، حکومت نے اپنی سلطنت بچانے کے لئے پورے پاکستان کو بند کردیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کہاں ہیں وہ وزرا جو کہتے تھے 50 لوگ بھی نہیں نکلیں گے،  50 لوگوں کے ڈر سے پورا پاکستان بند کردیا گیا ہے، حکومت کچھ بھی کرلے ان کا خاتمہ یقینی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر وفاقی و پنجاب حکومت نے اقدامات اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔

    ادھر پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 23 نومبر سے 25 نومبر تک دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے جس کے تحت ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہو گی۔

  • حکومت کا تاحکم ثانی موٹروے بند کرنے کا حکم

    حکومت کا تاحکم ثانی موٹروے بند کرنے کا حکم

    اسلام آباد: حکومت نے تاحکم ثانی پشاور سے اسلام آباد اور لاہور سے اسلام آباد موٹروے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تاحکم ثانی موٹروے 6 مقامات سے بند رہے گی اور آج رات 8 بجے سے فیصلے پر عمل کیا جائے گا جس کے بعد موٹرویز بند کردی جائیں گی۔

    جاری کردی نوٹیفکیشن میں موٹر وے بند کرنے کی وجہ مرمتی کام کا ہونا بتایا گیا ہے، پشاور سے اسلام آباد، لاہور سے اسلام آباد موٹر وے بند رہے گی، نوٹیفکیشن کے مطابق پنڈی بھٹیاں سے ملتان موٹروے، سیالکوٹ سے لاہور اور ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹروے بھی بند رہے گی۔

     

    خیال رہے کہ حکومت نے 23 نومبر سے وفاقی دارالحکومت، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس اسلام آباد، کے پی اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 23 نومبر سے معطل کی جا سکتی ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی اے کی جانب سے 22 نومبر سے موبائل انٹرنیٹ سروس پر فائر وال ایکٹو کر دی جائے گی، فائر وال ایکٹو ہونے سے انٹرنیٹ سروس سلو جبکہ سوشل میڈیا ایپز پر ویڈیوز، آڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو سکیں گی۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کی تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔

  • اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، مذہبی و سیاسی اجتماع پر پابندی عائد

    اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ، مذہبی و سیاسی اجتماع پر پابندی عائد

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد میں 5 یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی قسم کے مذہبی اور سیاسی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کی پابندی کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، پابندی ریڈ زون سمیت پوش ایریاز اور کاروباری مراکز میں ہوگی۔

    وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کل ختم ہوئی تھی۔

     یاد رہے کہ  دفعہ 144 ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

     

  • بیوی کی تعریف سے کیا ہوتا ہے؟ فیصل قریشی اور اہلیہ کی ویڈیو وائرل

    بیوی کی تعریف سے کیا ہوتا ہے؟ فیصل قریشی اور اہلیہ کی ویڈیو وائرل

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل کی مزاحیہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    معروف اداکار کی اہلیہ ثناء فیصل نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں وہ اپنے شوہر سے مخاطب ہوکر کہہ رہی ہیں کہ ”آپ کو پتہ ہے کہ آج ٹی وی پر بتا رہے تھے کہ اگر شوہر دن میں 2 سے 3 دفعہ اپنی بیگم کی تعریف کرے تو وہ عورت کبھی بھی ڈپریشن میں نہیں جاتی“۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sana Faysal (@sanafaysal)

    اپنی اہلیہ کے سوال کے جواب میں فیصل قریشی کہتے ہیں کہ ”تو بندہ پھر جھوٹ بول بول کر بھلے دوزخ میں چلا جائے“۔

    ثنا فیصل کی جانب سے کی گئی مزاحیہ پوسٹ پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے لائکس اور کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایک صارف نازیہ اختر کا کمنٹس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ”بیوی کو خوش کو کرنے کے لئے جھوٹ بولنا جائز ہے۔۔ شوہر نہیں جائے گا دوزخ میں“۔

    اس سے قبل معروف اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں مقبول ہیں اور لوگ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔

    پاکستان کے معروف اداکار نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں مقبولیت پر بات کی۔

    پوڈ کاسٹ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں فیصل پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے بہت سے ڈرامے بھارتی ٹیلی وژن پر نشر ہوئے ہیں۔

    ایوارڈ شوز پر فیصل قریشی نے لب کشائی کر دی

    اداکار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بھارتی عوام پاکستانی ڈراموں کے دیوانے ہیں، مجھے بھارتی کوریوگرافرنے بتایا کہ جب پاکستانی ڈرامے ’میری ذات ذرہ بے نشاں ’اور ’ہم سفر‘ دکھائے جاتے تھے اس وقت سڑکیں ویران ہوجاتی تھیں۔

  • انتظار حسن پنجوتھہ اسلام آباد پولیس کے حوالے

    انتظار حسن پنجوتھہ اسلام آباد پولیس کے حوالے

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل و فوکل پرسن انتظار حسن پنجوتھہ کی بازیابی کے بعد اٹک پولیس نے انہیں اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں انتظار حسن پنجوتھہ کے مبینہ اغوا و لاپتہ ہونے کا مقدمہ درج ہے، ایس پی سٹی اسلام آباد پولیس نفری کے ساتھ اٹک پہنچے اور انتظار حسین پںجھوتہ کو حفاظتی تحویل میں لیکر اسلام آباد لےآئے۔

    واضح رہے کہ ا انتظار حسن پنجوتھہ کو اٹک کے تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے اغوا کاروں سے بازیاب کرایا تھا، اغوا کار کراس فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی چھوڑ کر ویرانے میں فرار ہوگیے تھے۔

     انتظار حسن پنجوتھہ گاڑی سے ہاتھ پاؤں بندھے حالت میں بازیاب ہوئے تھے، اسلام آباد پولیس ا انتظار حسن پنجوتھہ کی تھانہ کوہسار کے مقدمے میں بازیابی ڈال کر رپورٹ عدالت میں پیش کرے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انتظار حسن پنجوتھہ سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں اغوا کاروں کی گرفتاری کے کیے تفتیش کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔

     انتظار حسن پنجوتھہ نے بازیابی کے بعد ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ ملزمان دو کروڑ روپے کا مطالبہ کرتے رہے، کوہسار پولیس نے انتظار پنجوتھہ کو الصبح اہلخانہ کے حوالے کر دیا، کوہسار پولیس گزشتہ رات انتظار پنجوتھہ کو حسن ابدال پولیس سے لیکر آئی تھی۔

  • اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کردیں۔

     تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے زہریلی گیسوں کا اخراج روکنے کیلئے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات کا اطلاق فی الفور آئندہ 2 ماہ تک کے لیے ہوگا جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں، فیکٹریوں، بھٹوں سے زہریلی گیسوں کے اخراج  سمیت کوڑا اور فصلیں جلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

  • اسلام آباد : بینک ڈکیتیوں میں سرکاری اسلحے کے استعمال کا انکشاف

    اسلام آباد : بینک ڈکیتیوں میں سرکاری اسلحے کے استعمال کا انکشاف

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں بینک ڈکیتیوں میں سرکاری اسلحے کے استعمال کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا جدید سرکاری اسلحہ غیرمجاز شخص کو الاٹ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    خود کو ایس پی یو کا اہلکار ظاہر کرنے والا باوردی شخص اسلام آباد پولیس کے روٹ ہیڈکوارٹرز سے ایس ایم جی گن اور جیکٹ لے کر فرار ہو گیا۔

    انچارج سیکیورٹی ڈویژن کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، پولیس ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ شہر میں حالیہ بینک ڈکیتیوں میں یہی گن استعمال ہوئی۔

    تھانہ سیکرٹریٹ میں انچارج سیکیورٹی ڈویژن کی مدعیت میں درج کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ باوردی شخص نے اپنا نام دلاوراور خود کو ایس پی یو کا اہلکار ظاہر کیا۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ نامعلوم شخص نے بیلٹ نمبر 283 ظاہر کیا ، جو صدام نامی اہلکار کا ہے، نامعلوم شخص نے ایس ایم جی گن نمبر 2183 اور جیکٹ ایشو کروائی۔

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی آمد کے موقع پر یہ اسلحہ الاٹ کرایا گیا، نامعلوم شخص نے دھوکہ دہی سے سرکاری گن کسی غلط مقصد کے لئے جاری کروائی۔

  • اسلام آباد:  ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، لڑکا اور لڑکی زخمی

    اسلام آباد: ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ، لڑکا اور لڑکی زخمی

    اسلام آباد: آئی 8 کچنار پارک میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں لڑکا اور لڑکی زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرآئی ایٹ میں واقع کچنار پارک میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے لڑکی اور نوجوان کوزخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ کچنار پارک میں ڈاکوؤں نے تنہا لڑکی سے پرس اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی ، لڑکی نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اس پر گولی چلادی۔

    جس کے بعد پارک میں موجود نوجوان نے لڑکی کو بچانےکی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے اسے بھی ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کردیا۔

    پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد میں پاکستانی نژاد غیر ملکی ڈکیتی مزاحمت پر زخمی

    یاد رہے وفاقی دارلحکومت میں پاکستانی نژاد غیر ملکی ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہوگیا تھا، متاثرہ غیرملکی شہری نے بیگ ، فون چھیننے پر مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔

    بعد ازاں پولیس نے ڈکیتی کی دفعات پرمقدمہ درج کیا تھا ، ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ شہری کو تین مسلح موٹر سائیکل سواروں نے روک لیا، مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پر دوست سے موبائل چھینا۔