Tag: اسلام آباد ایئرپورٹ

  • جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے مسافر ایئرپورٹ پر پکڑے گئے

    جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے مسافر ایئرپورٹ پر پکڑے گئے

    اسلام آباد: جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے والے چار مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر پکڑے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی ریزیڈنٹ کارڈ پر لتھوانیا جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 4 مسافر آف لوڈ کر دیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں، آف لوڈ کیے گئے مسافر آپس میں بھائی ہیں اور ان کا تعلق جہلم سے ہے، مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلے۔


    امریکی ویزا پابندیاں، پاکستانی طلبا کس طرح اس سے بچ سکتے ہیں؟ ویڈیو


    امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافروں کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا، معلوم ہوا کہ مسافروں نے سوشل میڈیا پر ایجنٹ کا اشتہار دیکھ کر اس سے رابطہ کیا تھا اور جعلی کاغذات بنوائے تھے۔

    ایف آئی اے نے ملازمت کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ایجنٹس آن لائن اشتہارات کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں، اس لیے ان سے ہوشیار رہیں۔

  • موسلادھار بارش سے  اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت پھر ٹپکنے لگی

    موسلادھار بارش سے اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت پھر ٹپکنے لگی

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں بارش کے بعد اسلام آباد ایئرپورٹ کی چھت ایک بارپھر ٹپکنے لگی تاہم چھت کےنیچے بالٹیاں رکھ دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بارش کے بعد ایئرپورٹ کی چھت ایک بار پھر ٹپکنے لگی، جس کے بعد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹپکتی چھت کے نیچے بالٹیاں رکھ دیں۔

    اربوں مالیت سے بننے والے ایئرپورٹ کی چھت کی مرمت چند سال قبل ہی کی گئی تھی، اس کے باوجود بارش میں چھت کا ٹپکنا ایک بار پھر انتظامیہ کے دعووں پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    اس صورتحال میں بین الاقوامی اوراندرون ملک آمد لاؤنج پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا رہا اور بیرون ملک جانے والی پرواز کی بورڈنگ بھی شروع نہ ہوسکی۔

    مسلسل تاخیر پر مسافروں کا احتجاج کیا اور ایئرلائن کے کاؤنٹر کا گھیراؤکرلیا، مسافروں کا کہنا تھا کہ ساڑھے آٹھ بجے شیڈول پرواز کا وقت رات 10 بجے بتایاگیا ،دس بجے کےبعدبھی بورڈنگ شروع نہ ہونے سے مسافر پریشان نظر آئے۔

  • پاکستان سے  جوتوں میں چھپا  کر دبئی اور بحرین  منشیات اسمگل  کرنے کی کوشش ناکام

    پاکستان سے جوتوں میں چھپا کر دبئی اور بحرین منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد : ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے منشیات جوتوں میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کرنے کی تین کوششیں ناکام بنا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر تین بڑی کارروائیاں کیں، جس میں دبئی اور بحرین جانےوالے مسافروں کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ پشاور سے دبئی جانے والے مسافر سے455  گرام چرس برآمد ہوئی۔

    دوسری کارروائی میں اسلام آباد سے بحرین جانے والی خاتون کے جوتوں سے ڈیڑھ کلو سے زائد آئس برآمد ہوئی۔

    تیسری کارروائی بھی اسلام آباد ائیرپورٹ کی گئی، جہاں بحرین جانے والے مسافر سے چھ کلو ہیروئن سے بھیگے کپڑے برآمد ہوئے تاہم ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔

  • اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسکیننگ مشین پر بھول گیا

    اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسکیننگ مشین پر بھول گیا

    اسلام آباد: اسپین سے آیا مسافر 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات سے بھرا بیگ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اسکیننگ مشین پر بھول گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے عملے کی فرض شناسی کے باعث ایک مسافر کو اس کا قیمتی کھویا سامان واپس مل گیا۔

    بیگ میں 45 لاکھ سے زائد مالیت کے زیورات اور دیگر سامان تھا، جو مسافر کو لوٹا دیا گیا۔

    مسافر جمعہ خان علی الصبح اسپین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، تاہم اسکیننگ کے دوران غلطی سے بیگ مشین پر چھوڑ کر چلا گیا، جو بعد ازاں ڈیوٹی فسلیٹیشن آفیسر (آمد) نے لاوارث بیگ کو تحویل میں لے کر لوسٹ اینڈ فاؤنڈ آفس میں جمع کرا دیا تھا۔

    رابطے کے بعد ایئرپورٹ منیجر کے دفتر میں کھویا ہوا بیگ مسافر کے حوالے کیا گیا، مسافر نے کھویا سامان وصول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آئی آئی اے پی) کے عملے کی ایمان داری اور لگن کے لیے شکرگزار ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا

    کراچی: اسلام آباد ایئرپورٹ انتظامیہ نے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف راولپنڈی پولیس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹریفک پولیس کی جانب سے مسافروں کو ہراساں کرنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایکشن لے لیا ہے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے روالپنڈی ٹریفک پولیس کو خط لکھ کر کہا ہے کہ انٹری اور ایگزٹ پر ٹریفک اہلکار مسافروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے انٹری و ایگزٹ گیٹ کے قریب راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب احمد گیلانی نے راولپنڈی ٹریفک پولیس کے نام خط لکھ کر کہا ایئرپورٹ پر ملکی اور غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی رہتی ہے، لیکن ٹریفک پولیس انھیں ہراساں کرتی ہے، ٹریفک پولیس اہلکار انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیوں کو روکتے ہیں اور مسافروں کو تنگ کیا جاتا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ پر مسافروں کے ساتھ الجھتے بھی دیکھا گیا ہے، انٹری اور ایگزٹ گیٹ پر گاڑیاں روک لینے سے رش لگ جاتا ہے اور مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں، متعدد مسافروں سے ایئرپورٹ سے نکلتے ہی روک کر تنگ کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ایئرپورٹ کے انٹری اور ایگزٹ گیٹ سے دور تعینات کیا جائے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی

    اسلام آباد ایئرپورٹ کے عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر عملے نے ایمان داری کی نئی مثال قائم کر دی، ایک مسافر کا کھویا ہوا لاکھوں کا سامان اس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 8 فروری کو دبئی کے راستے امریکا سے پاکستان پہنچنے والے مسافر ندیم اکرم کا بیگ کھو گیا تھا، جس میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کی اشیا موجود تھیں، عملے نے بیگ رابطہ کرنے پر مسافر کے حوالے کر دیا۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق مسافر نے بیگ گمشدگی کی رپورٹ اُسی دن ہی جمع کرا دی تھی، مسافر کے بہ قول وہ اپنا بیگ ارائیول بیلٹ ایریا کے قریب کہیں بھول گیا تھا، بیگ میں 2 ہزار امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے، ایک عدد آئی فون پندرہ پروو میکس اور دیگر اشیا موجود تھیں۔

    کھویا ہوا یہ بیگ ڈیوٹی فیسلٹیشن آفیسر (ڈی ایف او) کو ملا جس نے اسے ’لاسٹ اینڈ فاؤنڈ‘ میں جمع کرا دیا تھا، بعد ازاں سی او او اور ایئرپورٹ منیجر نے بیگ مالک کے حوالے کر دیا۔

    مسافر ندیم اکرم نے سامان کی واپسی پر ایئرپورٹ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر بلا معاوضہ مساج کرسیاں نصب

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر بلا معاوضہ مساج کرسیاں نصب

    کراچی: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بزرگ اور بیمار مسافروں کی سہولت کے لیے بلامعاوضہ مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایسی مساج کرسیاں نصب کی گئی ہیں جنھیں بزرگ اور بیمار مسافر بلا معاوضہ استعمال کر سکیں گے۔

    ایئرپورٹ منیجر آفتاب خان گیلانی نے بتایا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنجز میں نصب کی گئی ان مساج کرسیوں کا مقصد مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔

    انھوں نے کہا ہم ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لیے انتہائی سہولت اور اطمینان کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں، دنیا بھر کے دیگر ہوائی اڈوں کے برعکس سی اے اے نے بلا معاوضہ سروس متعارف کرائی ہے۔

    منیجر ایئرپورٹ نے کہا کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے ہم اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مزید دلکش ماحول کے ساتھ لاؤنجز کی خوب صورتی کو بڑھانا چاہتے ہیں۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایئر پورٹ پر مشق کے دوران سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ کی گئی، جس میں ریسکیو اہل کاروں کا رسپانس ٹائم نوٹ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر رات کے وقت رونما ہونے والے فرضی فضائی حادثے سے نمٹنے کی مشق کی گئی، جس میں رات کے آپریشن کے دوران ہوائی جہاز کریش ہونے کی منظر کشی کی گئی تھی۔

    مشق میں سیسنا جہاز کی فرضی کریش لینڈنگ ہوئی، ایک گڑھے میں ایندھن جلا کر جائے حادثہ کی منظر کشی کی گئی، اور پھر فائر سیفٹی پیمانوں کے مطابق ریسپانس ٹائم کے ساتھ اس حادثے سے نمٹا گیا۔

    مشق کے دوران ریسکیو آپریشن میں فرضی زخمیوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کے لیے ہنگامی طور پر جگہ کا انتخاب اور انتظامات کیے گئے۔

    ایئرپورٹ منیجر کے مطابق جس وقت مشق کی گئی، اس وقت ایئرپورٹ پر جہازوں کی کوئی ٹیک آف یا لینڈنگ نہیں ہو رہی تھی، مشق میں ریسکیو اینڈ فائرفائٹنگ سروس (آر ایف ایف ایس) نے بھرپور شرکت کی، میڈیکل، ایئر سائیڈ، ویجیلنس اور ای اینڈ ایم عملے نے بھی حصہ لیا، جب کہ چیف فائر ریسکیو آفیسر نے آن سین کمانڈر کا کردار ادا کیا۔

    ایئر پورٹ منیجر سید آفتاب گیلانی نے ریسکیو اور فائر فائٹنگ عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، انھوں نے کہا رسپانس ٹائم قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

  • اسلام آباد میں پی آئی اے  کا طیارہ  حادثے کا شکار

    اسلام آباد میں پی آئی اے کا طیارہ حادثے کا شکار

    کراچی : اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ بریک فیل ہونے کے باعث حادثہ کا شکار ہوگیا ،جس کے بعد طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو حادثہ پپش آیا ، حادثے میں ٹگ ماسٹر کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث ایئر بس 320طیارے کے نوزوہیل (اگلے وہیل)کو نقصان پہنچا۔

    طیارے کے پش بیک کے دوران ٹگ ماسٹر کے کنکٹنگ راڈ ٹوٹنے کی وجہ سے طیارے کے اگلے وہیل کو نقصان پہنچا ، جس کے بعد طیارے کو گراونڈ کردیا گیا اور مسافروں کو لاونچ منتقل کردیا گیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے ایئر بس 320طیارے کو حادثے سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ٹگ ماسٹر کے بریک فیل ہوگئے تھے اور بریک فیل ہونے کی وجہ سے پریشر پن ،کنکٹنگ راڈ بھی ٹوٹ گیا تھا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پریشر پن ،کنکٹنگ راڈ ٹوٹنے کے باعث ایئر بس 320طیارے کے اگلے لینڈنگ گیئر کو نقصان پہنچا، جس پر طیارے کو گراونڈ کردیا گیا ہے اور طیارے کو ٹھیک کرنے کیلئے انجینئر کی ٹیم کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔

    پی آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کو متبادل پرواز پی کے325کے ذریعے کوئٹہ روانہ کردیا گیا ہے۔

  • جعلی دستاویزات پر اٹلی جانے والا مسافر ایئرپورٹ سے گرفتار

    جعلی دستاویزات پر اٹلی جانے والا مسافر ایئرپورٹ سے گرفتار

    اسلام آباد : ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر اٹلی جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا ، مسافر کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سید شمس الرحمان پرواز کیو آر 615 پر اٹلی براستہ دوحا جارہا تھا،دوران امیگریشن مسافر کا اٹالین ریزیڈینس پرمٹ جعلی نکلا، جس پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مسافر کو حراست میں لے لیا۔

    مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافر کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا ، مسافر کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔

    مزید پڑھیں : جعلی سفری دستاویز پر کینیڈا جانے والے 3 مسافر زیرِ حراست

    یاد رہے  پی آئی اے ٹاسک فورس نے نیو اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویز پر کینیڈا جانے والے 3 مسافرکو حراست میں لے لیا تھا ،  ٹاسک فورس نے تین الگ کاروائیاں کیں ،تینوں مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے781کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جارہے تھے۔

    پی آئی اے کے ٹاسک فورس نے چیک ان کاونٹر سے پہلے مسافروں کے سفری دستاویزچیک کئے تو کینیڈا کے ویزے جعلی نکلے، پی آئی اے ٹاسک فورس نے مزید ری کنفرم کرنے کیلئے ایمیگریشن کی مدد حاصل کی تھی۔

    پی آئی اے ٹاسک فورس نے مزید قانونی کاروائی کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا تھا،  تینوں مسافروں کا تعلق سیالکوٹ سے بتایا جاتا ہے