Tag: اسلام آباد

  • اسلام آباد میں  باپ بیٹا گٹر میں گر کر جاں بحق

    اسلام آباد میں باپ بیٹا گٹر میں گر کر جاں بحق

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آبادمیں گٹر میں گر کر باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، باپ بیٹے کو بچانے گٹر میں اترا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکٹر آئی ٹین فور میں گٹر کا ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے 15 سالہ عبدالرحمن اندر جاگرا۔

    جس کے بعد بیٹے کو بچانے کے لئے باپ ارشد گٹر میں اترا لیکن واپس نہ لوٹا، ریسکیو عملے نے تلاش کے بعد دونوں کو نکالا تو دم توڑ چکے تھے۔

    ریسیکو کے مطابق دونوں دم گھٹنے کے باعث دونوں جان جی بازی ہار گئے، دونوں لاشیں نکال لی گئیں اور ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے گئے

    اسلام آباد میں بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے گئے

    اسلام آباد: اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے عطائیوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بے ضابطگیوں پر 7 مراکز صحت سیل کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے 7 مراکز صحت سیل کر دیے، مراکز صحت کو بے ضابطگیوں پر سیل کیا ہے۔

    ترجمان اسلام آباد ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں کے دوران 64 مراکز صحت کا معائنہ کیا گیا، اس دوران میٹرنٹی ہوم، میڈیکل اسٹور، لیبارٹری، اور کلینکس کو سیل کیا گیا۔

    آئی ایچ آر اے کے ترجمان کے مطابق مراکز صحت کو سیل کرنے کی وجوہ میں گندگی، عملے کی کمی، عدم رجسٹریشن شامل تھی، 6 مراکز صحت کو احکامات کی عدم تعمیل پر کام سے روکا گیا، اور 42 مراکز صحت کو معمولی عدم تعمیل پر نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ایک مرکز صحت کی رجسٹریشن بحال کر دی گئی ہے، جب کہ مراکز صحت کی زون وار میپنگ کی جا رہی ہے، اور 2 ہفتوں کے دوران 34 مراکز صحت کی میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔

  • بیلاروس کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

    بیلاروس کے وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، ایڈیشنل سیکریٹری یورپ نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

    بیلاروس کے وزیر خارجہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں، مہمان وزیر خارجہ دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    دونوں وزرائے خارجہ دوطرفہ دل چسپی کے متعدد امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے، اس دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔

    بات چیت کے دوران مشترکہ اقتصادی امکانات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی، دونوں فریق اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے۔

  • اسلام آباد میں حالات کیسے ہیں؟ ترجمان پولیس کا بیان

    اسلام آباد میں حالات کیسے ہیں؟ ترجمان پولیس کا بیان

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام راستے کھلے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں مظاہرین نے سڑک بند کرنے کی کوشش کی، ان کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں حالات پر امن اور راستے کھلے ہیں، جہاں جہاں مظاہرین نے سڑک بند کرنے کی کوشش کی، ان کے خلاف فوری کارروائی کی گئی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مشتعل مظاہرین متعدد مقامات پر موجود ہیں، ان کے پاس پتھر، غلیل، ڈنڈے اور پیٹرول بم ہیں۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی تھی۔

  • اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال: پولیس کی اہم ہدایت

    اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال: پولیس کی اہم ہدایت

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ شہری جی 10 کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، کسی بھی ریلی، اجتماع یا خطاب کی اجازت نہیں ہے۔

    ترجمان پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہری جی 10 کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی جبکہ دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی تھی۔

  • وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج بلا لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے، فوجی کی تعیناتی چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    فوج کا آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت وفاق میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کی کاپیاں چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی تھی، وفاقی کابینہ نے مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات اور عمران خان کی جانب سے اداروں اور قیادت کونشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔

  • وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے وزارت داخلہ کو رینجرز تعیناتی میں توسیع کی تحریری سفارش کردی ہے، مراسلے میں ریڈ زون کے لیے 300 رینجرز اہلکار، کوئیک رسپانس فورس میں تعینات کرنے کی سفار ش کی گئی ہے۔

    اپنے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں مزید 6 ماہ کے لیے رینجرز تعینات کی جائے، وفاقی دارالحکومت میں 2523 رینجرز فورس پہلے ہی تعینات ہے۔

    رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کا فیصلہ وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

  • زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کے سروے کے احکامات

    اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے نے زلزلے کے بعد اسلام آباد میں تمام عمارتوں کا سروے کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے زلزلے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی تمام عمارتوں کا سروے کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    چیئرمین نے بلڈنگ کنٹرول ایجنسی کو ہدایت کی ہے کہ زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کی نشان دہی کی جائے، انھوں نے کہا کہ سیکٹر ای 11 میں موجود ایسی عمارتوں کی نشان دہی کی جائے جن کو نقصان پہنچا۔

    چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ 24 گھنٹوں میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، ڈی سی راولپنڈی نے بھی متاثرہ 6 عمارتوں کے اسٹرکچر کے جائزے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    کمیٹی میں آر ڈی اے میونسپل کارپوریشن اور بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے ماہرین شامل ہیں، یہ کمیٹی 2 دنوں میں ڈی سی کو رپورٹ دے گی، اور اس کے بعد متاثرہ عمارتوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

  • جھگڑے میں ملوث قائد اعظم یونیورسٹی کے 79 طلبہ کو نکال دیا گیا

    جھگڑے میں ملوث قائد اعظم یونیورسٹی کے 79 طلبہ کو نکال دیا گیا

    اسلام آباد: قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے معاملے میں جھگڑے میں ملوث 79 طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم نیورسٹی کی انتظامیہ نے جھگڑے میں ملوث طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال کر ان کی ڈگریاں منسوخ کر دی ہیں۔

    گزشتہ ہفتے لسانی تنظیموں میں جھگڑے کے باعث جامعہ قائد اعظم کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا تھا، یونیورسٹی میں طلبہ کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 12 طالب علم زخمی ہوئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے طلبہ کے ساتھیوں نے یونیورسٹی میں احتجاج کیا اور وہاں پہنچنے والی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑے۔

    رجسٹرار قائد اعظم یونیورسٹی کے مطابق طلبہ کے خلاف کارروائی جامعہ میں قانون کو ہاتھ میں لینے، تعلیمی سرگرمیاں متاثر کرنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔

  • قیصر امام اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

    اسلام آباد: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں قیصر امام نے میدان مار لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں قیصر امام نے صدر اور اسد بھٹی نے سیکریٹری کے لیے میدان مار لیا۔

    صدر کے لیے قیصر امام نے 1312 ووٹ حاصل کیے، جب کہ مد مقابل طاہر محمود نے 767 ووٹ لیے، نائب صدر کے لیے چوہدری عدالت حسین نے 1370 ووٹ حاصل کیے، جب کہ سردار محمد آصف کو 635 ووٹ ملے۔

    سیکریٹری کے عہدے کے لیے اسد نوید بھٹی نے 1054 ووٹ، اور ان کے مد مقابل شفقت عباس تارڑ نے 1001 ووٹ حاصل کیے، جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے کے لیے میاں حسن رضا نے 1175 ووٹ لیے، جب کہ اسد اللہ تیمور نے 844 ووٹ حاصل کیے۔

    لائبریری سیکریٹری کے عہدے کے لیے چوہدری توقیر ناصر بلا مقابلہ کامیاب ہوئے، جب کہ 10 ایگزیکٹو ممبران کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔

    واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں 40 ووٹ منسوخ کیے گئے۔