Tag: اسلام آباد

  • اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد، عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

    اسلام آباد: عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کو مسترد کرنے والے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کی درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، 16 صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس عامر فاروق نے جاری کیا۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ عدالت یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے کے فیصلے کو مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتی ہے۔

    چیف جسٹس نے فیصلے میں کہا کہ عدالت کے سامنے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا ہے، دوسری طرف وفاقی حکومت کے فیصلے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے مسترد کرنے کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

    عدالت نے ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملے پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں، اور الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملہ قانون کے مطابق حل کرے۔

    عدالتی فیصلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کے فیصلے کے کیس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو یہ فیصلہ مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا مؤقف جاننا چاہیے تھا، اس لیے نوٹیفکیشن کے خلاف وفاق سمیت تمام درخواست گزار 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام درخواست گزاروں کو سن کر معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

  • پی ٹی آئی لانگ مارچ :شہباز حکومت کی  اسلام آباد کو کینٹینر لگا کر ‘نوگو ایریا’ بنانے کی تیاری

    پی ٹی آئی لانگ مارچ :شہباز حکومت کی اسلام آباد کو کینٹینر لگا کر ‘نوگو ایریا’ بنانے کی تیاری

    اسلام آباد : عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان سے پہلے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچ گئی اور شہباز حکومت کی اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنانے کی تیاری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کےاعلان سے پہلے ہی حکومت نے اسلام آباد کو کینٹینڑ لگا کر نوگو ایریا بنانے کی تیاری کرلی۔

    پی ڈی ایم اور اتحادیوں کے اجلاس میں وزیرداخلہ کی جانب سے اسلام آباد کو کنٹینر سٹی بنانے کی یقین دہانی کے بعد اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز کے کنٹینرز کھڑے کردیے گئے۔

    خیبرپختونخوا ، ہزارہ اور مری روڈ سے آنے والے راستوں کو بند کیا جانے لگا، فیض آباد پر کنٹینروں کے پہاڑ کھڑے کردیئے گئے ہیں اور خندقیں بھی کھودی جانے لگیں۔

    وزیرداخلہ رانا ثنا کی ہدایت پر رینجرزبھی الرٹ ہوگئی ہے جبکہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے مشقیں شروع کردیں۔3

    اضافی آنسو گیس کےشیل کے ساتھ ساتھ پہلی بار آنسو گیس پھینکنے والےڈرونزبھی منگوالیے گئے ہیں۔

    وزارت داخلہ نے دھرنےکےدوران جڑواں شہروں کی موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسلام آباد میں داخلےکیلئےشہریوں کے شناختی دستاویزات چیک ہوں گے۔

  • تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

    تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ، حکومت کا اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور

    اسلام آباد : حکومت تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر غور کررہی ہے جبکہ راستوں کی بندش اور ریڈزون سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس ہوا ، جس میں ڈی آئی جیز،ایس ایس پیزاوراسپیشل برانچ حکام نے شرکت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنےسےمتعلق ممکنہ سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ، جس کے تحت راستوں کی بندش اور ریڈزون سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ایف سی اور رینجرز سمیت دیگر صوبوں سے نفری طلب کرنے سمیت موٹر وے، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اجلاس میں سفارشات بھی تیار کرلی گئیں تاہم حتمی منظوری وزارت داخلہ دےگی، پولیس اور انتظامیہ نے سفارشات میں مظاہرین کو روکنے کی گائیڈ لائنز مانگ لیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں فوج طلب کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کاحتجاج پر امن ہوگا،حکومت نے غیرقانونی قدم اٹھایا تو مظاہرین کو روکنا مشکل ہوجائےگا،ان کی ساری منصوبہ بندی رائیگاں جائے گی۔

  • او آئی سی اجلاس  اور سیاسی صورتحال ، اسلام آباد کا سیکیورٹی حصار انتہائی سخت

    او آئی سی اجلاس اور سیاسی صورتحال ، اسلام آباد کا سیکیورٹی حصار انتہائی سخت

    اسلام آباد : او آئی سی اجلاس اور سیاسی صورتحال کے پیش نظراسلام آباد کا سیکیورٹی حصار انتہائی سخت کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس ، تحریک عدم اعتماد ،حکومت اور اپوزیشن کے جلسے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

    وفاقی دارلحکومت میں 2500رینجرز،2ہزار ایف سی ،8 ہزار پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں تاہم ایف سی ہیڈ کوارٹرز نے اسلام آباد انتظامیہ کو مزید نفری دینے سے انکار کردیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دو ہزار کی مزید نفری نہیں دے سکتے ،وزارت داخلہ معذرت کرلے کیونکہ خیبرپختونخوا میں 30 مارچ کو بلدیاتی انتخابات بھی ہیں ،اگر اضافی اہلکار اس تاریخ سے قبل واپس ہوسکتے تو پھر دیکھا جاسکتا ہے۔

    حکام نے بتایا کہ تمام سیکیورٹی اہلکاروں کو 2 اپریل تک ریڈ زون میں تعینات کیا گیا ہے۔

    خیال رہے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اہم ترین اور تاریخی اجلاس میں شرکت کیلئے معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سیکریٹری جنرل اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

  • پاکستان میں اومیکرون پھیلنے لگا، لاہور میں 42 اور  اسلام آباد میں 36 کیسز ریکارڈ

    پاکستان میں اومیکرون پھیلنے لگا، لاہور میں 42 اور اسلام آباد میں 36 کیسز ریکارڈ

    لاہور/ اسلام آباد : ملک میں اومیکرون کے پھیلاؤ سے کرونا وبا شدت اختیار کر گئی، لاہور میں42  اور اسلام آباد میں 36 کیس سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں اومی کرون کیسز کی تعداد خطر ناک حد تک بڑھ رہی ہے، پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں اومیکرون کے 42 نئے کیسز سامنے آگئے ، جس کے بعد شہر میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 212 ہو گئی۔

    محکمہ صحت پنجاب نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں اومیکرون کے کیسز کی کل تعداد 219 ہو گئی ہے۔

    محکمہ صحت نے کہا ہے کہ 24گھنٹےکےدوران پنجاب میں کوروناکےباعث کوئی موت نہیں ہوئی تاہم گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران کورونا کے 360 کیس سامنے آئے۔

    وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ اومیکرون وائرس بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، اومیکرون وائرس پھیلنے کی شرح ڈیلٹا ویڑینٹ سے زیادہ ہے۔

    دوسری جانب وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں 24 گھنٹے میں اومیکرون کے 36 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم کا کہنا ہے کہ شہر میں 177 اومی کرون کیسز سامنے آ چکے ہیں، 24 گھنٹے میں کورونا کیسز کی شرح 2.36 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

  • اسلام آباد سے کار چوری میں ملوث  2  بین الصوبائی  گروہ کے 5 ملزمان  گرفتار

    اسلام آباد سے کار چوری میں ملوث 2 بین الصوبائی گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد : اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کار چوری میں ملوث دو بین الصوبائی گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے 12 چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے بڑی کارروائی کی ، کارروائی کے دوران کار چوری میں ملوث دو بین الصوبائی گروہ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں محمد جہانگیر، محمد سلیم،علی خان، گل خان اور عرفان اللّٰہ شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضہ سے دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کی12 چوری شدہ گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں ہیں، یہ گینگ چوری شدہ گاڑیوں خیبر پختون خواہ کے مختلف اضلاع میں فروخت کرتے تھے۔

    ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مزید گاڑیاں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے، یہ گروہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے گاڑیوں کو چوری کرتے تھے، ملزم گل خان اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں 67 مقدمات میں چالان شدہ ہے۔

  • اسلام آباد میں زمین سے تیل نکلنے کا معاملہ ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    اسلام آباد میں زمین سے تیل نکلنے کا معاملہ ، اصل حقیقت سامنے آگئی

    اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں زمین سے نکلنے والا تیل کروڈ آئل نہیں، یہ پانی میں ڈیزل کی آمیزش ہے جو کہیں سے لیک ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں زیر زمین تیل نکلنے کے معاملے پر اوگرا کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہائیڈروکاربن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ رپورٹ کےمطابق زیر زمین سے نکلنے والا تیل کروڈ آئل نہیں، یہ پانی میں ڈیزل کی آمیزش ہے جوکہیں سےلیک ہورہاہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اوگراکااس سےکوئی تعلق نہیں ہے ، ایچ ٹی آئی پی نےیہ ٹیسٹ کیےہیں متعلقہ اداروں کو اس معاملے کو دیکھنا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں بورنگ کیلئے کھدائی کے دوران تیل دریافت ہوا تھا ، کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد عوام نے تیل ڈرموں میں بھرنا شروع کر دیا جبکہ کئی شہری کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنے لگے ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا۔

    انتظامیہ نے اطلاع پر جگہ کو سیل کر کے ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دئیے تھے ، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اوگرا صورتحال کا جائزہ لےرہا ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں 10 دن کے کم ترین کورونا کیسز رپورٹ

    وفاقی دارالحکومت میں 10 دن کے کم ترین کورونا کیسز رپورٹ

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں 10 دن کے کم ترین 283 کورونا کیس رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسزکی شرح 7.87 فیصد رہی ، ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا  ہے کہ شہرمیں کورونا صورتحال تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی دیکھنے میں آئی، ڈی ایچ اواسلام آباد کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں 10دن کےکم ترین 283 کورونا کیس رپورٹ ہوئے اور مثبت کیسزکی شرح 7.87 فیصدریکارڈ کی گئی۔

    ڈی ایچ او اسلام آباد نے کہا ہے کہ شہرمیں کورونا صورتحال تسلی بخش ہے، کوروناکیسز میں کمی پرحتمی رائے دینا قبل از وقت ہے، شہر میں 24 گھنٹے میں3596 کوروناٹیسٹ کیےگئے اور کورونا کے2 مریضوں کا انتقال ہوا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں مزید161 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 3ہزار377 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    پاکستان میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار 523 ہو گئی ہے، جن میں سے 7 لاکھ 33 ہزار 62 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • انسداد کورونا مہم ، ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    انسداد کورونا مہم ، ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسی نیشن مراکز کی تعداد 14 کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد کورونا مہم کے پہلے فیز کے لیے تیاریاں جاری ہے ، وفاقی دارالحکومت میں ویکسی نیشن مراکز کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، اسلام آبادمیں کورونا ویکسی نیشن مراکزکی تعداد 14 کر دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن مراکزکی تعداد میں اضافےکافیصلہ عوامی سہولت کےپیش نظرکیاگیا، اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں ویکسی نیشن مراکزقائم ہیں، اسلام آباد کے 6سرکاری اسپتالوں میں ویکسی نیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں پمز ،سی ڈی اے اسپتال ، پولی کلینک، فیڈرل گورنمنٹ اسپتال ، سوشل سیکورٹی اور نرم اسپتال شامل ہیں۔

    اسلام آباد کے 5دیہی ، بنیادی مراکز صحت میں ویکسی نیشن ہوگی، بہارہ کہو،سہالہ،ترلائی کے دیہی، شاہ اللہ دتہ، تمیر کے مراکز صحت سمیت سی ڈی اے کےآئی 8 اور ایف 11 میڈیکل سینٹرز میں ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    اسلام آباد کےکورونا ویکسی نیشن مراکزکے عملے کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، ہرکورونا ویکسی نیشن مراکز پر 3رکنی عملہ تعینات ہو گا ، وفاقی کورونا ویکسی نیشن مراکز کی نگرانی وزارت صحت کرے گی۔

  • اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 322 کیسز رپورٹ ہوئے، مثبت کیسز کی شرح 5.8 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں 5 ہزار 453 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 322 مثبت آئے۔

    ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد میں کرونا وائرس مثبت کیسز کی شرح 5.8 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتحال تشویش ناک ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 345 اموات ہوئیں۔

    ملک میں کرونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 849 ہوگئی ہے جبکہ فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 88 ہوگئی۔

    ملک میں اب تک کوویڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 55 ہوگئی جبکہ 3 لاکھ 20 ہزار 849 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔