Tag: اسلام قبول کر لیا

  • معروف امریکی مصنف نے رمضان کی پہلی شب اسلام قبول کر لیا

    معروف امریکی مصنف نے رمضان کی پہلی شب اسلام قبول کر لیا

    امریکا کے معروف مصنف اور نسل پرستی کے خلاف آواز بلند کرنے والے انسانی حقوق کے رکن جیفری شان کنگ اور ان کی اہلیہ رائے کنگ رمضان کی پہلی شب میں دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔

    امریکا میں مقیم پروفیسر خالد بیدون نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو شیئر کی جس میں امریکی مسلم اسکالر امام عمر سلیمان شان کنگ اور ان کی اہلیہ اسلام قبول کررہے ہیں۔

    امریکا کے معروف مصنف شان کنگ ناصرف ایک لکھاری بلکہ نسل پرستی کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھاتے رہے ہیں، وہ ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ تحریکوں کی حمایت کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

    اس سے قبل 25 دسمبر کو شان کنگ کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرنے پر ان کا انسٹا گرام اکاؤنٹ بند کر دیا گیا تھا۔

    شان کنگ نے فلسطینیوں کے حقوق کے لئے آواز اُٹھانے پر 60 لاکھ سے زائد فالوورز والے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پابندی پر مایوسی ظاہر کی تھی۔

    ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    شان کنگ نے 2017 میں اپنی ٹوئٹ میں تحریر کیا تھا کہ میں تقریباً 15 سال تک ایک عیسائی پادری تھا، آج سفید فاموں کی بالادستی اور امریکی تعصب کو عیسائیت کا روپ دھارتے دیکھ کر مجھے نفرت آتی ہے۔

  • ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    ظلمت سے روشنی کی طرف: ہندو لڑکی نے اسلام قبول کر لیا

    کراچی: بدین سے تعلق رکھنے والی ایک 21 سالہ لڑکی نے ظلمت سے روشنی کی طرف آتے ہوئے اسلام قبول کر لیا، نو مسلمہ نے اپنے اغوا کی پولیس رپورٹ بھی غلط قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق 21 سالہ تعلیم یافتہ ہندو لڑکی کانتا اسلام قبول کرنے کے لیے جامعہ بنوریہ کراچی آئی تھی، جہاں نو مسلمہ کو کلمہ پڑھا کر دائرہ اسلام میں داخل کیا گیا۔

    قبول اسلام کے بعد کانتا کا اسلامی نام فاطمہ منتخب کیا گیا، فاطمہ نے پولیس کو بیان دیا کہ میں بالغ اور اپنے فیصلوں میں خود مختار ہوں، اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا ہے، اسلام قبول کرنے ہی کراچی آئی تھی، اغوا کی ایف آر درست نہیں ہے۔

    جامعہ بنوریہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لڑکی سے شناختی کارڈ، اس کی عمر اور اسلام قبول کرنے کے حوالے سے تمام معلومات حاصل کی گئی تھیں، پھر نو مسلمہ کا بیان لے کر مقامی تھانہ سائٹ اے میں جمع کرایا گیا۔

    نو مسلمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے، بدین واپس نہیں جانا چاہتی، جامعہ بنوریہ میں دینی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہوں۔

    امریکی خاتون نے جامعہ بنوریہ میں اسلام قبول کر لیا

    فاطمہ نے کہا ایف آئی آر کو سی کلاس کرنے کے لیے جو بیان لینا ہے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے لیا جائے، مجھ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ میں واپس ہندو ہو جاؤں، اور میں ایسا ہر گز نہیں چاہتی۔

    نو مسلمہ نے بتایا کہ انھوں نے بچپن ہی سے اسلام کا مطالعہ کیا ہے اور پہلے بھی اس حوالے سے اپنے گھر والوں کو آگاہ کیا تھا۔ فاطمہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بدین میں اغوا سے متعلق درج ایف آئی آر واپس لی جائے اور مجھے میرا قانونی حق دیا جائے۔