Tag: اسلحہ

  • جرمن چانسلر نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کی وجہ بتا دی

    جرمن چانسلر نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کی وجہ بتا دی

    برلن (11 اگست 2025): جرمن چانسلر نے واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی نہیں‌ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا ہے کہ کچھ اسرائیلی فیصلوں پر تحفظات کے باوجود جرمنی کی اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہونے کی 80 سالہ پالیسی تبدیل نہیں ہوگی، تاہم اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہم نہیں کریں گے۔

    جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے اتوار کے روز کہا کہ غزہ میں فوجی آپریشن میں توسیع کی وجہ سے اسرائیل کو ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے، ایسے تنازع میں ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے جس کو صرف فوجی کارروائیوں سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہو۔

    ان کا کہنا تھا کہ غزہ تنازع سے لاکھوں عام شہریوں کی جان جا سکتی ہے ایک ایسا تنازع جس کے لیے پورے غزہ کا انخلا درکار ہو اس کے لیے ہتھیار فراہم نہیں کر سکتے۔ غزہ کے لوگ کہاں جائیں گے؟ ہم یہ نہیں کر سکتے اور نہ کر رہے ہیں اور میں خود بھی یہ نہیں کروں گا۔


    غزہ فلسطینی عوام کی ملکیت ہے اسرائیل قبضے سے باز رہے، چین


    واضح رہے کہ اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کے اعلان کے بعد کہ اسرائیل غزہ کے اقتدار پر قبضہ کر لے گا، جرمنی نے اسرائیل کو جمعہ کو اسلحہ کی برآمدات کو جزوی طور پر روکنے کا اعلان کیا۔ اسرائیلی منصوبے کی اقوام متحدہ کے چیف انتونیو گوتریس اور متعدد ممالک جیسے برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس سے غزہ میں جاری انسانی بحران مزید بڑھ جائے گا۔

  • پولینڈ کے فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز پکڑے گئے، اسکینڈل قرار

    پولینڈ کے فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز پکڑے گئے، اسکینڈل قرار

    وارسا: یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے ایک فلائنگ کلب سے ہتھیاروں کے 8 کنٹینرز برآمد ہوئے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کی سرحد کے قریب پولینڈ کے ایک گاؤں میں گولہ بارود اور ہتھیاروں سے بھرے کنٹینرز ملے ہیں، پولینڈ حکام نے بدھ کو بتایا کہ یہ ممکنہ طور پر ایک نجی کمپنی کا ذخیرہ ہے جسے یوکرین پہنچایا جا رہا تھا۔

    نجی نشریاتی ادارے ٹی وی ریپبلیکا نے اطلاع دی تھی کہ لاسزکی گاؤں میں ایک فضائی پٹی سے آٹھ کنٹینرز ملے ہیں جن میں ہتھیار ہیں، کنٹینرز میں اینٹی ایئر کرافٹ ہتھیار ہیں جو یوکرین بھیجے جانے تھے، ہتھیاروں کی ترسیل نامعلوم وجوہ پر رک گئی تھی۔

    پولینڈ کی وزارت دفاع نے X پر کہا ’’پوڈکرپیسی کے علاقے میں لاسزکی قصبے میں ملنے والے گولہ بارود اور ہتھیاروں کے حامل کنٹینرز پولینڈ کی فوج کی ملکیت نہیں ہیں، متعلقہ حکام علاقے اور ہتھیاروں کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔‘‘


    بڑا سائبر حملہ، یوکرین نے روس کے طیارہ ساز ادارے کا خفیہ ڈیٹا چوری کر لیا


    وزارت داخلہ کے ترجمان جیک ڈوبرزینسکی نے میڈیا کو بتایا کہ پکڑے گئے ہتھیار طیارہ شکن ہیں، اور یہ ایک نجی کمپنی کے اسٹاک کا حصہ تھے اور شاید انھیں یوکرین کے حوالے کیا جانا تھا۔ انھوں نے کہا کہ خطرناک ہتھیاروں کی صحیح طریقے سے نگرانی نہیں کی گئی اور یہ ایک ’’اسکینڈل‘‘ بن گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پولینڈ روس کے 2022 کے حملے کے بعد سے یوکرین کو فوجی امداد کی ترسیل کا ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے۔ ادھر روسی فوج نے یوکرین پر حملوں میں جنگلی جانوروں کو بم بنا کر ڈرون سے چھوڑنا شروع کر دیا ہے، جانوروں کی لاشوں میں بم نصب کر کے ڈرون کے ذریعے مخصوص مقامات پر گرایا جاتا ہے۔

  • دوران ڈیوٹی سرکاری ہتھیار، گولیاں چوری کرنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار، اسلحہ ڈیلرز سے تعلق کا انکشاف

    دوران ڈیوٹی سرکاری ہتھیار، گولیاں چوری کرنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار، اسلحہ ڈیلرز سے تعلق کا انکشاف

    کراچی: سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ کی خفیہ اطلاع پر طارق روڈ جھیل پارک کے قریب کارروائی میں ڈیوٹی کے دوران سرکاری ہتھیار اور گولیاں چوری کرنے والے 2 پولیس اہلکار گرفتار کر لیے گئے۔

    انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق ناجائز اسلحے کی ترسیل روکنے کے لیے بنائے گئے ’آرمز ٹریفکنگ اینڈ مانیٹرنگ ڈیسک‘ کی جانب سے کی گئی کارروائی میں گرفتار پولیس کانسٹیبلز کے قبضے سے بڑی تعداد میں ناجائز اور سرکاری اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، گرفتار اہلکاروں میں عبدالقادر میمن اور اویس احمد عرف باکسر عرف لمبا شامل ہیں۔

    گرفتار ملزمان 2023 میں پولیس کانسٹیبل بھرتی ہوئے تھے، جو بھرتی کے بعد سے ہی غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث رہے، ان میں سے ایک پولیس اہلکار عبدالقادر میٹھادر تھانے میں تعینات ہے، جب کہ اہلکار اویس شاہین فورس کیماڑی میں تعینات ہے۔

    راجہ عمر خطاب کے مطابق پولیس اہلکار اویس نے ابتدائی انٹروگیشن میں اہم انکشافات کیے ہیں، ملزم نے دوران ڈیوٹی تھانہ مدینہ کالونی کے کوت میں چوری کی، کوت سے 3 سرکاری پستول چوری کر کے کانسٹیبل عبدالقادر کے ذریعے فروخت کیے گئے، جب کہ پولیس اہلکار عبدالقادر نے دوران ڈیوٹی کلاشنکوف اور 9 ایم ایم کی درجنوں گولیاں چوری کیں، انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق چوری شدہ گولیوں کو فروخت کر دیا جاتا تھا۔


    ’ارمغان صرف امریکی شہریوں سے فراڈ کرتا تھا‘ ایف آئی اے نے اہم شواہد حاصل کر لئے


    ملزمان کا تعلق خیبر پختونخوا میں بخت تاج اور سرزمین نامی اسلحہ ڈیلروں سے ہے، گرفتار کانسٹیبلز کے پی کے سے بھی اسلحہ منگوا کر فروخت کرتے تھے، سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • اسلحہ فروخت کرنے والے ڈیلرز اب کس بات کے پابند ہوں گے؟ حکم جاری

    اسلحہ فروخت کرنے والے ڈیلرز اب کس بات کے پابند ہوں گے؟ حکم جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے پر کراچی سمیت صوبہ بھر کے اسلحہ فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی میر شاہنواز کے مطابق ڈیلرز اسلحہ اور بارودی مواد جس قیمت پر فروخت کریں، وہ لسٹ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت آویزاں کرنا ضروری ہے۔

    کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے سیکشن 18 کے مطابق کوئی بھی چیز فروخت کی جائے تو اس کی قیمت لکھنا لازمی ہے، حکومتی احکامات پر عمل دآمد نہ کرنے پر محکمہ بیورو آف سپلائی پرائسز نے سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت عدالت میں شکایت جمع کرا دی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالت نے 13 مارچ کی تاریخ دی ہے۔

    میر شاہنواز نے بتایا کہ یہ شکایت سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کے سیکشن 26 اور دیگر تمام متعلقہ دفعات کے تحت درج کرائی گئی ہے، صوبہ بھر کے اسلحہ فروخت کرنے والے ڈیلرز کو ایک ہی قیمت مقرر اور ریٹ لسٹ آویزاں کرنی پڑے گی۔

    بڑی پابندی کا فیصلہ! موٹر سائیکل سواروں کے لئے اہم خبر

    انھوں نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی اور دکانیں سیل کی جائیں گی۔

  • اسلحہ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں نے یوکرین کو فراہمی معطل کر دی

    اسلحہ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں نے یوکرین کو فراہمی معطل کر دی

    کیف: امریکا کی اسلحہ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں نے یوکرین کو فراہمی معطل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کی دفاعی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ رومن کوسٹینکو کا کہنا ہے کہ امریکا نے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی معطل کر دی ہے۔

    انھوں نے کہا اسلحہ فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں نے اپنے آپریشن معطل کر دیے ہیں اور امریکی قیادت کے فیصلوں کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ یورپ کے اسلحے کے ذخیرے تقریباً ختم ہو چکے ہیں، جب کہ روس کے پاس ابھی بھی نمبرز موجود ہیں، یوکرین کو سپلائی جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، اور امن وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔

    یوکرینی صدر نے ٹرمپ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے

    ادھر کیف انڈیپنڈنٹ اخبار نے 20 فروری کو رپورٹ کیا کہ یوکرینی فوجیوں نے ملکی ساختہ گولہ بارود کے ناقص معیار کے بارے میں شکایت کی ہے، اور کہا ہے کہ غیر ملکی ہتھیاروں کی امداد کے بغیر روسی افواج کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔

    ٹرمپ انتظامیہ روس کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، اور یوکرین کے باشندوں کو خدشہ ہے کہ وہ مذاکرات سے باہر ہو جائیں گے اور امریکی حمایت بشمول ہتھیاروں کی امداد سے محروم ہو جائیں گے۔ یوکرین کی فوج کو اب بھی مغرب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور درست فضائی دفاعی نظام کی ضرورت ہے۔

    15 فروری کو این بی سی نیوز پر ایک بیان میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کو یہ تسلیم کرنا پڑا کہ یوکرین کے لیے امریکا سے فراہم ہتھیاروں کے بغیر ’’بقا کے بہت کم امکانات‘‘ ہیں۔

  • خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا

    اسلام آباد: خیبرپختونخوا سے بھاری اسلحہ اسلام آباد منتقلی کے دوران پکڑا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز و انوسٹیگیشن ارسلان شاہزیب نے تھانہ ترنول میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے اسلحے کی ایک بہت بڑی کھیپ پکڑی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھاری اسلحہ خیبر پختونخوا سے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا تھا، لیکن یہ کوشش ناکام بنا دی گئی، اور اسلحہ لانے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خیبرپختونخوا

    ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزم سے 272 مختلف بور کے پستول، 20 جدید خودکار بندوقیں مع میگزنیز اور 23 ہزار سے زائد راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں، اس کے علاوہ اس کے قبضے سے 150 گرام آئس اور 4.450 کلو گرام ہیروئن بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس افسر ارسلان شاہزیب کے مطابق ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 8 مقدمات میں ملوث نکلا ہے، اس کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    انھوں نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس شرپسند عناصر کے خلاف ہمہ وقت تیار ہے، اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

  • سرکاری افسر نے بچوں کے سامنے ان کے باپ کی جان لے لی

    سرکاری افسر نے بچوں کے سامنے ان کے باپ کی جان لے لی

    پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر سرکاری آفسر نے بچوں کے سامنے فائرنگ کرکے باپ کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنیوالے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے ملزم عرفان اللہ ایف بی آر میں ایڈیشنل کمشنر ہیں اور فائرنگ کی وجہ کاروباری لین دین بتائی جارہی ہے۔

    فائرنگ کے واقعہ کے بعد کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں ملزم کو اسلحہ لہراتے دیکھ جا سکتا ہے اور مقتول کی لاش کے پاس بیوی، بچوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

  • اسکول پرنسپل بزور اسلحہ 3 ماہ تک چھٹی جماعت کی طالبہ کو ہوس کا نشانہ بناتا رہا

    اسکول پرنسپل بزور اسلحہ 3 ماہ تک چھٹی جماعت کی طالبہ کو ہوس کا نشانہ بناتا رہا

    پنجاب میں اسکول پرنسپل نے چھٹی جماعت کی طالبہ کو اسلحہ کے زور پر 3 ماہ تک زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر حجرہ شاہ مقیم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، چوک شاہ مقیم میں اسکول پرنسپل نے چھٹی جماعت کی طالبہ سے زیادتی کی ہے۔

    متاثرہ لڑکی نے کہا کہ اسکول پرنسپل نے اسلحہ کے زور پر 3 ماہ تک زیادتی کی اور تصاویربھی بنائیں، پرنسپل نے دھمکیاں دیں کہ کسی کو بتایا تو قتل کردوں گا۔

    متاثرہ لڑکی نے مزید کہا کہ پولیس نے پرنسپل کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے پر اب تک گرفتار نہیں کیا ہے۔

  • جرائم اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہونے لگا، مگر کیسے؟

    جرائم اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہونے لگا، مگر کیسے؟

    لیما: لاطینی امریکی ملک پیرو میں بچوں کے لیے کھیلنے کے لیے ایک ایسا پارک بنایا گیا ہے جس میں لگائے گئے جھولے خطرناک آتشیں اسلحے کو پگھلا کر بنائے گئے ہیں۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت سارا اسلحہ پکڑا تھا، جسے ایک اسٹیل کمپنی کے حوالے کیا گیا، جہاں یہ اسلحہ پگھلا کر اسے جھولوں کی شکل دی گئی۔

    حکام کے مطابق دارالحکومت لیما کے پارک میں 6 ہزار سے زیادہ آتشیں اسلحے کو پگھلا کر سی سا، منکی بار، جھولے اور ایکسرسائز مشینیں بنائی گئی ہیں، جن سے بچے ہنستے کھیلتے محظوظ ہوتے ہیں۔

    سی سا اور منکی بار

    مقامی حکام نے کہا کہ کھیل کا یہ میدان ایک خواب ہے، ایک ایسا خواب جو اُن بندوقوں کی بدولت شرمندہ تعبیر ہوا جو پہلے جرائم اور قتل کے لیے استعمال ہوتی تھیں، اب یہ بندوقیں بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

    یہ انوکھا پارک عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مزید 2 پارکس اور بنائے جائیں گے، پیرو میں جرائم پیشہ افراد سے ایک سال کے دوروان 21 ہزار سے زائد ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

  • ایم کیو ایم نے کارکنان پر بڑی پابندی عائد کر دی

    ایم کیو ایم نے کارکنان پر بڑی پابندی عائد کر دی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے کارکنان پر اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر پابندی لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے پرتشدد سیاست کو روکنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا، کارکنان پر اسلحہ ساتھ لے کر چلنے، اس کے استعمال یا نمائش پر پابندی لگا دی۔

    اس سلسلے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے تمام کارکنان کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پر امن سیاسی جماعت ہے، اگر کوئی بھی کارکن اسلحے کی نمائش یا ہوائی فائرنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کی رکنیت ختم کر دی جائے گی۔

    ایم کیو ایم، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کی بیٹھک کا اندرونی احوال

    واضح رہے کہ ملک میں جنرل الیکشن 2024 کے نتائج سامنے آنے کے بعد کراچی سے جیتی ہوئی ایم کیو ایم کی قومی اسمبلی کی نشستوں نے حکومت سازی میں ان کا کردار اہم بنا دیا ہے، چناں چہ ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ وزارتوں کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ ن لیگ کی جانب سے ابھی کوئی بات نہیں ہوئی ہے، ایم کیو ایم نے مسلم لیگ ن کو ابھی واضح جواب نہیں دیا ہے۔