کاہان: ایف سی اور حساس ادارے نے کوہلو کے علاقے کاہان میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود، میزائل اور راکٹ لانچر برآمد کر لیے ہیں۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی ایف سی ندیم انجم کی زیر نگرانی کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، میزائل، راکٹ لانچر، 14 فیوز، 70 آر پی جی گولے اور میزائل لانچر برآمد کر لیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ایف سی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کاہان کے علاقے پیشی میں کی گئی جس کے دوران مندرجہ بالا اسلحہ کے علاوہ 12 راکٹ فیوز، مارٹم فیوز، 5 بنڈل ڈیٹو نیٹنگ کارڈ ، ہزاروں راؤنڈ اور دیگر تخریبی مواد بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا بھاری مقدار اسلحہ اور گولہ بارود صوبے کے امن کو تباہ کرنے کے لیے کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا جسے بر وقت قبضے میں لے کر صوبے کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا ہے۔
واضح رہے صوبہ بلوچستان کئی برسوں سے دہشت گردوں کی زد پر تھا اور بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر افسر کی گرفتاری بھی اسی صوبے سے عمل میں آئی تھی، تاہم آپریشن ضربِ عضب کے باعث دہشت گردوں پر قابو پاکر صوبے میں امن قائم کردیا گیا ہے۔
لاہور : پنجاب میں کرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے،لاہور پولیس نے جرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 خواتین کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان سے اسلحہ،موبائل فون،نقدی اور دیگر اشیاءبرآمد ہوئی ہیں۔ سی ٹی ڈی نے ملتان سے دو دہشت گرد گرفتار کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں اسٹریٹ کرائم کا جن بوتل سے باہر آگیا مرد تو مرد خواتین بھی اس میدان میں اپنا لوہا منوانے آگئیں، مردوں کے بعد خواتین گینگ بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
لاہور موچی گیٹ پولیس نے نوسرباز خواتین کا تین رکنی گینگ گرفتار کرلیا ریشم، کرن اورجیا لوگوں کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیتی ہیں۔
سی ٹی ڈی نے ملتان میں کارروائی کرکے دو دہشت گرد گرفتار کرلئے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
ملتان میں چور مٹھائی کی دکان کا تالا توڑ کر تین لاکھ کی نقدی لے اڑے۔ فوٹیج میں چہرے واضح ہونے کے باوجود ملزم پکڑے نہ جاسکے۔ اٹک کے نجی بینک میں ڈکیتی پڑگئی۔
پانچ مسلح ڈاکو عملے کو یرغمال بناکر چھ لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اورایک دوسراشخص زخمی ہوگیا۔
کراچی: سائٹ اے پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں 5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بڑی مقدار میں منشیات بر آمد کرلی، منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ اے تھانے کی پولیس نے خفیہ معلومات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گروہ کے 5 ارکان کوگرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی پولیس کےمطابق حراست میں لیے گئے ملزمان سے اسلحہ سمیت بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے جس میں 750 گرام آئس پاؤڈر، چرس اور منشیات کی دیگر اقسام برآمد شامل ہیں جنہیں بیرون ملک اسمگل کرنا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق برآمد کیے گئے آئس پاؤڈر، منشیات اور چرس کی قیمت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے میں بنتی ہے جب کہ ایسے ملزمان بیرون ملک پاکستان کی بدنامی کا باعث بھی بنتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے ملزمان سے تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات کی توقع ہے جس کی مدد سے منشیات اسمگلنگ میں ملوث مرکزی ملزمان تک پہنچیں گے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائےگی۔
کراچی : شہر قائد میں قانون کے رکھوالوں کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شہر بھر سے لوٹ مار کے جرائم میں ملوث متعدد ملزمان گرفتار کرلئے گئے، گرفتارشدگان میں گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ کردیا گیا۔ رینجرز نے کورنگی، ملیر،گلبرگ اور بلدیہ میں کارروائیاں کرکے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں، اورنگی ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرکے تالہ توڑ گروپ کے تین کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے ایک ماہ پہلے اقبال مارکیٹ میں بارہ دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹا تھا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چوری کیا ہوا مال برآمد ہوگیا۔
ملزمان نے اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے، فیڈرل بی ایریا میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ قائد آباد گلشن بونیر میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکو دھر لئے۔
لیاقت آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتارکرلیا، ملزمان کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے بتا یا جارہا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت ارشد اور شارق کے نام سے ہوئی ہے۔ زیر حراست افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اورنگی ٹاؤن میں واقع رحیم شاہ قبرستان میں کھدائی سے دوران اسلحے اور گولیوں کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق اسلحہ ایم کیو ایم کے عسکری ونگ کا ہے، رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ متحدہ کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر رینجرز نے رحیم شاہ قبرستان میں کھدائی کی جس کے نتیجے میں اسلحے اور گولیوں کا ذخیرہ برآمد ہوا۔
رینجرز کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں ایس ایم جی، رپیٹر، بلٹ پروف جیکٹس کے علاوہ دو ہزار سے زائد گولیاں بھی برآمد کی ہیں، رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلحہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا ہے اور اسے شہر میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا۔
علاوہ ازیں رینجرز نے مختلف علاقوں بن قاسم، ملیر اور لیاقت آباد میں ٹارگٹیڈ کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ لیاری کے علاقے عیدو لین سے گینگ وار کے 2 کارندوں کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق عذیر بلوچ گروپ سے بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم لندن نے جاری کردہ اعلامیے میں برآمد ہونے والے اسلحے سے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ ایسے کسی بھی اسلحہ کو ایم کیو ایم سے منسوب کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں، رابطہ کمیٹی نے عسکری ونگ کے الزام کی بھی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح الفاظ میں کہا کہ ایم کیو ایم کا کوئی عسکری ونگ نہیں اس بارے میں لگائے جانے والے الزامات سراسر جھوٹ اور بے بنیاد ہیں‘‘۔
کراچی : ترجمان رینجرز کے مطابق رواں سال کراچی میں جرائم کے خلاف 1992آپریشن کیے گئے اور 2847 ملزمان کو حراست میں لیا گیا جب کہ مختلف اقسام کے 1845 ہتھیار برآمد کیے گئے۔
مذکورہ اعداد و شمار پاکستان رینجرز نے کراچی آپریشن کے سندھ رینجرز کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے پیش کیے جس کے تحت مختلف کالعدم جماعتوں سے تعلق رکھنے والے350 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ سیاسی جماعت کے عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے348 ملزمان کو گرفتار کیا،فرقہ وارانہ تنظیم کے 11، لیاری گینگ وار پیپلزامن کمیٹی کے 87 کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاہ مختلف کاروائیوں میں446 ٹارگٹ کلرز، 72 بھتہ خوروں، 26 اغواء برائے تعاون کے ملزمان،کو بھی گرفتار کیا گیا اور 13 مغویوں کو بازیاب کرایا جب کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران5رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
جب کہ چھاپہ مارکارروائیوں میں رینجرز نے 10راکٹ لانچر، 50ہیوی لائٹ مشین گن، 358 کلاشنکوف، 90شارٹ گن، 112ریپیٹر، 315رائفل، 910پستول، 166دستی بم، 1دھماکا خیز ڈیوائس اور12کلو گرام دھماکا خیز مواد، 26واکی ٹاکی، 190بلٹ پروف جیکٹ، 36ڈیٹونیٹرز، 18آر پی جی اور 7راکٹس برآمد کیئے۔
یہ اسلحہ چھاپے مار مارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے عسکری ونگ، فرقہ ورانی تنظیموں، لیاری گینگ وار اور کالعدم جماعتوں کے دفاتر اور خفیہ مقامات سے برآمد کیئے ہیں۔
پاکستان رینجرز جاری کردہ اعداد و شمار میں جرائم کی شرح تناسب بھی بیان کی گئی ہے ، تقابلی گوشوارے کے مطابق 2013سے لیکر2016 تک دہشت گردی کی کاروائی میں72فیصد کمی آئی ہے جب کہ ٹارگٹ کلنگ میں91فیصد،بھتہ خوری میں93فیصد اوراغواء کے کیسز میں96فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی :اومنی کمپنی کے مالک کےبنگلے پرحساس اداروں نے کارروائی کرکے چھپایاگیااسلحہ برآمد کرکے دوگارڈ کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کےمطابق کراچی میں حساس ادارے کےاہلکاروں نے ڈیفنس فیز8میں رات گئےاومنی کمپنی کےمالک کے گھرپرچھاپہ مارا اور بنگلے میں چھپایاگیا بڑی تعداد میں اسلحہ اورگولیاں برآمد کرکے دوگارڈ کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ادارے اومنی گروپ ہیڈ سلمان خواجہ پرنظر رکھے ہوئے ہیں اوراس ضمن میں ایئرپورٹ حکام کو ہدایت جاری کردی ہے کہ سلمان خواجہ کو ملک سےباہر جانے نہ دیا جائے۔
یاد رہے کہ دوروزقبل رینجرز نےاہم سیاسی شخصیت کےقریبی دوست کے کمپنی کے تین دفاترپرچھاپہ مارکر اسلحہ برآمد کیا تھا۔
واضح رہےکہ چھاپوں کے دوران برآمد ہونے والے غیرقانونی اسلحےکامقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کی مدعیت میں کمپنی کے مالک،گروپ ہیڈ سلمان خواجہ اور دیگرذمہ داران کےخلاف صدر اورمیٹھادر تھانے میں درج کیاگیاتھا۔
کراچی : سندھ رینجرز نے آج کراچی میں بڑا ایکشن لیا ہے، اہم سیاسی شخصیت کے دوست کی کمپنی کے دو دفاتر پررینجرز نے چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ جن میں سے دو افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا، ڈیفنس میں بھی اہم سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کے گھر سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے ایک کمپنی کے دو مختلف دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ ٹارگٹڈ کارروائی غیرقانونی اسلحے اور شرپسند عناصر کی مالی معاونت کی اطلاع پر کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کمپنی سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی انورمجید کی ہے، پہلی کارروائی آئی آئی چندریگر روڈ پر کی گئی۔
رینجرز کے مطابق دوسرا چھاپہ ہاکی اسٹیڈیم کے قریب ایک دفتر پر مارا گیا۔ چھاپوں کے دوران علاقے کی ناکہ بندی کی گئی۔ رینجرز نے انشورنشس کمپنی کے ایک دفترمیں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا۔
چھاپے کے دوران خفیہ خانوں سے سترہ کلاشنکوف، چار پستول تین ہزار سے زائد گولیاں اور نو بال بم برآمد کیے گئے۔ انشورنس کمپنی کے دفاتر پر چھاپے میں شہزاد شاہد، رجب علی راجپر،اجمل خان، کامران منیرانصاری اور کاشف حسین نامی افراد گرفتار کیے گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق دفاتر سے اہم دستاویزات بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ اسلحے اور دستاویزات کی چھان بین کے بعد سہولت کاروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن میں بھی ایک اہم شخصیت کے فرنٹ مین کے گھرپرچھاپہ مارا گیا۔ کارروائی میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کے دوران منظورکاکا کے فرنٹ مین کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کی۔ منظور کاکا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی رہ چکے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اومنی گروپ کے دو گرفتار ملازمین کامران انصاری اور کاشف حسین کو رہا کردیا گیا۔
ترجمان اومنی گروپ کی وضاحت
اومنی گروپ کی جانب سے وکیل نے وضاحت جاری کی ہے کہ بروز جمعہ ایک بجے رینجرز کے چند افراد ہماری کمپنی کے دو دفاتر جن میں سے ایک ہاکی اسٹیڈیم کے قریب اور دوسرا میٹروپول کے قریب میں داخل ہوئے اور تقریبا ایک گھنٹے دفتر کی تلاشی لی اور چند فائلز، سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ اور دو ملازمین جن کے نام کاشف شاہ اور کامران منیر انصاری کوساتھ لے گئے۔
اومنی گروپ کے وکیل نے کمپنی کی جانب سے بیان جاری کیا ہے کہ اومنی کے دفاتر مین چھاپے کے بعدرینجرز کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں آئی آئی چندریگر روڈ راورہاکی اسٹیڈیم کے دفاتر پر چھاپوں کے ساتھ پانچ ملازمین گرفتاری اور بھاری اسلحہ کی برآمدگی کا ذکر کیاگیا۔
ا ومنی گروپ آف انڈسٹریز وضاحت کرتی ہے کہ آئی آئی چندریگرو رڈ پر واقع دفتر جس پر چھاپہ ماراگیا اس دفتر کا اومنی گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی تعلق نہیں، مزید یہ کہ ہمارے صرف دو ملازمین کو رینجرز نے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ رینجرزکی پریس ریلیز میں مزید تین افراسد رجب علی راجڑ ، شہزاد شاہد اور اجمل خان سے ہماری کمپنی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ تین افراد رینجرز کے چھاپے کے وقت ہمارے دفتر میں موجود تھے۔
مزید یہ کہ رینجرز کی پریس ریلیز میں جس اسلحہ کا ذکر کیا گیا ہے اسلحہ نہ تو ہمارے کسی بھی دفتر سے برآمد ہوا اور نہ اس سے ہماری کمپنی کا کوئی تعلق نہیں۔
اومنی گروپ آف انڈسٹریز یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ ہماری کمپنی کسی بھی قسم کے گیر قانونی سرگرمیوں یا کاروبار میں ملوث نہیں اور پاکستان کے قانون کے مطابق اپنا جائز کاروبار کرتی ہے ہماری کمپنی سندھ رینجرز کی پریس ریلیز میں کمپنی کی طرف لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سندھ اور عدلیہ سے درخواست کرتی ہے کہ اس معاملے پر آزادانہ انکوائری کرواکر انصاف فراہم کیا جائے۔
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد کرلیا گیا جبکہ ضلع لہڑی میں سڑک کنارے نصب بم ناکارہ بنادیا گیا۔
ترجمان فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں جوئے نورا کے مقام پر حساس ادارے اور ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے 33دستی بم ،تین آرپی جی راکٹس ،10 کلو گرام بارود اور ایس ایم جی برآمد کرلی تاہم کوئی گرفتار عمل میں نہ آسکی۔
ادھر ضلع لہڑی میں ایف سی نے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پھلیجی چھتر روڈ پر سڑک کنارے نصب 10 کلو وزنی دیسی ساختہ بم قبضے میں لے کر ناکارہ بنادیا۔
فرنٹیر کور ترجمان کے مطابق دہشت گرد بم کے ذریعے مقامی قبائلی شخصیت اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
کراچی : رینجرز نے کالعدم تنظیم کے بدنام ٹارگٹ کلرمہروز مہدی نقوی کو گرفتار کرلیا، کراچی سے گرفتار ٹارگٹ کلرز نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں، دوسری کارروائی میں رینجرز نے پی آئی بی کالونی سے ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر اشتیاق ماما کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی سے کالعدم تنظیم کے ٹارگٹ کلر مہروز مہدی نقوی عرف مہدی بادشاہ کو گرفتار کیا ہے، ملزم نے بائیس افراد اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔
ٹارگٹ کلر مہروز مہدی نقوی نے دوہزار تیرہ میں مفتی دلفراز معاویہ اورابوبکر کو سائٹ کے علاقے میں قتل کیا ۔دوہزارچودہ میں مفتی عثمان یار خان، محمد علی اورمحمد رفیق کو شاہراہ فیصل پر گاڑی پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کی خفیہ مقام کی نشاندہی پر اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلی گئیں ہیں، برآمد کیا گیا اسلحہ اورگولہ بارود مخالف گروپوں کو ٹارگٹ کرنے کیلیے جمع کیا گیا تھا، گرفتار ملزم 22 سے زائد قتل کی وارداتوں ،اغوا، ڈکیتی، بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا ہے۔
دوسری جانب رینجرز نے پی آئی بی کالونی میں کارروائی کرکے ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلر اشتیاق ماما کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے انیس سو ترانوے سے دوہزار سات تک بلوچ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم اشتاق ماما نے سال انیس سو پچیانوے اور چھیانوے کے دوران ایم کیو ایم حقیقی کے تین کارکنوں کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔