Tag: اسمارٹ سٹی

  • لاہور کو پاکستان کا پہلی جدید ترین اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ

    لاہور کو پاکستان کا پہلی جدید ترین اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ

    شنگھائی : ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کی پہلی جدید ترین اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا، مریم نواز نے ہواوے کو پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوےٹیکنالوجیز کا دورہ کیا اور مختلف شعبے دیکھے جبکہ ہواوے حکام کے ساتھ فیکٹری کا بھی دورہ کیا۔

    اس موقع پر ہواوے کے تعاون سے لاہور کو پاکستان کی پہلی جدید ترین سمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز نے ہواوے کو پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

    وزیراعلیٰ نے ہواوے کو نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے پر تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے پنجاب میں اسمبلنگ اورمینوفیکچرنگ پلانٹ لگانےپربھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب بھر میں ہواوے کو پنجاب ریٹیل آفس اور آفٹر سیل سروس سینٹر قائم کرنے کی بھی پیشکش کی۔

    اس موقع پر مریم نواز کی ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صد وانگ چینگ ڈونگ سے ملاقات ہوئی، جس میں لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کیلئے مختلف تجاویز اور سفارشات پر گفتگو ہوئی اور ای کامرس، ایکو سسٹم پروڈکشن اور صحت وتعلیم سے متعلق پر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مسٹروانگ چینگ ڈونگ نے وزیراعلیٰ مریم نوازاور وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور ہواوے کے پاکستان میں بالخصوص پنجاب میں جاری پراجیکٹس کی تفصیلات بیان کیں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہواوے کے صحت اور تعلیم کےمنصوبوں میں اظہار دلچسپی کرتے ہوئے پنجاب کے مختلف شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ کے بارے میں بتایا۔

    ان کا کہناتھا کہ ڈیجیٹل پنجاب کےوژن کو ہواوے کے اشتراک کارسےعملی شکل دیں گے، ٹیلی کمیونیکیشن اور الیکٹرانک اور ڈیجیٹلائزیشن کے امور میں مستفیدہونا  چاہتے ہیں، پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی جدت سے متعارف کروانے چاہتےہیں۔

  • ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا:  گورنر سندھ

    ہر گلی میں پولیس اہل کار کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا: گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہر گلی میں پولیس اہل کار کو کھڑا نہیں کیا جا سکتا، کراچی کو اسمارٹ سٹی ڈیکلیئر کرنا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کراچی جیسا شہر اسمارٹ سٹی بنے بغیر کنٹرول نہیں ہو سکتا، جتنا جلد کراچی کو سیف سٹی ڈکلیئر کریں گے اتنا اچھا ہوگا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا ایسا نہیں ہو سکتا کہ گلی گلی میں پولیس والے کو کھڑا کر دیں، پیپلز پارٹی کو چاہیے کراچی کو جلد از جلد اسمارٹ سٹی بنائیں۔

    میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا، انھوں نے کہا ہماری حکومت کو ساڑھے 3 سال ہوگئے، جب کہ یہ ساڑھے 3 ماہ میں ہی کہتے تھے کہ حکومت آج گئی کل گئی، لیکن اپوزیشن میں دم ہے نہ ہی پی ڈی ایم میں۔

    گورنر سندھ نے کہا ہم نے پہلے بھی تاریخیں دیکھی ہیں، پی ٹی آئی 5 سال پورے کرے گی بلکہ دوبارہ بھی آئے گی، آج پاکستان جس حالت میں اس کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دور میں پیسہ لوٹا گیا، جس کی وجہ سے ہمیں چند ارب روپے کی خاطر آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔

    انھوں نے کہا اب یہ بے شرموں کی طرح کہتے ہیں کہ عمران خان نے مہنگائی کر دی ہے، جب کہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے امریکا میں 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے۔

  • سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے بڑا اعزاز

    سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے بڑا اعزاز

    ریاض: اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی دارالحکومت کو اسمارٹ سٹی ہونے کا سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض اسمارٹ سٹیز میں شامل ہوگیا، اقوم متحدہ کی خصوصی کمیٹی نے سرٹیفیکیٹ جاری کیا۔ ریاض رائل اتھارٹی کے ماتحت ادارے ریسرچ اینڈ اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر انجینئر عبدالرحمان السلطان نے ایوارڈ وصول کیا۔

    سعودی شہر ریاض کے علاوہ چار اور شہروں کو بھی اسمارٹ سٹی کے سرٹیفیکیٹ جاری کیے گئے جن میں ماسکو، دبئی بھی شامل ہیں، ان شہروں کا انتخاب دنیا بھر کے 100 شہروں میں سے کیا گیا۔

    اسمارٹ سٹی کے انتخاب کا معیار پائیدار ترقی اور ذہانت کے استعمال میں 5 شہروں کی گرانقدر خدمات کو قرار دیا گیا، یہ شہر اسمارٹ سٹیز کے عالمی پیمانے ترتیب دینے کے اہل بھی قرار پائے۔

    اسپین میں اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اسمارٹ سٹیز سرٹیفیکیٹ کے امیدوار شہروں کے استحقاق پر مشاورت کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جولائی 2019 میں انٹرنیشنل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور غیرجانبدار بین الاقوامی تنظیموں کے ایک وفد نے ریاض شہر کا دورہ کر کے اسمارٹ سٹی کے حوالے سے اس کے استحقاق کا جائزہ لیا تھا۔

  • مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا آغاز

    مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا آغاز

    ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے مکہ معظمہ کواسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کوآگے بڑھانے کے لیے مکہ معظمہ اور مشاعر مقدسہ کی رائل اتھارٹی کی طرف سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ معظمہ کے گورنر اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے کہاکہ اس منصوبے کا مقصد حجاج کرام اور معمترین حضرات کو بیت اللہ کی زیارت کے لیے نقل وحمل کے جدید وسائل مہیا کرنا اور ان کی خدمت کے لیے کام کرنے والے اداروں کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کوآگے بڑھانے کے لیے مکہ معظمہ اور مشاعر مقدسہ کی رائل اتھارٹی کی طرف سے بھی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

    ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مکہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کا مقصد مسجد حرام اور بیت اللہ کی زیارت کے لیے آنے والوں کوٹرانسپورٹ کی آرام دہ سہولیات کو یقینی بنانا ہے، مکہ معظمہ کو اسمارٹ سٹی بنانے کے منصوبے کی ذمہ داری ایک جاپانی کمپنی کوسونپی گئی ہے۔

    اس منصوبے کے تحت 2020ءمیں مکہ معظمہ میں 400 اسمارٹ بسیں چلائی جائیں گی جب کہ آئندہ پانچ سال کے دوران ان کی تعداد دو ہزار تک پہنچائی جائے گی۔

    مکہ معظمہ میں جنرل ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی بسوں کے لیے 12 مختلف روٹ تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس کے پہلے مرحلے میں ان روٹس پر400 بسیں چلائی جائیں گی۔ .

    ان میں درمیانے سائز کی 240 بسیں جن کی لمبائی 12 میٹر ہوگی جب کہ 160 بسوں کی 18 میٹر رکھی گئی ہے۔ یہ تمام جاپانی ساختہ ہوں گی۔ان بسوں کو جدید مواصلاتی نظام کے تقاضوں کو پیش نظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ ان بسوں کو دور سے ریمورٹ کنٹرول سسٹم کے ذریعے کنٹرول کرنے کے ساتھ ان میں جی پی ایس نظام نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے بسوں کے مقامات کی نشاندہی کی جاسکے گی۔

    بسوں میں سوار ہونے والوں کی رہ نمائی کے لیے عربی اور انگریزی زبانوں میں اسکرین پر ہدایات چلائی جائیں گی، نیز مسافروں کی سہولت کے لیے ان بسوں میں انٹرنیٹ تک رسائی اور وائی فائی کی سہولت مہیا کی جائے گی، مکہ معظمہ میں اسمارٹ بسوں کے لیے 450 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

  • دبئی دنیا کا پہلا  ’’ پیپر لیس اسمارٹ سٹی‘‘  بنے گا، ولی عہد حمدان بن راشد

    دبئی دنیا کا پہلا ’’ پیپر لیس اسمارٹ سٹی‘‘ بنے گا، ولی عہد حمدان بن راشد

    دبئی : ولی عہد شیخ حمدان بن راشد مختوم نے کہا ہے کہ 2021 کے بعد متحدہ عرب امارات کے سرکاری اداروں میں دفتری امور کے لیے صفحات کا کردار ختم ہوجائے گا اور تمام کام کمپیوٹرائزڈ ہو جائیں گے جن کے پرنٹ آؤٹ کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ’اسمارٹ دبئی آفس‘‘ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد کردہ ایک تقریب میں ’’ پیپر لیس حکمت عملی ‘‘ کو بیان کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی متحدہ عرب امارات کے سربراہ راشد بن المکتوم کی ہدایات پر ترتیب دی گئی ہے جن کا خواب دبئی کو ایک اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنا ہے جہاں جدید تقاضوں کو کماحقہ پورا کیا جائے گا اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا شہر ہوگا۔


     یہ پڑھیں : ولی عہد حمدان بن راشد المکتوم کا دل دہلانے والے خطرناک اسٹنٹ کا مظاہرہ


    ولی عہد حمدان بن راشد نے کہا کہ ’’پیپر لیس اسٹریٹیجی‘‘ کے نفاز کے بعد سرکاری دفاتر میں مراسلات اور دیگر کاموں کے لیے صفحات کے استعمال کے بجائے انٹرنیٹ کا استعمال ہوگا اور تمام تر ڈیٹا اور کام کمپیوٹر پر منتقل ہوجائیں گی۔


     یہ بھی پڑھیں : دبئی، ولی عہد حمدان بن راشد 2017 کی پُر اثر شخصیت منتخب


    انہوں نے مزید کہا کہ اس حکمت عملی کے بعد دبئی کے سرکاری دفاتر میں سالانہ ایک ارب صفحات کا استعمال ختم ہوجائے گا جنہیں ٹھکانے لگانا یا محفوظ رکھنا ایک دشوار کام تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے معاہدہ

    کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے معاہدہ

    کراچی : شہر قائد کو اسمارٹ سٹی بنانے اور یہاں پر جدید سولر اسٹریٹ لائٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور ساتھ ہی مفت وائی فائی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے معاہدہ کرلیا۔

    دبئی کی مقامی ہوٹل میں اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن اوردبئی کے شیخ احمد المخطوم، چائنا (حوائی )کے جوشو ابودا اور امریکہ کی اسمارٹ ٹیکنالوجی کی معروف سرمایہ کار کمپنی کے رک ڈیوڈکے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

    اس معاہدے کے مطابق رواں سال دسمبر میں اس منصوبے کا فیز 1 مکمل کیا جائے گا اور کراچی میں دو تلوار کلفٹن سے شارع فیصل تک جدید سولر اسٹریٹ لائٹس بمعہ سی سی ٹی وی کیمرہ اور فری وائی فائی کی تنصیب کے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 20 ملین امریکن ڈالر جبکہ مکمل لاگت 200 ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی۔اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں یہ تینوں سرمایہ کار کمپنیاں کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کی غرض سے کلفٹن میں دو تلوار سے شارع فیصل تک سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کا آغاز رواں سال دسمبر سے شروع کردیں گی اور ان سولر اسٹریٹ لائٹس کے ساتھ ساتھ ان میں سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نصب ہوں گے۔

    یہ تمام کیمرہ دن اور رات میں ریکارڈنگ کرنے کی مکمل صلاحیت سے ہمکنار ہوں گے جبکہ اس میں فری وائی فائی ڈیوائس بھی منسلک ہوگی، جس سے اس کی رینج میں موجود ہر عام آدمی مفت میں انٹرنیٹ کی سہولت استعمال کرسکے گا۔

    شرجیل انعام میمن نے دبئی میں موجود پاکستانی کمیونیٹی اور میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وژن ہے کہ عوام کو سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج کئے جانے والے معاہدے کے بعد کراچی میں موجود تمام اسٹریٹ لائٹوں کو سولر انرجی پر تبدیل کردیا جائے گا، جس سے توانائی کے بحران سے بھی نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ سولر انرجی کے ذریعے ہم کراچی شہر کو روشن شہر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معاہدے کے تحت تمام اسٹریٹ لائٹس کے ساتھ ایک نائٹ وژن سی سی کیمرہ اور فری وائی فائی ڈیوائس بھی تنصیب کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے سندھ حکومت پہلے ہی سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور ان اقدامات کے باعث کراچی میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کا خاتمہ ہوا ہے اور اس میں ہماری پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں اور ان کے اہلکاروں کا کردار قابل ستائش ہے۔