Tag: اسمارٹ فون

  • واٹس ایپ کا اہم ترین فیچر متعارف

    واٹس ایپ کا اہم ترین فیچر متعارف

    اسمارٹ فون میسنجر واٹس ایپ میں اہم فیچر متعارف کروا دیا گیا، اس فیچر کا صارفین کو شدت سے انتظار تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ میں 2021 کا سب سے بڑا فیچر یعنی بیک وقت متعدد ڈیوائسز میں اس سروس کے استعمال کو پیش کردیا گیا ہے تاہم فی الحال یہ محدود پیمانے پر دستیاب ہوگا۔

    واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائسز سپورٹ کو پبلک بیٹا ورژن میں ٹیسٹ کے لیے متعارف کرایا ہے جو محدود صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    فیس بک کی انجنیئرنگ ویب سائٹ پر ایک بیان میں بتایا گیا کہ فیس بک کی زیر ملکیت ایپ کی جانب سے پہلے بیٹا پروگرام کے محدود صارفین میں ملٹی ڈیوائسز سپورٹ فیچر کی آزمائش کی جائے گی۔

    اگرچہ ابھی بھی واٹس ایپ صارفین میسجنگ سروس کو متعدد پلیٹ فارمز پر استعمال کرسکتے ہیں، مگر انہیں اپنے اسمارٹ فونز کو کنکٹ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے، جس وجہ
    واٹس ایپ کا اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سسٹم ہے۔

    تاہم اب بیٹا ورژن میں صارفین واٹس ایپ کو ایک فون کے ساتھ دیگر 4 لنکڈ ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرسکیں گے، چاہے ان کا فون بند ہی کیوں نہ پڑا ہو۔

    ہر ڈیوائس سے صارف واٹس ایپ اکاؤنٹ کو آزادانہ استعمال کرسکیں گے جبکہ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بھی برقرار رہے گا۔

    فیس بک کے مطابق ملٹی ڈیوائسز سپورٹ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو برقرار رکھنے کے لیے نئی ٹیکنالوجی کو تشکیل دیا گیا، جو کانٹیکٹ نیم اور چیٹ آرکائیوز کا ڈیٹا مختلف ڈیوائسز میں سنک کرنے کے ساتھ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو یقینی بنائے گی۔

  • ٹیکنو موبائل کی جانب سے کیمن سیریز کو TechTalk  شو میں لانچ کر دیا گیا

    ٹیکنو موبائل کی جانب سے کیمن سیریز کو TechTalk شو میں لانچ کر دیا گیا

    پاکستانی موبائل مارکیٹ کے نامور موبائل برانڈ ٹیکنو موبائل کی جانب سے کیمن سیریز کو لانچ کر دیا گیا ہے۔ کیمن سیزیز کو ایک شاندار TechTalk شو میں لانچ کیا گیا۔ جس میں مشہور اداکار اور ٹیک انڈسڑی کے نامور لوگوں نے شرکت کی-

    TechTalk شو ٹیکنو موبائل کے آفیشل فیسبک اور یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا گیا۔

    TechTalk شو میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور اداکار فہد شیخ، ہاجرہ یامین، ٹیک ایکسپرٹ بلال منیر، فوٹوگرافر عمیر بن نثار اور یوٹیوبرراحم پردیسی نے Camon 17 سیریز کے فیچرز پر ٹیک ٹاک کی۔ اور صارفین کو کیمن سیریز کے شاندار فیچرز کے استعمال کے متعلق ٹپس بھی شئیر کیں۔

    کیمن سیریز میں Camon 17 Pro اور Camon 17 شامل ہیں۔

    Camon 17 pro کے خاص فیچرز میں 48MP کا سیلفی کیمرہ جبکہ 64MP کا Ultra Quad کیمرہ، 25W کا چارجر اور 90Hz کا ریفریشنگ ریٹ شامل ہے۔ Camon 17 میں 48MP کا بیک کیمرہ اور MediaTek Helio G85 کا گیمنگ پروسیسر اور 5000mAh کی بیٹری نمایاں ہے۔

    ٹیکنو موبائل کی جانب سے Camon 17 کو 24,999/- روپے کی قیمت جبکہ Camon 17 Pro کو 31,999/- روپے کی قیمت میں متعارف کرایا گیا۔

  • آنکھوں کی جلن اور سر درد، کہیں اس کی وجہ آپ کا اسمارٹ فون تو نہیں؟

    آنکھوں کی جلن اور سر درد، کہیں اس کی وجہ آپ کا اسمارٹ فون تو نہیں؟

    اسمارٹ فون ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے لیکن اس کے نقصانات بے تحاشہ ہیں، اس کا مسلسل استعمال آنکھوں کی جلن اور سر درد کا سبب بن سکتا ہے۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ایک تحقیق میں کہا گیا کہ اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

    ماہرین نے اس حوالے سے چند خطرات کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    سردرد

    اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال سر درد کی وجہ بھی بن سکتا ہے، اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے موبائل سے نقصان دہ شعاعوں کا اخراج اور فون کی تیز لائٹ کے ساتھ آنکھوں کو آرام دیے بغیر موبائل کا مسلسل استعمال کرنا۔

    گھریلو حادثات

    ایسے بہت سے گھریلو حادثات ہوتے ہیں جو فون کو مسلسل دیکھنے کی وجہ سے ہوتے ہیں جیسے کچھ افراد نے خود پر گرم پانی ڈال لیا، فون کا استعمال کرتے ہوئے بعض نے اپنے بچوں کو نظرانداز کیا اور وہ زخمی ہوگئے۔ بعض نے کچھ تیز اوزاروں کا غلط استعمال کیا اور نقصان ہوگیا۔

    آنکھوں میں جلن

    کچھ چینی ڈاکٹروں نے انکشاف کیا ہے کہ اسمارٹ فون کو طویل وقت تک دیکھنا آنکھوں میں جلن کا سبب بن سکتا ہے، جس کا فوری علاج نہ کیا جائے تو وہ بینائی کی کمزوری کا باعث بن سکتا ہے۔

    بچوں میں تنہائی کا احساس

    اس بات کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ہے کہ موبائل فون کے استعال سے بچوں میں تنہائی کی بیماری پیدا ہوتی ہے البتہ اتنا ضرور ہے کہ اس سے بچوں میں تنہائی کی علامات پیدا ہوسکتی ہیں۔

    خاص طور پر اگر بچہ ہمیشہ الگ تھلگ رہتا ہو اور کسی معاشرتی یا اجتماعی کام میں شریک نہ ہوتا ہو، یا اس کا سلوک منفی ہو جیسے ضدی ہونا، چھوٹے بچوں کو مارنا اور بڑوں کی بات نہ ماننا وغیرہ۔

    افسردگی

    آمنے سامنے بات چیت کی عدم موجودگی اور ورچوئل لائف کی وجہ سے ہر ایک دنیا سے الگ تھلگ ہوگیا ہے، لہٰذا جب آپ کو کوئی میسج نہیں کرتا یا آپ کی پوسٹ پر تبصرہ نہیں کرتا تو آپ کو لگتا ہے کہ آپ کو پسند نہیں کیا جا رہا، یوں فون نے حقیقی لوگوں کے ساتھ آپ کی بات چیت کی مہارت کو متاثر کیا ہے۔

    کام پر اثر انداز ہونا

    بہت سے لوگوں کو شکایت ہے کہ فون سے ان کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جب وہ سات بجے سونے کا ارادہ کرتے ہیں تو 12 یا 1 بجے سوتے ہیں کیونکہ وہ بستر پر رہتے ہوئے فون کا استعمال کرتے رہتے ہیں جس سے ان کے روز مرہ کے معمولات پر اثر پڑتا ہے۔

    اسی طرح بہت سے لوگوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ وہ اپنا کام ختم کرنے کا ارادہ کرتے ہیں لیکن اس کے بعد کوئی کلپ یا میسج انہیں اپنی طرف متوجہ کرلیتا ہے جس کے بعد وہ دوبارہ مصروف ہو جاتے ہیں۔

    ماہرین کی تجویز ہے کہ اسمارٹ فون زندگی کا اہم حصہ بن گیا ہے لہٰذا اس کا استعمال ختم تو نہیں کیا جاسکتا لیکن کم سے کم کردیا جائے۔

  • ایک گھنٹے سے زیادہ اسمارٹ فون کا استعمال بچوں کے لیے خطرناک

    ایک گھنٹے سے زیادہ اسمارٹ فون کا استعمال بچوں کے لیے خطرناک

    حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین نے کہا ہے کہ والدین اپنے اسکول جانے والے بچوں کو ایک گھنٹے سے زیادہ اسمارٹ فون استعمال نہ کرنے دیں ورنہ اس کے خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایک تحقیق میں والدین اور بچوں کو بتایا گیا کہ وہ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کو اسکول جانے والے دنوں میں ایک گھنٹے تک اور ویک اینڈ پر چار گھنٹے تک استعمال کرسکتے ہیں۔

    اس تحقیق میں ٹین ایجر بچوں کے انٹرنیٹ کے استعمال کا جائزہ لیا گیا، جس میں سوشل میڈیا یا تفریحی ویڈیو گیمز شامل تھیں۔

    محققین نے والدین کو آگاہ کیا کہ اسکول جانے والے دنوں میں بچوں کو ایک گھنٹے سے زیادہ یہ تفریحی ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے دیں۔

    تحقیقی ٹیم کے سربراہ اور اسسٹنٹ پروفیسر، اسکول آف سوشل ورک اینڈ ریسرچ ایسوسی ایٹ، ویوین انتھونی کے مطابق انٹر ایکٹو ٹیکنالوجی کو زیادہ تر بچوں میں تعلیمی رسائی کے بہترین نتائج کے حصول کے لیے استعمال کیا جانا چاہیئے۔

    کرونا وائرس کی وبا کے دوران اسے دور سے بیٹھ کر تعلیم دینے کے لیے اہم سہولت کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن اس کے ساتھ ساتھ اسے تفریحی مقصد کے طور پر بھی استعمال کیا گیا جس سے بچوں پر تعلیم کے حوالے سے مضر اثرات مرتب ہوئے۔

  • آپ کے سر، گردن اور کندھوں میں درد کی وجہ آپ کا اسمارٹ فون تو نہیں؟

    آپ کے سر، گردن اور کندھوں میں درد کی وجہ آپ کا اسمارٹ فون تو نہیں؟

    کراچی: طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون کے بے تحاشہ استعمال سے ہر عمر کے افراد میں ٹیکسٹ نیک سنڈروم کی شرح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، انہوں نے اس میں کمی کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر بھی تجویز کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر تحسین ریاض نے شرکت کی اور موبائل فون سے ہونے والے طبی نقصانات کے بارے میں بتایا۔

    ڈاکٹر تحسین کا کہنا تھا کہ آج کل کے نوجوانوں میں ٹیکسٹ نیک سنڈروم کی شرح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، اس کی وجہ گردن جھکا کر موبائل فون کا گھنٹوں تک استعمال ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گردن کا قدرتی پوسچر ایسا ہے کہ کانوں کو کندھوں کی سطح پر رکھا جائے، جب کوئی ڈیوائس استعمال کرنے کے لیے گردن کو جھکایا جاتا ہے تو گردن کے مسلز پر دباؤ پڑتا ہے اور ان میں سوزش پیدا ہوتی ہے۔

    ڈاکٹر تحسین کے مطابق اس کی وجہ سے سر، آنکھوں، کندھوں، گردن، ریڑھ کی ہڈی، اور بعض اوقات بازوؤں میں بھی درد ہونے لگتا ہے۔ موبائل فون کو استعمال کرتے وقت گردن جھکا لینے کی پوزیشن کو کچھوے والی پوزیشن بھی کہا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر موبائل فون یا دیگر ڈیوائسز کو معمولی وقت کے لیے استعمال کیا جائے تو ان تکالیف سے بچا جاسکتا ہے تاہم آج کل نوجوان رات رات بھر جاگ موبائل فون استعمال کرتے ہیں جس سے وہ بے خوابی کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔

    ڈاکٹر تحسین نے کہا کہ اس تکلیف سے بچنے کے لیے دوا کرنے سے قبل احتیاطی تدابیر اپنائی جانی ضروری ہیں۔ سب سے پہلے تو کوشش کریں کہ ڈیوائس کو آنکھوں کے لیول پر لے کر آئیں گردن کو نہ جھکائیں۔

    دفاتر میں کام کرنے والے افراد ہر آدھے گھنٹے بعد وقفہ لیں اور گردن کو حرکت دیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کھڑے ہو کر کبھی بھی کام نہ کریں کیونکہ اس سے گردن میں پڑنے والے دباؤ میں اضافہ ہوتا ہے۔

  • اسمارٹ فون کی اسکرین کے اسکریچز ٹھیک ہونا ممکن

    اسمارٹ فون کی اسکرین کے اسکریچز ٹھیک ہونا ممکن

    اسمارٹ فون کی اسکرین پر اسکریچز آجانا جہاں ایک طرف تو فون کو جلد خراب کرنے کا سبب بنتا ہے، تو دوسری طرف اس کی مرمت پر بھی خطیر رقم خرچ ہوسکتی ہے۔

    تاہم اب جنوبی کوریا کے ماہرین نے ایسی تحقیق پیش کی ہے جس کے ذریعے اس اسکریچز کی مرمت کی جاسکتی ہے۔

    کوریا انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے السی کے تیل سے محلول تیار کیا ہے جو فون کے اسکریچز کی مرمت کرسکتا ہے۔

    السی کا تیل کرکٹ بیٹس اور مصوری کے فن پاروں کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ بے رنگ ہوتا ہے۔

    ماہرین نے لیبارٹری میں کیے جانے والے تجربے میں دیکھا کہ جب موبائل فون کی اسکرین کے اسکریچز پر یہ محلول ڈالا گیا تو کچھ وقت کے بعد اسکرین سے اسکریچز غائب ہوگئیں۔

    ماہرین کے مطابق یہ محلول 20 منٹ کے اندر اسکریچز کو 95 فیصد تک درست کردیتا ہے۔

  • ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت

    ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت

    اسلام آباد: ملکی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری کے سلسلے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، موبائل ڈیوائس کی مینوفیکچرنگ سے متعلق ریگولیشنز اور تصدیق کا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل فونز کی تیاری سے متعلق قواعد و ضوابط اور موبائل فونز کی تصدیق کے سلسلے میں ایک ڈرافٹ تیار کر لیا ہے، اس ڈرافٹ کا مقصد موبائل فونز کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دینا ہے۔

    پی ٹی اے کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ اس ڈرافٹ سے موبائل فونز کی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، یہ ڈرافٹ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے، موبائل فونز کی تیاری میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

    پی ٹی اے کے مطابق ڈرافٹ کی تیاری میں ٹیلی کام صارفین اور اسٹیک ہولڈرز سے تاثرات بھی لیے گئے ہیں، عوام بھی اپنے تاثرات 5 اکتوبر 2020 تک جمع کرا سکتے ہیں۔ پی ٹی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ اسمارٹ فونز کی ملکی سطح پر تیاری کے لیے کوشاں ہے۔

    بیرون ملک سے موبائل فون لانے والوں کے لیے خوش خبری، آرڈیننس جاری

    یاد رہے چند دن قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کے اجلاس میں اراکین کمیٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ پی ٹی اے موبائل کمپنیوں کو عوام کو قسطوں پر فون دینے کا پابند کرے، جس پر پی ٹی اے جواب دیا تھا کہ ہم لائسنس دے دیں گے، کمپنیاں خود فور جی سپورٹ فون تیار کریں گی۔ کمیٹی کا مؤقف تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے لیے اسمارٹ فونز تک آسان رسائی ضروری ہے۔ پی ٹی اے نے کہا تھا کہ مقامی سطح پر موبائل تیاری کے لائسنس کا جلد اجرا کیا جائے گا۔

  • اب اسمارٹ فون بھی شوگر کی تشخیص کرسکتا ہے

    اب اسمارٹ فون بھی شوگر کی تشخیص کرسکتا ہے

    کیلی فورنیا: ذیابیطس ایک تیزی سے بڑھتا ہوا مرض ہے جس کی وجہ غیر صحت مند طرز زندگی ہے، ذیابیطس کی اسی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے ایک ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک عام اسمارٹ فون کو بھی ذیابیطس کی تشخیص کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔

    یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے ماہرین نے ایک نئی تکنیک سے اسمارٹ فون کیمرے کو اس قابل بنایا ہے کہ وہ ٹائپ 2 ذیابیطس کی 80 فیصد درستگی سے شناخت کر سکتا ہے، یونیورسٹی کے ماہرین نے ذیابیطس کی شناخت کے لیے ایک خاص الگورتھم بنایا ہے جو کیمرے کی مدد سے ذیابیطس کا نشاندہی کرتا ہے۔

    اس عمل کو طب کی زبان میں فوٹو پلائتھسموگرافی (پی پی جی) کہا جاتا ہے۔ اس تکنیک میں روشنی کو کسی کھال یا بافت (ٹشو) پر ڈالا جاتا ہے جس سے خون کے حجم میں کمی بیشی کو نوٹ کیا جاتا ہے۔

    بالکل اسی طرح سے شہادت کی انگلی پر سینسر لگا کر خون میں آکسیجن کی مقدار اور دھڑکن کو بھی معلوم کیا جاتا ہے۔

    اس کے لیے پہلے ایک الگورتھم بنایا گیا اور پھر غور کیا گیا کہ آیا اسمارٹ فون کیمرہ ذیابیطس کی وجہ سے خون کی رگوں کو پہنچنے والے کسی نقصان یا تباہی کو ظاہر کر سکتا ہے یا نہیں؟

    اس کے بعد پی پی جی کی لاکھوں ریکارڈنگز کو ایک بڑے ڈیٹا بیس میں رکھا گیا اور انہیں تربیت دی گئی تاکہ وہ صحت مند اور بیمار بافتوں کے درمیان فرق کر سکے۔ اس کے بعد پی پی جی ٹیکنالوجی کو ذیابیطس کی شناخت کے لیے استعمال کیا گیا۔

    اس پورے تجربے میں کل 53 ہزار سے زائد 26 لاکھ پی پی جی ریکارڈنگز کو دیکھا گیا اور تمام افراد میں ذیابیطس کی درست شناخت ہوئی۔

    دوسرے تجربے میں لوگوں کے 3 گروہوں کا اسمارٹ فون کیمرے سے جائزہ لیا گیا اور ان کی انگلیوں پر کیمرے لگائے گئے۔ پورے سسٹم نے 80 فیصد درستگی کے ساتھ ذیابیطس کی شناخت کی۔

    اس طرح ماہرین نے اسے کم تکلیف والا ٹیسٹ قرار دیا ہے جس کی بدولت عام اسمارٹ فون کے ذریعے ذیابیطس کی شناخت کی جاسکتی ہے۔

  • حکومت کا خواتین کے لئے  شاندار اعلان

    حکومت کا خواتین کے لئے شاندار اعلان

    اسلام آباد : معاون خصوصی ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ کفالت پروگرام کےتحت خواتین کوآن لائن معاونت دی جا رہی ہے، خواتین کو اسمارٹ فون دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے گرلز ایجوکیشن پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت خواتین کی سماجی ترقی کے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، صحت کے شعبہ میں بھی فاصلہ زیادہ ہے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ حکومت نےپالیسی میکنگ کےلیے اعدادوشمار جمع کرنے کاپہلا کام کیا ، احساس پروگرام میں خواتین کے لیے 50فیصد کوٹہ رکھا ہے، 50 فیصداسکالرشپ خواتین کو دی جائیں گی۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ وسیلہ تعلیم کےتحت پرائمری تعلیم میں خواتین کو برابر کا حصہ دیا ہے، کفالت پروگرام کےتحت خواتین کوآن لائن معاونت دی جا رہی ہے، خواتین کو اسمارٹ فون دیے جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین سےجبری مشقت پرسندھ اور پنجاب کے ساتھ قانون سازی کررہےہیں اور خاندانی منصوبہ بندی کے لیے ٹاسک فورس بنائی ہے، پاکستان میں ایک خاتون کے دس دس بچے ہوتے ہیں ، بچوں میں اضافہ معیشت اور خود خواتین کے لیے نقصان دہ ہے۔

    ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ احساس پروگرام کےتحت نجی شعبےکوبھی ساتھ ملا رہے ہیں، پروگرام پر کورونا کا معاملہ ختم ہوتے ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔

  • چین کی موبائل کمپنیاں گوگل پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کو تیار

    چین کی موبائل کمپنیاں گوگل پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کو تیار

    بیجنگ: چینی موبائل کمپنیاں گوگل کی سروس پلے اسٹور کو بڑا جھٹکا دینے کے لیے اکٹھی ہوگئیں، چینی موبائل کمپنیاں صارفین کی سہولت کے لیے اپنے پلے اسٹور پر کام کر رہی ہیں۔

    خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چینی کمپنیوں نے پلے اسٹور کی اجارہ داری ختم کرنے، اور سافٹ ویئر اور سروسز میں اپنی خدمات میں اضافہ کرنے کے لیے کام شروع کردیا ہے۔

    چینی کمپنیاں ہواوے، شیاؤمی، اوپو اور ویوو ایک ساتھ ایک پلیٹ فارم پر کام کر رہی ہیں جو چین سے باہر موجود ڈویلپرز کو اپنی ایپس بیک وقت ان کمپنیوں کے ایپ اسٹورز میں اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

    یہ کمپنیاں گلوبل ڈویلپر سروس الائنس (جی ڈی ایس اے) کے تحت اکٹھی ہوئی ہیں۔

    چین میں گوگل پلے اسٹور پر پابندی عائد ہے اور وہاں کے اینڈرائیڈ صارفین مختلف ایپ اسٹورز سے ایپس ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جن میں سے بیشتر ہواوے یا اوپو کی ہیں۔

    گوگل پلے اسٹور کی عالمی سطح پر بالا دستی ہواوے کے لیے زیادہ بڑا مسئلہ ہے جو گزشتہ سال امریکی پابندیوں کے نتیجے میں گوگل ایپس اور سروسز بشمول پلے اسٹور کے لائسنس سے محروم ہوگئی تھی۔

    دوسری جانب پلے اسٹور گوگل کی آمدنی کا اہم ذریعہ ہے جس نے گزشتہ سال دنیا بھر میں 8.8 ارب ڈالرز کمائے تاہم اب چینی کمپنیاں پلے اسٹور کی بدولت گوگل کو بڑا جھٹکا دے سکتی ہیں۔

    چین کی یہ سروسز 9 خطوں بشمول بھارت، انڈونیشیا، روس اور ملائیشیا میں متعارف کروائے جانے کا منصوبہ ہے۔

    ابھی تک اسے مارچ میں متعارف کروایا جانا طے ہے تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اس میں تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔