Tag: اسمارٹ کارڈ

  • سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    سابق چیئرمین نادرا طارق ملک سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: ایف آئی اے نے نادرا کے اسمارٹ کارڈ اسکینڈل میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کہا ہے کہ اسمارٹ کارڈ اسکینڈل میں سابق چیئرمین نادرا طارق ملک اور سابق چیف پروجیکٹ ڈائریکٹر گوہر احمد خان سمیت 11 افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی جانب سے بے ضابطگیوں کی نشان دہی کے بعد وزارت داخلہ کی ہدایت پر یہ کارروائی کی ہے، نادرا حکام پر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی رولز کی خلاف ورزی، کک بیکس اور کمیشن کے عوض قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔


    کیا نادرا عوام کو سہولیات دینے میں ناکام ہو رہا ہے؟ ویڈیو رپورٹ


    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مقدمے میں چیف پراجیکٹ آفیسر سمیت دیگر افسران کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، افسران پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور امانت میں خیانت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    نادرا نے اسمارٹ کارڈز کی خریداری مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ قیمت پر کی، مارکیٹ میں فی کارڈ کی قیمت 3 سینٹ تھی جب کہ نادرا نے 99 سینٹ فی کارڈ کے حساب سے خریداری کی۔ 2020 میں فی کارڈ قیمت 68 سینٹ تھی جو 2022 میں اچانک بڑھ کر 99 سینٹ کر دی گئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق ایک مخصوص کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹینڈر کے عمل میں دانستہ تبدیلیاں کی گئیں، اس سلسلے میں مزید تحقیقات بھی جاری ہیں اور نادرا کے مزید افسران کو ملزم نامزد کیا جا سکتا ہے، اور اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ سعودی وزارت حج و عمرہ کی وضاحت

    اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ سعودی وزارت حج و عمرہ کی وضاحت

    ریاض: اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری ہے یا نہیں؟ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے وضاحت جاری کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اسمارٹ کارڈ میں خواتین عازمین کی تصویر ضروری نہیں ہے، خواتین عازمین کو شناخت کے لیے دستاویزات دکھانے ہوں گے۔

    وزارت کے مطابق اسمارٹ کارڈ عازمین کی سہولت کے لیے تیار کیا گیا ہے، عازمین کو مشاعر مقدسہ میں دستاویزی ثبوت ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی، وزارت نے مزید کہا کہ اسمارٹ کارڈ سے عازمین کو متعدد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    گزشتہ روز بھی سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے اہم فیصلے میں کہا گیا تھا کہ محرم کے ساتھ حج درخواست دینے والی خاتون تنہا درخواست منسوخ نہیں کرا سکتی، بطور محرم حج درخواست دینے والے مرد بھی تنہا اسے منسوخ نہیں کرا سکتے۔

    سعودی وزارت نے کہا تھا کہ ارادہ بدلنے کی صورت میں محرم، درخواست گزار دونوں کی درخواست منسوخ ہوگی، خاتون کا محرم شوہر، بھائی، بیٹا اور والد ہو سکتے ہیں۔

    حج انتظامات سے متعلق سعودی وزارت حج کی جانب سے تفصیلات جاری

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں عازمین حج کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق حج سے متعلق 30 سے زائد اداروں کے تعاون سے اسٹریٹیجک اور آپریشنل منصوبے تیار کیے گئے ہیں، حجاج کرام کے لیے کرونا وائرس سے محفوظ رہائش گاہیں تیار کی گئی ہیں۔

    عرفات کے خیموں کے ساتھ منیٰ اور مزدلفہ کی سہولیات بھی تسلی بخش طریقے سے فراہم کی گئی ہیں، دوران حج صحت مند ماحول کی فراہمی اور معاشرتی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا، عازمین حج کو رہائش گاہ سے مطلوبہ مقامات تک لے جانے کے لیے بسوں کا انتظام کر لیا گیا ہے، 50 حاجیوں کی گنجائش والی ایک بس 20 حاجیوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔

    عازمین حج 17 اور 18 جولائی کو پہنچنا شروع ہوں گے۔