Tag: اسمارٹ ہیلمٹ

  • دبئی میں کرونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ

    دبئی میں کرونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ

    ابو ظہبی: دبئی کے صحت حکام نے کرونا وائرس کے متاثرین کی جانچ کے لیے اسمارٹ ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے طبی خدمات کے ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر خلیفہ بن دراس نے بتایا کہ طبی امداد پیش کرنے والے صحت اہلکار مریضوں کو چیک کرتے وقت اسمارٹ ہیلمٹ استعمال کر رہے ہیں۔

    ان کے مطابق اس کے ذریعے وہ اس بات کا پتہ لگا لیتے ہیں کہ کرونا وائرس کا مشتبہ مریض واقعی مرض میں واقعی مبتلا ہے یا نہیں۔

    خلیفہ بن دراس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جیسے ہی صحت اہلکار متعلقہ شخص پر نظر ڈالتا ہے فوراً ہی اسمارٹ ہیلمٹ اس انسان کا درجہ حرارت چیک کرلیتا ہے۔

    ہیلمٹ صحت اہلکار کو اس کے موبائل پر ایس ایم ایس کردیتا ہے جس میں یہ اطلاع ہوتی ہے کہ متعلقہ شخص کے جسم کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہے یا معمول کے مطابق ہے، اگر درجہ حرارت بڑھا ہوا ہوتا ہے تو اس سے پتہ لگا لیا جاتا ہے کہ وہ کرونا وائرس کا ممکنہ مریض ہے۔

    بن دراس کا کہنا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ کی بدولت صحت اہلکاروں کو کررونا وائرس لگنے سے تحفظ حاصل ہوگیا ہے۔

    یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 4 ہزار 521 تک پہنچ چکی ہے، 4 اموات ہوچکی ہیں اور 852 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔

  • موٹر سائیکل سواروں کی زندگی بچانے والا اسمارٹ‌ ہیلمٹ

    موٹر سائیکل سواروں کی زندگی بچانے والا اسمارٹ‌ ہیلمٹ

    موٹر سائیکل کی سواری کے دوران ہیلمٹ نہ پہننا ایک خطرناک عمل ہے جو سوار کو کوئی معمولی سا دھکہ لگنے کی صورت میں بھی سر کو زخمی کر کے موت کے منہ میں پہنچا سکتا ہے۔

    تاہم بعض اوقات کسی خطرناک ایکسڈینٹ کی صورت میں ہیلمٹ بھی جان نہیں بچا سکتا۔

    اسی خطرے سے حفاظت کے لیے ماہرین نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایسی لائٹ تیار کرلی ہے جو ان کے ہیلمٹ کے ساتھ جڑ کر ان کی حرکت کے بارے میں دیگر ڈرائیورز کو آگاہ کرتی ہے جس سے وہ کسی حادثے سے محفوظ رہتے ہیں۔

    موبائل ایپ سے منسلک یہ لائٹ کسی حادثے کی صورت میں ایمرجنسی کال بھی کرتی ہے۔

    ہیلمٹ کی پشت سے منسلک کی جانے والی سرخ رنگ کی یہ لائٹ اس وقت جل اٹھتی ہے جب موٹر سائیکل سوار ایمرجنسی بریک لگائے یا موٹر سائیکل کی رفتار آہستہ کرے۔

    اس سے موٹر سائیکل کے پیچھے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز محتاط ہوجاتے ہیں یوں کسی حادثے سے بچا جاسکتا ہے۔

    اسے استعمال کرنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس کی ایپلی کیشن میں اپنی میڈیکل ہسٹری اور قریبی احباب کے نمبرز محفوظ کردے تاکہ کسی حادثے کی صورت میں ایپ خود کار طریقے سے نہ صرف سوار کے قریبی افراد کو حادثے سے آگاہ کرے بلکہ مطلوبہ طبی امداد کے لیے بھی کال کرے۔

    اس لائٹ کو صرف موٹر سائیکل سواری کے لیے ہی نہیں بلکہ دیگر مہمات کے دوران بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جیسے گھڑ سواری، اسنو بورڈنگ یا ہوور بورڈنگ۔ یہ لائٹ کسی بھی قسم کے ہیلمٹ سے باآسانی منسلک ہوسکتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔