Tag: اسموگ

  • پنجاب کےمختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش‘ سردی کی شدت میں اضافہ

    پنجاب کےمختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش‘ سردی کی شدت میں اضافہ

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، اسموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، صادق آباد، ملتان اور گردو نواح میں رات گئے ہلکی بارش سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔

    دوسری جانب لودھراں، چکوال، چیچہ وطنی اور گردو نواح میں اسموگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، حد نگاہ متاثر ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اسموگ کے دوران شہری ماسک کا ضرور استعمال کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے بند کرنے کا فیصلہ


    یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں صوبہ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ زہریلی اسموگ گزشتہ 2 سالوں سے سردیوں کے موسم میں صوبہ پنجاب کو اپنا نشانہ بنائے رکھتی ہے جس سے حد نگاہ بھی کم ہوجاتی ہے جبکہ شہریوں کو سانس کے مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے۔

  • بھارت نہتے شہریوں پر فائرنگ کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی

    بھارت نہتے شہریوں پر فائرنگ کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی

    ملتان: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے شہریوں پر فائرنگ کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتا ہے، بھارت میں انتخابات کے باعث ایسا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو بھی پابندِ سلاسل کیا گیا۔

    [bs-quote quote=”عافیہ صدیقی کی جو سزا رہ گئی وہ پاکستان میں پوری کی جائے تو فیملی کو آسانی رہے گی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”شاہ محمود قریشی” author_job=”وفاقی وزیر خارجہ”][/bs-quote]

    شاہ محمود قریشی نے عافیہ صدیقہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ کے لیے سفارتی سطح پر جو کچھ کر سکیں کریں گے، وہ قوم کی بیٹی ہے، عافیہ صدیقی کی جو سزا رہ گئی وہ پاکستان میں پوری کی جائے تو فیملی کو آسانی رہے گی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ امریکا کو کہا ہے عافیہ صدیقی کو جائز قانونی حق دیا جائے، امریکی قوانین کو سامنے رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، شکیل آفریدی کے بارے میں پاکستان کا ٹھوس مؤقف ہے، اس کو ٹھوس شواہد پر سزا ملی ہے، ایسے سودے بازیاں نہیں ہوتیں۔

    وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن لانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو امداد کر سکتے ہیں کر رہے ہیں، مذاکرات کا بھی آغاز ہو گیا، افانستان میں اشرف غنی، عبد اللہ عبد اللہ سے مذاکرات ہوئے، ہر اس کوشش کا ساتھ دیں گے جو افغانستان میں امن میں مدد گار ثابت ہو۔ کوشش کر رہے ہیں خطے کی دیگر قوتوں کا بھی تعاون حاصل کیا جائے، ریجنل اپروچ کے ساتھ بڑھنا چاہتے ہیں، روس خطے کا اہم ملک ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ایل او سی: بھارتی فائرنگ سے چار شہری شدید زخمی، پاک فوج کا بھرپور جواب


    انھوں نے کہا ’ایران پر پابندیاں لگ رہی ہیں جو تیل پیدا کرنے والا ملک ہے، مسلم ممالک میں کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں، یمن میں امن چاہتے ہیں، مشرقِ وسطیٰ میں امن بہت ضروری ہے۔‘

    [bs-quote quote=”بھارت میں دھان کی فصل جلائے جانے کی وجہ سے لاہور میں اسموگ خطرناک حد تک بڑھی۔” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_job=”شاہ محمود”][/bs-quote]

    شاہ محمود قریشی نے کہا ’نیب آزاد ادارہ ہے، اس پر اثر انداز نہیں ہو سکتے، نیب انکوائری کیسز اختتام کے قریب ہیں، جن کے خلاف ہیں ان کو دفاع کا مکمل حق ہے، دفاع کریں، ن لیگ، پیپلز پارٹی ذات و مفاد سے اوپر اٹھ کر سوچیں، جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں ہماری غیر مشروط مدد کریں۔‘

    انھوں نے کہا کہ لاہور میں اسموگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، بھارت میں دھان کی فصل کو جلایا جاتا ہے، ماحول پر پہلے بالکل توجہ نہیں دی گئی۔

  • زہریلا دھواں: دہلی آلودہ ترین شہر قرار، سالانہ 10 لاکھ بھارتی ہلاک ہونے لگے، عالمی رپورٹ

    زہریلا دھواں: دہلی آلودہ ترین شہر قرار، سالانہ 10 لاکھ بھارتی ہلاک ہونے لگے، عالمی رپورٹ

    نئی دہلی: عالمی ادارہ صحت نے بھارتی دارالحکومت کی فضا کو آلودہ ترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سال اسموگ کے باعث 10 لاکھ سے زائد شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نومبر کا آغاز ہوتے ہی ہرسال بھارت کے مختلف شہروں میں اسموگ (زہریلے دھوا) تشویش ناک حد تک بڑھ جاتا ہے، ماہرین کے مطابق تغیراتی تبدیلیوں سے نئی دہلی سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

    بھارت کی سپریم کورٹ نے نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے  پیش نظر دیوالی کے موقع پر آتش بازی کا وقت رات 8 سے 10 بجے تک مقرر کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

    مزید پڑھیں: دنیا میں ہرسال 70 لاکھ افرادفضائی آلودگی کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں

    عدالتی حکم میں حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ دو گھنٹے سے پہلے یا بعد میں آتش بازی کرنے والے افراد کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

    عالمی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نومبر کے آغاز ہوتے ہی اسموگ کی وجہ سے 2 کروڑ سے زائد بھارتی متاثر ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں دکھایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے گنگارام اسپتال کے سرجن گوپی ناتھ کا کہنا تھا کہ ’دہلی کی آلودہ ہوا شہریوں کے لیے سزائے موت کے مترادف ہے کیونکہ گھروں سے باہر نکل کر ہم زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہ سکتے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’اسموگ سے متاثرہ افراد کو ٹی بی اور سینے کے مختلف امراض لاحق ہوجاتے ہیں اور یہ اس قدر بڑھتے ہیں کہ سیکڑوں لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: فضائی آلودگی جان لینے اور بھاری مالی نقصان پہنچانے کا سبب

    گوپی ناتھ کا کہنا تھا کہ ’دیوالی کی وجہ سے شہر کی فضا مزید آلودہ ہوجائے گی، اسپتال سے گھر جانے والا مریض آتش بازی سے ضرور متاثر ہوا اور ممکن ہے وہ پھیپھڑوں کے کسی مرض میں مبتلا ہوجائے‘۔

  • اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے بند کرنے کا فیصلہ

    اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے بند کرنے کا فیصلہ

    ملتان: صوبہ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات نے اسموگ کے پیش نظر 2 ہزار اینٹوں کے بھٹے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فضا میں بدترین آلودگی پھیلانے والے یہ بھٹے 20 اکتوبر سے 31 دسمبر تک بند رکھے جائیں گے۔ ان بھٹوں کی زیادہ تر تعداد جنوبی پنجاب میں واقع ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    اس بارے میں محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ یہ بھٹے روایتی طریقے استعمال کر رہے ہیں جو فضا میں بے تحاشہ آلودگی اور زہریلا دھواں پھیلاتے ہیں۔ یہ دھواں اسموگ میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ صرف ملتان میں ڈھائی ہزار سے زائد بھٹے موجود ہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب ہے۔

    ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران جانوروں کے چارے کو جلانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس پابندی کو یقینی بنائیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے میں ان بھٹوں کے لیے زگ زیگ ٹیکنالوجی متعارف کروا دی گئی اور جلد ہی اسے تمام بھٹوں کے لیے ضروری قرار دے دیا جائے جس کے بعد روایتی طریقے سے چلائے جانے والے بھٹے بند کر دیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ اینٹوں کے بھٹے نہایت آلودہ اور زہریلا دھواں خارج کرتے ہیں جو ماحول اور انسانی صحت کے لیے بے حد خطرناک ہوتی ہے۔

    زگ زیگ ٹیکنالوجی کے باعث اس دھوئیں کے اخراج میں 40 فیصد کمی ہوجاتی ہے۔

    دوسری جانب زہریلی اسموگ گزشتہ 2 سالوں سے سردیوں کے موسم میں صوبہ پنجاب کو اپنا نشانہ بنائے رکھتی ہے جس سے حد نگاہ بھی کم ہوجاتی ہے جبکہ شہریوں کو سانس کے مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے۔

  • آئندہ ہفتے ملک میں بارش کی پیشگوئی،اسموگ ختم ہونے کا امکان

    آئندہ ہفتے ملک میں بارش کی پیشگوئی،اسموگ ختم ہونے کا امکان

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتےملک میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے، جس کے بعد اسموگ ختم ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم بدلنے لگا ہے، سردی نے آنے کا اشارہ دے دیا، محمکہ موسمیات نے اتوار سے بلوچستان اور سندھ میں بارش کی پیش گوئی کردی، جس سے اسموگ میں کافی حد تک کمی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہوگی، اتوار کی رات سے موسم بدل رہا ہے ، بلوچستان اور سندھ میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اگلے ہفتے کی شروعات خیبرپختونخواہ ،فاٹا ، اسلام آباد، بالائی پنجاب ،کشمیراور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری اور بارش سے ہوگی۔

    بارشوں کی وجہ سے اسموگ کی شدت میں کافی حد تک کمی متوقع ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کےدوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور،فیصل آباد ، ملتان سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ چھائے رہے گی جبکہ ڈی آئی خان، پشاور اور سکھر میں رات اورصبح کےاوقا ت میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے سندھ کے چند مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چارڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

    خیال رہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہیں اور شہریوں کومشکلات کا سامنا ہے جبکہ ،اسموگ کی شدت سے گلےاورسانس کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • نئی دہلی: زہریلی اسموگ خطرناک سطح پر، مصنوعی بارش کروانے کا فیصلہ

    نئی دہلی: زہریلی اسموگ خطرناک سطح پر، مصنوعی بارش کروانے کا فیصلہ

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں زہریلی اسموگ کا راج جاری ہے۔ اسموگ کی وجہ سے دہلی میں اسکول بھی بند کروا دیے گئے۔ حکام نے زہر آلود اسموگ سے بچنے کے لیے مصنوعی بارش کروانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسموگ اپنی خطرناک ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق نئی دہلی کی فضا میں سانس لینا دن میں 45 سگریٹ پینے کے برابر ہوگیا ہے۔

    مزید پڑھیں: زہریلی اسموگ سے کیسے بچا جائے؟

    دہلی کے وزیر اعلیٰ نے شہر کو گیس چیمبر قرار دے دیا جبکہ انتظامیہ نے دارالحکومت میں اسموگ ایمرجنسی بھی نافذ کردی جس کے تحت اسکول بند کروا دیے گئے۔

    انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شہر میں بڑے ٹرکوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ بیشتر تعمیراتی کام بھی فی الحال روک دیے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: زہریلی اسموگ سے خود کو بچائیں

    ماہرین کے مطابق اس خطرناک زہریلی اسموگ میں سیسہ، سنکھیا اور پارے کے ذرات بھی شامل ہیں جو پھیپھڑوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کےمطابق حکومت اسموگ سے بچنے کے لیے دہلی میں مصنوعی بارش کروانے پر غور کر رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں اسموگ کا راج ،اسکول کے اوقات تبدیل کردیے گئے

    پنجاب میں اسموگ کا راج ،اسکول کے اوقات تبدیل کردیے گئے

    لاہور : پنجاب میں اسموگ کے باعث اسکول کے اوقات تبدیل کر دیے گئے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اسموگ سے بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں اسموگ کا راج ہے، محکمہ تعلیم پنجاب نے اسموگ کےباعث اسکولوں کے اوقات تبدیل کر دیئے، اسکول کل سے نو بجے کھیلں گے اور ڈھائی بجے چھٹی ہوگی۔

    صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے اسکول مالکان کو خبردار کیا اوقات تبدیل نہ کئے تو کارروائی ہوگی۔

    ڈاکٹرز نے بھی خبردار کیا ہے اسموگ سے خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

    دوسری جانب اسموگ کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، پنجاب کے اسپتالوں میں آنکھ ناک کان اور گلے کے امراض کی شکایت لے کر آنے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر امیر معالجین کا کہنا ہے کہ اسموگ سے ہونے والے امراض سے بچنے کے لئے احتیاط ضروری ہے، اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آگاہی کیمپس اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

    اسموگ نے جہاں دیگر معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا ہے وہیں مواصلاتی نظام کو بھی درہم برھم کر دیا ہے۔ موٹر وے سولہ گھنٹوں سے زائد ٹریفک کے لیے بندرہی اور مسافر اپنی منزلوں تک نہیں پہنچ پائے، فضا میں چھائی دھند اور اسموگ کے باعث ناصرف موٹروے بلکہ لاہور ایئرپورٹ بھی بارہ گھنٹوں تک پروازوں کے لئے بند رہا۔

    موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ ان دنوں میں سفر سے پہلے اُن کے اسموگ انفارمیشن سنٹر پررابطہ کریں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں زہریلی اسموگ: سیکریٹری ماحولیات کی عدالت میں طلبی

    پنجاب میں زہریلی اسموگ: سیکریٹری ماحولیات کی عدالت میں طلبی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پھیلتی زہریلی اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ عدالت نے حفاظتی اقدامات سے متعلق تحریری رپورٹ طلب کرلی جبکہ سیکریٹری ماحولیات بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات نہ کرنے کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گذشتہ برس نومبر میں اسموگ کے نتیجے میں شہری مختلف امراض میں مبتلا ہوگئے مگر حکومت نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے اور اسموگ کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے۔

    مزید پڑھیں: زہریلی اسموگ سے بچیں

    سماعت میں سیکریٹری ماحولیات عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو آگاہ کیا کہ بھارت میں فصل خریف کی کٹائی کے بعد پھوک کو آگ لگا دی گئی جس سے اسموگ پیدا ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ موسم کی تبدیلی کے نتیجے میں زمین ٹھنڈی ہونے اور ہوا میں نمی کی کمی سے ذرات کی تعداد میں اضافے سے اسموگ پیدا ہوتا ہے۔

    سیکریٹری ماحولیات نے اسموگ سے نمٹنے کے لیے منظور کردہ پالیسی عدالت میں پیش کی اور کہا کہ اسموگ میں کمی کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

    عدالت نے سوال کیا کہ بتایا جائے ایک سال میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے گئے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اسموگ کے متعلق حکومتی اقدامات میں سنجیدگی نظر نہیں آتی۔

    لاہور ہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے اسموگ کے خاتمے اور اس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب میں دھند کا راج‘ حادثات میں 3 افراد جاں بحق

    پنجاب میں دھند کا راج‘ حادثات میں 3 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں شدید دھند نے عوام کو پریشان کردیا جبکہ دھند کے باعث مختلف حادثات میں 3 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ9 افراد زخمی ہوگئے۔

    بہاولپور میں ٹیل والہ روڈ پر دھند کے باعث موٹرسائیکل بس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    دوسری جانب اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث وین اوڑ ٹریلر اور موٹرسائیکل ٹکرا گئے، حادثے میں خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے آلودہ دھند اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی تھی جبکہ فصلوں ، ٹائروں اور کوڑے کو آگ لگانے پربھی پابندی عائد کی گئی تھی۔


    پنجاب میں شدید دھند‘ مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 32 زخمی


    یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 32 افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پنجاب اورکے پی کےمیں اسموگ، بجلی کا نظام بری طرح متاثر

    پنجاب اورکے پی کےمیں اسموگ، بجلی کا نظام بری طرح متاثر

    لاہور : پنجاب اور کے پی کے میں اسموگ کے باعث معمولات زندگی کے علاوہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، سسٹم کوٹرپنگ سے بچانے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں آلودہ دھند کے باعث جہاں‌ کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے وہیں بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے، گزشتہ روز گیارہ مین لائنز ٹرپ کر گئیں، ان میں پانچ سو اور دو سو بیس کے وی کی لائنز شامل تھیں تاہم مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرپنگ سے بچنے کیلئے ٹرانشمیشن لائنز کی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

    بریک ڈاون کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بجلی فراہمی کی صورتحال خراب رہی، لاہورمیں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جس نے شہریوں کو دہری اذیت کا سامنا ہے۔

    لیسکو کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بڑے شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے، ملک میں بجلی کی طلب 12 ہزار میگا واٹ جبکہ پیداوار 10 ہزار میگاواٹ ہے۔

    حکومت کی جانب سے فرنس آئل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹس بند کئے جانے کے باعث طلب و رسد کا نظام عدم توازن کا شکار ہوا۔


    مزید پڑھیں :  بجلی کی پیداوار میں کمی، لوڈشیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ


    دوسری جانب سندھ کے کئی شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، سوئی ناردرن گیس کمپنی نے پاور پلانٹس کو دو سو ایم ایم سی ایف گیس بند کر دی، جس سے چشمہ پاور پلانٹ ایک ، دو اور تین نے کام چھوڑ دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈیزل پر چلنے والے مہنگے پاور پلانٹ سے بھی پیداوار نہیں ہو رہی، تربیلا اور منگلا ڈیم سے بڑے پیمانے پر پانی کا اخراج ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہائیڈل پیداوار صرف ستائیس سو میگاواٹ رہ گئی ہے۔

    ، خیال رہے کہ پنجاب سمیت ملک کےمختلف علاقےشدید دھند اوراسموگ کی لپیٹ میں ہیں، گرد آلود غبار نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ آلودہ دھند بیماریوں کا سبب بن رہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔