کراچی (13 جولائی 2025): پولیس نے چھالیہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی یہ چھالیہ ایک ٹرک کے ذریعہ سیمنٹ کی بوریوں میں چھپا کر لائی جا رہی تھی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع کیماڑی میں موچکو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور چھالیہ کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔
کارروائی کے حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا ہے کہ ٹرک سے تین ہزار کلو سے زائد چھالیہ برآمد کر کے ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ چھالیہ سیمنٹ کی بوریوں میں چھپا کر کراچی لائی جا رہی تھی اور سیمنٹ لے جانے کی آڑ میں اس چھالیہ کو اسمگل کیا جا رہا تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا تھا کہ چھالیہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے مزید کارکنوں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ چھالیہ کو پان میں استعمال کرنے کے ساتھ اس کا بڑا استعمال مضر صحت گٹکا بنانے میں بھی ہوتا ہے، جو شہریوں میں منہ کا کینسر پھیلانے کا سب سے بڑا سبب ہے۔
اس کے مضر استعمال کے باعث ہی حکومت نے اس پر عرصہ دراز سے پابندی عائد کی ہوئی ہے اور متعدد کارروائیوں میں کروڑوں روپے کی چھالیہ ضبط اور درجنوں ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔
رواں برس مئی میں انسداددہشت گردی عدالت نے چھالیہ اسمگلرز کو 35 سال قید کی سزا کا حکم سناتے ہوئے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
چھالیہ اسمگل کرنے والوں کو 35 سال قید کی سزا کا حکم
انٹرنیشنل ایجنسی فار ریسرچ آن کینسر کا 2022 میں کی جانے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ایک سال میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد منہ کے کینسر کا شکار ہوئے اور ایک تہائی کینسر کی وجہ تمباکو اور چھالیہ ہے۔