Tag: اسمگلرز

  • چھالیہ اسمگل کرنے والوں کو 35 سال قید کی سزا کا حکم

    چھالیہ اسمگل کرنے والوں کو 35 سال قید کی سزا کا حکم

    کراچی: انسداددہشت گردی عدالت کی جانب سے چھالیہ اسمگلرز کو 35 سال قید کی سزا کا حکم سناتے ہوئے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم امین اللہ اور سمیع اللہ پر 2لاکھ 80 ہزار فی کس جرمانہ بھی عائد کیا، فیصلے کے فوراً بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کےخلاف کسٹم حکام نے یکم اپریل 2024 کو مقدمہ درج کرایا تھا۔

    پراسیکیوٹر نے بتایا کہ حب سے کراچی چھالیہ اسمگل کرنے کی اطلاعات ملی تھیں، کسٹم حکام نے نادرن بائی پاس پر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔

    ملزمان سے 70 بوری چھالیہ برآمد ہوئی، ملزمان کو لےکر حکام موچکو کے قریب پہنچی تو وہاں 25 سے 30 مسلح لوگوں نے حملہ کردیا۔

    پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ فائرنگ تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہوا، مسلح افراد اس تصادم میں ملزمان کو چھڑا کرلے گئے۔

    ملزمان کےخلاف موچکو تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا، کچھ دن کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/chhaaliya-betel-nut-karachi-dumper-truck/

  • اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار

    اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار

    اسلام آباد: انسداد منشیات کی فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد اور کراچی کے ائیر پورٹس پر کریک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انٹیلی جنس اطلاع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کریک ڈاؤن کیا، کارروائی میں بحرین جانے والا بین الاقوامی اسمگلروں کا خاندانی گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ 3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان نے اپنے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسول کی موجودگی کا اعتراف کر لیا۔

    اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کو اسپتال منتقل کر کے کیپسولز برآمد کر لیے گئے، ملزمان سے مجموعی طور پر 575 ہیروئن اور 159 آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیے گئے۔

    گرفتار افراد کا تعلق پشاور، مردان اور چارسدہ سے ہے۔

    دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے جناح ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے پیٹ سے 91 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرلیے۔ برآمد ہیروئن کا مجموعی وزن 1 کلو 170 گرام ہے۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر موقع پر موجود سہولت کار بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، دونوں ملزمان کا تعلق منشیات فروش گروہ سے ہے۔

    ملزمان لاہور کے رہائشی تھے جو چین کے لیے روانہ ہو رہے تھے، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

  • چرسی چوہے 200 کلو بھنگ ہڑپ کر گئے

    چرسی چوہے 200 کلو بھنگ ہڑپ کر گئے

    اتر پردیش: بھارت میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے الزام لگایا ہے کہ  اسمگلرز سے پکڑی گئی 200 کلو بھنگ چوہے کھا گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر ماتھورا میں پولیس نے اسمگلرز سے پکڑ کر تھانوں میں رکھی گئی تقریباً 200 کلو گرام بھنگ کھانے کا الزام چوہوں پر لگایا ہے۔

    ریاست اتر پردیش کی ایک عدالت نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ کے کیس میں ثبوت کے طور پر پکڑی گئی منشیات عدالت میں پیش کریں، جس پر پولیس نے بتایا کہ چوہوں نےضبط شدہ 200 کلو گرام بھنگ میں سے 195 کلو گرام بھنگ کھا کر ختم کردی۔

    عدالت کے جج سنجے چوہدری  نے ایک حکم میں کہا کہ جب عدالت نے پولیس سے ضبط شدہ منشیات کو ثبوت کے طور پر پیش کرنے کو کہا تو بتایا گیا کہ چوہوں نے 195 کلو گرام بھنگ کھا کر ختم کردی۔

    یہ بھی پڑھیں: چوہے بینک کے لاکھوں روپے کُتر گئے

    اس کے علاوہ ایک اور کیس میں بھی جس میں 386 کلو گرام منشیات پکڑی گئی تھی،جب عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا تو پولیس نے رپورٹ درج کرائی کہ یہ بھنگ بھی مبینہ طور پر چوہوں نے کھا لی۔

    جج نے کہا کہ اس معاملے سے نمٹنے کا پولیس کے پاس کوئی مہارت نہیں اس لیے ضبط شدہ منشیات کو  ایسے بے خوف چوہوں سے بچانے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اسے  ریسرچ لیبز اور میڈیسن فرمز کو  فروخت کردیا جائے اور حاصل ہونے والی رقم حکومت کو دی جائے۔

  • اسمگلرز نے بچنے کے لیے کشتی کو آگ لگا دی، ہزار کلو گرام کرسٹل آئس سمندر بُرد

    اسمگلرز نے بچنے کے لیے کشتی کو آگ لگا دی، ہزار کلو گرام کرسٹل آئس سمندر بُرد

    کراچی: کھلے سمندر میں محافظوں سے بچنے کے لیے اسمگلرز نے کشتی کو آگ لگا دی، جس کی وجہ سے ہزار کلو گرام کرسٹل آئس سمندر بُرد ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز نے کھلے سمندر میں مشترکہ انٹیلیجینس آپریشن کیا، جس میں انھوں نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی کھیپ پکڑ لی، اور اسمگلروں کو بھی دھر لیا گیا۔

    میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے دو مختلف کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی ہے۔

    کھلے سمندر میں آپریشن کے دوران منشیات کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی، اسمگلرز نے شواہد مٹانے کے لیے کشتی کو آگ بھی لگا دی۔

    تاہم میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کشتی کے عملے کو بچا لیا، آپریشن کے دوران 8 اسمگلرز گرفتار کر کے 15 کلو گرام کرسٹل آئس برآمد کی گئی، جب کہ کشتی اور 1000 کلو گرام کرسٹل آئس سمندر میں ڈوب گئی۔

    پی ایم ایس اے کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی مالیت ساڑھے چار کروڑ روپے ہے۔

    میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گوادر کے سمندر میں بھی ایک اور کارروائی کی، جس میں بھی بھاری مقدار میں منشیات پکڑی گئی، مشکوک کشتی سے 40 لاکھ مالیت کی 28 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

  • کھلے سمندر میں‌ کارروائی، اسمگلرز گرفتار

    کھلے سمندر میں‌ کارروائی، اسمگلرز گرفتار

    کراچی: لسبیلہ کے ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں ایک کارروائی کے دوران کسٹمز گوادر نے بڑی مقدار میں غیر ملکی شراب پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز گوادر نے کھلے سمندر میں غیر ملکی شراب کے خلاف بڑی کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ شراب پکڑ لی۔

    کارروائی میں کسٹم گوادر کی معاونت پاکستان نیوی نے کی، لسبیلہ کے ساحلی علاقے وندر ڈام کے کھلے سمندر میں کشتی سے 4 ہزار 600 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئیں، کارروائی میں 5 اسمگلرز بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اسمگلرز شراب کی کھیپ بیرون ملک سے پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، برآمد شراب کی مالیت 7 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

    کلکٹر کسٹم گوادر چودھری جاوید نے بتایا کہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس کے لیے کسٹمز حکام کئی دنوں سے ریکی کر رہے تھے، پاکستان نیوی کے اہل کار بھی بڑی مستعدی سے تمام کارروائی میں شریک رہے۔

    واضح رہے جب سے کلیکٹر گودار چودھری جاوید نے چارج سنبھالا ہے، گودار کلیکٹریٹ نے شراب سمیت منشیات کے خلاف کئی بڑی کارروائیاں کی ہیں۔

    چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان محمد صادق اور کلیکٹر کسٹمز چودھری جاوید نے ایڈیشنل کلیکٹر کامران علی رانا، ڈپٹی کلیکٹر فرحت اللہ خان، سپرنٹنڈنٹ نثارشیخ، اور ٹیم کو بہترین کارکردگی پر سراہا۔