Tag: اسمگلنگ

  • سعودی عرب: منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 37 ارکان گرفتار

    سعودی عرب: منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 37 ارکان گرفتار

    سعودی عرب میں سکیورٹی حکام کی جانب سے ریاض اور حائل سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کریمنل گینگ کے 37 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں وزارت داخلہ کے 6 ملازمین شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زیر حراست افراد میں 28 سعودی، 5 شامی، دو ایتھوپین، اور دو یمنی شہری شامل ہیں، جو نشہ آور اشیا اور منشیات کے حصول اور اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔

    اس کے علاوہ سعودی شہریوں میں وزارت دفاع اور وزارت نیشنل گارڈ کے دو، دو جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت صحت کا ایک اہلکار شامل ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے ذریعے مملکت اور اس کے نوجوانوں کو ہدف بنانے کی تمام مجرمانہ سازشوں کے خلاف چوکس ہیں۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں جازان سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے 3 غیر ملکیوں کو گرفتار حراست میں لیا گیا تھا۔

    تینوں غیر ملکی شہری غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے۔ مذکورہ افراد کی گرفتاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے ہوئی ہے۔

    ایک صارف کی جانب سے مذکورہ افراد کی ویڈیو بناکر شیئر کی گئی تھی اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا تھا کہ یہ لوگ مشکوک افراد ہیں۔

    سعودی عرب: سنگین جرم میں تین غیر ملکیوں کو سزائے موت

    جازان پولیس کے مطابق مذکورہ ویڈیو کی بنا پر تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی اور ریکارڈ وقت میں تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار شدگان کو تفتیش کے بعد متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    جازان پولیس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔

  • اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا

    اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا

    اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے اور قومی اسمبلی سے کسٹم ایکٹ 1969 میں اہم ترامیم منظور کر لی گئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی سے کسٹم ایکٹ 1969 میں اہم ترامیم منظور کرا لی ہیں۔ جس کے تحت جدید سسٹم نافذ کیا جائے گا جب کہ ملزمان کے لیے جرمانوں اور سزاؤں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

    قومی اسمبلی کی جانب سے کسٹم ایکٹ میں منظور ترامیم کے مطابق اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کارگو ٹریکنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی ڈیجیٹل نگرانی کے لیے ٹریکنگ ڈیوائسز لگائی جائیں گی۔ ان ڈیوائسز سے چھیڑ چھاڑ پر 10 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ 6 ماہ قید بھی ہوگی۔

    بل میں سامان کی درآمد اور برآمد پر ای بلٹی سسٹم لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ ای بلٹی نہ کرانے پر 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔

    ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ اسمگل شدہ سامان کی نیلامی سے حاصل رقم "کسٹمز کمانڈ فنڈ” میں جائے گی اور یہ فنڈز انسداد اسمگلنگ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوں گے۔

    بل کے مطابق کسٹمز بورڈ کسی چیک پوسٹ کو ’’ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن‘‘ قرار دے سکے گا۔ اس کے لیے قانون میں شق 225 اور 226 کا اضافہ جب کہ ڈیجیٹل انفورسمنٹ کے ضوابط وضع ہوں گے۔

  • سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، سونے کے بسکٹ برآمد

    سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان گرفتار، سونے کے بسکٹ برآمد

    ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کر لئے، چھاپے کے دوران 11 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار کیش بھی ملا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے صدر گولڈ ٹاور اور گولڈ سینٹر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ اور غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث 5 ملزمان گرفتار کر لئے، کارروائی کے دوران سونے کے 17 بسکٹ برآمد کرلیے گئے اور برآمد ہونے والا ہر سونے کا بسکٹ 10 تولے کا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق اطلاع تھی سلیم عرف بابا اور باسط اکبانی سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، سونے کی اسمگلنگ اور خریدوفروخت کسٹمز ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

    حکام نے بتایا کہ غیر ملکی ادائیگیاں حوالہ ہنڈی کے ذریعے کی جارہی تھی جو کہ فارن ایکسچینج ریگولیشن (ترمیمی) ایکٹ 2020 کی خلاف ورزی ہے۔

    ایف آئی اے حکام نے کہا کہ صدر گولڈ ٹاور کی نویں منزل پر دفتر نمبر 910 اور 911 میں کارروائی کی گئی، گولڈ سینٹر کی دکان نمبر 46 پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپے کے دوران سونے کی خریدوفروخت کا ریکارڈ بھی برآمد ہوا، ایک رجسٹر میں خریدوفروخت اور حوالے سے متعلق اندراج تھا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ناصر کھتری، رفیق خانانی، نوید اسلم، سعید اللہ اور عرفان رحمت اللہ شامل ہیں جبکہ سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اس کے علاوہ سلیم بابا اور باسط اکبانی عرف حیدرآبادی فرار ہوگئے۔

    https://urdu.arynews.tv/fia-arrests-suspect-involved-in-human-trafficking/

  • سونا چھپانے کا طریقہ کہاں سے سیکھا؟ بھارتی اداکارہ کا بڑا انکشاف

    سونا چھپانے کا طریقہ کہاں سے سیکھا؟ بھارتی اداکارہ کا بڑا انکشاف

    ممبئی: کیمپگوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سونا اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کنڑ فلم انڈسٹری کی اداکارہ رانیا راؤ نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیا ہے۔

    14 کلو گرام سے زائد سونے کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار بھارت کی تمل فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور آئی پی ایس افسر کی بیٹی رانیا راؤ نے ایک حیران کرنے والا انکشاف کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ دوران حراست ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کی جانب سے کی گئی تفتیش کے دوران رانیا راؤ نے انکشاف کیا کہ مجھے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ٹرمینل 3 کے گیٹ اے سے سونا لینے کے لیے بذریعہ انٹرنیٹ کال موصول ہوئی تھیں، اس سفر سے 2 ہفتے قبل ہی غیر ملکی نمبرز سے کال آرہی تھی جس کے بعد میں نے پہلی بار سونا اسمگل کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: رانیا راؤ نے پولیس کو کیا بتایا؟

    رانیا راؤ نے سونا اسمگل کرنے کا اعتراف کر لیا

    اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ائیرپورٹ کے ڈائننگ لاؤنج میں سفید گاؤن میں ملبوس ایک نامعلوم شخص نے دو پیکٹ دیے تھے جبکہ میں نے سونا چھپانے کا طریقہ یوٹیوب سے سیکھا تھا۔

    رانیا نے کہا کہ اس نے اسمگلنگ کا طریقہ یوٹیوب پر دیکھا اور اس کے بعد اسی تکنیک پر عمل کیا، رانیا کا کہنا تھا کہ وہ اسمگلنگ کے لیے استعمال کیے جانے والے راستوں اور چھپانے کے طریقوں کو جاننے کے لیے آن لائن ویڈیو ٹیوٹوریلس کا سہارا لے رہی تھی۔

     بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹ پر رانیا راؤ  نامعلوم شخص سے سونا لینے کے بعد اسے واش روم میں لے گئیں، بعد ازاں  اداکارہ نے کپڑوں میں ٹیپ سے چپکا کر سونا اسمگل  کرنے کی کوشش کی تھی، رانیا  نے اپنے جوتوں اور جیبوں میں بھی سونے کے  چھوٹے ٹکڑے چھپا رکھے تھے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل اداکار رانیا راؤ کو 12 کروڑ56 لاکھ بھارتی روپے کی مالیت کے 14.2 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

  • نان کسٹمز پیڈ اشیا کی اسمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

    نان کسٹمز پیڈ اشیا کی اسمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور کسٹمز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کے دوران نان کسٹمز پیڈ اشیا کی اسمگلنگ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجر ز اور کسٹمز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر سندھ بلوچستان بارڈر پر واقع حب چیک پوسٹ، حب ریور روڈ، اتحاد ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن منگھو پیر اور پیر آباد پختون مارکیٹ بنارس کے علاقوں میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں کروڑوں مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرلی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ بس اور ٹرک کے خفیہ خانوں سے کروڑوں کا سامان برآمد کیا گیا، سامان کو بسوں اور ٹرکوں کے خفیہ خانوں میں چھپایا ہوا تھا اور بلوچستان سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد اشیاء میں کپڑا، سگریٹ، ایرانی ڈیزل، الیکٹرک آئٹمز، انجن ائل، مختلف اقسام کے کاسمیٹکس کا سامان، واشنگ پاوڈر، چھالیہ، لیپ ٹاپ، خشک دودھ، چاکلیٹ، ٹافیاں، ٹائرز، چائنہ نمک، روز مرہ استعمال کا سامان اور مختلف نوعیت کی اشیاء خوردنوش شامل ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر د ی گئی ہیں۔

  • اے این ایف نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    اے این ایف نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) نے سمندر کے راستے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، مکران کوسٹل لائن کے قریب منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ خفیہ نگرانی کے بعد خلیج عمان جانے والی اسپیڈ بوٹ کا پیچھا کیا، جیونی کے قریب سمندر میں کامیاب آپریشن کے ذریعے بڑی مقدار میں آئس برآمد ہوا۔

    اے این ایف ترجمان کے مطابق کئی گھنٹوں پر محیط آپریشن میں مجموعی طور پر 60 کلو آئس برآمد ہوئی، برآمد آئس مختلف پیکٹوں اور ڈبوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

    اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گہرے سمندر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان فرار ہوگئے، ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • اسمگلنگ کے شبہ میں فائرنگ سے نوجوان طالب علم جاں بحق

    اسمگلنگ کے شبہ میں فائرنگ سے نوجوان طالب علم جاں بحق

    نئی دہلی: گائے اسمگلنگ کے شبہ میں ایک طالب علم کو فائرنگ کرکے قتل کردینے کے معاملہ میں پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست ہریانہ میں پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے گرفتار کئے گئے ملزمان کی شناخت انیل کوشک، ورون، کرشنا، سورو اور آدیش کے طور پر کی گئی ہے۔

    گرفتار کئے گئے افراد گائے رکھشک گروپ کے ارکان ہیں، جنہوں نے گائے کا اسمگلر سمجھ کر آرین مشرااور کار میں سوار اس کے مالک مکان کا ہائی وے پر تقریباً 20 کلومیٹر تک تعاقب کیا اور گولی مار دی۔

    23 اگست کی رات گائے رکھشکوں کو شبہ ہوگیا تھا کہ گاڑیوں میں گائے کے اسمگلر اسمگلنگ کی غرض سے گھوم رہے ہیں۔جس پر انہوں نے گاڑیوں کا تعاقب کرکے گولیاں چلائیں۔

    ملزمان نے دیکھا کہ گاڑی میں لڑکوں کے ساتھ دو خواتین بھی موجود ہیں تو انہیں احساس ہوا کہ غلط فہمی میں کسی اور کو گولی مار دی ہے، جس پر وہ موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

    فائرنگ میں زخمی ہونے والا نوجوان طالب علم مشرا دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس نے اس معاملہ کی چھان بین کرکے ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ٹرینی ڈاکٹر زیادتی و قتل کیس، مرکزی ملزم کی فرمائش نے سب کو حیران کردیا؟

    خیال رہے کہ 19 سالہ آرین مشرا 12 ویں جماعت کا طالب علم تھا۔ وہ اپنے خاندان کے ساتھ این آئی ٹی پانچ نمبر میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا۔

  • اسمگلنگ کے خلاف کارروائی، 55 ہزار کلو گرام پلاسٹک سلنگ فلم ضبط

    اسمگلنگ کے خلاف کارروائی، 55 ہزار کلو گرام پلاسٹک سلنگ فلم ضبط

    کراچی: اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ (اے ایس او) نے کراچی میں ایک کارروائی میں 55 ہزار کلو گرام پلاسٹک سلنگ فلم ضبط کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کامیاب کارروائی میں انڈسٹریل ایریا کے ایک گودام پر چھاپا مارا، اور اسمگل شدہ ممنوعہ 55000 کلو گرام پلاسٹک سلنگ فلم برآمد کر لی۔

    اسمگلنگ کے خلاف کی گئی اس کارروائی میں جو اسمگل شدہ پلاسٹک سلنگ فلم ضبط کی گئی ہے اس کی مالیت 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

    ڈپٹی کلکٹر کسٹمز محمد رضا نقوی کے مطابق ضبط شدہ پلاسٹک سلنگ فلم کو ٹرک کے ذریعے ASO کے گودام منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کپڑے کی اسمگلنگ، 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑی گئی

    کپڑے کی اسمگلنگ، 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑی گئی

    کراچی: کسٹمز حکام نے کراچی میں کپڑے کی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، اور 25 ہزار کلو وزنی کھیپ پکڑ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ چیک پوسٹ پر ایک کارروائی میں بلوچستان سے کراچی میں داخل ہونے والے ٹرالر سے اسمگل شدہ کپڑے کی بڑی کھیپ پکڑ لی ہے۔

    ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ ضبط شدہ کپڑا 25 ہزار کلو وزنی ہے اور ٹرالر سمیت اس کی مالیت 7 کروڑ روپے ہے، ملزمان نیلامی کے جعلی دستاویزات کے ذریعے کپڑا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    ویڈیوز: سائٹ ایریا میٹروول میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا

    ترجمان کے مطابق اسمگل ہونے والے کپڑے کو کسٹم نے اپنی تحویل میں لے کر ضبط کر لیا ہے، اور کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ سے بڑی مقدار میں سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

    کراچی ایئرپورٹ سے بڑی مقدار میں سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی

    کراچی: ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے سونے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ دبئی کے راستے جنوبی افریقہ جانیوالی فیملی سے ساڑھے 9 کلو سونا برآمدکرلیا گیا ہے۔

    کسٹمز حکام کے مطابق 17 کروڑ مالیت کاسونا مختلف زیورات اورسونے کے سکوں پرمشتمل ہے، حراست میں لئے گئے افراد میں جنوبی افریقن پاسپورٹس کی حامل 6 رکنی فیملی میں 5 خواتین، ایک مرد مسافر شامل ہے۔

    لاہور: ٹیکسالی گیٹ کے علاقے میں فائرنگ،پولیس اہلکار شہید

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ سونا پاکستانی نژادجنوبی افریقن مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران برآمد کیا گیا، بھاری مقدار میں سونے برآمدگی کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔