Tag: اسمگلنگ

  • سگریٹ اور نسوار سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    سگریٹ اور نسوار سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    محکمہ کسٹم نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرکے سگریٹ اور نسوار کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    سعودی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے ریاض جانے والے مسافر سے سگریٹ اور نسوار کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی تھی۔

    ڈپٹی کلکٹر کسٹم حماد احمد کے مطابق کسٹم عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو سامان سے 17ہزار سے زائد سگریٹ کے پیکٹس برآمد ہوئے۔

    کسٹم حکام کے مطابق مسافر کے قبضے سے 410سے زائد باکس بھی برآمد ہوئے جس میں ممنوعہ نسوار چھپا رکھی گئی تھی،

    محکمہ کسٹم نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافروں سے 38ہزار سے زائد سگریٹ برآمد کئے گئے جبکہ 800سے زائد ممنوعہ اشیاء نسوار کے پیکٹس برآمد ہوئے۔

  • 2023 میں 43 کروڑ سے زائد کا اسمگل شدہ سامان پکڑا گیا

    2023 میں 43 کروڑ سے زائد کا اسمگل شدہ سامان پکڑا گیا

    اسلام آباد: کسٹمز کلیکٹر نے سال 2023 میں 43 کروڑ 72 لاکھ مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑا لیا۔

    کسٹمز  حکام کے مطابق دسمبر 2023 میں 43 کروڑ 72 لاکھ مالیت کا اسمگل شدہ سامان پکڑا جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اسمگلنگ کیخلاف کارروائیوں میں 7 فیصد اضافہ ہوا۔

    کسٹمز حکام کے مطابق 21 کروڑ 35 لاکھ روپے کی 40 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کی گئی جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 2 کروڑ 30 لاکھ روپے کی بڑی گاڑیاں پکڑی گئیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ 4 کروڑ 30 لاکھ روپے کی چھالیہ، 35 لاکھ روپے کا ایرانی ڈیزل، 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کے خشک میوہ جات اور خشک دودھ پکڑا گیا۔

    کسٹمز کلیکٹر حکام نے مزید بتایا کہ 3 کروڑ  12 لاکھ کی اسمگل شدہ سگریٹس، 4 کروڑ 88 لاکھ کے موبائل بھی پکڑے گئے۔

  • نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث 3 رکنی گروہ گرفتار، دوران تفتیش اہم انکشافات

    نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث 3 رکنی گروہ گرفتار، دوران تفتیش اہم انکشافات

    کراچی: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بین الصوبائی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ حب ریور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ میں ملوث 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں میر عبد الصادق مینگل، حکمت اللہ اور عبد الحمید شامل ہے، گرفتار ملزمان کا تعلق قلات بلوچستان سے ہے،جس سے کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول اور 30 بور  پستول برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ مشترکہ ٹیم نے دہشت گردوں کی تلاش میں سعید آباد کے قریب گاڑی کو روکا، مشتبہ گاڑی میں 3 مسلح افراد حب بلوچستان سے کراچی آرہے تھے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے ہیں، ملزمان کا تعلق بین الصوبائی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کےگروہ سے ہے، ملزمان بلوچستان سے سندھ، پنجاب اور کے پی لاتعداد گاڑیاں منتقل کر چکے ہیں۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان ایک گاڑی کو دوسرے صوبے منتقل کرنے کے ڈیڑھ لاکھ روپے لیتے تھے، ملزمان سے برآمد گاڑی کو قبضے میں لیکر معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

  • چینی اور تیل کی اسمگلنگ کے خلاف ایکشن کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے

    چینی اور تیل کی اسمگلنگ کے خلاف ایکشن کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے

    چینی اور تیل کی اسمگلنگ کے خلاف نگراں حکومت اوت عسکری قیادت کی کوشش کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت، عسکری قیادت نے ملکی سالمیت و استحکام کے پیش نظر سخت اقدامات کا فیصلہ کیا تھا، حکومتی ایما پر ستمبر سے ملک بھر میں چینی اور تیل کی اسمگلنگ کےخلاف آپریشن کا آغاز ہوا۔

    یکم ستمبر سے 15 اکتوبر تک چینی، تیل  اسمگلنگ کے خلاف اقدامات سے متعلق اعداد و شمار سامنے آئے ہیں جس کے مطابق ملک بھر سے تقریباً 1052 میٹرک ٹن چینی اور 0.244 ملین لیٹر تیل برآمد کیاگیا۔

    آپریشن کےدوران صرف بلوچستان سے 1.315 میٹرک ٹن چینی برآمد کی گئی، پنجاب سے 0.008، سندھ سے 0.020 بلوچستان سے 0.016 ملین لیٹر ایرانی تیل برآمد ہوا۔

    اسمگلنگ کی روک تھام سے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں  گے، نگراں حکومت، عسکری قیادت ملک بھر سے اسمگلنگ جیسے مرض کے خاتمےکیلئے پُر عزم ہیں۔

  • عمان سے بھارت جانے والی پرواز کے100 سے زائد مسافر گرفتار!

    عمان سے بھارت جانے والی پرواز کے100 سے زائد مسافر گرفتار!

    مسقط: عمان سے ہندوستان کے شہر چنئی جانے والی پرواز میں سوار 100 سے زائد مسافروں کو چنئی کسٹمز نے بڑی مقدار میں سونا، آئی فونز، لیپ ٹاپ اسمگل کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسقط سے چنئی جانے والی پرواز میں 113 مسافر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کرنا چاہ رہے تھے، مگر کسٹم حکام نے ان کی کوشش ناکام بنادی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق جب پرواز جمعرات کی صبح ایئرپورٹ پر پہنچی تو کسٹم حکام نے اسمگل شدہ سامان لے جانے کے شبہ میں 130 کے قریب مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

    جمعرات کو پہنچنے والے 186 مسافروں میں سے 113 مسافروں کے پاس سے سونا، نئے آئی فونز اور گوگل فونز جیسی مہنگی اشیاء برآمد کی گئیں۔

    چنئی ایئرپورٹ کے کسٹم حکام کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چنئی ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پرواز میں 100 سے زیادہ مسافر بھاری مقدار میں سونا، آئی فون، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء اسمگل کر رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ یہ واضح نہیں تھا کہ ان میں سے کون کون اسمگلنگ میں ملوث تھا، اس لیے تمام مسافروں کو روک کر گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی۔ جن میں سے 73 افراد کے اسمگلنگ کے معاملات میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔

    اس کے بعد پولیس نے دیگر 113 مسافروں کی تلاشی لی۔ معلوم ہوا کہ مسافر سونے کے نگٹس اور سونے کے کنگن چھپا نے کی کوشش کررہے تھے، ان کے سوٹ کیس اور بیگ کی جانچ پڑتال پر کئی خفیہ خانوں کا انکشاف ہوا، جن میں 13 کلو سونا، 120 آئی فون، 84 اینڈ رائیڈ فون، غیر ملکی سگریٹ اور لیپ ٹاپ چھپائے گئے تھے۔

    ضبط شدہ اشیاء کی کل مالیت INR 14 کروڑ (OMR 647,697) سے زیادہ ہے۔کسٹم حکام نے 113 افراد کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔

  • ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث افسران، سیاست دانوں، ڈیلروں کی تفصیلات وزیر اعظم ہاؤس میں جمع

    ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث افسران، سیاست دانوں، ڈیلروں کی تفصیلات وزیر اعظم ہاؤس میں جمع

    اسلام آباد: سرکاری ادارے نے اسمگلنگ پر رپورٹ وزیر اعظم ہاؤس میں جمع کروا دی، جس میں ایرانی تیل اور حوالہ ہنڈی کاروبار کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں 722 کرنسی ڈیلر حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ہیں، جب کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ملوث افسران، سیاست دانوں اور ڈیلروں کی تفصیلات بھی وزیر اعظم ہاؤس کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حوالہ ہنڈی ڈیلر 205 پنجاب میں ہیں، کے پی میں 183 اور سندھ میں 176 ڈیلر حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرتے ہیں، بلوچستان میں 104 اور آزاد کشمیر میں 37 ڈیلر حوالہ ہنڈی میں ملوث ہیں، جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 17 ڈیلر حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران سے پاکستان کو سالانہ 2 ارب 81 کروڑ لیٹر سے زیادہ تیل اسمگل ہوتا ہے، جس سے قومی خزانے کو سالانہ 60 ارب روپے سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے، جب کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ سے ہونے والی آمدن دہشت گرد استعمال کرتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں 76 ڈیلرز تیل اسمگلنگ میں ملوث ہیں، ملک بھر میں 995 پمپ ایرانی تیل کی فروخت کا کاروبار کرتے ہیں۔

    ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں 90 سرکاری حکام، اور 29 سیاست دان بھی ملوث ہیں، ایران سے تیل ایرانی گاڑیوں میں اسمگل ہو کر پاکستان آتا ہے، تیل اسمگل کرنے والی ایرانی گاڑیوں کو زم یاد کہا جاتا ہے۔

  • خواتین کی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورک کے سربراہ کو پھانسی

    خواتین کی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورک کے سربراہ کو پھانسی

    تہران: ایران میں خواتین کی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورک کے سربراہ کو پھانسی دے دی گئی، ملزم کو سنہ 2020 میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    اردو نیوز کے مطابق ایران کی عدلیہ نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک میں خواتین کی اسمگلنگ کر کے ان سے جسم فروشی کروانے والے نیٹ ورک کے سربراہ کو پھانسی دے دی گئی ہے۔

    عدلیہ کی میزان نیوز ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہروز سخن وری عرف ایلکس انسانی اسمگلنگ کرنے والے نیٹ ورک کا سربراہ تھا جو ایرانی لڑکیوں اور خواتین سے خطے کے ممالک میں جسم فروشی کرواتا تھا، اور اسے سنیچر کی صبح پھانسی دی گئی ہے۔

    اس شخص کو سنہ 2020 میں انٹر پول کے ذریعے ملیشیا میں حراست میں لیا گیا تھا اور ایران کے حوالے کیا گیا تھا، 2021 میں اسے کرپشن کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

    اس کیس میں متعدد خواتین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق 2021 میں ایران میں 314 افراد کو پھانسی دی گئی اور 2022 میں اس کی تعداد بڑھ کر 576 ہو گئی تھی جو چین کے بعد سب سے بڑا نمبر ہے۔

    2 برس قبل دو خواتین کو کرپشن اور ٹریفکنگ کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی، تاہم وکلا نے کہا تھا کہ وہ خواتین بے گناہ تھیں اور ہم جنس پرستوں کے حقوق کے لیے کام کرتی تھیں۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے 2017 میں ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا جو انسانی اسمگلنگ روکنے میں ناکام ہو گئے تھے، امریکا یو ایس ٹریفکنگ وکٹم پروٹیکشن ایکٹ 2000 کے تحت ایسے ممالک کی امداد نہیں کرتا جو انسانی اسمگلنک کو نہیں روکتا۔

  • دبئی ایئرپورٹ: مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد

    دبئی ایئرپورٹ: مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتے اور لیپ ٹاپ سے ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بلڈنگ 2 کے کسٹم انسپکٹرز نے 880 گرام ہیروئن کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    ہیروئن لیپ ٹاپ کے خفیہ خانوں اور جوتے کی ایڑی میں انتہائی مہارت سے چھپا کر اسمگل کی جارہی تھی۔

    پیسنجر آپریشن سیکشن کے انچارج ابراہیم الکمالی کا کہنا تھا کہ دبئی کسٹم اہلکار ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں، کسٹم اہلکار اعلیٰ تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسٹم انسپکٹرز 100 فیصد مقامی شہری ہیں، انہیں معائنے کے لیے جدید ترقی یافتہ آلات فراہم کیے گئے ہیں۔

    ابراہیم الکمالی کا مزید کہنا تھا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ آنے والے ایک مشتبہ مسافر کی تلاشی لی گئی تو اس کے لیپ ٹاپ کے خفیہ حصوں اور جوتے کی ایڑی سے ہیروئن برآمد ہوئی۔

  • رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس

    رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر اسمگلنگ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، اس مکروہ عمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے، اس کے انسداد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی، اس کی روک تھام کے لیے سخت فیصلے لینے ہوں گے۔

    اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

    سیکریٹری داخلہ علی مرتضیٰ نے اجلاس کے شرکا کو پچھلے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جوائنٹ پٹرولنگ کا آغاز بھی جلد کر دیا جائے گا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ایف بی آر میں اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کے لیے سینٹرل ڈیٹا سیل کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے، اشیائے ضروریہ کی اسمگلنگ کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لیے قوانین میں ترامیم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

  • کلائیوں پر سونا لپیٹ کر بحرین سے اسمگلنگ کرنے والا بھارتی گرفتار

    کلائیوں پر سونا لپیٹ کر بحرین سے اسمگلنگ کرنے والا بھارتی گرفتار

    نئی دہلی: بحرین سے بھارت سونا اسمگل کرنے والا بھارتی ایئر لائنز کا ملازم رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، ملزم نے سونا کلائیوں میں لپیٹ کر آستین میں چھپا لیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی کے ایئرپورٹ پر بھارتی ایئر لائنز کے عملے کے ایک فرد کو بحرین سے سونے کی اسمگلنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

    کیبن کریو شافی شرف نے سونا اسمگل کرنے کے لیے اختراعی طریقہ اختیار کیا، بحرین سے آتے ہوئے شافی شرف نے اپنے دونوں بازوؤں کی کلائیوں کے گرد سونا لپیٹ رکھا تھا۔

    کسٹم حکام نے اسے ایئرپورٹ پہنچنے پر حراست میں لے لیا، شافی شرف نے بحرین سے سفر کے دوران اپنے بازوؤں کے گرد 14 سو 87 گرام سونا لپیٹ رکھا تھا۔

    نوجوان کا منصوبہ یہ تھا کہ کلائیوں کے اطراف سونا لپیٹ کر سونے کو اپنی آستین سے ڈھانپ لے، اور کسٹم کلیئرنس کے اس گرین چینل سے گزرے جو ان مسافروں کے لیے مخصوص ہے جن کے پاس کسٹم کلیئرنس کے لیے کوئی سامان نہیں ہوتا۔

    تاہم کسٹمز کمیشن کو پہلے ہی اطلاع مل گئی کہ بھارتی ایئر لائنز کی بحرین سے کوچی کی پرواز کے عملے کا ایک رکن اپنے ساتھ غیر قانونی طور پر سونا لے کر آرہا ہے، اسی اطلاع کی بنیاد پر جنوب مغربی ہندوستان کے کوچی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے شافی شرف کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے این آئی کی طرف سے جاری ایک تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ شفیع نے کس طرح اپنے بازوؤں میں سونا لپیٹ رکھا ہے۔

    ملزم رات ساڑھے 8 بجے بحرین سے کوچی پہنچا تھا تاہم کسٹم حکام نے تلاشی لے کر اس سے سونا برآمد کرلیا اور اسے گرفتار کرلیا اور 2 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اسے کسٹم کے حفاظتی ونگ کے حوالے کردیا گیا۔