Tag: اسمگلنگ

  • لاکھوں مالیت کی قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    لاکھوں مالیت کی قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کی تحصیل کہوٹہ میں قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی تحصیل کہوٹہ کی حدود میں محکمہ جنگلات نے قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    محکمہ جنگلات نے قیمتی لکڑی کی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ ملزم حسنین امجد سے قیمتی لکڑی اور گاڑی برآمد کرلی گئی، برآمد ہونے والی لکڑی کی مالیت ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    گرفتار ملزم کے خلاف محکمہ جنگلات نے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

  • چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش، کسٹمز کی بروقت کارروائی

    چینی افغانستان اسمگل کرنے کی کوشش، کسٹمز کی بروقت کارروائی

    اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئی بڑی مقدار میں کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے طور خم بارڈر پر کھاد اور چینی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ کھاد کی 140 اور چینی کی 120 بوریاں افغانستان اسمگل کی جارہی تھیں۔

    ایف بی آر کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چینی اور کھاد کی بوریوں سمیت گاڑی کو ضبط کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ چینی کی قیمت مستحکم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی لگائی تھی اور اسمگلنگ کے خلاف بھی سخت اقدامات کا حکم دیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ملکی طلب دیکھتے ہوئے چینی کی برآمد پر مکمل پابندی کا حکم دیا، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    بلوچستان میں بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں غیر ملکی اسمگل شدہ سامان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 4 کروڑ روپے مالیت کے سامان کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کسٹمز نے بلوچستان کے علاقے رکھنی کسٹمز چیک پوسٹ پر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    کسٹمز نے غیر ملکی سامان، چھالیہ، بھارتی مضر صحت ادویات، ایرانی ڈیزل، اسپیئر پارٹس، پلاسٹک کا سامان اور سائیکل پارٹس برآمد کر لیے۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق اسمگل شدہ سامان کی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ چیک پوسٹ پر مؤثر نگرانی سے اسمگلنگ میں بہت کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    جیکٹ میں ایک لاکھ سے زائد ریال لے جانے والا مسافر پکڑا گیا

    کراچی: ایئر پورٹس سیکورٹی فورس نے ایک کارروائی میں منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، پشاور ایئر پورٹ پر ایک مسافر سے ایک لاکھ سے زائد سعودی ریال برآمد کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہل کاروں نے پشاور ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت بخت محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو شارجہ جا رہا تھا۔

    اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے قبضے سے ایک لاکھ 20 ہزار سعودی ریال برآمد کیے، کرنسی کی مالیت مقامی کرنسی میں 56 لاکھ 2 ہزار تین سو روپے سے زائد بنتی ہے۔

    اے ایس ایف ذرائع کے مطابق مسافر بخت محمد نے سعودی کرنسی بیگ کے اندر رکھے ایک جیکٹ میں مہارت کے ساتھ چھپا رکھی تھی، تاہم عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران کرنسی برآمد کر کے منی لانڈرنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔

    اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    سعودی عرب: نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ریاض: سعودی حکام نے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا، حکام نے 3 ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ کسٹم نے بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی 2 کوششوں کو ناکام بنا دیا، جدہ کی بندرگاہ پر آنے والی شپمنٹ کے ذریعے نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کی مجموعی تعداد 8.3 ملین بتائی جاتی ہے۔

    کسٹم اینڈ ٹیکس و زکواۃ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جدہ کی اسلامی بندرگاہ پر آنے والی پیاز کی ایک شپمنٹ کا معائنہ کیا گیا جس میں نشہ آور گولیاں چھپائی گئی تھیں، اسمگل کی جانے والی گولیوں کی مجموعی تعداد 30 لاکھ 54 ہزار تھی۔

    نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ کی دوسری کارروائی سیلیکون گلو کی بالٹیوں کے ذریعے کی جارہی تھی۔ ملزمان نے سیلیکون گلو کے ڈبوں میں نشہ آور گولیاں انتہائی مہارت سے چھپائی تھیں جن کی تعداد 52 لاکھ 81 ہزار 250 تھی۔

    کسٹم اتھارٹی کی ٹیموں نے انتہائی مہارت سے اسمگل کی جانے والی منشیات کا سراغ لگایا جس کے لیے پولیس کے تربیت یافتہ کتوں کو بھی استعمال کیا گیا، کسٹم اتھارٹی نے منشیات اسمگل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کی تعداد 3 ہے۔

    سعودی حکام ملزمان سے تفتیش کر رہے ہیں۔

  • جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگ گیا

    جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگ گیا

    کراچی: کسٹمز کے ادارے نے جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز کلیکٹریٹ اپریزیمنٹ ویسٹ کراچی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی جعلی کاغذات کے ذریعے کلیئرنس کا انکشاف کیا ہے۔

    ادارے نے جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا، کوئٹہ کسٹمز نے بھی اسمگلنگ کے خلاف ایک کارروائی میں کروڑوں روپے کا سامان بر آمد کر لیا ہے۔

    کسٹم حکام کے مطابق جعلی کاغذات بنانے میں ملوث ایک بینک ملازم سمیت 9 ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ جعلی پی آر سی اور انکیشمنٹ سرٹیفکٹ میں بینک کا عملہ بھی ملوث ہے، ملزمان کے خلاف اسپیشل کسٹم کورٹ میں 3 ایف ائی آرز درج کر کے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

    دوران تفتیش نجی بینک کے ملازم نے جعلی پی آر سی بنانے کا اعتراف کر لیا، اب تک 29 جعلی پی آر سی کی شناخت کی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید کاغذات کی ویریفکیشن کے لیے انھیں متعلقہ بینکوں کے ہیڈ آفس بھجوا دیا گیا ہے۔

    ایک اور کارروائی میں بلوچستان کسٹمز کوئٹہ کلیکٹریٹ نے زیارت کسٹمز چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران ایک ٹرک سے 2 کروڑ روپے کا غیر ملکی سامان برآمد کر لیا۔

    کلیکٹر کسٹمز پریونٹیو ڈاکٹر فرید سالار کے مطابق اسمگل شدہ سامان اور ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر رواں ہفتے کے دوران 8 کروڑ کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا جا چکا ہے۔

  • دبئی جانے والے مسافر سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد

    دبئی جانے والے مسافر سے 50 ہزار سعودی ریال برآمد

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک شخص ہزاروں سعودی ریال اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر 50 ہزار سعودی ریال کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی، کارروائی ایئر پورٹس سیکیورٹی فورس نے کی۔

    اے ایس ایف اہل کاروں نے نجی ایئر لائن سے دبئی جانے والے مسافر سے پچاس ہزار سعودی ریال برآمد کیے، مسافر عادل احمد نے یہ رقم اپنے دستی سامان میں چھپا رکھی تھی۔

    اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ریال برآمد کیے، ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ رقم سمیت مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

    3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    واضح رہے کہ آج اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے 3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے۔

    اے این ایف انٹیلیجنس نے کارروائیوں میں 595 کلوگرام ہیروئن اور 5.033 کلوگرام کوکین برآمد کی، گرفتار اسمگلرز میں 3 ویسٹ افریقن باشندے بھی شامل تھے، اور ان میں ایک عورت بھی تھی۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر ایتھوپیا سے آنے والی مغربی افریقی خاتون سے جب 1.393 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، تو اس کیس کے تعاقب میں اے این ایف نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کیا۔

    ایک اور کارروائی میں اے این ایف انٹیلیجنس کی سری لنکن سیکیورٹی حکام کو فراہم کی جانے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں کھلے سمندر میں 2 کشتیوں سے مجموعی طور پر 595 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، اور 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

  • بیلجیئم پولیس 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیاب، بڑی اسمگلنگ ناکام

    بیلجیئم پولیس 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیاب، بڑی اسمگلنگ ناکام

    برسلز: بیلجیئم پولیس نے 50 کروڑ پیغامات میں اسمگلرز کے خفیہ پیغامات پڑھنے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک بڑی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی ملک بیلجیئم کی پولیس نے شہر اینٹ ورپ میں اسمگلرز کے ایک دوسرے کو بھیجے گئے خفیہ پیغامات پڑھ کر 28 ٹن کوکین کی اسمگلنگ ناکام بنا کر تمام منشیات ضبط کر لی، جس کی مالیت تقریباً 1.4 ارب ڈالر بنتی ہے۔

    شہر کے پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا وفاقی پولیس نے 2 سال تک منظم جرائم کی تحقیقات کیں اور کینیڈین کمپنی کی فروخت کردہ اسکائی ای سی سی ڈیوائسز کے ذریعے بھیجے گئے 50 کروڑ پیغامات کا جائزہ لیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ 20 فروری سے 27.64 ٹن کوکین اینٹ ورپ کی بندرگارہ پر برامد کی گئی، جس میں سے 11 ٹن جمعے اور ہفتے کی رات کو ایک کنٹینر سے ملی، اس اسمگلنگ کا براہ راست تعلق اسکائی ای سی سی کے کیس سے تھا۔

    یاد رہے کہ مذکورہ ڈیوائسز فروخت کرنے والی کمپنی اسکائی گلوبل کے سی ای او اور ایک اہل کار پر امریکا میں مارچ میں منشیات کی اسمگلنگ میں مدد دینے کے مبینہ الزام میں فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

    بیلجیئم میں دو سالہ تحقیقات میں 48 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، اس تحقیقات کا دائرہ فرانس سمیت کئی ممالک تک پھیلا گیا تھا، اور خفیہ پیغامات کے ڈیٹا کی مدد سے 20 فروری سے اب تک درجنوں منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی جا چکی ہیں۔

  • علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم اسٹاف نے کارروائی کے دوران 34 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی سی کسٹم ثاقب وڑائچ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے اسلام آباد کے لیے ایئر لائن نے بغیر مسافر کے سامان دبئی سے لاہور بھیجا، لاہور سے ایئر بلیو نے رش ٹیگ کو دوبارہ بغیر مسافر کے اسلام آباد بھجوانا چاہا۔

    ڈی سی کے مطابق بغیر مسافر کے بیگ میں آئی فون، آئی پیڈ، کیمرے اور وائر لیس سیٹ برآمد کر لیے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ بغیر مسافر کے بیگ سے 12 جدید آئی فون، 11 آئی فون الیون، 4 آئی پیڈ، 3 عدد سونی کیمرے اور 1 وائر لیس سیٹ برآمد کیا گیا۔

    بیرون ملک سے لاہور لایا جانے والا اسمگلنگ کا سامان ڈومیسٹک ڈپارچر سے اسلام آباد بھجوایا جانا تھا۔

    ایئر پورٹ ٹریفک کسٹم نے کارروائی کے دوران سارا سامان ضبط کر لیا، تمام ایئر لائنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ جو بیگ مسافر کے بغیر لاہور لایا جائے گا اس کو اسکین کیا جائے گا۔

  • مشکوک لانچ کے خفیہ ٹینکوں سے ساڑھے 7 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد

    مشکوک لانچ کے خفیہ ٹینکوں سے ساڑھے 7 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد

    کراچی: کھلے سمندر میں مشکوک لانچ کے خفیہ ٹینکوں سے ساڑھے 7 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے سمندر میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے دوران ایک لانچ سے ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا۔

    میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے جہاز نے کھلے سمندر میں پیٹرولنگ کے دوران ایک مشکوک لانچ پر کارروائی کی، الرحیمی نامی مشکوک لانچ کے خفیہ ٹینکوں سے اسمگل شدہ 7500 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا۔

    میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے اسمگل شدہ ڈیزل اور لانچ تحویل میں لیتے ہوئے 7 اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایم ایس اے کا کہنا تھا کہ ڈیزل اور لانچ کو اسمگلروں سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کسٹم کے حوالے کر دیا گیا ہے-

    یاد رہے کہ 13 اگست کو میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے سمندر میں ریسکیو آپریشن کے دوران سمندر میں پھنسی ہوئی ماہی گیروں کی کشتی کو بچایا تھا۔

    میری ٹائم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سمندر میں کشتی فنی خرابی کے باعث پھنس گئی تھی، میری ٹائم کے جہاز اور تیز رفتار کشتیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، اور کشتی پر سوار 23 ماہی گیروں کو بچا کر کراچی پہنچایا گیا۔