Tag: اسمگلنگ

  • ابو ظہبی: ڈیزل کے ٹینکر میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ابو ظہبی: ڈیزل کے ٹینکر میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، نسوار ڈیزل ٹینکر کے ذریعے اسمگل کی جارہی تھی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی میں پولیس نے ڈیزل ٹینکر کے ذریعے بڑی مقدار میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم پیٹرول سپلائی کرنے والی کمپنی میں ڈیزل ٹینکر کا ڈرائیور تھا جو 750 کلو گرام نسوار ٹینکر میں چھپا کر اسے ابو ظہبی لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابو ظہبی کرائم برانچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ بڑی مقدار میں نسوار اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    نسوار لائے جانے کی اطلاع پر کرائم برانچ کی ٹیم بڑے پیمانے پر تفتیش شروع کرتے ہوئے اسمگلر تک پہنچی، ملزم کو اسمگل کی جانے والی 750 کلو گرام نسوار کے ساتھ حراست میں لے کر ممنوعہ مواد اسمگل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ابو ظہبی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نسوار ممنوعہ اشیا میں شامل ہے جس کی تجارت یہاں ممنوع ہے۔

    ابو ظہی پولیس کے شعبہ انسداد جرائم کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل محمد سہیل الراشدی کا کہنا تھا کہ نسوار کی اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنانے کے لیے کرائم برانچ کے ساتھ بلدیہ ابو ظہی اور دیگر ادارے کے اہلکار بھی شامل تھے جن کی جامع کارروائی کے نتیجے میں نسوار کی بڑی کھیپ کو ضبط کرلیا گیا۔

  • ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات کا استعمال، ملزم گرفتار

    ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات کا استعمال، ملزم گرفتار

    بیروت: لبنان میں ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات استعمال کرنے والا ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان میں اینٹی نارکوٹکس سیل نے عروسی ملبوسات میں ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، منشیات شمالی افریقہ کے ممالک کو اسمگل کی جا رہی تھی۔

    اینٹی نارکوٹکس سیل نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کی، جو عروسی ملبوسات اور کچن کے سامان میں چھپائی گئی تھی۔

    لبنانی فورسز کے مطابق ملزم کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے، ملزم کا تعلق لبنان سے ہے جو عروسی ملبوسات اور کچن کے سامان کی آڑ میں شمالی افریقہ میں ہیروئن اسمگل کر رہا تھا، اس کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، محکمہ انسداد منشیات کو یہ اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد کارگو سروس کے ذریعے بڑی مقدار میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اینٹی نارکوٹکس اہل کاروں نے شپمنٹ کی تلاشی لی تو اطلاع درست ثابت ہوئی، شپمنٹ میں بڑی تعداد میں عروسی ملبوسات اور کچن میں استعمال ہونے والے کٹلری سیٹس موجود تھے، جس کی تلاشی پر چھپائی گئی ہیروئن بھی برآمد ہو گئی۔

    اینٹی نارکوٹکس حکام کے مطابق اسمگلنگ کے لیے ملزم نے فرضی شناختی کارڈ کا استعمال کیا تھا، استعمال ہونے والے موبائل نمبر بھی تلف کر دیے گئے تھے، ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، علیم خان

    بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، علیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت مانیٹرنگ اجلاس ہوا جس میں وزیر خورک پنجاب کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کر کے خود ساختہ قلت پیدا کرنے کی اجازت نہیں، رمضان میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک نے اب تک ہزاروں من گندم برآمد کی،پنجاب میں گندم خریداری کے تمام اہداف پورے ہوں گے۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بارڈرز سیل ہیں،اسمگلنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،گندم،آٹےکی فراہمی یقینی بنانا اولین ذمہ داری ہے،چیلنج پورا کریں گے۔

    گھوسٹ فلور ملز بندکریں گے،انہیں گندم کا سرکاری کوٹہ نہیں ملےگا،علیم خان

    اس سے قبل گزشتہ ہفتے لاہور میں سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان سے پروگریسوگروپ آف فلور ملز کے وفد نے ملاقات کی تھی۔چیئرمین میاں محمد شفیق، خلیق ارشد اور ماجد عبداللہ نے عبد العلیم خان کو بریفنگ دی تھی۔

    اس موقع پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گھوسٹ فلور ملز بندکریں گے،انہیں گندم کا سرکاری کوٹہ نہیں ملےگا، کام کرنے والی فلور ملز سے پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

  • پنجاب سےگندم اسمگل نہیں ہونے دیں گے، عبدالعلیم خان

    پنجاب سےگندم اسمگل نہیں ہونے دیں گے، عبدالعلیم خان

    لاہور: وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب سےگندم دوسرے صوبوں میں اسمگل نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیرصدارت محکمہ خوارا کا پہلا بریفنگ اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے سیکریٹری خوراک وقاص علی محمود نے محکمہ خوراک پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    صوبائی سیکریٹری خوراک نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے میں گندم کی خریداری شروع ہوچکی ہے اور بنا کسی روک ٹوک کے باردانہ فراہم کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیر خوراک پنجاب لکا کہنا تھا کہ صوبے میں گندم کی بین الاضلاعی نقل وحمل پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب سےگندم دوسرے صوبوں میں اسمگل نہیں ہونے دیں گے۔

    عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم کی خریداری کا 45 لاکھ ٹن کا ہدف ہر حال میں پورا ہوگا، گندم کی خریداری پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزیر خوراک پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ گندم کی خریداری کے ہدف میں اضافہ تو ہوسکتا ہے لیکن کمی ہرگز نہیں ہوسکتی۔

    عبدالعلیم خان نے پنجاب کابینہ میں شمولیت کا حلف اٹھالیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے اٹھایا تھا‌۔

  • لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، شراب کی اسمگلنگ ناکام

    لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کاررائیوں کے دوران شراب اور سگریٹ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے بنکاک سے آنے والے مسافر کے سامان سے شراب کی 81 بوتلیں برآمد کرلیں۔ مسافر مظہر اقبال دوستوں کے ہمراہ بنکاک سے لاہور آ رہا تھا۔

    کسٹم حکام کی جانب سے دوسری کارروائی لاہور سے مانچسٹر جانے والی پرواز میں کی گئی، مسافر محمد یعقوب کے سامان سے سگریٹ کے 60 بنڈل برآمد کیے گئے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کی گولیاں برآمد

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 فروری کو لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے پستول کا میگزین اور 21 گولیاں برآمد کی گئی تھیں، مسافر حسن محمود بٹ پی کے 263 سے ابوظہبی جا رہا تھا، مسافر نے غلطی سے اسلحہ بیگ میں لانے کا اعتراف کیا تھا۔

    اس سے قبل گزشتہ 13 جنوری کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے خاتون مسافر کے سامان سے پستول کی گولیاں برآمد کی تھیں۔

    نجی ایئرلائن کی پرواز سے جدہ جانے والی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ بیگ ان کے بھائی کا ہے جس کے پاس نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی ہے، غلطی سے گولیاں اس بیگ میں رہ گئیں۔

  • بچے کے کپڑے اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی خاتون

    بچے کے کپڑے اسمگلنگ میں استعمال کرنے والی خاتون

    کمپالا: مشرقی افریقا کے ملک یوگنڈا میں بچے کے کپڑے میں غیرقانونی کاسمیٹکس لے جانے والی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوگنڈا میں کسٹم آفیسر نے بچے کے بھیس میں ممنوعہ کاسمیٹکس اسمگل کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا۔ یوگنڈا ریونیو اتھارٹی نے ٹویٹر پر تصاویر جاری کیں جس میں خاتون کی پیٹھ پر بچہ نظر آ رہا ہے۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ بچہ ممنوعہ کاسمیٹکس سے بھرے پجامے کا ایک سیٹ نکلا۔ حکام نے بتایا کہ خاتون ایک بس میں ڈیموکریٹک جمہوریہ کانگو سے کاسمیٹکس اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ خاتون اسمگلر سے پکڑے جانے والے کاسمیٹکس کے سامان پر یوگنڈا میں پابندی عائد ہے۔

  • ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد

    کراچی: سکھر ایئر پورٹ سے منی لانڈرنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت 2 مسافروں سے لاکھوں ڈالر اور سونا برآمد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف نے سکھر ایئر پورٹ پر خاتون سمیت دو مسافر گرفتار کیے ہیں، جن سے 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر برآمد ہوئے، خاتون مسافر سے 5 کلو سونا، دو سو گرام موتی اور 255 یو اے ای درہم بھی برآمد ہوئے۔

    اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ تلاشی پر معلوم ہوا کہ مسافر محمد اسلام اور خاتون اناہیتا سہراب ایرانی نے بیگ میں غیر ملکی کرنسی چھپا رکھی تھی، دونوں مسافر پی کے 531 سے کراچی جا رہے تھے، کراچی پہنچنے کے بعد دونوں نے بیرون ملک سفر کرنا تھا، اے ایس ایف نے دونوں مسافروں کو مزید کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔

    یاد رہے کہ نومبر میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم اہل کاروں نے چیکنگ کے دوران مسافر کے سامان سے 17 ہزار امریکی ڈالر، 25 ہزار 600 یوآن جب کہ 25 ہزار 780 بھارتی روپے برآمد کیے تھے۔

    لاہور ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا

    کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ مسافر نجی ایئر لائن لائن کی پرواز 6018 سے ارمچی جا رہا تھا۔ گزشتہ ماہ علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا تھا۔ امریکی خاتون پرواز 342 لاہور سے مسقط جا رہی تھی، دوران چیکنگ خاتون کے سامان سے 2 سونے کے بسکٹ برآمد ہوئے۔

  • کسٹمز کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد

    کسٹمز کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد

    کراچی: محکمہ کسٹمز نے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور فیصل آباد میں اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارروائی میں بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ڈپٹی کلکٹر کسٹم توصیف امان نے خفیہ اطلاع پر کراچی سے براستہ دوحہ بنکاک جانے والے ارسلان انور نامی پاکستانی مسافر کے سامان سے آدھا کلو ہیروئن بر آمد کر کے گرفتار کر لیا۔

    کلکٹر کسٹم کے مطابق ہیروئن کو ملزم نے انتہائی مہارت سے اپنے شولڈر بیگ کے ہینڈلز میں چھپایا ہوا تھا، ہیروئن کی مالیت 55 لاکھ روپے ہے۔

    دوسری کارروائی میں کسٹم پریوینٹو نے فیصل آباد میں اسمگلنگ کے خلاف بڑا ایکشن لیا، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ ایل ای ڈیز برآمد کی گئیں، کلکٹر کسٹم محمد سلیم کے مطابق چھاپا فیصل آباد کے علاقے جھنگ بازار گودام پر مارا گیا جہاں اسمگل شدہ ایل ای ڈیز چھپائی گئی تھیں، کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ ایل ای ڈیز مختلف سائز اور برانڈز کی تھیں۔

    محکمہ ایکسائز نے بھی کراچی ایم اے جناح روڈ پر مشکوک شخص کی تلاشی کے دوران چار کلو گرام چرس برآمد کر کے گرفتار کیا گیا۔

  • منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج

    منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو پکڑا گیا تو وہ خواتین کو استعمال کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملزمان پر ہاتھ ڈالا گیا تو وہ کاروبار میں خواتین کو استعمال کرنے لگے، خواتین کی پکڑ دھکڑ شروع ہوئی تو بچوں کو استعمال کیا گیا۔ قانون بہتر ہوتا ہے تو جرائم پیشہ عناصر طریقہ واردات بدل لیتے ہیں۔

    ملزمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزمہ کی بیٹی کی شادی ہے، انسانی ہمدردی پر سزا ختم کی جائے۔

    جسٹس قاضی امین نے کہا کہ اداروں کی ناکامی ہے صرف منشیات سپلائی کرنے والے کو پکڑا جاتا ہے، ادارے منشیات سپلائی کرنے اور لینے والوں پر ہاتھ نہیں ڈالتے۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات منتقل کرنے والے تو غربت کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہیں۔

    عدالت نے ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے 3 سال قید کی سزا برقرار رکھی۔

  • جوتوں میں سونا اسمگل کرنے والی خاتون گرفتار

    جوتوں میں سونا اسمگل کرنے والی خاتون گرفتار

    ماسکو: روسی حکام نے روس اور چین کی سرحد پر دو کلو گرام سونا جوتوں میں چھپا کر اسمگل کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس اور چین کی سرحد پر روسی کسٹم حکام نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک خاتون کو گرفتار کرکے دو کلو گرام سونا برآمد کرلیا، خاتون نے سونا اپنے جوتوں میں چھپایا ہوا تھا۔

    روسی حکام کے مطابق گرفتار خاتون کے جوتوں سے برآمد ہونے والے سونے کی کل مالیات 78 ہزار چھ سو پچاس ڈالر بنتی ہے، حکام نے گرفتاری کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    ترجمان کسٹم حکام نے بتایا کہ تلاشی کے دوران خاتون نے ایک پیر آگے اور ایک پیچھے کر رکھا تھا جس پر اہلکار کو شک ہوا اور تلاشی کے دوران خاتون سے دو کلو سونا برآمد کیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ رواں سال متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جو چین سونا اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس اگست میں روسی خاتون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ خاتون نے سونے کے دس بسکٹ اپنے جوتوں میں چھپا رکھے تھے۔

    واضح رہے کہ معدنیات سے مالا مال سربیا کے علاقے میں بڑے پیمانے پر سونے کی کان کنی ہوتی ہے۔