Tag: اسمگل شدہ

  • ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایران سے اسمگل شدہ 6 لاکھ بیرل تیل امریکا نے ضبط کرلیا

    ایتھنز: امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود 6 لاکھ بیرل اسمگل شدہ ایرانی تیل قبضے میں لے لیا، تیل لے جانے والا ٹینکر روس کی ملکیت تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا نے یونان کے ساحل پر موجود ایک ٹینکر سے ایران سے اسمگل ہونے والا 6 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل قبضے میں لے لیا ہے، یہ اقدام ایران کے خلاف نئی پابندوں کے تحت ہونے والی کارروائیوں کی ایک کڑی ہے۔

    جمعرات کو اس ضبط شدہ تیل کو ٹینکر سے دوسرے بحری جہاز میں منتقل کیا گیا اور اب اسے امریکا لے جایا جائے گا، دا پیگاس نامی اس آئل ٹینکر کو دو وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ ایک یہ کہ یہ ٹینکر روس کی ملکیت تھا اور دوسرا اس میں ایرانی تیل لدا ہوا تھا۔

    امریکا نے 22 فروری کو روس کی جانب سے یوکرین پر حملے سے قبل ہی 5 بحری جہازوں پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں، ان جہازوں میں دا پیگاس بھی شامل ہے۔

    یکم مارچ کو اس ٹینکر کو نیا نام لاما دیا گیا اور یہ یکم مئی سے ایرانی تیل کی منتقلی میں مصروف تھا۔

    اس تیل بردار بحری جہاز کو ابتدائی طور پر یونانی حکام نے گزشتہ ماہ جنوبی یونانی جزیرے ایویا کے ساحل پر قبضے میں لے لیا تھا، اس میں عملے کے 19 روسی ارکان بھی سوار تھے۔

    اس وقت یونان نے کہا تھا کہ یوکرین پر حملے کی وجہ سے روس پر یورپی یونین کی پابندیوں کے تحت جہاز کو قبضے میں لیا گیا تھا لیکن بعد میں جہاز کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

    تاہم امریکا نے اس ہفتے ایرانی پاسداران انقلاب کے غیر ملکی آپریشن یونٹ قدس فورس کے لیے روس کی مدد سے تیل کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کرنے والے نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کیں، جس کے نتیجے میں اس آئل ٹینکر کو دوبارہ قبضے میں لے لیا گیا۔

    ایران کی بندرگاہوں اور میری ٹائم آرگنائزیشن نے کہا کہ ٹینکر نے تکنیکی مسائل اور خراب موسم کی وجہ سے یونان کے ساحل کے قریب پناہ حاصل کی تھی اور اس کا سامان ضبط کرنا بحری قزاقی کی واضح مثال ہے۔

    اسمگل شدہ ایرانی تیل کے خلاف ان کارروائیوں سے ایران کے مغربی قوتوں کے ساتھ جوہری معاہدے (مشترکہ جامع پلان آف ایکشن) کی بحالی کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

  • کسٹم کی کارروائی : لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد

    کسٹم کی کارروائی : لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد

    کراچی : کسٹم کے عملے نے چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ ممنوعہ چائنیز سالٹ برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ٹرین کی بوگی سے جعلی گھڑیاں، سن گلاسز برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم کے عملے نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں چھاپہ مار کر مضرصحت ممنوعہ چائنیز سالٹ اجینو موٹو  برآمد کرلیا، کارروائی میں90لاکھ25ہزارروپے مالیت کا37کلو چائنیز سالٹ برآمد کیا گیا۔

    اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی کلکٹرکسٹم نے کہا کہ ممنوعہ چائنیز سالٹ اسمگل کرنے والے تین ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے، ہائی کورٹ نے چائنیز سالٹ اجینو موٹو کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

    دوسری کارروائی میں کسٹم عملے نے حویلیاں سے آنے والی ہزارہ ایکسیرپس پر چھاپہ مارا، ڈپٹی کلکٹرکسٹم کے مطابق ہزارہ ایکسپریس کی بوگی سے جعلی گھڑیاں اور سن گلاسز برآمد کرلیے گئے،4490جعلی سن گلاسز،9ہزار جعلی گھڑیاں اور پیکنگ کا سامان تحویل میں لے لیا، اسمگل شدہ سامان کی مالیت24لاکھ73ہزارروپے ہے۔