Tag: اسٹاف

  • کرونا وائرس: وزیر اعظم آفس کا اسٹاف محدود، افسران کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت

    کرونا وائرس: وزیر اعظم آفس کا اسٹاف محدود، افسران کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیر اعظم آفس کا اسٹاف محدود کردیا گیا اور بیشتر افسران و ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیر اعظم آفس کا اسٹاف محدود کردیا گیا، وزیر اعظم آفس کے افسران و ملازمین کے دفتری امور سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں۔

    جوائنٹ سیکریٹری ایڈمن کے علاوہ تمام جوائنٹ سیکریٹریز کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کردی گئی، ڈپٹی سیکریٹریز ہفتہ وار بنیاد پر دفتری امور انجام دیں گے۔ مختلف شعبوں کا اسٹاف ڈیوٹی روسٹر کے مطابق کام کرے گا۔

    جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ گھر سے کام کرنے والے جوائنٹ سیکریٹریز فائلز اور دستاویز کے لیے ملازم تعینات کریں۔

    ملازمین کو کہا گیا ہے کہ گھر سے کام کرنے والے افسران فون پر دستیاب رہیں، ایمرجنسی صورت میں افسران کو کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 83 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوچکی ہے۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 5 ہزار 385 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہوگئی ہے۔

  • امریکا: سہولیات کی عدم فراہمی، کچرے کی تھیلی پہننے والا ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

    امریکا: سہولیات کی عدم فراہمی، کچرے کی تھیلی پہننے والا ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

    نیویارک: امریکا میں کرونا وائرس سے حفاظتی سامان کی قلت ہونے کے باعث طبی عملہ کچرے کی تھیلیاں استعمال کرنے پر مجبور ہے، تھیلیاں استعمال کرنے والا ایک ڈاکٹر کرونا وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک سٹی ہاسپٹل میں طبی عملہ کچرے کے لیے استعمال کیے جانے والے پلاسٹک بیگز پہننے پر مجبور ہے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طبی عملے کے 3 افراد نے کچرے کے لیے استعمال کیے جانے والے سیاہ پلاسٹک بیگز پہن رکھے ہیں۔

    تصویر کے کیپشن میں کہا گیا کہ اسپتال میں مزید گاؤنز موجود نہیں ہیں۔

    اسی اسپتال میں کام کرنے والے ایک ڈاکٹر بھی وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔ 48 سالہ ڈاکٹر کیلی میں ایک ہفتہ قبل کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور گزشتہ رات وہ انتقال کر گئے۔

    مقامی حکام نے ڈاکٹر کی موت پر سخت افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    کرونا وائرس کے کاری وار کے بعد نیویارک کے تقریباً سب ہی اسپتالوں میں ذاتی حفاظت کے سامان جیسے ماسک اور آئسولیشن گاؤنز کی قلت ہے۔

    مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس اضافی این 95 اور 99 ماسک، گاؤنز یا دستانے موجود ہیں تو انہیں طبی عملے کو عطیہ کردیں۔

    خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، امریکا میں کرونا سے ہلاکتیں 15 سو سے زائد ہوگئی ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 کھرب ڈالرز کے ریلیف بل پر بھی دستخط کردیے ہیں۔

  • کراچی: مطالبات کی منظوری کے لیے نرسوں کا احتجاج

    کراچی: مطالبات کی منظوری کے لیے نرسوں کا احتجاج

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نرسوں کا اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے دوسرے دن بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ نرسوں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر نرسوں کا مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی دھرنا اور احتجاج جاری ہے۔

    احتجاج میں شریک نرسوں کا کہنا ہے کہ ان کی تنخواہیں اور الاؤنسسز پنجاب کے برابر کیے جائیں۔

    نرسوں کے مطالبات میں نرسنگ کے عہدے کو اپ گریڈ کرنے سمیت معطل 13 پرنسپلز کو بحال کرنا بھی شامل ہیں۔

    پریس کلب کے باہر نرسیں اپنے مطالبات کے حق میں زور دار نعرے بازی کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک سیکریٹری صحت یقین دہانی نہیں کروائیں گے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔