Tag: اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ

  • کیا پاکستان ہتھیاروں کے بڑے خریداروں میں شامل ہو گیا؟

    کیا پاکستان ہتھیاروں کے بڑے خریداروں میں شامل ہو گیا؟

    سویڈن: ایک بین الاقوامی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ہتھیاروں کے سب سے بڑے درآمد کنندگان میں شامل ہو گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (SIPRI) نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2016 سے 2020 تک پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں بھاری ہتھیاروں کے بڑے درآمد کنندگان میں شامل تھا۔

    سِپری رپورٹ کے مطابق سال 2016 سے 2020 کے دوران ہتھیاروں کی بین الاقوامی تجارت میں اضافے کا رجحان نہیں دیکھا گیا، تاہم امریکا، فرانس اور جرمنی نے ہتھیاروں کی برآمد میں اضافہ کیا۔

    دوسری طرف اس مدت کے دوران روس اور چین کی جانب سے ہتھیاروں کی بین الاقوامی فروخت میں کمی آئی۔

    اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں بھارت، آسٹریلیا، چین، جنوبی کوریا اور پاکستان ایشیا پیسیفک خطے میں ہتھیاروں کے سب سے بڑے درآمد کنندگان رہے۔

    چین جو کہ سال 20-2016 کے درمیان دنیا میں بھاری ہتھیاروں کا پانچواں سب سے بڑا برآمد کنندہ تھا، اس کی برآمدات سال 15-2011 سے سال 21-2016 کے درمیان 7.8 فی صد کم رہیں۔

    گزشتہ پانچ برسوں میں ہتھیاروں کی مجموعی برآمدات میں چین کی برآمدات 5.2 فی صد تھیں، جب کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور الجیریا چین سے سب سے زیادہ ہتھیار لینے والے ممالک رہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دنیا میں بھاری ہتھیاروں کی فراہمی میں واضح کمی آئی، جس میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے مسلسل اضافہ جاری تھا۔

  • امریکی ہتھیاروں کی سب سے زیادہ فروخت مشرق وسطیٰ میں

    امریکی ہتھیاروں کی سب سے زیادہ فروخت مشرق وسطیٰ میں

    اسٹاک ہوم: دنیا بھر میں ہتھیاروں کی برآمدات میں ساڑھے 5 فیصد اضافہ ہوگیا، امریکا ہتھیار فروخت کرنے والا سب سے بڑا، اور بھارت ہتھیار خریدنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر جاری کی جانے والی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہتھیاروں کی برآمدات میں ساڑھے 5 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2015 سے 2019 تک ہتھیاروں کی برآمدات 5.5 فیصد بڑھیں، امریکا ہتھیاروں کا سب سے بڑا برآمد کرنے والا ملک بن گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ تنازعے کا شکار ممالک میں ہتھیاروں کی طلب میں اضافہ ہوا، امریکا کے ہتھیاروں کی برآمدات کا آدھا حصہ مشرق وسطیٰ گیا۔

    اسی طرح چین دنیا میں ہتھیاروں کا پانچواں بڑا برآمد کنندہ ہے۔

    پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق روس کی ہتھیاروں کی برآمدات میں کمی ہوئی، جبکہ فرانس کی ہتھیاروں کی برآمدات گزشتہ پانچ سال میں 72 فیصد بڑھیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت ہتھیار درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا۔

    رپورٹ کے مطابق سنہ 2010 سے 2014 اور سنہ 2015 سے 2019 کے درمیان بھارت اور پاکستان کی جانب سے ہتھیاروں کی درآمد بالترتیب 32 اور 39 فیصد تک کم ہوئی۔