Tag: اسٹرا

  • مشروب اسٹرا سے پئیں یا براہ راست گلاس سے؟ ماہرین کا حیران کن جواب

    مشروب اسٹرا سے پئیں یا براہ راست گلاس سے؟ ماہرین کا حیران کن جواب

    پوری دنیا میں اب سہولت کے لیے مشروبات اسٹرا کے ذریعے پینے کا رواج پھیل چکا ہے، اس کے لیے پہلے پلاسٹک کی اسٹرا آتی تھی اور اب ماحولیات کے خدشات کے باعث کاغذ کی اسٹرا بھی مقبول ہو چکی ہیں۔

    تاہم یہ سوال اکثر لوگوں کو پریشان کرتا ہے کہ مشروب پلاسٹک یا کاغذ کی اسٹرا سے پئیں یا پھر براہ راست گلاس ہی سے؟ اور یہ کہ پلاسٹک یا کاغذ میں سے کون سی اسٹرا صحت اور ماحول کے لیے بہتر ہے؟

    آپ جانتے ہی ہوں گے کہ پلاسٹک اس صدی کی سب سے بُری ایجاد ہے جس نے انسان کے ساتھ دیگر حیاتیات کی زندگی کو ناقابل یقین حد تک نقصان پہنچایا ہے، اسی طرح پلاسٹ کی اسٹرا بھی ماحول کو نقصان پہچانے والے سب سے خطرناک فضلے میں شامل ہے۔

    یہی وجہ ہے کہ اسٹرا بنانے کے لیے پلاسٹک کا بہتر متبادل تلاش کیا جا رہا ہے، جس میں کاغذ، شیشہ، پودوں پر مبنی مواد یا دیگر دھاتیں شامل ہیں تاکہ انسانی صحت کے ساتھ ماحول کو بھی بچایا جا سکے۔ پلاسٹک کے بعد اب کاغذ سے بھی اسٹرا تیار کی جا رہی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھی صحت کے لیے مضر ہے۔

    پلاسٹک ماحول میں 300 سال یا اس سے زیادہ عرصے تک رہتا ہے، اور کاغذ اتنے عرصے تک نہیں رہتا، تاہم بیلجیئم کی یونیورسٹی آف اینٹورپ کے محققین کے مطابق کاغذ سے بنی اسٹرا کو خوش نما اور چمک دار بنانے کے لیے مختلف کیمکلز کا استعمال کیا جاتا ہے، جن میں سے چند کیمیکلز ایسے ہیں جو ہمیشہ کے لیے موجود رہ سکتے ہیں، اور جنھیں پی ایف اے ایس کہا جاتا ہے، یہ دیرپا پی ایف اے ایس کئی دہائیوں تک ماحول میں رہ سکتے ہیں، اور پانی کی سپلائی کو آلودہ کر سکتے ہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق امریکا میں ہر روز استعمال ہونے والی ڈسپوزایبل اسٹرا کی تعداد 500 ملین ہے، اور ڈسپوزایبل اسٹرا پر خرچ ہونے والی رقم گزشتہ دو دہائیوں سے سال بہ سال بڑھ رہی ہے۔ اس لیے اب ماہرین یہ کہتے ہیں کہ دونوں طرح کی اسٹرا کے استعمال سے گریز کیا جائے، اور مشروب براہ راست گلاس یا پیالے ہی سے پیا جائے۔

  • مزیدار اسٹرا جو بچوں کو پانی پینے پر مجبور کردیں

    مزیدار اسٹرا جو بچوں کو پانی پینے پر مجبور کردیں

    موسم چاہے کوئی بھی ہو، جسم کو پانی درکار ہوتا ہے، خصوصاً موسم گرما میں تو اس کی ضرورت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ تاہم بچوں کو پانی پلانا ایک مشکل مرحلہ ہوسکتا ہے کیونکہ پانی ان کے لیے بہت بورنگ چیز ہوسکتی ہے۔

    تاہم اب ایسے اسٹرا تیار کرلیے گئے ہیں جو پانی کو ذائقہ دار بنا کر بچوں کو اسے مزے سے پینے پر مجبور کرسکتے ہیں۔

    میجک اسٹرا نامی کمپنی نے مختلف فلیورز سے تیار کردہ اسٹرا پیش کیے ہیں۔

    یہ اسٹرا جب پانی کے گلاس میں ڈال کر پیے جاتے ہیں تو یہ پانی کا ذائقہ تبدیل کردیتے ہیں۔ یہ اسٹرا پینا کولاڈا، چیری کولا اور رس بیری لیمونڈ کے فلیورز میں پیش کیے گئے ہیں۔

    ان میں 5 گرام چینی شامل کی جاتی ہے جبکہ ان میں مختلف میٹھی گولیاں بھی شامل کی جاتی ہیں جو پانی کو مٹھاس سے بھردیتی ہیں۔

    ان اسٹراز کو بنانے کا مقصد نہ صرف بچوں بلکہ ان بڑوں کو بھی پانی پینے کی طرف مائل کرنا ہے جو اس ضروری شے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

    یہ کمپنی دودھ پینے کے لیے بھی مزیدار فلیورڈ اسٹرا تیار کر رہی ہے جو بچوں کے لیے دودھ کو ان کی پسندیدہ شے میں تبدیل کردیں گے۔