Tag: اسٹریٹجک وژن

  • اقوام متحدہ کے سربراہ نے چینی صدر کی تعریف میں کیا کہا؟

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے چینی صدر کی تعریف میں کیا کہا؟

    بیجنگ(یکم ستمبر 2025): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے چینی صدر شی جن پنگ کو "واضح اسٹریٹجک وژن کا حامل شخص” قرار دیا ہے۔

    اتوار سے پیر تک تیانجن میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ صدر شی ہمیشہ طویل المدتی نقطہ نظر سے معاملات کو دیکھتے ہیں، اور ان کے مقرر کردہ اہداف متوقع طور پر وقت سے پہلی ہی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ "اگر مجھے ایک ایسی خصوصیت کا انتخاب کرنا ہو جو میرے خیال میں صدر شی جن پنگ کی شخصیت کو نمایاں کرتی ہے تو وہ ہے ان کا واضح اسٹریٹجک وژن اور انہیں مقرر وقت میں کرنے کی صلاحیت، وہ نہ صرف اپنے اہداف کو حاصل کرتے ہیں بلکہ وہ انہیں وقت سے پہلے پورا کرتے ہیں، اس طرح کی کئی مثالیں بھی ہمارے سامنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ صدر شی جن پنگ نے اعلان کیا تھا کہ چین 2030 تک 1,200 گیگاواٹ قابل تجدید توانائی حاصل کر لے گا۔ یہ ہدف وقت سے قبل ہی اب حاصل ہو چکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا جب بہت سے لوگ ابھی تک ڈیزل گاڑیوں کو بہتر بنانے کے بارے میں سوچ رہے تھے، چین نے کئی سال پہلے ہی الیکٹرک گاڑیوں پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا، اور اس کے لیے تمام ضروری ٹیکنالوجیز تیار کیں، آج ہم دیکھتے ہیں کہ چینی الیکٹرک گاڑیاں دنیا بھر کے مارکیٹ میں غلبہ رکھتی ہیں اور بہت عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ایک ایسی دنیا ہے جہاں ایک دن میں بہت سے فیصلے کیے جاتے ہیں اور اگلے ہی دن اس فیصلے کو تبدیل کردیا جاتا ہے وہیں صدر شی جن پنگ اپنے اہداف کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسٹریٹجک وژن ان کی خصوصیت ہے۔