Tag: اسٹریٹ کرائمز

  • کراچی کی ایک سڑک جو ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی، فوٹیج

    کراچی کی ایک سڑک جو ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی، فوٹیج

    کراچی: سچل کے علاقے اسکیم 33 میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گوالیمار سوسائٹی اور کراچی یونیورسٹی ایمپلائز سوسائٹی کی درمیانی سڑک ڈکیتوں کے لیے جنت بن گئی ہے، سڑک پر اسٹریٹ کرائمز کی وجہ سے شہریوں کے لیے سفر کرنا محال ہو گیا ہے۔

    لٹیرے مذکورہ سڑک پر سیکنڈوں میں شہریوں کے جیبوں کا صفایا کرتے ہیں اور سپر ہائی وے کی جانب فرار ہو جاتے ہیں، مذکورہ سڑک پر موٹر سائیکل سوار شہری سے لوٹ کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار 2 ڈکیتوں کو شہری کا تعاقب اور لوٹ مار کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کا علم ہونے کے باوجود سچل پولیس نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور شہریوں کو ڈکیتوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔


    ڈیفینس کے سپر اسٹور میں ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آگئی


    اسکیم تینتیس کے شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے اسٹریٹ کرمنلز سے نجات دلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

  • سزاؤں کی شرح میں اضافہ، آئی جی سندھ کا رمضان میں جرائم کی شرح میں کمی کا انکشاف

    سزاؤں کی شرح میں اضافہ، آئی جی سندھ کا رمضان میں جرائم کی شرح میں کمی کا انکشاف

    کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے انکشاف کیا ہے کہ اس رمضان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں نمایاں کمی آ گئی ہے، جس کی وجہ سزاؤں کی شرح میں اضافہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے رمضان کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں کمی آئی ہے، رمضان میں عموماً اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، لیکن اس سال گزشتہ رمضان کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم کی شرح کم ہے۔

    انھوں نے کہا اسٹریٹ کرائم کے کیسز کو 2 زوایوں سے دیکھا جا سکتا ہے، جنوری، فروری اور مارچ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے کیسز میں کمی آئی ہے، پچھلے سال رمضان میں اسٹریٹ کرائم کے 249 کیسز روزانہ رپورٹ ہو رہے تھے، جب کہ اس سال اسٹریٹ کرائم کے کیسز کم ہو کر 175 یومیہ پر آ گئے ہیں، اس میں مزید بہتری کی گنجائش بھی موجود ہے۔

    غلام نبی میمن نے آگاہ کیا کہ پولیس کی انویسٹیگیشن میں بہتری آئی ہے، جس سے ملزمان کی سزاؤں میں اضافہ ہوا ہے، اب ہم چاہتے ہیں کہ پولیس والوں کو ڈیجیٹلائز کریں، اس سے سزاؤں کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا، اور سندھ حکومت کو 2 ہزار نئے انویسٹیگیشن افسران بھرتی کرنے کا بھی کہا ہے۔


    کراچی : بھتہ نہ دینے پر دکاندار کو قتل کرنے والے گینگ وار کے 2 مطلوب کارندے گرفتار


    انھوں نے واضح کیا کہ ’’سزاؤں کی شرح میں اضافے سے ہی جرائم میں کمی آ رہی ہے، اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ انویسٹیگیشن افسران کے زیادہ تبادلے نہ ہوں۔‘‘

    آئی جی سندھ نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے بارے میں کہا کہ اس کیس میں اجتماعی طور پر مقدمے کے حل کے لیے کوشش جاری ہے، اس کیس میں پراسیکیوشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق انویسٹیگیشن کی گئی ہے، یعنی پولیس نے کیس میں جو انویسٹی گیشن کی ہے وہ پراسیکیوشن کےحساب سے کی ہے۔

    ان کا اس کیس میں منشیات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’’منشیات پوش ایریاز کا نہیں پورے ملک اور عالمی سطح پر ایک مسئلہ ہے، منشیات کے گروہوں کی نشان دہی کے لیے اسپیشل برانچ کو ٹاسک دیا گیا تھا، ہمارے پاس منشیات فروشوں کی فہرستیں آئی ہوئی ہیں، جو متعلقہ اضلاع کے ڈی آئی جیز کو کاروائی کے لیے بھیج دی گئی ہیں، جس پر کارروائیاں ہو رہی ہیں اور منشیات فروش پکڑے جائیں گے۔‘‘

  • شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی، ویڈیو

    شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی، ویڈیو

    کراچی: سولجر بازار نشتر پارک کے قریب شہری سے 16 سیکنڈ میں 2 لاکھ سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل چھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار نشتر پارک کے قریب محض سولہ سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات ہوئی ہے، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح فلمی انداز میں چلتی سڑک پر سیکنڈوں میں لٹیروں نے کیسے موٹر سائیکل چھین لی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    فوٹیج میں شہری کو نئی موٹر سائیکل پر دیکھا جا سکتا ہے، شہری جیسے ہی رکا، 3 لٹیرے پیچھے سے آ گئے، جو کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، ایک نے موٹر سائیکل آگے لگائی اور دو برابر میں رکے۔

    کراچی : غیرقانونی کال سینٹر کا مالک 6 کارندوں سمیت گرفتار، خوفناک حقائق سامنے آگئے

    فوٹیج کے مطابق لٹیروں نے بغیر اسلحہ دکھائے شہری سے بائیک چھینی، اور واردات کے بعد تینوں ملزمان الگ الگ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، چھینی گئی موٹر سائیکل کی قیمت 2 لاکھ 5 ہزار روپے سے زائد ہے۔

  • بلدیہ میں دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج، شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر

    بلدیہ میں دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج، شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں، بلدیہ کے علاقے میں بھی ایک واردات کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی میں اے ٹی ایم کے اندر شہری کو لوٹنے کی ویڈیو کے بعد ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں بلدیہ مدینہ کالونی میں ایک چکن شاپ میں دکان دار اور شہریوں کو لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تھانہ مدینہ کالونی کی حدود سیکٹر A/3 دارالعلوم صفحہ و مسجد کے قریب اختر چکن شاپ پر دو لٹیروں نے لوٹ مار کی واردات کی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے اسلحے کے زور پر شاپ پر موجود 3 لوگوں سے 6 موبائل فون اور 30 ہزار کیش چھین کر فرار ہو گئے۔

    کراچی کے شہری لٹیروں کے رحم و کرم پر آ چکے ہیں، اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، ایسے میں پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مذکورہ واردات میں ملوث لٹیروں کی تلاش جاری ہے۔

    اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے ہوشیار، کورنگی میں واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    یاد رہے کہ کورنگی نمبر دو میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہری کو 2 ڈاکوؤں نے لوٹ لیا تھا، شہری اے ٹی ایم کا دروازہ لاک کر کے پیسے نکال رہا تھا، رقم نکال کر جیسے ہی وہ باہر نکلنے لگا تو دو مسلح ڈاکو اے ٹی ایم کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکو نے شہری سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم اور بٹوے سے پیسے نکال لیے۔

    ڈاکوؤں نے شہری کو ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کا کہا تو وہ مزاحمت کرنے لگا، اس پر انھوں نے شہری کو ڈرایا، شہری نے ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر ڈاکوؤں کو دے دی۔

  • ڈاکوؤں اور عوام نے لاکھوں روپے لوٹ لیے، فوٹیج سامنے آگئی

    ڈاکوؤں اور عوام نے لاکھوں روپے لوٹ لیے، فوٹیج سامنے آگئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق، اور ان کا بیٹا زخمی ہو گیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد ڈاکو تو 3 لاکھ روپے کیش لے گئے، تاہم عوام نے 7 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

    کورنگی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مقتول عبدالمالک کو بیٹے کے ساتھ گاڑی میں آتے دیکھا جا سکتا ہے، مقتول بینک سے 10 لاکھ لا رہا تھا کہ عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ڈاکو آ گئے۔

    فوٹیج کے مطابق ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تو مقتول نے رقم کا بیگ دور پھینک دیا، اور ڈاکو سے الجھ گیا، جس پر ڈاکوؤں نے عبدالمالک پر فائرنگ کر دی۔

    فائرنگ کے بعد جب ایک ڈاکو نے بیگ اٹھایا تو اس میں آدھی رقم زمین پر گر گئی، جسے وہاں موجود لوگ اٹھانے لگے، اس دوران مقتول کے بیٹے نے گاڑی سے نکل کر فائرنگ کی تو ایک ڈاکو زمین پر گر پڑا۔

    موٹر سائیکل سوار ڈاکو بھاگے تو مقتول کے بیٹے نے ان کا تعاقب کیا، لیکن تعاقب کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مقتول کا بیٹا زخمی ہو گیا اور ڈاکو فرار ہو گئے۔

  • فوٹیج: مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا

    فوٹیج: مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو حاصل سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکیت گروہ نے کس دیدہ دلیری سے ہیوی جنریٹر چھینا اور لوڈنگ گاڑی پر ڈال کر لے گئے۔

    کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے لوڈنگ گاڑیوں سے لوٹ مارکرنے والے اس گروہ کے اہم کارندے کو گرفتارکر لیا ہے۔ ملزم کی نشان دہی پر شاہ لطیف تھانے کی حدود سے ہیوی جنریٹر برآمد کر لیا۔

    ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کے مطابق برآمد شدہ 30 کے وی اے جنریٹر کی قیمت لاکھوں روپے ہے، ملزمان نے 27 جولائی کو کورنگی کی حدود میں یہ واردات کی تھی، جب کار سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر سوزوکی ڈرائیور کو روکا اور 2 ملزمان سوزوکی کو چلا کر لے گئے، اور پھر ڈرائیور کو راستے میں اتار دیا۔

    توحید رحمان نے بتایا کہ دن رات اس کیس پر کام کیا گیا اور ملزمان تک رسائی کی گئی، چند روز کے اندر ہی ٹیکنیکل بنیادوں پر اس کیس کو حل کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے تین دیگر ساتھی فرار ہیں جنھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور کو اتارنے کے بعد سوزوکی کو مرکزی سڑک پر ہی روکا گیا تھا، ملزمان ایک ہیوی کرین لے کر آئے اور مصروف سڑک پر اس کے ذریعے ہیوی جنریٹر سوزوکی سے ٹرک پر منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آفس کا جنریٹر تھا، جسے گن پوائنٹ پر چھینا گیا تھا، تاہم پولیس نے 7 سے 8 دن کے اندر اس بلائنڈ کیس کو حل کیا، اور جنریٹر بھی ریکور کیا گیا۔

  • اسٹریٹ کرائمزمیں قتل کے 65 میں سے 18 کیسز ٹارگٹ کلنگ کے نکلے!

    اسٹریٹ کرائمزمیں قتل کے 65 میں سے 18 کیسز ٹارگٹ کلنگ کے نکلے!

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی آڑ میں ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف ہوا ہے، اسٹریٹ کرائمز میں قتل کے 65 میں سے 18 کیسز ٹارگٹ کلنگ کے نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق 65 شہریوں کے قتل پر آئی جی سندھ کو تحقیقات کا ٹاسک دیا گیا تھا، وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 18 شہریوں کو باقاعدہ ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔

    ضیالنجار نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز ظاہر کر کے شہریوں کو ہدف بنایا گیا، اسٹریٹ کرائمزکی آڑ میں کراچی کا امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔

    وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے پولیس کام کررہی ہے، گروہ کے گرفتار ہونے سے بہتری آئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح پنجاب کے مقابلے میں آج بھی کم ہے، کراچی میں پولیس جلد صورتحال کو مزید بہتر کرلے گی۔

  • موبائل فون اسنیچرز کا 30 رکنی گروہ چلانے والا سرغنہ گرفتار

    موبائل فون اسنیچرز کا 30 رکنی گروہ چلانے والا سرغنہ گرفتار

    کراچی: گارڈن پولیس نے کراچی میں جیب کتروں کا 30 رکنی گروہ چلانے والے ایک سرغنہ کو گرفتار کیا ہے، جس نے تفتیش میں متعدد انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس نے فیصل نامی ایک سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ڈاکوؤں اور جیب کتروں کا تیس رکنی گروہ چلا رہا تھا۔

    ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق ملزم فیصل چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے فروخت کرتا تھا، ملزم مسروقہ اور چھینے گئے موبائل فونز افغان ڈیلر کو بیچتا تھا، یہ موبائل فون بلوچستان اور افغانستان میں اسمگل کیے جاتے تھے۔

    گارڈن پولیس نے ملزم سے ایک پستول اور چھینا ہوا موبائل فون برآمد کیا، ملزم اور اس کا گروہ متعدد شہریوں سے لوٹ مار کر چکا ہے، ملزم نے ہزاروں کی تعداد میں مسروقہ موبائل مارکیٹس میں فروخت کیے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم فیصل اپنے ساتھی ارسلان کے ہمراہ مل کر وارداتیں کرتا تھا، ارسلان کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے بڑا فیصلہ

    وزیراعلیٰ سندھ کا اسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کیلئے بڑا فیصلہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کیخلاف دوطرفہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے صوبے میں امن وامان سے متعلق بریفنگ دی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ نے اسٹریٹ کرائم کیخلاف سخت اقدامات کا حکم دیا اور کہا آئی جی سندھ تھانوں کو مضبوط اور بہتر بنائیں، شاہین فورس اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو فعال کریں۔

     وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو اپ گریڈ کرنے، ون فائیو مدد گارکو مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چوری کا سامان جس بازار میں فروخت ہوتا ہے وہاں کارروائی ہو گی، اسٹریٹ کرمنلز کے مکمل ڈیٹا پر پولیس کی سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ باقاعدہ کام کرے گی۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بریفنگ میں بتایا کہ اسٹریٹ کرائم کے روزانہ 250 مقدمات درج ہورہے ہیں، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ شاہین فورس کرائم ہونے والی جگہوں پر پیٹرولنگ کریں۔

    آئی جی سندھ نے بتایا کہ کراچی میں دہشت گردی کی فنڈنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے، غیر قانونی اسلحہ کے 2769 مقدمات داخل کیے جبکہ اس کارروائی کے دوران 2769 ملزم کو گرفتار کیا گیا، اس سال 18 اپریل تک مختلف قسم کے 2822 ہتھیار برآمد کیے۔

    آئی جی سندھ نے کچے میں آپریشن سے متعلق بریفنگ میں کہا کہ جنوری سے 19 اپریل  تک 118 افراد اغواکیے گئے ہیں، جس میں سے 94 بافراد ازیاب کرائے گئے جبکہ 24 کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کچے میں آپریشن تیز کرنے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شکار پور اور کشمور کے  کچے میں پولیس چوکیاں بنائی جائیں۔

  • کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سعود آباد میں ایک کار سوار کو لوٹ کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    سعود آباد کے علاقے میں گھر سے دفتر جاتے ہوئے شہری کے ساتھ واردات ہوئی ہے، جسے اس کے پڑوسی نے اپنے گھر کی چھت سے موبائل فون میں ریکارڈ کر لیا۔

    ویڈیو میں ڈاکوؤں کو کار سوار سے واردات کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، موٹر سائیکل سوار لٹیروں میں ایک قمیض شلوار اور دوسرا پینٹ شرٹ میں ملبوس ہے، جو شہری سے موبائل فون اور بٹوہ چھین کر فرار ہو گئے، ویڈیو میں ان کے چہرے واضح ہیں۔

    شہری نے تاحال پولیس کو شکایت نہیں کی ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے خود ہی ویڈیو کی مدد سے لٹیروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ پولیس شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو قابو کرنے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہا ہے، تاہم لوٹ مار اور مزاحمت پر قتل کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔