Tag: اسٹریٹ کرائمز

  • کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر زخمی

    کراچی میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر زخمی

    کراچی: شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار لٹیروں کا نشانہ بن گیا، مزاحمت پر گولی لگنے سے اہلکار اکرام زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہلکار اکرام اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس اہلکار اکرام پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    لٹیروں کا برا انجام، پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ڈمپر سے ٹکرا گئے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں 2 لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہوتے ہوئے ایک ڈمپر سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کی صبح کو تھانہ سائٹ سپر ہائی وے ایسٹ کراچی کی حدود میں 3 موٹر سائیکل سوار لٹیرے شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، کہ اس دوران پولیس پارٹی کو آتے دیکھ کر فرار ہونے لگے۔

    ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق تین مسلح لٹیرے تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے میں فرمان، ثاقب احمد اور احمد ولد سلیم سے موبائل فونز اور نقدی چھین رہے تھے، کہ اس دوران گشت کرنے والی پولیس پارٹی آ گئی۔

    لٹیرے پولیس پارٹی کو دیکھ کر موٹر سائیکلوں پر سڑک کے رانگ سائیڈ سے فرار ہونے لگے، لیکن سامنے سے آنے والے ڈمپر سے بری طرح ٹکرا گئے۔

    ڈمپر سے ٹکر کے نتیجے میں سیاہ رنگ کی 125 موٹر سائیکل پر سوار 20 سے 25 سال کے دو مسلح لٹیرے ریئس اللہ ولد نصیب اللہ اور شرافت ولد سید اللہ شدید زخمی ہو گئے، جب کہ ان کا تیسرا ساتھی مانی موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمی لٹیروں کی تلاشی لی گئی تو ان سے ایک ایک پستول، لوڈ میگزین، چھینے ہوئے موبائل اور نقدی برآمد ہوئی، لٹیروں کو طبی امداد دے کر مقدمات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

  • ویڈیو: تین کم عمر مسلح لٹیروں نے شہریوں سے موبائل فون چھین لیے

    ویڈیو: تین کم عمر مسلح لٹیروں نے شہریوں سے موبائل فون چھین لیے

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں کم عمر لڑکے بھی ملوث ہیں، اس حوالے سے ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں کم عمر لڑکوں کو شہریوں سے موبائل فون چھینتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی لٹیروں کی جنت بن گیا ہے، اسٹریٹ کرائم کی ایک اور واردات میں کراچی کے علاقے لانڈھی زمان آباد میں 3 کم عمر مسلح لٹیرے 3 شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تین کم عمر لٹیروں نے اچانک موٹر سائیکل روکی، اور ایک کم عمر لڑکا اسلحہ لہراتا ہوا موٹر سائیکل سے اترا۔

    فوٹیج کے مطابق لٹیرے نے اسلحے کے زور پر بیٹھے 3 افراد سے موبائل فون چھینے، اور موٹر سائیکل پر بھاگ گئے۔ فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

    لوٹ مار کرنے والے بہ ظاہر اناڑی لگ ریے تھے، کیوں کہ واردات کے بعد لڑکے نے بہ مشکل موٹر سائیکل اسٹارٹ کی، ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے لٹیروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

  • نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا

    نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا

    کراچی: شہر قائد میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے معصوم بچوں کو بھی نہیں چھوڑا، ایک واقعے میں نقلی پستول کے ساتھ تصویر بنانا بچوں کو مہنگا پڑ گیا۔

    گلستان جوہر بلاک 11 میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والے ایک بچے کو اصلی اسٹریٹ کرمنلز نے اصلی پستول کے ساتھ لوٹ لیا، واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    ویڈیو میں بچوں کو گلی میں کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، دو بڑے لڑکے اوپر سے پانی گرنے کی وجہ سے دوسری جانب چلے گئے، ایک بچہ بڑے میگزین والی نقلی پستول لے کر ساتھی کے ہمراہ سیڑھیوں کے پاس آیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑے بچے نے چھوٹے بچے کو فلمی اسٹائل سے کھڑا کیا، اور بچے کی ایک ٹانگ آگے کی اور پستول کو ٹھیک سے پکڑوایا۔

    تاہم، بڑا بچہ جیسے ہی تصویر بنانے لگا، اسی اثنا میں لٹیرے پیچھے سے آ گئے، لٹیرے کو دیکھتے ہی بچہ چونک گیا، سیدھے ہاتھ میں پستول پکڑے لٹیرے نے بچے سے موبائل فون چھین لیا۔

    چھوٹا بچہ ماجرا دیکھتے ہی دوسری جانب بھاگ کھڑا ہوا، جب کہ دونوں لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی گلی سے فرار ہو گئے۔

  • ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    ویڈیو: کراچی کی سڑک پر 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی، شہریوں سے چھینا جھپٹی کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل اسنیچنگ کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کراچی کے علاقے سعود آباد میں سڑک پر لٹیروں نے ایک شہری سے محض 30 سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کی، اور فرار ہو گئے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، لٹیروں نے واردات میں شہری کو بالکل نئی موٹر سائیکل سے محروم کیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 کریمنلز نے چلتی موٹر سائیکل کو بیچ سڑک روک دیا۔

    فوٹیج کے مطابق 2 لٹیروں نے اتر کر شہری سے بیگ اور موٹر سائیکل چھینی، یہ واردات سعود آباد تھانے کی حدود ملت گارڈن میں گزشتہ روز پیش آئی ہے۔

  • کراچی میں  اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے زیر تربیت اہلکار شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے زیر تربیت اہلکار شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ

    کراچی : پولیس نے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئے 3 ہزار سے زائد زیر تربیت اہلکاروں کو شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے کیلئےحکمت عملی پر کام شروع کردیا اور 3 ہزار سے زائد زیر تربیت اہلکاروں کو شہر کی اہم مارکیٹوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ہر زون کی سطح پر1100 زیرتربیت اہلکارخصوصی ڈیوٹیاں انجام دیں گے ، زیر تربیت اہلکاروں کو مارکیٹوں کے اندر اور اردگرد تعینات کیا جائے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اہلکاروں کو سڑکوں پر تعینات کیا جائے گا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس کے مسلح دستے اسٹریٹ کرائمز کے ہاٹ اسپاٹ پربھی تعینات ہوں گے۔

    شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ اور موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ روزانہ کی بنیاد پر اسنیپ چیکنگ کے مقامات اور اوقات تبدیل بھی کئے جائیں گے۔

    خیال رہے رواں سال کے تین ماہ کے دوران کراچی کے 19 ہزار سے زائد شہریوں کو موٹر سائیکل، موبائل فون اور گاڑیوں سے محروم کردیا گیا جبکہ مزاحمت کرنے پر چونتیس شہری ڈاکوں کی فائرنگ سے قتل بھی ہوئے۔

    رواں سال جنوری میں 7000 سے زائد شہریوں کو گاڑیوں موٹرسائیکلوں اور موبائل فون سے محروم کیا گیا، فروری میں یہ تعداد ساڑھے چھ ہزار سے زائد رہی، اور مارچ میں بھی 6 ہزار سے زائد شہریوں کو قیمتی سامان سے محروم کردیا گیا۔

  • ویڈیو: پیدل لٹیروں نے موٹر سائیکل سوار کو لوٹ لیا

    ویڈیو: پیدل لٹیروں نے موٹر سائیکل سوار کو لوٹ لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے میٹروول سائٹ ایریا میں فاطمہ مسجد کے قریب واردات میں پیدل چلتے مسلح لٹیروں نے موٹر سائیکل سوار شہری کو لوٹ لیا۔

    اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ویران سڑک پر 2 مسلح لٹیروں کو ٹہلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    لٹیروں نے عقب سے آنے والے موٹر سائیکل سوار شہری پر اسلحہ تان لیا، اور شہری سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی اشیا چھین لیں۔ لٹیرے جاتے جاتے شہری کی موٹر سائیکل بھی چھین کر لے گئے۔

    ویڈیو: کراچی پولیس کا چوکی انچارج منظم جرائم کی سرپرستی کرنے لگا

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں بے بس شہری کو فرار ہوتے لٹیروں کے پیچھے دوڑ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • ویڈیو: شہری نے لٹیروں کا شکار بننے سے خود کو کیسے بچایا؟

    ویڈیو: شہری نے لٹیروں کا شکار بننے سے خود کو کیسے بچایا؟

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں عروج پر ہیں، شہری ڈاکوؤں اور لٹیروں کے رحم و کرم پر ہیں، ایسے میں شہریوں کو خود ہی لٹیروں سے بچنے کی تدابیر کرنی پڑ رہی ہیں۔

    کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اسٹریٹ کرائم کی ایک واردات میں کار سوار شہری کو خود ہی شکار بننے سے خود کو بچانا پڑا، اور ہوشیاری دکھاتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز کی واردات ناکام بنا دی۔

    یہ واقعہ گلستان جوہر بلاک 15 میں گزشتہ روز پیش آیا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں سفید رنگ کی کار کو پارکنگ میں آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج کے مطابق ذرا دیر میں موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے تیزی سے کار کے قریب آ کر رکے، تاہم حاضر دماغ شہری نے فوری طور پر گاڑی دوڑا دی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تھوڑی سی جگہ میں ڈرائیور نے بڑی تیزی اور مہارت کے ساتھ کار گھمائی اور پچھلی طرف کی گلی سے نکل گیا۔

    گاڑی گھمانے کے دوران ایک موقع پر ڈرائیور لٹیرے کے بالکل برابر میں بھی آیا اور لٹیرے نے پستول سے اس پر گولیاں چلا دیں، تاہم خوش قسمتی سے شہری محفوظ رہا۔

    فوٹیج میں لٹیروں کو واردات میں ناکامی کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • لٹیروں نے فرار ہوتے وقت بچے پر گولی چلا دی، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    لٹیروں نے فرار ہوتے وقت بچے پر گولی چلا دی، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں لٹیروں کی فائرنگ سے 12 سالہ احمد علی زخمی ہو گیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے دوران سفاک لٹیروں کی فائرنگ کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، ایک واقعے میں لٹیروں نے معصوم بچے پر بھی فرار ہوتے وقت بے سبب گولی چلا دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 3 لٹیروں نے واردات کی اور بائیک پر جاتے وقت ایک نے پیچھے مڑ کر گولی داغ دی۔

    فوٹیج کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب گلی میں تین افراد سے موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے آ کر لوٹ مار کی، لٹیروں نے شہریوں سے ان کے موبائل فون اور رقم چھینی۔

    بدقسمتی سے اس واردات کے دوران ایک 12 سالہ بچہ احمد علی ولد اختر علی ان کے قریب آیا، لٹیروں نے جب فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تو گولی احمد کی ٹانگ میں لگ گئی اور وہ لنگڑا کر زمین پر گر گیا۔

    محکمہ پولیس کے مطابق بچے کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔

  • ویڈیو: کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے لٹیروں نے دکان لوٹ لی

    ویڈیو: کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے لٹیروں نے دکان لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے جوبلی سعید منزل پر لٹیروں نے ایک واردات میں کھیر ہاؤس کی دکان پر لوٹ مار کی اور فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جوبلی سعید منزل کھیر ہاؤس پر ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، واردات کھیر ہاؤس میں گاہک بن کر داخل ہونے والے 2 لٹیروں نے کی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 لٹیرے کسٹمرز اور دکان دار کو لوٹ کر فرار ہو گئے، دونوں دکان کے اندر گاہک بن کر داخل ہوئے تھے، موقع دیکھ کر ایک نے پستول نکالا اور دوسرے نے لوٹنا شروع کر دیا۔

    فوٹیج کے مطابق لٹیروں نے یکے بعد دیگرے چار گاہکوں کو لوٹا، اس دوران بزرگ سیکیورٹی گارڈ بے بسی سے لوٹ مار دیکھتا رہا، لٹیرے نے بزرگ سیکیورٹی گارڈ سے شاپنگ بیگ بھی مانگا تھا۔

    ڈاکو نے کاؤنٹر پر بیٹھے مالک کو پہلے لوٹا اور پھر کیش کاؤنٹر خالی کر دیا، کیش کاؤنٹر سے نکالی گئی ساری رقم شاپنگ بیگ میں ڈالی اور فرار ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کراچی شہر ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث لٹیروں کے لیے جنت بن چکا ہے، جب کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کہیں بھی نظر نہیں آتی۔