Tag: اسٹریٹ کرائمز

  • فوٹیج: لٹیروں نے مسجد سے گھر جانے والے نمازی کو لوٹ لیا

    کراچی: ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیروں نے مسجد سے گھر جانے والے نمازی کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل کالونی میں ایک شہری اسٹریٹ کرمنلز کو دیکھ کر دوڑا تو ملزمان نے مسجد سے گھر جانے والے نمازی کو ہی لوٹ لیا۔

    اسٹریٹ کرائم کی یہ واردات گزشتہ روز صبح سویرے ماڈل کالونی میں ہاشم رضا روڈ پر کی گئی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹرسائیکلوں پر 4 ملزمان گلی کا چکر لگا رہے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق موبائل فون پر بات کرتے شہری کو لوٹنے کے لیے 2 لٹیرے پیدل آئے، لیکن پینٹ شرٹ میں ملبوس شخص نے اسلحہ دیکھتے ہی گلی میں دوڑ لگا دی۔

    اس دوران سڑک پر جاتے نمازی نے بھی لٹیروں کو دیکھ کر نکلنے کی کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے سامنے سے آتے اسٹریٹ کرمنلز نے موٹر سائیکل آگے لگا کر انھیں روک لیا۔

    لٹیرے نمازی کو بازو سے پکڑ کر گلی کے کونے میں لے گئے، اور پھر اس کے ہاتھ اوپر کروا کر مکمل جامہ تلاشی لی اور سب کچھ نکال لیا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری کو لوٹنے کے بعد لٹیرے اطمینان سے فرار ہو گئے۔

  • ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث نہایت مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران 3 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کلفٹن بلاک 2 میں پولیس مقابلہ ہوا۔

    دو طرفہ فائرنگ کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 3 پستول، 3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔

    ایس ایس پی کے مطابق پکڑے گئے تینوں ملزمان رضا، عبد المنان اور تاج انتہائی مطلوب تھے، ملزمان گھروں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث ہیں، ملزمان کا ایک ساتھی فرار ہوا جس کی تلاش جاری ہے۔

  • گورنر سندھ کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس

    گورنر سندھ کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ان واقعات کوکنٹرول کرنے کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اسٹریٹ کرائمز اور کراچی کی صورتحال پر نوٹس لے لیا۔

    اس سلسلے میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور اسٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز پر شہریوں کی تشویش درست ہے ، ان واقعات کو کنٹرول کرنے کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں۔

    گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی پولیسنگ میں اضافہ اور سی سی ٹی وی کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

    انھوں نے سندھ پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بھی امن کے قیام کے لئے نمایاں کردارادا کیا ہے۔

  • اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا

    اسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا، جو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں کارروائیاں کرنے والا اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا ہے، نیو کراچی پولیس کو مطلوب یوسف موٹا مسلسل ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا کر ڈالتا ہے۔

    نیو کراچی پولیس نے کچھ دن قبل سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسٹریٹ کرمنلز کا ایک گروہ پکڑا تھا، انھوں نے نشان دہی کی کہ ان کا سرغنہ یوسف موٹا ہے، جو ایک ٹک ٹاکر ہے۔

    پولیس نے مزید تفتیش کی تو پولیس کو یوسف موٹا کی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی مل گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا جس پستول سے واردات کرتا ہے اسی کے ساتھ ویڈیوز بناتا ہے، ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں گروہ بنا کر وارداتیں کیں، اور واردات کے بعد وہ اندرون سندھ فرار ہو جاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 15 زخمی ڈاکوؤں سمیت 25 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کیے ہیں، جب کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 771 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان گزشتہ ہفتے 17 مقابلے ہوئے، جن میں 5 ڈاکو ہلاک ہوئے، منشیات فروش ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی، گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے 153 سے زائد غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

  • جان خطرے میں ڈال کر کراچی کے شہری نے واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی اور تشدد سے ہلاک

    جان خطرے میں ڈال کر کراچی کے شہری نے واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی اور تشدد سے ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں ایک باہمت شہری نے جان خطرے میں ڈال کر لوٹ مار کی واردات ناکام بنا دی، ڈاکو گولی لگنے اور تشدد سے ہلاک ہو گیا، جب کہ پولیس چیف نے زخمی شہری کے لیے انعام کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ایوب گوٹھ کے قریب لوٹ مار کی ایک واردات کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی گولی لگنے اور بعد ازاں مشتعل شہریوں کے ہاتھوں تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ایوب گوٹھ کے قریب پولٹری کا کام کرنے والے ایک شہری شاہد نواز بینک سے رقم لے کر نکل رہے تھے کہ 4 لٹیروں نے انھیں گھیر لیا اور رقم چھین لی، ڈاکو فرار ہونے لگے تو شہری نے موقع دیکھ کر ہمت دکھاتے ہوئے ایک شہری کو دبوچ لیا۔

    رپورٹ کے مطابق ندی کی جانب سے اسی دوران گشت پر موجود پولیس اہل کار موبائل میں وہاں پہنچ گئے، شہری نے ایک ڈاکو کو پکڑ رکھا تھا، جس نے جان بچانے کے لیے شہری شاہد نواز کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا۔

    تاہم شہری جیسے ہی زخمی ہو کر گرا اس کے گارڈ پیچھے سے آ گئے اور ڈاکو کو گولی مار دی، جس سے وہ زخمی ہو کر گر گیا، اس موقع پر وہاں موجود مشتعل شہریوں نے زخمی ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا، جس سے وہ موقع ہی پر ہلاک ہو گیا۔

    دوسری جانب پولیس موبائل پر آئے اہل کاروں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دیگر 2 لٹیروں کو بھی گرفتار کر لیا، جب کہ ایک گلیوں کے اندر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق پکڑے گئے لٹیروں میں کلیم اللہ اور رضی اللہ شامل ہیں، جن سے 2 پستولیں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، موٹر سائیکلیں چوری کی تھیں جن پر نمبر پلیٹیں جعلی لگی ہوئی تھیں، ڈاکوؤں کو سہراب گوٹھ تھانے میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے سہراب گوٹھ میں ڈاکوؤں کو پکڑنے والے شہری شاہد نواز کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم شہریوں کو یہ تاکید بھی کی گئی ہے کہ وہ ایسے خطرناک معاملات میں حد درجہ احتیاط برتیں، کیوں کہ ان کی جان بھی جا سکتی ہے، وہ تب آگے آئیں جب ان کے پاس اس کا پورا موقع ہو۔

    واضح رہے کہ کراچی میں جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے، ستمبر کے مہینے میں اب تک 13 شہری لٹیروں کے ہاتھوں جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں، اس صورت حال میں پولیس نے بھی شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

  • اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع کورنگی نمبر 6 نزد مکی مسجد کی گلی میں کل صبح ساڑھے آٹھ بجے اسکول کے طلبہ سے لوٹ مار کی گئی تھی، اس واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

    موٹر سائیکل پر سوار 2 لٹیرے اسکول کے طالب علموں سے اسلحے کے زور پر موبائل اور پیسے چھین کر لے گئے تھے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعدد اسٹوڈنٹس ایک مقام پر کھڑے ہیں، اچانک موٹر سائیکل سوار ملزمان آتے ہیں اور انھیں لوٹ کر چلے جاتے ہیں۔

    فوٹیج کے مطابق گلی سے گزرتے مسلح لٹیرے طلبہ کو جمع دیکھ کر واپس آئے، اور ان سے موبائل فونز، نقدی اور دیگر اشیا چھین لیں۔

    فرار ہوتے لٹیروں میں سے ایک نے ایک طالب علم کی موٹر سائیکل کی چابی بھی لے لی، سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہونے کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار کرنے سے قاصر رہی ہے۔

  • کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: لوٹ مار کی وارداتیں نہ رک سکیں، ایک اور فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں کی کارروائیاں رک نہ سکیں، لٹیرے شہریوں کو گھر کے سامنے لوٹ کر بہ آسانی فرار ہو جاتے ہیں، ایسی ہی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک شہری کو گھر کے باہر لوٹ لیا گیا، واقعے کی فوٹیج سامنے آنے پر پولیس حکام نے بیان میں کہا ہے کہ لٹیروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کورنگی میں شہری نے جیسے ہی موٹر سائیکل باہر کھڑی کی، لٹیرے موٹر سائیکل پر پہنچ گئے، اور شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

    دوسری طرف کراچی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، ایس ایس پی سٹی شبیر احمد سیٹھار نے بتایا کہ موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک ملزم کو تھانہ کلری کی حدود سے فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ لٹیرے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم کو موٹر سائیکل چوری کرتے ہوئے فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    گزشتہ روز بھی بریگیڈ پولیس نے ایک کارروائی میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جو موٹر سائیکل لفٹنگ اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شہروز اور عتیق کے نام سے ہوئی، ان سے 2 پستولیں، چھینی ہوئی رقم، اور چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔

    منگل کو بھی موٹر سائیکل چوری کر کے فروخت کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا تھا، اے وی ایل سی پولیس نے بتایا کہ 4 رکنی ملزمان کا گروہ نشے کا عادی ہے، جن سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 موٹر سائیکلیں بر آمد کی گئیں۔

    معلوم ہوا کہ یہ ملزمان چوری کی موٹر سائیکلوں کو نشے کے عوض فروخت کرتے تھے۔

  • اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی واردات، ویڈیو بچے نہ دیکھیں

    کراچی: شہر قائد میں اسلحے کے زور پر دن دہاڑے لوٹ مار کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، لانڈھی نمبر 4 میں ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹریٹ کریمنلز کی دیدہ دلیری کے آگے عوام کے ساتھ ساتھ پولیس بھی بے بس نظر آتی ہے، لانڈھی نمبر 4 زمان آباد میں ملزمان نے آسانی سے کئی افراد کو لوٹا اور فرار ہو گئے۔

    سی سی ٹی فوٹیج کے مطابق یہ واردات گزشتہ روز اتوار کو دن کے ڈیڑھ بجے ہوئی، موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے تعاقب کرتے ہوئے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو آگے آ کر راستے کے کنارے پر روک لیا، اور انھیں قیمتی اشیا سے محروم کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق اس مقام پر لٹیروں کے ہاتھوں کئی شہری لٹ چکے ہیں، حالیہ واردات میں لٹیروں نے ایک شہری سے اس کا بیگ بھی چھینا، جس میں لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان موجود تھا۔

    لٹیروں نے شہریوں کو موبائل فونز، رقم اور دیگر قیمتی سامان سے بھی محروم کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں لٹیروں کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں، ایک موٹر سائیکل پر سوار 3 لٹیروں کو لوٹ مار کرتے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

    قیمتی سامان سے محروم ہونے کے بعد موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے شدید بے بسی کا اظہار کیا، محکمہ پولیس تاحال اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف کوئی جامع اور مؤثر پلان کے ساتھ نہیں آ سکا ہے، جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔

  • سخت جان ڈاکو کیسے پکڑا گیا، کیسے تماشا دیکھنے والا شہری زخمی ہوا؟

    سخت جان ڈاکو کیسے پکڑا گیا، کیسے تماشا دیکھنے والا شہری زخمی ہوا؟

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں مسلح لٹیرے اور شہریوں کے درمیان خوف ناک جدوجہد پر مبنی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی شہری مل کر سخت جان ڈاکو کو پکڑنے کی تگ و دو کر رہے ہیں، اور اس دوران کئی گولیاں چلتی ہیں اور ایک شہری گولی لگنے سے زخمی ہو جاتا ہے۔

    واقعے میں ملوث ڈاکو بھی مکینوں کے ہاتھوں تشدد کے بعد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    یہ واقعہ جمعہ کے روز کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 7 میں رات ساڑھے 9 بجے کے بعد پیش آیا تھا، ایک لٹیرے نے پستول کے زور پر نماز کے بعد گھر کے باہر کھڑے شہری کو لوٹا، جیسے ہی وہ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہونے لگا، شہری نے پیچھے سے لپک کر اسے پکڑ لیا۔

    دونوں کے درمیان کچھ دیر تک جدوجہد جاری رہی، شہری اسے قابو کرنے کی پوری کوشش کر رہا تھا، اس دوران موٹر سائیکل گر گئی تاہم ڈاکو کے پیر اس میں پھنسے رہے جس کی وجہ سے وہ سنبھل نہیں پایا، اور شہری نے اس کے پستول والے ہاتھ کو پھر سے پکڑنے کی کوشش شروع کر دی۔

    مزاحمت کے دوران، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ پستول سے گولی چلی اور شعلہ لپکتا دکھائی دیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔

    کچھ ہی دیر بعد آس پاس مزید لوگ جمع ہونے لگے، اور دو افراد نے جھجھکتے ہوئے ڈاکو کے قریب آ کر اسے پکڑنے کی ہمت کی، اور ممکنہ گولیوں سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے اسے قابو کرنے لگے۔

    ڈاکو بڑا سخت جان ثابت ہوا، تاہم مزید افراد آنے کے بعد انھوں نے ڈاکو کو قابو کر کے تشدد کا نشانہ بنایا، اس سے قبل ڈاکو نے جان بچانے کے لیے کئی گولیاں چلائیں، کئی منٹ تک شہری اور ڈاکو آپس میں گتھم گتھا رہے، اور 4 افراد مل کر بھی ایک ڈاکو سے پستول چھیننے میں ناکام نظر آئے۔

    لوگوں کے نیچے پھنسے ڈاکو کو علاقہ مکینوں نے مار مار کر بے حال کر دیا تھا، بدترین تشدد کا نشانہ بنتے ڈاکو نے پھر سے گولی چلا دی، جو گھر کے دروازے کے پاس کھڑے فہد نامی ایک شخص کی ٹانگ میں جا لگی، گولی لگتے ہی شہری کو لنگڑا کر کار کے پیچھے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے جدوجہد کے بعد ڈاکو کو آخر کار قابو کر ہی لیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا، شدید زخمی ڈاکو اور شہری دونوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    ڈاکو ہلاک

    واقعے میں ملوث ڈاکو بھی مکینوں کے ہاتھوں تشدد کے بعد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اے آر وائی نیوز نے ڈاکو کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل کر لیا۔

    ہلاک ڈاکو شیر افضل پر مقابلے کے 2 کیسز درج تھے، وہ 2013 میں پولیس مقابلہ کیس میں قید ہو چکا تھا، شیر افضل 2011 میں غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی گرفتار ہوا تھا، اس کے پاس سے گلاک درہ پستول برآمد ہوا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تشدد سے ہلاک ڈاکو انتہائی خطرناک تھا۔

  • اسٹریٹ کرائمز کے واقعات،  خرم شیر زمان نے کراچی میں امن کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی

    اسٹریٹ کرائمز کے واقعات، خرم شیر زمان نے کراچی میں امن کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی

    کراچی : شہر قائد میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے واقعات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کراچی میں امن کیلئے وفاق سے مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے پیش نظر پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو خط لکھ دیا۔

    خط میں کراچی میں راہزنی کی روک تھام کیلئے وفاق سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات حد سے زیادہ تجاوز کرگئے ہیں۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پولیس کے اعداد کے مطابق 2021 میں 80 ہزار سے زائد راہزنی کے کیسز رپورٹ ہوئے، 2020 کے مقابلے میں 2021 میں واقعات میں 27فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

    پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ کیسز تقریباً 97 فیصد موٹر سائیکلیں، موبائل، گاڑیاں چوری اور چھیننے سے متعلق تھے،شہریوں کا سندھ حکومت اور کراچی پولیس سے اعتماد و امید ختم ہو گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کی بہتری کیلئے شہری وزیراعظم اور وفاقی حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں، شہر میں جنگل کا قانون ہے جو شہریوں کیلئے ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔

    خرم شیر زمان نے گزارش کی کہ اس اہم مسئلے پر وفاقی حکومت غور کرے، کراچی کے امن کو قائم رکھنے کیلئے آئین اور قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔