Tag: اسٹریٹ کریمنلز

  • 2017 سے کئی بار گرفتار ہو کر چھوڑے جانے والے اسٹریٹ کریمنلز کے انکشافات

    2017 سے کئی بار گرفتار ہو کر چھوڑے جانے والے اسٹریٹ کریمنلز کے انکشافات

    کراچی: شہر قائد میں 2017 سے کئی بار گرفتار ہو کر چھوڑے جانے والے اسٹریٹ کریمنلز نے اپنی وارداتوں سے متعلق کئی انکشافات کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جوہر آباد پولیس کے ہاتھوں گزشتہ روز گرفتار اسٹریٹ کریمنلز وقار عرف پنگا اور حسن دلپولے نے اپنے اعترافی بیانات میں کہا ہے کہ انھوں نے گینگ کی صورت کئی وارداتیں کیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسٹریٹ کریمنلز کے دیگر ساتھیوں میں ندیم عرف پیا، مصطفیٰ عرف ببلو، ستارا عرف کاشان شامل ہیں، ان ملزمان میں سے ندیم عرف پیا اور ستارا عرف کاشان جیل میں ہیں، جب کہ مصطفیٰ عرف ببلو فرار ہے۔

    ملزمان وقار اور حسن کے بیان کے مطابق وہ 2017 سے مسلسل وارداتیں کر رہے ہیں، ہر بار گرفتار ہو کر چھوڑ دیے جاتے ہیں اور دوبارہ وارداتیں کرتے ہیں۔ انھوں نے اسٹریٹ کرائمز، موبائل فون، موٹر سائیکل چھیننے، اور ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

    ملزم وقار نے بتایا کہ اس نے 2017 میں کاشان کے ساتھ نارتھ ناظم آباد طاہر ولا میں واردات کی، مصطفیٰ کے ساتھ واٹر پمپ چورنگی، اور ندیم کے ساتھ گلشن اقبال میں وارداتیں کیں۔

    اعتراف کرتے ہوئے ملزم وقار نے مزید بتایا کہ ندیم کے ساتھ گلشن میں دوران واردات گولی چلنے سے شہری ہلاک ہو گیا تھا۔

    ملزم نے ندیم نے 2017 میں کاشان کے ساتھ سہراب گوٹھ، 2019 میں مصطفیٰ کے ساتھ سخی حسن پر، ستارا کے ساتھ نیپا چورنگی، حسن کے ساتھ جوہر چورنگی اور الہٰ دین پارک پر وارداتیں کیں۔

    یہ ملزمان پہلے بھی تیموریہ، سرسید اور گلشن اقبال میں قتل اور ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں، ملزمان سے تیس بور کی 2 پستولیں، پاپوش نگر سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی تھی، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں اور ان کے خلاف مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • 3100 پولیس اہلکار کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز سے نمٹنے کے لیے تیار

    کراچی : پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کی ہدایات پر اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے حکمت عملی تیار کر لی ۔

    کراچی کے پولیس ٹریننگ سینٹرز سے 3100 پولیس اہلکار شہر کے تینوں زونز میں اسٹریٹ کرائم کریمنلز کیخلاف کارروائی کیلئے بھیج دیے گئے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سے 1 ہزار اہلکاروں کو ساوٴتھ زون اور شاہد حیات پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد سے نو سو اہلکاروں کو ویسٹ زون بھیجا گیا ہے۔

    حکم نامے میں بتایا گیا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد سے 1200 پولیس اہلکاروں کو ایسٹ زون بھیجا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریننگ سینٹرز سے فیلڈ میں آنیوالے اہلکاروں کو تھانیداروں کی نگرانی میں رش آوورزمیں اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے ہاٹ اسپاٹ پرتھانہ پولیس کیساتھ تعینات کیا جائے گا۔

    اہلکاروں کی مدد سے پولیس اسنیپ چیکنگ اور گشت میں بھی بہتری آئے گی ، اسٹریٹ کرائم کے سدباب کیلئے اہلکار تین شفٹوں میں سڑکوں پر تعینات کئے جائیں گے۔

  • عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن، ڈبل سواری پر پابندی لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد

    کراچی: شہر قائد میں عوام کے لیے سخت لاک ڈاؤن ہے، ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے لیکن اسٹریٹ کرمنلز آزاد گھوم پھر کر وارداتیں کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سخت لاک ڈاؤن اور ڈبل سواری پر پابندی کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں آزادانہ وارداتیں ہو رہی ہیں، عزیز آباد اور بلدیہ میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد میں گزشتہ شام راہ چلتی خواتین طبی عملے سے لوٹ مار کی گئی، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے چلائی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار ملزمان کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ادھر کراچی کے ایک اور علاقے بلدیہ میں بھی 7 افراد موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے، ڈکیت گروہ گرفتاری سے بچنے کے لیے واردات میں بچوں کا استعمال کرنے لگے ہیں، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز پر چلائی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں موٹر سائیکل لفٹر گروہ کو واضح دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر گروہ کے کارندوں نے کم عمر بچوں کو بھی بٹھا رکھا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی میں موٹر سائیکل لفٹرز نے سرکاری ادارے واٹر بورڈ کی آنکھ میں بھی دھول جھونک دی تھی، ملزمان چوری کی موٹر سائیکل واٹر بورڈ کے دفتر میں لے جا کر رنگ کرنے کے بہانے کھول رہے تھے، اس دوران موٹر سائیکل کا مالک واٹر بورڈ کے دفتر پہنچ گیا اور ویڈیو بنا لی، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جب کہ 2 مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

    کراچی کے علاقے صفورا میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا اسکرین گریب

    کراچی کے ایک اور علاقے سچل صفورا کے قریب دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کی گئی ہے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک ڈکیت نے ماسک اور دوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ڈکیت نے اسلحے کے زور پر دکان میں کسٹمر اور دکان دار سے لوٹ مار کی، کسٹمرز کو دھکے دیے گئے اور مارا پیٹا اور زمین پر بٹھا دیا، ڈکیتوں نے دکان سے 1 لاکھ سے زائد رقم اور موبائل فون چھینے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں لاک ڈاؤن کا 41 واں روز ہے، شہریوں کی بلا ضرورت نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے، ڈبل سواری بھی ممنوع ہے۔

  • ایم کیو ایم لندن اور حقیقی کے دہشت گردوں سمیت 15 خطرناک ملزمان گرفتار، رینجرز

    ایم کیو ایم لندن اور حقیقی کے دہشت گردوں سمیت 15 خطرناک ملزمان گرفتار، رینجرز

    کراچی : سندھ رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 15 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعتوں کےعسکری ونگ، لیاری گینگ وار کے کارندے شامل ہیں.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم کے خاتمے کے لیے سندھ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کی کیے گئے آپریشن میں 15 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے.

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، ٹارگٹ کلنگ اورمنشیات فروشی میں ملوث تھے اور پولیس کو مطلوب تھے جنہیں مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قانون کی گرفت میں لے لیا گیا ہے.

    ترجمان رینجرز نے مزید کہا کہ دو ملزمان کو ٹیپوسلطان اور شاہ لطیف کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے جن میں سے ایک ملزم شاہد خان عرف ضدی کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے.

    ترجمان رینجرز نے کہا کہ ناظم آباد سے گرفتار کیے گئے ملزم محمد ناظم عرف ناظم کالا کا تعلق ایم کیوایم حقیقی سے ہے مندرجہ بالا ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اسلحہ ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں.

    علاوہ ازیں چاکیواڑہ اور کلری سے گینگ وار کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ کلاکوٹ اور بغدادی سے 3 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے جو موبائل فون چھیننے اور ڈکیتی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے.

    اسی طرح کلاکوٹ، کلری اور چاکیواڑہ سے 3 اسٹریٹ کرمنل گرفتار کر لیے گئے ہیں جب کہ مدینہ کالونی اور شاہ لطیف سے 2 ڈکیت اور 3 منشیات فروش کو حراست میں لیا گیا ہے.

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کریمنلز کی گرفتاری سے شہر قائد میں امن و امان کی حالت مزید مستحکم ہو گی اور شہریوں کو راہ زنی کے واقعات سے تحفظ حاصل ہوگا جس سے شہر کی معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا.