Tag: اسٹمپس کو مس کرتی گیند

  • گیند کے اسٹمپس کو مس کرنے کے باوجود زیک کو آؤٹ کیوں قرار دیا گیا؟

    گیند کے اسٹمپس کو مس کرنے کے باوجود زیک کو آؤٹ کیوں قرار دیا گیا؟

    انگلینڈ اور بھارت کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میں اس وقت متنازع صورتحال دیکھنے میں آئی جب ڈی آر ایس پر زیک کرولی کو غلط طریقے سے آؤٹ قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق راجکوٹ ٹیسٹ میں مہمان ٹیم 557 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھی کہ 11 کے انفرادی اسکور پر انگلش اوپنر زیک کرولی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ فوری طور پر بیٹر نے ریویو لیا تاہم اس پر بھی فیصلہ ان کے حق میں نہ پلٹ سکا۔

    اوپنر کے متنازع ایل بی ڈبلیو فیصلے نے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں کافی توجہ حاصل کی۔ اننگز کے نویں اوور میں جسپریت بمراہ کی گیند پر آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا نے انھیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا تھا۔

    فیصلے سے ناخوش، کرولی فوراً ریویو کے لیے گئے لیکن بال ٹریکنگ نے ’ہٹنگ‘ پر ’امپائر کی کال‘ دکھائی اور فیصلے میں انھیں ’آؤٹ‘ ہی قرار دیا گیا۔

    تاہم، بال ٹریکنگ کو قریب سے دیکھنے کے بعد، یہ واضح تھا کہ گیند اسٹمپس کو مس کررہی تھی لیکن انھیں پھر بھی امپائر کی جانب سے آؤٹ دینے پر میدان چھوڑنا پڑا۔

    اس دوران زیک کرولی غصے میں بھرے واپس پویلین کی طرف جاتے دکھائی دیے۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس بھی اس فیصلے سے خوش نہ تھے جبکہ انھوں نے آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو سے بھی اس بارے میں بات کی۔

    تھرڈ امپائر کرو نے انگلینڈ کے کپتان کو آگاہ کیا کہ بال ٹریکنگ کے حساب سے گیند اسٹمپ سے ٹکرا رہی تھی لیکن دکھائی گئی تصویر غلط تھی۔

    بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اگر گیند اسٹمپ سے ٹکرا رہی ہے تو پھر ایسا دکھنا بھی چاہیے۔ اگر میں ایمانداری کی بات کروں تو پھر امپائر کی کال کو واپس لینا چاہیے تھا۔

    واضح رہے کہ بھارت نے راجکوٹ انگلینڈ کے خلات تیسرا ٹیسٹ 434 رنز سے جیت کر پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ پر 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔